Tag: محمد عامر

  • بابر اعظم کو بطور اوپنر کھلانے پر محمد عامر نے کیا کہا؟

    بابر اعظم کو بطور اوپنر کھلانے پر محمد عامر نے کیا کہا؟

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی بابر اعظم کو بطور اوپنر کھلانے کی مخالفت کردی۔

    نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ میری اسٹرینتھ نئی گیند کرنا ہے اگر مجھے یہ نہیں دیں گے تو میری پرفارمنس میں فرق آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بابر کی اسٹرینتھ نمبر تین ہے اس کو پتا ہے کہ وہاں سے اننگ کو کیسے آگے بڑھانا ہے، اوپنر کا کردار ٹی 20  میں چل جاتا ہے ون ڈے اور ٹیسٹ میں کردار ہی مختلف ہے اس میں یہ دیکھنا ہوتا ہے اس دس اوورز میں چارج کرنا ہے اور اس میں ڈیفنڈ کرنا ہے۔

    محمد عامر نے کہا کہ بابر بڑا کھلاڑی ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اسے نمبر تین پر ہی کھیلنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ جب آپ پھنسے ہوتے ہو تو مختلف ٹرائیاں کرتے ہو کہ ادھر سے رنز کرلوں تو مومینٹم آجائے گا لیکن آخر میں اسٹرینتھ نے ہی آپ کا ساتھ دینا ہے۔

    سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ بابر اعظم کو نمبر تین پر ہی رہنا چاہیے۔

    اس سے قبل سابق کپتان محمد حفیظ نے بابر اعظم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے بطور اوپنر کھلانے کی مخالفت کی اور انہیں نمبر تین پر کھلانے کا مشورہ دیا ہے۔

    پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں صرف ایک اسپیشلسٹ اوپنر فخر زمان شامل ہیں۔

    اس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ فخر کے ساتھ اوپنر کون کرے گا تاہم سہ فریقی سیریز میں بابر اعظم کے بطور اوپنر بیٹنگ کرنے سے یہ ثابت ہوا کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھی وہی اوپننگ کریں گے۔

    تاہم بابر اعظم سہ فریقی سیریز کے تین میچوں میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 10، 23 اور 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

    سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹیم انتظامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بابر کو نمبر تین پر کھلائیں اور عبداللہ شفیق، امام لحق یا پھر شان مسعود کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے فخر کے ساتھ اوپننگ پارٹنر کے طور پر منتخب کریں۔

  • بابراعظم کی مسلسل ناکامی، انھیں کس نمبر پر کھیلنا چاہیے؟ سابق کرکٹر بول پڑے

    بابراعظم کی مسلسل ناکامی، انھیں کس نمبر پر کھیلنا چاہیے؟ سابق کرکٹر بول پڑے

    پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم کی بطور اوپنر بھی مسلسل ناکامی کے بعد سابق کرکٹرز نے مشورہ دیا ہے کہ انھیں کس نمبر پر کھلانا چاہیے۔

    پاکستان کے سابق کرکٹرز محمد حفیظ اور محمد عامر نے بابراعظم کو اوپن کروانے کی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اب محمد عامر نے پھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسا کہ میری طاقت یہ ہے کہ مجھے نئی گیند کے ساتھ باؤلنگ کرنا بہتر لگتا ہے تو مجھے میری اس صلاحیت کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے۔

    محمد عامر نے کہا کہ اسی طرح بابر اعظم کی طاقت نمبر 3 پر بیٹنگ کرنا ہے، وہ وہاں سے اننگز کو اچھی طرح لے کرچلنا جانتے ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں اوپنر کا کردار مختلف ہوتا ہے۔ ون ڈے اور ٹیسٹ میں یہ کا کردار مختلف ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ
    پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم نمبر 3 پر کافی بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرچکے ہیں، جہاں انھوں نے اپنی اننگز کو محتاط انداز میں آگے بڑھایا اور رنز بھی اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو استحکام فراہم کیا ہے۔

    تاہم چیمپئنزٹرافی سے قبل اوپنر صائم ایوب کے باہر ہونے کے بعد ٹیم انتظامیہ نے انھیں اوپنر کے کردار میں منتخب کیا جس کی بنا پر انھیں پاور پلے میں جارحانہ انداز اپنانے پر مجبور ہونا پڑرہا ہے جو ان کے فطری کھیل سے مطابقت نہیں رکھتا۔

    محمد عامر نے مزید کہا کہ بابراعظم ایک بڑے پلیئر ہیں لیکن میرے خیال میں انھیں نمبر 3 پر کھلایا جانا چاہیے تھا یہ ان کی صلاحیت کے حساب سے درست جگہ تھی۔

