اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، عمرگل، محمد حفیظ اور وقار یونس بنی گالا پہنچے اور عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دینے کے لیے سابق و موجودہ کھلاڑیوں کی جانب سے بنی گالہ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، عمرگل، محمد حفیظ اور سابق کپتان وقار یونس بھی عمران خان کو مبارکباد دینے کے لیے بنی گالہ پہنچے اور الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
سابق فاسٹ بولر وقار یونس بنی گالا پہنچے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یکہا کہ عمران خان کو الیکشن جیتنے پر مبارکباد دینے کے لیے آیا ہوں۔
سابق کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ بڑا پرانا تعلق اور پیار ہے، عمران خان کی کامیابی کا سن کر مبارکباد دینے آسٹریلیا سے آیا ہوں، عمران خان کے آنے سے کرکٹ نہیں تمام کھیلوں کے حالات بہتر ہوں گے۔
وقار یونس نے کہا کہ عمران خان پر جس طرح کا کیچڑ اچھالا گیا وہ سب کے سامنے ہے، انہوں نے مشکل حالات کا اچھے سے مقابلہ کیا ہے، عمران خان اپوزیشن میں بیٹھ چکے ہیں انہیں حالات کا اندازہ ہے، اوورسیز پاکستانی بھی ملک کے لیے کچھ کر گزرنے کو تیار ہیں، پاکستانیوں سے درخواست ہے عمران خان کو سپورٹ کریں۔
Pakistani cricketers arrive at Bani Gala to congratulate Imran Khan on winning the elections pic.twitter.com/bPyshGJVxE
— ARY Sports (@ARYSports_Web) July 31, 2018
عمر گل نے کہا کہ عمران خان کی جیت سے بہت خوش ہیں، عمران خان بچپن سے ہی ہمارے ہیرو ہیں، ان کو دیکھ کر ہی کرکٹ کھیلنی شروع کی، خوشی ہے ایک کھلاڑی ملک کا وزیر اعظم بنے گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل چیف سلیکٹر انضمام الحق اور مشتاق احمد نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی اور الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو وعدے کیے ہیں وہ اس کو پورا کریں گے، ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں، انشاء اللہ وہ قوم کے لیے بہترین کام کریں گے۔
سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے کہا کہ عمران خان نے 22 سال جدوجہد کی، اللہ نے صلہ دیا، دعا ہے اللہ عمران خان کو ان کے مقصد میں کامیاب کرے۔