Tag: محمد شامی

  • بھارتی کھلاڑی محمد شامی کیلئے بڑا اعزاز

    بھارتی کھلاڑی محمد شامی کیلئے بڑا اعزاز

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹر محمد شامی کو کھیلوں  کے سب سے بڑے ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی صدر دروپدی مرمو نے محمد شامی کو  ورلڈکپ 2023 میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے اور ٹیم کو فائنل تک پہنچانے پر کھیل کے سب سے بڑے ’’ارجن ایوارڈ‘‘ سے نوازا ہے۔

    اس پروقار ایوارڈ کو حاصل کرنے کے بعد محمد شامی نے جذباتی رد عمل ظاہر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک خواب تھا جو کہ کے سچ ہوگیا ہے۔

    محمد شامی کا کہنا تھا کہ لوگوں کی پوری عمر نکل جاتی ہے لیکن وہ اس ایوارڈ کو حاصل نہیں کر پاتے، مجھے خوشی ہے کہ مجھے ارجن ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔

    محمد شامی کے علاوہ مختلف کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 269 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، بھارتی وزارت کھیل کی جانب سے قومی کھیل ایوارڈ 2023 کا اعلان کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں محمد شامی نے اپنی شاندار باؤلنگ سے سب کے دل جیت لیے۔ محمد شامی نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔

    شامی نے 7 میچوں میں 24 بلے بازوں کو آؤٹ کیا تھا، اس شاندار کارکردگی کی بدولت بھارتی ٹیم فائنل میں پہنچی لیکن ٹیم انڈیا کو فائنل میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

  • بھارتی حکومت کی جانب سے محمد شامی کے لیے بڑا اعلان

    بھارتی حکومت کی جانب سے محمد شامی کے لیے بڑا اعلان

    مودی حکومت کی جانب سے انڈین کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی کو بڑا اعزاز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ورلڈکپ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے محمد شامی کو ارجن ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارتی وزارت کھیل نے بدھ کو اس بات کا اعلان کیا ہے۔

    محمد شامی کو بھارت کے دوسرے سب سے بڑے کھیلوں کے ایوارڈ ’ارجن ایوارڈ‘ سے نوازا جائیگا۔ مرکزی وزارت برائے کھیل نے 20 دسمبر کو نیشنل اسپورٹس ایوارڈ کے لیے پلیئرز کے ناموں کی فہرست جاری کی۔

    ارجن ایوارڈ کے لیے محمد شامی سمیت 26 دیگر کھلاڑیوں کا نام شامل کیا گیا ہے۔ تمام کھلاڑیوں کو بھارت کے صدر راشٹرپتی بھون میں 9 جنوری 2024 کو منعقد ہونے والی تقریب میں ایوارڈ سے نوازیں گے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کپ 2023 میں محمد شامی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور 24 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    بی سی سی آئی نے محمد شامی کا نام ایوارڈ کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ ختم ہونے کے بعد بھیجا گیا تھا۔ بی سی سی آئی نے خصوصی سفارش کے ساتھ ان کا نام وزارت کھیل کو بھیجا تھا۔

    دوسری طرف بھارتی کی نمبر ون مینز ڈبلز بیڈمنٹن جوڑی ساتوک اور چراغ کو کھیل رتن ایوارڈ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ کھیل رتن ہندوستان کا سب سے بڑا کھیل ایوارڈ ہے۔

  • سجدہ کرتے کرتے رُک جانے کی بحث، محمد شامی نے بلآخر خاموشی توڑ دی

    سجدہ کرتے کرتے رُک جانے کی بحث، محمد شامی نے بلآخر خاموشی توڑ دی

    بھارت کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے سجدہ کرتے کرتے رُک جانے کی بحث میں بلآخر خاموشی توڑ دی۔

    ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد بھارتی بولر محمد شامی سجدہ کرنے کے انداز میں جھکے لیکن پھر واپس کھڑے ہوگئے جس کے بعد یہ مسئلہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹریند بن گیا تھا۔

    تاہم اب 2023 ورلڈ کپ کے کچھ دن بعد ایک انٹرویو کے دوران بھارتی بولر محمد شامی نے ایک قابل ذکر بیان کے ساتھ اپنے ناقدین کو خاموش کر دیا، اس میچ میں بھارتی بولر نے پانچ وکٹیں کی تھیں۔

