Tag: محمد قیصر کامران صدیقی

  • ماؤں کے عالمی دن کے موقع پرمعروف شخصیات کے تاثرات

    ماؤں کے عالمی دن کے موقع پرمعروف شخصیات کے تاثرات

    کراچی: ماں کی ماں محبت بے لوث اور اسکی یاد بے پناہ قیمتی ہوتی ہے، ماں ایک ایسی عظیم ہستی ہے جس کی عزت واحترام اور مرتبہ ہر مذہب اور معاشرے میں مسلمہ ہے،اس حوالے سے ہر سال ماں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

    ماں قدرت کا انمول تحفہ ہے جس کادنیامیں کوئی نعم البدل نہیں ہے، یوں تو ماں سے محبت کو دنوں کی زنجیر میں جکڑنا مشکل ہے اور ہر دن ماں کی خدمت اور تابعداری کا دن ہے لیکن یہ خاص دن ہمیں اپنی مصروف زندگی میں ماں کی قدر یاد دلاتا ہے، ہر لمحہ ہر روز ماں کی عزت اور محبت کا اظہار کرنے والے خوش قسمت شخص جن کی مائیں حیات ہیں کیونکہ ماں کی دعائیں ہر لمحہ شامل حال رہتی ہیں۔

    Untitled

    اے آروائی نیوزکے دی مارننگ شو کا حصہ بنی شوبزکی معروف شخصیات نےماؤں کے عالمی دن کے موقع پراپنی ماؤں کی خوبصورت یادیں تازہ کرکےپروگرام کی رونق کوخُوب بڑھایا۔

    اے آروائی نیوزکے مارننگ شومیں شریک مشہور و معروف شخصیات ماؤں کی محبت سے سرشارنظرآئیں، مقبول گلوکارعالمگیرکا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنےعروج کے دور میں انتہائی مصروفیت کے باوجود بیمار ماں کی خدمت کی۔

    مایہ نازاداکارہ اور ہدایت کار ہ سائرہ کاظمی نے بھی اپنے بیٹے علی کاظمی کے ساتھ پروگرام کی رونق بڑھائی، علی کاظمی نے اپنی والدہ کواپنی سب سے اچھی دوست قراردیا،سائرہ کاظمی نے اپنی تمام ترکامیابیوں کاسہرا اپنی مرحوم والدہ کے سرباندھا۔

    مشہورنوحہ خواں فرحان علی وارث نے ایک شعر سنا کر اپنی والدہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔

    بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سوناکشی سہنا نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ مجھے سب زیادہ سکون اپنی ماں کے ساتھ رہنے میں ملتا ہے ۔

    معروف اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت کی اہلیہ بشرا عامر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میری ماں میری زندگی کی پہلی نظر ، پہلی مسکراہٹ اور میری پہلی محبت ہے۔

    ادکارارہ پرینیتی چوپڑا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اس دن کی مبارکباد دی

    بالی ووڈ کی اداکارہ نیہا دھوپیا نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ماں آپ میرا سب کچھ ہیں۔  

     معروف کرکٹروسیم اکرم  نے اپنی والدہ سے مخاطب ہوتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ آپ ایک عظیم ماں ہیں اور ہم آپ سے محبت کرتے ہیں۔

    سابق صدر پرویز مشرف نے تصویر کو ٹوئٹ کر کے ماں سے اپنی محبت کا اظہار کیا ۔  

     ایم کیوایم کے رہنما فیصل سبرواری نے اپنے ٹوئٹ میں انہوں اپنی ماں کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ دعا کرتا ہوں کہ میں آپ کا ایک اچھا بیٹا بنوں۔

        پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ماں سرزمین پر ایک عظیم ہستی ہیں۔

  • پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ماں سے محبت کے اظہارکا دن آج منایا جارہا ہے

    پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ماں سے محبت کے اظہارکا دن آج منایا جارہا ہے

    کراچی:  پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ماں سے اپنی محبت کے اظہار کا دن منایا جارہا ہے، جس کا مقصد ماؤں کی عظمت کا اعتراف اورانہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

    اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے میں ماﺅں سے محبت اوران کے احترام کوفروغ دینا ہے مگربہت سی مائیں ایسی بھی ہیں جوناخلف اولاد کی نافرمانی کی وجہ سے زندگی اولڈ ہاوس میں گزارنے پر مجبور ہیں۔

    یاد رہے کہ ماﺅں کے عالمی دن منانے کی تاریخ بہت قدیم ہے اور اس کا سب سے پہلے یونانی تہذیب میں سراغ ملتا ہے جہاں تمام دیوتاوں کی ماں ”گرہیا دیوی“ کے اعزاز میں یہ دن منایا جاتا تھا۔ سولہویں صدی میں ایسٹر سے 40 روز پہلے انگلستان میں ایک دن ”مدرنگ سنڈے“ کے نام سے موسوم تھا۔ امریکہ میں مدرز ڈے کا آغاز 1872ءمیں ہوا۔

     سن 1907ءمیں فلاڈیفیا کی اینا جاروس نے اسے قومی دن کے طور پر منانے کی تحریک چلائی جو بالآخر کامیاب ہوئی اور 1911ءمیں امریکہ کی ایک ریاست میں یہ دن منایا گیا، اور اب دنیا  بھر میں سے ہرسال مئی کے دوسرے  اتوار کو یہ دن منایا جاتا ہے۔

  • ٹیپو سلطان کے زیر استعمال اسلحہ لندن میں نیلام

    ٹیپو سلطان کے زیر استعمال اسلحہ لندن میں نیلام

    لندن : برصغیر میں انگریزوں کے خلاف لڑنے والے میسور کے ٹیپو سلطان کے زیر استعمال اسلحہ لندن میں نیلام کر دیا گیا۔

    لندن کے آکشن ہاوس نے ٹیپو سلطان کے زیر استعمال بندوق، تلواروں کا سیٹ، زرہ بکتر اور دیگر نوادرات سمیت 30 اشیاء نیلامی کے لئے پیش کیں۔

     ان نودرات میں تلواروں کی جوڑی، تیر، قیمتی ہیلمٹ، توپ، شکار کے لئے استعمال کی جانے والی بندوق بھی شامل تھی۔سب سے زیادہ بولی قیمتی تلواروں کے سیٹ کی لگی جو 32 لاکھ 26 ہزار 902 ڈالر میں فروخت ہوا۔

    Sword

    ٹیپو سلطان کے زیر استعمال گولے پھینکنے والی توپ 21 لاکھ 36 ہزار 540 ڈالر میں فروخت ہوئی جب کہ ان کے زیر استعمال بندوق 10 لاکھ 82 ہزار 124 ڈالر میں فروخت ہوئی۔

  • پاکستان سمیت دنیا بھر میں قدیمی ثقافت کا عالمی دن آج منایا جارہاہے

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں قدیمی ثقافت کا عالمی دن آج منایا جارہاہے

    کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں ثقافت کا عالمی دن منایا جارہاہے ، اس دن کے منانے کا مقصد قدیم تہذیبوں کی ثقافت ،آثار قدیمہ کو محفوظ کرنا اوراس کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے ۔

    کسی بھی ملک و قوم کی پہچان اس کاثقافتی ورثہ ہوتاہے،پاکستان میں ساڑھےچھ ہزارسال قدیم ورثہ موہن جو دڑوکواقوام متحدہ نے ثقافتی ورثےمیں شامل کیاہے۔

    یہ قدیم شہراس وقت کےجدیدطرز زندگی کوظاہرکرتاہےجو کہ حیران کن بات ہے۔ نہ صرف سندھ بلکہ چوکنڈی کے قبرستان میں سترہویں صدی کےمسلم بادشاہ اور رانیوں کی قبروں پر بنے خوبصورت نقش موت کے بعد بھی ان کی محلوں جیسی آخری آرام گاہ کا منظر پیش کررہے ہیں، اس طرح مکلی اور ہڑپہ بھی سندھ کے قدیم ثقافی ورثے ہیں ۔