  • محمد عامر نے پاکستانی فاسٹ بولرز کو اہم مشورہ دے دیا

    محمد عامر نے پاکستانی فاسٹ بولرز کو اہم مشورہ دے دیا

    سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستانی بولرز کو مفید مشورے دے دیے۔

    نجی ٹی وی کے چینل پر میزبان نے کہا کہ محمد عامر آپ بہترین فاسٹ بولر رہے، ڈیتھ اوورز میں آپ نے شاندار بولنگ کرکے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جنوبی افریقا کے خلاف آخری 10 اوورز میں 110 رنز دیے سلمان علی آغا کے علاوہ رضوان نے سارے بولرز آزما لیے نہ کلاسن کا بلا رکا نہ دیگر جنوبی افریقی بیٹر کا لاٹھی چارج رک سکا اس کا کیا توڑ ہونا چاہیے؟

    محمد عامر نے کہا کہ آپ نے اچھا سوال کیا ہے کہ ہمارا ٹورنامنٹ میں جانے سے پہلے یہ مقصد ہوتا ہے کہ پاکستان کی فاسٹ بولنگ فارم میں ہے لیکن اس مرتبہ لگ رہا ہے بولنگ فارم میں نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی شروع کے پانچ اوورز اچھا کررہے ہیں لیکن ان کے ساتھ دیگر بولر نسیم شاہ وغیرہ اچھا نہیں کررہے۔

    سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستانی بولرز کو اس کا توڑ نکالنا ہوگا کہ اگر پاکستانی وکٹوں پر گیند سوئنگ نہیں ہوگا تو کیسے بولنگ کرنی ہے، فارمولا تھوڑا سا چینج کرنا ہوتا ہے ہم نے تینوں ایک جیسے بولرز کھلائے ہیں، ایسی وکٹوں پر کئی دفعہ پیس کو کٹ کرنا پڑتا ہے جو ہم بہت کم کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچ میں نگیڈی اور بوش کو رنز پڑ رہے تھے جیسے ہی دوسرا بولر آیا اس نے پیس تبدیل کیا، وکٹ ٹو وکٹ گیند کی وہ زیادہ فائدہ مند ثابت ہوئی، کئی مرتبہ بطور کپتان اور بولر یہ سوچنا ہوتا ہے کہ ایک ہی فارمولے سے نہ بولنگ کرسکتے ہیں اور نہ ہی ایک جیسے فاسٹ بولر لے جاسکتے ہیں۔

    محمد عامر نے کہا کہ بیٹنگ پیراڈائز پچ پر ہمیں ایسا بولر رکھنا ہوگا جس کی اسپیڈ 130 سے 135 ہو اور ویری ایشن بھی کرتا ہو، اگر آپ کے پاس ویری ایشن لمیٹڈ ہیں تو پھر ڈیتھ اوورز میں پھنستے ہیں۔

  • محمد عامر کے جشن منانے کے انداز پر افغان کرکٹر گلبدین نے کیا کہا؟

    محمد عامر کے جشن منانے کے انداز پر افغان کرکٹر گلبدین نے کیا کہا؟

    پاکستان کے سابق کرکٹر محمد عامر کے وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کے انداز پر افغان کرکٹر گلبدین نائب نے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں دبئی کیپٹلز اور ڈیزرٹ وائپرز کے درمیان ہونے والے فائنل میچ میں پاکستانی کے سابق لیفڈ ہینڈ پیسر محمد عامر نے گلبدین نائب کو جلد آؤٹ کردیا تھا، اب ان کے ردعمل کے بارے میں افغان کرکٹر نے بات کی ہے۔

    اس ہائی اسٹیک مقابلے میں جب محمد عامر اپنا دوسرا اوور کرانے آئے تو انھوں نے گلبدین نائب کو صرف 5 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔

    وکٹ لینے کے بعد محمد عامر نے منفرد انداز میں جشن منایا انھوں نے گلبدین نائب کے سگنیچر انداز کی نقل کی، ایک ایک ایسا اقدام تھا جس نے شائقین اور کرکٹ ماہرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی اور اس پر کافی بات بھی کی گئی۔

    افغانستان کے گلبدین نائب نے کرکٹ میں عزت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ کرکٹ ایک جنٹیلمین گیمز ہے اور اس میں آپ کو ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیے۔

    گلبدین نے کہا کہ اگر آپ کسی کو عزت نہیں دیں گے تو پھر کوئی بھی آپ کی عزت نہیں کریگا، وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کے اس انداز کے بعد انھوں نے کتنی عزت کمائی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایک کرکٹر کے طور پر ایک انسان کے طور پر آپ کو ہر کسی کی عزت کرنی چاہیے، خیال رہے کہ اس مقابلے میں دبئی کیپٹلز کی ٹیم فاتح رہی تھی اور اس نے آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