    کیا محمد شامی سجدہ کرتے کرتے رک گئے؟

    محمد شامی نے کہا کہ اگر میں سجدہ کرنا چاہتا تو مجھے کون روک سکتا تھا، اس میں کیا حرج ہے؟ میں فخر سے کہتا ہوں کہ میں بھارتی مسلمان ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر مجھے سجدہ کرنے کیلئے بھی کسی سے اجازت کی ضرورت پڑے تو پھر میں اس ملک میں کیوں رہتا؟ میں نے پہلے بھی کبھی 5 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد سجدہ نہیں کیا۔

    محمد شامی نے مزید کہا کہ اگر میں سجدہ کرنا چاہتا تو کرتا، اس میں مسئلہ ہی کیا ہے؟ اگر میں سجدہ کرنا چاہوں تو بھارت میں ہر جگہ سجدہ کرسکتا ہوں۔

  • فائنل میں عبرتناک شکست پر محمد شامی اب بھی مایوس

    فائنل میں عبرتناک شکست پر محمد شامی اب بھی مایوس

    آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں ہوم گراؤنڈ میں آسٹریلیا سے ہار کے بعد محمد شامی نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

    احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ فائنل میں عبرتناک شکست کے بعد محمد شامی نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ کاش ہم 300 رنز بنا لیتے۔

    فاسٹ بولر محمد شامی  نے ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کہا کہ اگر ہماری ٹیم 300 رنز بنا لیتی تو ہم کامیابی سے دفاع کر لیتے، ہمارے پاس زیادہ رنز نہیں تھے۔

    محمد شامی کا کہنا تھا کہ لیکن میں کسی ایک چیز پر الزام لگانا درست نہیں سمجھتا، ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ بطور ٹیم ہم کہاں کھڑے ہیں، ایک یونٹ کے طور ہر ہمیں اس پر محنت کرنی ہوگی۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا نے آئی سی سی ایونٹ کے فائنل میں بھارت کو اس کی سرزمین پر باآسانی شکست دی تھی۔ کینگروز نے حتمی مقابلے میں بھارتی بیٹرز اور بولرز کی ایک نہ چلنے دی تھی اور انھیں تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ریکارڈ چھٹی بار ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

    فائنل میں ہار کے بعد بھی محمد شامی کے لیے ورلڈ کپ خاص رہا، آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں انہوں نے سب سے زیادہ 24 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

  • سدھر جاؤ! چند پاکستانی کھلاڑیوں کو میری کامیابی ہضم نہیں ہوئی، محمد شامی

    سدھر جاؤ! چند پاکستانی کھلاڑیوں کو میری کامیابی ہضم نہیں ہوئی، محمد شامی

    ورلڈکپ 2023 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے پاکستانی کرکٹرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں میری کامیابی ہضم نہیں ہوئی۔

    آسٹریلیا کے ہاتھوں آئی سی سی ایونٹ کے فائنل میں شکست کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ اگر آپ دوسرے کی کامیابی کو انجوائے کرنا سیکھ لوگے تو بہتر کھلاڑی بنو گے۔ میں کچھ نہیں کرتا بس جو ہے اوپر والا دینے والا ہے۔

    میزبان نے ان سے سوال کیا کہ یہ جو اسٹوری ہے آپ کی وہ اسٹوری تو بتائیں۔ اس پار بھارتی پیسر کا کہنا تھا کہ میں سن رہا تھا اور شروع میں تو میچز کھیلے ہی نہیں تھے میں نے، جب میں ٹیم میں آیا تو میں نے پانچ وکٹ لیے پھر اس کے بعد مقابلے میں چار وکٹ لیے۔ پھر اگلے میچ میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

    محمد شامی نے کہا کہ کچھ پاکستان کے پلیئرز کو ہضم نہیں ہورہی ہے یہ بات تو میں کیا کروں کیوں کہ ان کے دماغ میں یہ ہے کہ ہم بہترین ہیں۔ بھائی بہتری وہ ہوتا ہے جو وقت پر پرفارم کرتا ہے۔

    سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا کے الزام پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘میں اسی کو مانتا ہو جو سخت محنت کرے، جو پرفارم کرے جو ٹیم کے لیے کھڑا ہو۔ اب آپ اس میں تنازعات بنائے چلے جارہے ہو، آئی سی سی کے پاس الگ الگ گیندیں ہیںم سدھر جاؤ۔

    بھارتی پیسر نے وسیم اکرم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’یہی بات وسیم بھائی نے بتائی تھی کہ کیسے گیندیں ڈبے میں آتی ہیں، پھر ان کا انتخاب کیا جاتا ہے.

