Tag: محمد رضوان

  • ‘شامی دنیا کے بہترین بولرز میں سے ہیں’ محمد رضوان کا ٹوئٹ

    ‘شامی دنیا کے بہترین بولرز میں سے ہیں’ محمد رضوان کا ٹوئٹ

    قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان نے بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کی حمایت میں ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا کے بہترین بولرز میں سے ہیں، پلیز اپنے اسٹارز کا احترام کریں۔

    ایک طرف جہاں پاکستان سے شکست کے بعد سوشل میڈیا پر انتہا پسند بھارتی صارفین کی جانب سے ٹیم کے مسلمان پلیئر محمد شامی کو شدید طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہاں بھارتی اسٹار کھلاڑیوں کے بعد اب پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی جانب سے بھی ان کی حمایت میں آواز اٹھی ہے۔

    محمد رضوان نے محمد شامی کا ایک پورٹریٹ بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا، انھوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی کو اپنے ملک اور اس کے لوگوں کے لیے جس طرح کے دباؤ، جدوجہد اور قربانیوں سے گزرنا پڑتا ہے وہ ناقابلِ بیان ہے۔

    انھوں نے محمد شامی کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ شامی ایک اسٹار ہے اور واقعی دنیا کے بہترین باؤلرز میں سے ہیں، براہِ کرم اپنے اسٹارز کا احترام کریں۔

    ہندو انتہاپسندوں نے مسلمان کرکٹر محمد شامی کو نشانے پر لے لیا

    خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست پر بھارتی ٹیم کے واحد مسلمان کھلاڑی محمد شامی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شامی کو سوشل میڈیا پر غدار بھی قرار دیا گیا۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان کے لیے بڑا اعزاز

    قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان کے لیے بڑا اعزاز

    کراچی: پاکستان ٹیم کے بلے باز اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو وزڈن نے سال کے 5 بہترین کھلاڑیوں میں شامل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق محمد رضوان کو پچھلے سال انگلینڈ میں شان دار کارکردگی پر وزڈن فائیو 2021 میں شامل کیا گیا ہے، محمد رضوان کو یہ اعزاز وکٹوں کے پیچھے اور بیٹنگ میں کارکردگی دکھانے پر دیا گیا، انھوں نے 3 ٹیسٹ میچز میں 161 رنز بنائے اور 5 کیچز پکڑے تھے۔

    1952 سے لے کر اب تک 18 پاکستانی کھلاڑیوں کو یہ اعزاز ملا ہے، 2017 میں مصباح الحق اور یونس خان یہ اعزاز حاصل کرنے والے آخری پاکستانی کھلاڑی تھے۔

    محمد رضوان کے علاوہ دیگر 4 بہترین کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جیک کرالی، ڈان سبلی، ڈیرن اسٹیون شامل ہیں، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر بھی سال کے بہترین 5 کھلاڑیوں میں شامل کیے گئے ہیں۔

    بابراعظم اور محمد رضوان نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا

    سال کے لیڈنگ کرکٹر کا اعزاز انگلینڈ کے بین اسٹوکس کو دیاگیا ہے، جب کہ سال کے بہترین ٹی 20 کرکٹر ویسٹ انڈیز کے کائرون پولارڈ قرار پائے، اور سال کی بہترین خاتون کرکٹر کا اعزاز آسٹریلیا کی بیتھ مونی کو ملا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں کھیلے گئے ٹی ٹوینٹی سیریز کے تیسرے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان محمد رضوان نے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ‏میں سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

    بابر اعظم نے 4 چھکوں اور ‏‏15 چوکوں کی مدد سے 122 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جب کہ ان کا ساتھ دیتے ہوئے محمد رضوان 73 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس میچ میں پاکستان نے اپنی ٹی ٹوینٹی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا۔