  • محمد عامر کی ’پشپا‘ انداز میں وکٹ کا جشن منانے کی ویڈیو وائرل

    محمد عامر کی ’پشپا‘ انداز میں وکٹ کا جشن منانے کی ویڈیو وائرل

    قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کی پشپا انداز میں وکٹ کا جشن منانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    فاسٹ بولر محمد عامر آئی ایل ٹی 20 میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں، انہوں نے ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کرتے ہوئے گزشتہ میچ میں چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    عامر وہ پہلے کھلاڑی نہیں ہیں جنہوں نے الو ارجن کے پشپا انداز میں جشن منایا ہو۔

    اس سے قبل آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وانر، سوریا کمار یادیو اور رویندرا جڈیجا بھی اسی انداز میں جشن مناچکے ہیں۔

    محمد عامر نے اس حوالے سے کہا کہ گزشتہ ہفتے ’پشپا 2‘ دیکھی جس میں ہیرو نے یہ اسٹائل اپنایا تو میں نے سوچا کہ وکٹ لینے کے بعد اسی انداز میں جشن مناؤں گا۔

    دبئی انٹڑنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ڈیزرٹ وائپرز نے شارجہ واریرئز کو  10 وکٹوں سے شکست دی۔

    ڈیزرت وائپرز کے فخر زمان نے ناقابل شکست 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی چار وکٹیں اپنے نام کیں۔

    واضح رہے کہ محمد عامر تمام فارمیٹ کی کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں لیکن وہ مختلف ٹی 20 لیگز میں اپنی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

  • محمد عامر نے سکندر رضا کو آؤٹ کرکے وسیم اکرم کی یاد تازہ کردی

    محمد عامر نے سکندر رضا کو آؤٹ کرکے وسیم اکرم کی یاد تازہ کردی

    قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے آئی ایل ٹی 20 میں سکندر رضا کو آؤٹ کرکے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کی یاد تازہ کردی۔

    محمد عامر تمام فارمیٹ کی کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں لیکن وہ مختلف ٹی 20 لیگز میں اپنی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں، آئی ایل ٹی 20 لیگ میں محمد عامر ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کررہے ہیں۔

    ڈیزرٹ وائپرز نے ابتدائی چار میچوں میں کامیابی حاصل کی لیکن انہیں پانچویں میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    تاہم محمد عامر نے 15ویں اوور میں سکندر رضا کی بڑی وکٹ حاصل کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد عامر نے آف سائیڈ پر سلو باؤنسر کی جسے سکندر رضا کھیلنے گئے اور وکٹ کیپر تنیش سوری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

    دبئی کیپٹلز رضا کی وکٹ گرنے کے بعد بھی اچھی پوزیشن میں تھی لیکن ڈیزرٹ وائپرز اور عامر کو امید کی کرن نظر آئی جو نئی گیند سے کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکے اور سکندر رضا کو 24 کے اسکور پر پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔

    گلبدین نائب نے 51 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ڈیزرٹ وائپرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اووز میں 139 رنز بنائے دبئی کیپٹلز نے 140 رنز کا ہدف 14 گیندوں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

  • بنگلادیشی فاسٹ بولر نے محمد عامر کا 4 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

    بنگلادیشی فاسٹ بولر نے محمد عامر کا 4 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

    بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں فاسٹ بولر تسکین احمد نے محمد عامر کا چار سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

    بی پی ایل کا پانچواں میچ دربار راج شاہی اور ڈھاکا کیپٹل کے درمیان کھیلا گیا جس میں فاسٹ بولر تسکین احمد نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

    29 سالہ فاسٹ بولر نے کیپٹل کے خلاف 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    تسکین احمد نے کیپٹل کے دونوں اوپنرز لٹل داس اور تنزید حسان کو پہلے دو اوور میں پویلین کی راہ دکھائی اس کے بعد کپتان انعام الحق کی وکٹ بھی حاصل کی۔

    فاسٹ بولر نے دوسرے اسپیل کے 17ویں اوور میں دو مزید وکٹیں حاصل کی جس میں ٹاپ اسکورر شہادت حسین کی وکٹ بھی شامل تھی۔

    تسکین احمد نے 7 وکٹیں حاصل کرکے بی پی ایل میں محمد عامر کی شاندار بولنگ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

    محمد عامر نے 2020 کے بی پی ایل مین کھلنا ٹائیگرز کی نمائندگی کرتے ہوئے سلہٹ رائلز کے خلاف 17 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    علاوہ ازیں تسکین احمد ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں تیسرے بہترین بولر بن گئے ہیں جنہوں نے 19 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