    اگر آپ سابق کرکٹر نہ ہوتے اور پھر اس قسم کی باتیں کرتے تو سمجھ آتا ہے لیکن کرکٹر ہوتے ہوئے ایسی باتیں کرنے کی تک نہیں بنتی۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ایونٹ کے دوران بھارتی بولرز نے کافی عمدہ بولنگ کی تھی، میزبان نے 10 مسلسل میچز میں کامیابی حاصل کی تھی اور مخالف ٹیموں کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں دیا تھا۔

    محمد شامی نے عالمی کپ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب زیادہ 24 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ تاہم وہ اور ان کی ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ناکام ثابت ہوئے تھے۔

  • شامی نے نریندر مودی کے سینے سے لگ کر اپنا غم ہلکا کرلیا!

    شامی نے نریندر مودی کے سینے سے لگ کر اپنا غم ہلکا کرلیا!

    ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں دردناک شکست کے بعد پیسر محمد شامی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے گلے لگ گئے۔

    ورلڈکپ 2023 میں بہترین بولر کا اعزاز حاصل کرنے والے محمد شامی نے نریندر مودی کے سینے سے لگ کر اپنا غم ہلکا کرلیا۔ بھارتی وزیراعظم جب اپنی ٹیم کو دلاسا دینے ڈریسنگ روم آئے تو انھوں نے شامی گلے لگایا جس کی تصوری خوش کرکٹر نے شیئر کی۔

    ورلڈکپ فائنل میں مات کھانے کے بعد ایونٹ میں سب سے زیادہ 24 وکٹیں لینے والے بھارتی فاسٹ بولر شامی بجھے بجھے دکھائی دیے جب کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف صرف ایک ہی وکٹ لے سکے تھے۔

    یکطرفہ شکست کے بعد بھارتی ٹیم کے تمام کھلاڑی اور سپورٹنگ اسٹاف افسردہ تھا وہیں شامی بھی غمگین تھے۔ محمد شامی ڈریسنگ روم میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے گلے لگ کر افسردہ ہوگئے۔ انھوں نے ایکس پر یہ تصویر شیئر کی۔

    بھارتی پیسر نے لکھا کہ بدقسمتی سے کل ہمارا دن نہیں تھا۔ میں پورے ورلڈ کپ میں تمام بھارتیوں کا ٹیم اور اپنی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہے۔

    محمد شامی نے نریندر مودی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ ڈریسنگ روم آئے اور غم میں ڈوبے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا ۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ فائنل میں بھارتی بیٹرز اور بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔ کینگروز نے باآسانی بھارت کو 6 وکٹوں سے مات دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔

  • گواسکر شامی کے بجائے کس کرکٹر کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سمجتھے ہیں؟

    گواسکر شامی کے بجائے کس کرکٹر کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سمجتھے ہیں؟

    سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر محمد شامی کے بجائے کسے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سمجھتے ہیں، کرکٹ لیجنڈ نے بتادیا۔

    اس ایونٹ میں چند پلیئرز نے نہایت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جن میں سب سے ٹاپ پر بھارتی پیسر محمد شامی موجود ہیں۔ انھوں نے اپنی تباہ کن بولنگ سے ہر ٹیم کو مشکل میں ڈالے رکھا۔ سیمی فائنل میں تو فاسٹ بولر نے 7 کیوی بیٹرز کو چلتا کیا۔

    تاہم بھارتی لیجنڈ سنیل گواسکر شامی کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ نہیں سمجھتے۔ اس کے بجائے وہ جن دو کرکٹرز کو اس کا حقدار سمجھتے ہیں وہ دنوں بھی بھارتی ہی ہیں، ان میں سے ایک ویرات کوہلی اور دوسرے کپتان روہت شرما ہیں۔