  • محمد رضوان کو کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کی تیاریاں

    محمد رضوان کو کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کی تیاریاں

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کے خیال میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو مستقبل کا کپتان بنایا جاسکتا ہے، رضوان میں قیادت کی صلاحیت موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا خیال ہے کہ ٹیم مینجمنٹ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو مستقبل کی کپتانی کا امیدوار سمجھ رہی ہے اور اس لحاظ سے انہیں تیار بھی کیا جا رہا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں راشد لطف کا کہنا تھا کہ رضوان کی کارکردگی اسٹمپس کے پیچھے بہترین رہی، اگر ہم مستقبل کے کپتان کو تلاش کر رہے ہیں تو رضوان میں صلاحیت موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رضوان نے پاکستان اے ٹیم کی بھی قیادت کی ہے، اگر ٹیم مینجمنٹ اسے ہر فارمیٹ میں کھلا رہی ہے تو شاید وہ انہیں مستقبل میں ضرورت پڑنے پر قیادت سونپنے کے بارے میں سوچ رہے ہوں گے۔ محمد رضوان نے وکٹوں کے پیچھے کھڑے ہو کر بہترین کمیونی کیشن کا مظاہرہ بھی کیا۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ رضوان کی باؤلرز کے ساتھ گفتگو بہترین ہے، وکٹ کیپر کا کام صرف بیٹنگ یا وکٹ کیپنگ تک محدود نہیں بلکہ ایک وکٹ کیپر نے ٹیم کو چلانا ہوتا ہے اور محمد رضوان 50 فیصد میچ چلا رہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ جب شاداب کو چھکا لگا تو محمد رضوان اس کے پاس گئے اور بات چیت کی، انہوں نے کئی مواقعوں پر فیلڈنگ بھی درست کی کیونکہ جب بابراعظم مڈ وکٹ پر کھڑے تھے تو انہیں فیلڈنگ میں موجود خلا کا علم نہیں تھا جن کے بارے میں محمد رضوان نے بتایا۔

    راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ محمد رضوان میں ایک کپتان کی خصوصیات ہیں اور اس سیریز میں انہوں نے اپنا واضح نشان چھوڑا ہے جس کی تعریف کی جانی چاہیئے، وہ طویل عرصے تک پاکستان کی خدمت کریں گے۔ اگر شعیب ملک اور محمد حفیظ کھیل سکتے ہیں تو سرفراز احمد بھی کھیل سکتے ہیں، اور ابھی ان کا باب بند نہیں ہوا۔ بہت سے کھلاڑی ڈراپ ہوتے ہیں اور پھر کم بیک کرتے ہیں، لہٰذا انہیں بھی کم از کم ایک فارمیٹ میں ضرور موقع دینا چاہیئے۔

  • ’’150 رنز کی لیڈ مل گئی تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں آسکتے ہیں‘‘

    ’’150 رنز کی لیڈ مل گئی تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں آسکتے ہیں‘‘

    ساؤتھمپٹن: قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف 150 رنز کی لیڈ مل گئی تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں آسکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 150 رنز کی لیڈ مل گئی تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں آسکتے ہیں، یاسر شاہ اور دیگر بولرز انگلینڈ کے لیے مشکل کھڑی کرسکتے ہیں۔

    محمد رضوان نے کہا کہ جوز بٹلر اور کرولی کی اننگز میں میچ میں نمایاں ہے، بابر اعظم، اظہر علی اور شان مسعود اچھی فارم میں ہیں، ایک دو بلے باز رنز کرگئے تو انگلینڈ کے لیے مشکل ہوجائے گی۔

    مزید پڑھیں: ساؤتھمپٹن ٹیسٹ، پاکستان کو اننگز کی شکست کا خطرہ

    انہوں نے کہا کہ مجھے اسکور کی فکر نہیں ہوتی بغیر فکر کے کھیلتا ہوں، اظہر علی نے اننگز کے دوران بہت سمجھایا اور مدد کی۔

    وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ یہ میرا آغاز ہے ابھی آگے جانا ہے، کوشش ہوگی دوسری اننگز میں اچھا پرفارم کروں۔

    واضح رہے کہ ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز قومی ٹیم 273 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، پاکستان کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے اور اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 310 رنز درکار ہیں۔

  • نیشنل ٹی 20، سندھ نے خیبرپختونخوا کو شکست دے دی

    نیشنل ٹی 20، سندھ نے خیبرپختونخوا کو شکست دے دی

    فیصل آباد: اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی 20 میچ میں سندھ نے فاسٹ بولر کی مدد سے خیبرپختونخوا کو ہرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20 کے گروپ میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو 8 رنز سے شکست دے دی، فاسٹ بولر انور علی نے تین اور محمد حسنین نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    خیبرپختونخوا کی ٹیم 177 رنز کے تعاقب میں 168 رنز بناسکی، سندھ کے احسن علی8 چوکوں، 3 چھکوں کے ساتھ 64 رنز بنا کر مین آف دی میچ قرار پائے۔

    قبل ازیں سندھ کی ٹیم کے اوپنرز خرم منظور اور احسن علی نے شاندار 83 رنز کا آغاز فراہم کیا، خرم منطور 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    دوسرے اینڈ پر احسن نے اپنی جارحانہ اننگز کا سلسلہ جاری رکھا، احسن نے 8 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    سعد علی نے 20 رنز بنائے، خیبرپختونخوا نے پانچ بولرز سے اوورز کرائے اور سب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی 2 وکٹیں جلد گرگئیں، فخر زمان 15 اور محمد حسین بغیر کوئی رن بنائے محمد حسنین کا نشانہ بنے۔