  • سنچورین ٹیسٹ میں محمد عباس کی شاندار کارکردگی، عامر نے کیا کہا؟

    سنچورین ٹیسٹ میں محمد عباس کی شاندار کارکردگی، عامر نے کیا کہا؟

    حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے سابق قومی پیسر محمد عامر سنچورین ٹیسٹ میں محمد عباس کی کارکردگی پر اظہار خیال کیا ہے۔

    سنچورین ٹیسٹ میچ میں پاکستان فتحیاب تو نہ ہو سکا، لیکن تین سال بعد ٹیم میں واپسی پر محمد عباس کی شاندار کارکردگی پر سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد عامر نوجوان فاسٹ بولر کو تین سال ٹیم سے دور رکھنے پر سابق کوچز پر برس پڑے۔

    محمد عامر نے سنچورین ٹیسٹ میں محمد عباس کی کارکردگی کو سراہا اور ساتھ ہی انہوں نے نوجوان بولر کو تین سال تک ٹیم سے باہر رکھنے پر قومی ٹیم کے سابق کوچز پر کڑی تنقید کی۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے ان سابق کوچز کو سامنے لایا جانا چاہیے، جنہوں نے پیس کی وجہ سے محمد عباس کو طویل عرصے تک ٹیم سے باہر رکھا اور انہیں ٹیم میں واپسی کیلیے تین سال لگے۔

    محمد عامر کا کہنا ہے کہ محمد عباس کی پرفارمنس انہیں ٹیم سے باہر رکھنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

    واضح رہے کہ سنچورین ٹیسٹ کے ذریعے محمد عباس نے تین سال بعد ٹیم میں واپسی کی تھی اور میچ کے چوتھے روز انہوں نے جنوبی افریقہ کے لیے 148 رنز کے ہدف کا حصول مشکل بنا دیا تھا۔

    محمد عباس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگ میں 6 جب کہ میچ میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کیں اور ایک موقع پر مسلسل 15 اوورز کرائے۔

    تاہم کسی ساتھی بولر کی جانب سے مدد نہ ملنے پر جنوبی افریقہ سنسنی خیز مقابلے کے بعد یہ میچ دو وکٹوں سے جیت گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/muhammad-abbas-against-south-africa/

  • عامر اور عماد کی ریٹائرمنٹ کے بعد سرفراز احمد کا پیغام وائرل

    عامر اور عماد کی ریٹائرمنٹ کے بعد سرفراز احمد کا پیغام وائرل

    قومی ٹیم کے کرکٹرز عماد وسیم اور محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے بعد سرفراز احمد کا پیغام وائرل ہوگیا۔

    پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی دلوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد نے سوشل میڈیا پیغام میں عامر اور عماد کی ریٹائرمنٹ پر پیغام شیئر کیا ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ میرے ساتھی اور بھائیوں دونوں کو ریٹائرمنٹ کی مبارکباد، آپ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

    سرفراز نے لکھا کہ عماد اور میں نے انڈر 19 ورلڈ کپ فائنل اور چیمپئنز ٹرافی فائنل جیت کر بہت اچھی یادیں شیئر کیں، چیمپئن بولر اور چیمپئن کھلاڑی کا میں فائنل میں میچ ونر اسپیل کبھی نہیں بھولوں گا، ڈھیروں دعاؤں کے ساتھ جہاں بھی رہو خوش رہو۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

    سرفراز

    عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا تھا کہ بڑی سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا بہت بڑا اعزاز ہے۔

    عماد وسیم نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا تھا کہ میں ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ میں اپنا سفر جاری رکھوں گا۔

    اس کے بعد فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    محمد عامر نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے 36 ٹیسٹ میچز کے علاوہ 61 ون ڈے انٹرنیشنلز اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

  • محمد عامر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    محمد عامر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    قومی کرکٹ ٹیم کے عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، دونوں کھلاڑیوں کو آخری بار پاکستان کے لیے اس سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا تھا۔

    محمد عامر نے جون 2009ء میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد پاکستان کے لیے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔

    عامر نے تینوں فارمیٹس میں 271 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں اور 1179 رنز بنائے، فاسٹ بولر 2009ء کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ تھے۔

    عامر کا کہنا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ اگلی نسل کے لیے ذمے داری سنبھالنے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا صحیح وقت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے ممتاز آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، انہوں نے 130 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    عماد وسیم نے اپنے اس فیصلے کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا اور انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بڑی سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

    جنوبی افریقا نے دوسرے ٹی 20 میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ پاکستان سے کھیلنا میرے لیے سب سے بڑا عزاز رہا۔ پاکستان کی جرسی میں ہر ایک لمحہ میرے لیے نا قابل فراموش ہے۔ تاہم ڈومیسٹک کرکٹ اور فرنچائز میں میرا سفر جاری رہے گا۔