    اپنے دور کے ماسٹر بیٹر سنیل گواسکر نے کہا کہ میں اس ایوارڈ کے لیے دو پلیئرز کو منتخب کروں گا ان میں سے ایک کوہلی ہیں۔ جس طرح انھوں نے ٹورنامنٹ میں بیٹنگ کی وہ شاندار ہے، ساتھ ہیں کوہلی نے ون ڈے میں 50 سنچریاں بھی مکمل کی جو اب ت کوئی نہیں کرپایا۔

    سنیل نے کہا کہ ویرات نے تسلسل سے کارکردگی دکھائی ہے تقریباً ہر میچ میں انھوں نے نصف سنچری یا اس سے زیادہ رنز اسکور کیے ہیں۔

    دوسرا نام گواسکر نے روہت شرما کا لیا، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کپتان نے ورلڈکپ میچز میں ان کے بعد آنے والے بیٹرز کے لیے جس طرح راستہ بنایا وہ قابل تعریف ہے۔ روہت نے ٹیم کے لیے بے لوث پرفارمنس دی ہے۔

    گواسکر نے کہا کہ بطو اوپنر روہت شرما بھارتی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کرتے ہیں اور سنگلز لینے کے بجائے بولرز پر اٹیک کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارت نے ورلڈکپ میں اب تک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنے تمام 10 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تاہم آسٹریلین ٹیم بھارت کے خوابوں کے اس سفر کو خراب کرنے کا پورا ارادہ رکھتی ہے۔

  • یوگی حکومت کا محمد شامی کے لئے بڑے تحفے کا اعلان

    یوگی حکومت کا محمد شامی کے لئے بڑے تحفے کا اعلان

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ٹیم انڈیا کو مسلسل کامیابیوں سے ہمکنار کرانے والے محمد شامی کو یوگی حکومت نے بڑا تحفہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یوگی حکومت نے ٹیم انڈیا کے فاسٹ بولر محمد شامی کے گاؤں امروہہ میں ایک اسٹیڈیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے لیے ضلع انتظامیہ نے ایک تجویز تیار کر کے حکومت کو بھیج دی ہے۔

    اپنی غیر معمولی بالنگ کے باعث بھارت کو کئی میچوں میں فتح دلانے پر یوگی حکومت نے محمد شامی کے گاؤں امروہہ علی نگر میں اسٹیڈیم بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

    ڈی ایم راجیش تیاگی کی ہدایت پر چیف ڈیولپمنٹ آفیسر امروہہ اپنی ٹیم کے ہمراہ جمعہ کو شامی کے گاؤں پہنچے اور اسٹیڈیم کے لئے زمین کی تلاش کا عمل شروع کردیا۔

    ڈی ایم راجیش تیاگی کا کہنا تھا کہ محمد شامی کے گاؤں میں تیار کئے جانے والے اسٹیڈیم کے لئے ایک ہیکٹر زمین کی ضرورت ہے، چیف ڈیولپمنٹ آفیسر اپنی ٹیم کے ہمراہ زمین دیکھنے گئے تھے، انہوں نے اسٹیڈیم کی تجویز تیار کرکے حکومت کو بھیج دی ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرا کر ورلڈ کپ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے،7 وکٹیں لینے والے محمد شامی کی کارکردگی پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی ان کے گرویدہ ہو گئے۔

    پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل کا دروازہ کھول لیا۔ اس فتح میں جہاں بھارتی بیٹرز کی شاندار کارکردگی نمایاں رہی وہیں پیسر محمد شامی نے 7 کیوی بلے بازوں کو گھر بھیج کر جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
    ان کی اس کارکردگی پر پورے بھارت میں ان کی واہ واہ ہو رہی ہے اور اس مدح سرائی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شریک ہیں جنہوں نے محمد شامی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    مودی نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں سیمی فائنل کی جیت کو کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے سبب خاص قرار دیا اور محمد شامی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اس میچ میں اور پورے ورلڈ کپ میں محمد شامی کی بولنگ کو کرکٹ سے پیار کرنے والوں کی آنے والی نسلیں بھی سراہیں گی۔

  • محمد شامی کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر بھارتی شائقین کپتان روہت پر برہم

    محمد شامی کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر بھارتی شائقین کپتان روہت پر برہم

