Tag: محمد خان بھٹی

  • محمد خان بھٹی کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    محمد خان بھٹی کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    لاہور: عدالت نے محمد خان بھٹی کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے کرپشن کیس میں محمد خان بھٹی اور شریک ملزم محمد ریاض کو احتساب عدالت میں پیش کیا، کیس کی سماعت احتساب عدالت کے ایڈمن جج نسیم احمد ورک نے کی۔

    محمد خان بھٹی کو نیب کی جانب سے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا، اور استدعا کی گئی تھی کہ ملزم کو مزید جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے۔

    ملزم کی جانب سے امجد پرویز ایڈووکیٹ نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی تاہم احتساب عدالت کے جج نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا، جب کہ ان کے شریک ملزم محمد ریاض کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    نیب کا کہنا تھا کہ محمد خان بھٹی نے گجرات میں ترقیاتی منصوبوں میں 1 ارب سے زائد کی کرپشن کی، اور ترقیاتی ٹھیکوں میں مبینہ طور پر 1 ارب سے زائد کی کک بیکس وصول کی گئیں، ملزم تعمیراتی کام شروع ہونے سے قبل ہی ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں کر کے کمیشن وصول کرتا رہا، مبینہ کرپشن کی رقم محمد خان بھٹی کے ذریعے پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے اکاؤنٹس میں منتقل ہوئیں۔

  • محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کر لیا

    محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کر لیا

    لاہور: محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن نے کیمپ جیل سے رہائی کے بعد گرفتار کر لیا۔ محمد خان بھٹی کی آج سیشن کورٹ نے ایف آئی اے کیس میں ضمانت منظور کی تھی، اور ان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

    تاہم اینٹی کرپشن کی گوجرانوالہ کی ٹیم محمد خان بھٹی کی گرفتاری کے لیے پولیس کے ہمراہ کیمپ جیل پہنچ کر باہر انتظار کرنے لگی تھی، اس دوران محمد خان بھٹی کے وکلا بھی جیل کے باہر موجود تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن کے مقدمہ نمبر 84/23 میں گرفتار کیا گیا ہے، ان پر منڈی بہاؤالدین میں سڑک کی تعمیر میں رشوت لینے کا الزام ہے، محمد خان بھٹی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے رشوت وصول کی۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے سابق پرنسل سیکریٹری محمد خان بھٹی کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن تحقیقات کر رہا ہے، اینٹی کرپشن نے اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں اور ٹرانسفر پوسٹنگ کا ریکارڈ حاصل کر کے چھان بین کی ہے۔

  • پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکریٹری کے گھر میں درازوں اور الماریوں میں چھپائے گئے ایک کروڑ روپے برآمد

    پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکریٹری کے گھر میں درازوں اور الماریوں میں چھپائے گئے ایک کروڑ روپے برآمد

    لاہور : اینٹی کرپشن پنجاب نے پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کے گھر میں درازوں اور الماریوں میں چھپائے گئے ایک کروڑ روپے برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کے گھر سے ایک کروڑ روپے برآمد کرلئے۔

    اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ محمد خان بھٹی کے گھر جی اوآرون سے ایک کروڑ روپے قبضے میں لیے، محمد خان بھٹی نے گھر میں درازوں اور الماریوں میں پیسے چھپائے ہوئے تھے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ رقم مختلف منصوبوں کےٹھیکوں کی کمیشن کی مدمیں وصول کی گئی تھی، افسران کے تبادلوں کے عوض وصول کی گئی رقم بھی شامل ہے۔

    محمد خان بھٹی کے خلاف اینٹی کرپشن لاہور ریجن میں مقدمہ درج ہے اور ان کیخلاف ترقیاتی منصوبوں میں بھاری کمیشن وصول کرنے کا الزام ہے۔

  • پنجاب اسمبلی کے سیکریٹریز، ڈی جی پارلیمانی امور کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج

    پنجاب اسمبلی کے سیکریٹریز، ڈی جی پارلیمانی امور کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج

    لاہور: پنجاب اسمبلی کے سیکریٹریز اور ڈی جی پارلیمانی امور کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکریٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ لک، اور ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز حسین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    یہ مقدمہ گزشتہ روز شاہدرہ تھانے میں ن لیگی ایم پی اے اشرف رسول نے درج کرایا تھا، جس کے بعد آج صبح گھر پر چھاپا مار کر لاہور پولیس نے رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا ہے۔

    مقدمے میں اسلحے کے زور پر دھمکی دینا اور زبردستی اغوا کرنا اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، ایف آئی آر کے متن میں درخواست گزار نے لکھوایا کہ میں گھر پر موجود تھا کہ 5 افراد گاڑی پر آئے اور مجھے باہر بلایا۔

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس روکنے کے لیے رات گئے پولیس کی کارروائیاں، ڈی جی پارلیمانی امور گرفتار

    متن کے مطابق محمد خان، عنایت اللہ، رائے ممتاز، اور 2 نامعلوم افراد میرے گھر میں داخل ہوئے، اور مجھ پر اسلحہ تان لیا، محمد خان نے کہا کہ میرا پیچھا چھوڑو ورنہ جان سے مار دوں گا، ملزمان دھمکیاں دینے کے بعد فرار ہوگئے۔

    واضح رہے کہ آج اتوار کی صبح لاہور پولیس نے رات گئے پنجاب اسمبلی کے سینیئر افسران کے گھروں پر چھاپے مارے اور پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا، پولیس نے سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکریٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ کے گھر پر بھی چھاپے مارے تھے تاہم وہ ہاتھ نہیں لگے۔

    اندراج مقدمہ پر سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اسمبلی آفیسرز کے خلاف پولیس کا استعمال کر رہی ہے، اسمبلی آفیسرز کے خلاف مقدمہ انتہائی مضحکہ خیز ہے، گریڈ 22 و دیگر سینئر آفیسرز کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