    کپتان محمد رضوان اور افتخار احمد کے درمیان 52 رنز کی شراکت قائم ہوئی، رضوان آخری اوور میں 70 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    سندھ کے فاسٹ بولر انور علی نے اپنے تین اوورز میں 30 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

  • ورلڈ کپ سے قبل فٹنس ٹیسٹ، محمد رضوان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    ورلڈ کپ سے قبل فٹنس ٹیسٹ، محمد رضوان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ورلڈ کپ سے قبل فٹنس ٹیسٹ لیے گئے، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے فٹنس ٹیسٹ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے گئے جس میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، رضوان فٹنس لیول میں 20 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔

    ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد عامر اور حفیظ نے اب تک ہونے والے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرلیے ہیں۔

    آصف علی کا فٹنس لیول اٹھارہ اعشاریہ پانچ، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا فٹنس لیول اٹھارہ آیا ہے۔

    اوپنر شان مسعود اور فاسٹ بولر حسن علی بھی مکمل فٹ ہیں جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ، فاسٹ بولر محمد حسنین اور آل راؤنڈر عماد وسیم فٹنس لیول تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔

    مزید پڑھیں:  سرفراز احمد، محمد عامر، اور عثمان شنواری نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرلیا

    یویو ٹیسٹ کے بعد آخری مرحلہ کھلاڑیوں کے اسٹرنتھ ٹیسٹ اور دو کلو میٹر ڈور کا ہے، واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو لندن روانہ ہوگی جہاں انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلی جانی ہے۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ 8 مئی کو اوول، گیارہ مئی کو ساؤتھمپٹن، 14 مئی کو برسٹل، 17 مئی کو ٹرینٹ برج اور 19 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

    ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

  • جوہانسبرگ ٹیسٹ کا آج سے آغاز، گرین شرٹس دو آل راؤنڈرز کے ساتھ میدان میں اتریں‌ گے

    جوہانسبرگ ٹیسٹ کا آج سے آغاز، گرین شرٹس دو آل راؤنڈرز کے ساتھ میدان میں اتریں‌ گے

    جوہانسبرگ: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ آج سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم دو آل راؤنڈرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں آج جوہانسبرگ میں مدمقابل آئیں گی، قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن مضبوط کرنے کے لیے دو آل راؤنڈر شاداب خان اور فہیم اشرف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

    [bs-quote quote=”اوپنر فخر زمان کی جگہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو شامل کیے جانے کا امکان ہے” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]

    شاہین شاہ آفریدی کو جوہانسبرگ ٹیسٹ میں آرام کرایا جائے گا جبکہ یاسر شاہ کو آخری ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

    سنچورین اور کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ناکام ہونے والے اوپنر فخر زمان کی جگہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقا تین میچوں کی سیریز میں پہلے ہی 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرچکا ہے اور گرین شرٹس کو کلین سوئپ کا چیلنج درپیش ہے۔

    مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان

    ٹیسٹ سیریز میں شکست پر جہاں کپتان سرفراز احمد پر تنقید کی جارہی ہے وہیں فاسٹ بولر کے پیس کو لے کر بھی چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔

    یاد رہے کہ جوہانسبرگ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں 2016 میں مدمقابل آئی تھیں، قومی ٹیم اس میچ میں اپنی تاریخ کے کم ترین اسکور 49 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

    جنوبی افریقا نے اس میدان پر گزشتہ میچ کینگروز کے خلاف کھیلا اور 492 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کی تھی۔

  • کیپ ٹاؤن ٹیسٹ، محمد عباس فٹ، محمد رضوان کی شمولیت کا امکان

    کیپ ٹاؤن ٹیسٹ، محمد عباس فٹ، محمد رضوان کی شمولیت کا امکان

    نیولینڈ: جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے محمد عباس فٹ ہوگئے ہیں، محمد رضوان کی بھی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، فاسٹ بولر محمد عباس فٹ ہوگئے جبکہ مڈل آرڈر میں محمد رضوان کی شمولیت پر غور کیا جارہا ہے۔

    [bs-quote quote=”حارث سہیل کو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کی صورت میں ٹیم میں شامل کیا جائے گا” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]

    محمد رضوان کو اگر ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے تو اسد شفیق کو باہر بیٹھنا ہوگا، اسد شفیق سنچورین ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام رہے تھے۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس بھی کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے، فاسٹ بولر کی واپسی سے ٹیم کا پیس اٹیک مضبوط ہوجائے گا۔

    انجری کا شکار بلے باز حارث سہیل کو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کی صورت میں ہی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے شروع ہوگا جبکہ تین میچز کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

    مزید پڑھیں: سنچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

    یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سنچورین ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، فاسٹ بولر اولیویئر کو 11 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