    افغانستان کے خلاف میچ میں محمد شامی کو شامل نہ کرنے پر بھارتی شائقین کرکٹ نے کپتان روہت شرما اور مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں بھارت اپنے دوسرے میچ میں افغانستان کے مدمقابل تھا تاہم ان فارم فاسٹ بولر محمد شامی پلیئنگ الیون میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے اور ان کی جگہ بھارتی مینجمنٹ نے شردل ٹھاکر کو ٹیم کا حصہ بنایا۔

    بھارتی شائقین کو امید تھی کی دہلی کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے روی چندرن ایشون کی جگہ ٹیم میں محمد شامی کو شامل کیا جائے گا تاہم ایسا نہ ہوسکا اور ممکنہ طور پر بیٹنگ کو مضبوط بنانے کے لیے آل راؤنڈر شردل ٹھاکر کو چنا گیا۔

    کئی بھارتی سپورٹرز ٹیم میں شامی کی عدم شمولیت پر ناخوش نظر آئے اور انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے کپتان روہت شرما اور ٹیم مینجمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ’بھارتی ٹیم کافی مسخرہ پن کررہی ہے جس کا مجھے پہلے ہی ڈر تھا، شامی یا ایشون کی جگہ شردل کو کھلایا گیا۔

    برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک شخص نے کہا کہ افغانستان کے خلاف میچ کے لیے ٹیم منتخب کرتے ہوئے روہت کیا سوچ رہے تھے، شامی ٹیم میں کیوں نہیں کھیل رہے۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ ٹھاکر کی جگہ شامی کو ٹیم میں کیوں نہیں لیا گیا۔ بیٹنگ کے بارے میں کیا سوچنا یہ پچ تو ویسے ہی بیٹنگ فرینڈلی ہے۔

    واضح رہے کہ ورلڈکپ سے قبل آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شامی نے بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جب کہ پہلے میچ میں انھوں نے پانچ وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

  • محمد شامی نے ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے لیے کس چیز کو فائدہ مند قرار دیا

    محمد شامی نے ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے لیے کس چیز کو فائدہ مند قرار دیا

    بھارتی پیسر محمد شامی نے کہا ہے کہ شوپیش ایونٹ سے قبل ٹیم کی روٹیشن پالیسی بہت فائدہ مند ہے، اس سے پلیئرز پر بوجھ بھی کم ہو جاتا ہے۔

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں بھارتی پیس اٹیک کا حصہ محمد شامی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا کہ جب آپ ٹیم بناتے ہیں، تو حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو کس ترتیب سے یا کس میچ میں کھلانا ہے اس میں کوچ کا اہم کردار ادا ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پچھلی چند سیریز میں ہمیں اچھے نتائج ملے ہیں اور روٹیشن پالیسی اچھی طرح کام کر رہی ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں ورلڈ کپ سے پہلے بیک ٹو بیک گیمز کھیلنے کے لیے خود پر زیادہ بوجھ ڈالنے کی ضرورت ہے۔

    محمد شامی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے اچھا ہے کیونکہ ان حالات میں فاسٹ بولرز کو آرام دیتے ہوئے میچ کھلانا کافی اہمیت کاحامل ہے۔ یہ بیٹرز سے زیادہ باؤلرز کے لیے اہم ہوتا ہے،

    آئی سی سی ٹورنامنٹس سے پہلے روٹیشن سود مند ہے، اس سے کھلاڑیوں کو ضروری ردھم میں آنے میں مدد ملتی ہے۔

    جون میں منعقد ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے بعد شامی کو بریک دیا گیا تھا جو کہ ان کے لیے ضروری بھی تھا تاہم انھوں نے کہا کہ اس دوران بھی میں نے خود کو مصروف رکھا۔ اس وقفے کو لینا بہت ضروری تھا کیونکہ بغیر آرام کے میں سات سے آٹھ ماہ تک کھیلا تھا۔

    شامی نے کہا کہ اس آرام کے دوران بھی میں نے گھر میں پریکٹس کا عمل جاری رکھا تھا۔ ٹیم کے ساتھ ہوتا تو میں پریکٹس کرتا ہوں تاہم اس سے زیادہ پریکٹس اس وقت کرتا ہوں جب میں گھر پر ہوتا ہوں۔

    واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 8 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف چنئی میں میچ سے کرے گی۔