    اقوام متحدہ کے مطابق موئن جودڑوکے تاریخی کھنڈرات،ٹیکسلا کے تاریخی آثار،تخت بھائی میں بدھ مت کے کھنڈرات اورسری بہوال،مردان کے ساتھ والا شہر، مکلی ٹھٹھہ میں موجودتاریخی یادگاریں،قلعہ لاھور شالیمار باغ، قلعہ روہتاس جہلم عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہیں، مگر حکومت کی مسلسل عدم توجہی سے یہ سب اپنی اصل خوبصورتی کھو رہے ہیں۔

  • دنیا بھرمیں مسیحی برادری آج ایسٹر تہوار منارہی ہے

    دنیا بھرمیں مسیحی برادری آج ایسٹر تہوار منارہی ہے

    کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار منارہی ہے، اس مناسبت سے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

    مسیحی تہوار کے موقع پر اہم ترین مذہبی تقریبات مشرق وسطیٰ میں یروشلم اورکیتھولک عیسائی عقیدے کے مرکز ویٹی کن میں منعقد ہوں گی۔

    عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پاپائے روم خصوصی دعا کر وائیں گے، پاکستان میں ایسٹر کے تہوار کی مناسبت سے تقریبات کا آغاز رات ہی سے ہوگیا۔

    اس موقع پر ملک بھر میں گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، گرجاگھروں میں شمعیں روشن کی گئیں اور خصوصی گیت بھی گائے گئے۔

    مسیحی برادری نے ملک و قوم کی سلامتی کی دعائیں مانگیں،مسیحی برادری کے نام میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ملکی ترقی میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کاکردارلائق تحسین ہے۔

    صدرممنون حسین کا مسیحی برادری کو مبارباد پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کاآئین مسیحیوں اوراقلیتوں کےتحفظ کی ضمانت دیتاہے۔

  • منگول سردار کو چنگیز خان کا خطاب کیسے ملا

    منگول سردار کو چنگیز خان کا خطاب کیسے ملا

    کراچی: (ویب ڈیسک) چنگیز خان تاریخ ِعالم میں دہشت ، خوف اور بربریت کا ایک بھیانک باب تھا، منگول سردار، دریائے آنان کے علاقے میں پیدا ہوا۔ اصلی نام تموجن تھا جس کا مطلب ہے "لوہے کا کام کرنے والا”۔

    سن 1175ء میں تیرہ برس کی عمر اس کے باپ نے اس کی شادی کر دی، چونکہ شروع ہی سے چنگیز خان نہایت شاہانہ مزاج کا آدمی تھا اس لئے اپنی لیاقت کی بنا پر اسی سال تخت پر متمکن ہوا۔

    جب 1175ء کو جب وہ اپنے قبیلے کا سردار بنا تو دیگر قبائل سے اس کی چپقلش شروع ہو گئی، اس نے تمام قبائل اور حلقوں کو اپنے زیر اثر کرنے کی بھر پور کوشش کی کیونکہ اس وقت منگولیا پر کئی قبائل کی حکومت تھی۔

     پھر صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد اس نے سب سرداروں کو اکٹھا کیا اور مل کر دیگر علاقوں کو فتح کرنے کا منصوبہ پیش کیا۔

     اس مشورے کے بعد وہ بہت مقبول ہو گیا اور دیگر سب سرداروں نے اسے متفقہ طور پر اپنا سردار تسلیم کرلیا اور متفقہ طور پر دریائے آنان کے قریب ایک مجلس میں اسے چنگیز خان کا خطاب بھی دیا۔

  • پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ویلنٹائن ڈے منایا جارہا ہے

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ویلنٹائن ڈے منایا جارہا ہے

    کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج محبت سے اظہار کا دن ویلنٹائن ڈے منایا جارہا ہے۔

    یوں تو عالمی میراث کے دامن میں کیا کچھ نہیں ہے لیکن اس میں سب سے بڑا ثقافتی ورثہ شاید ویلنٹائن ڈے ہے، زمانہ قدیم کے جزبے کی اب عالمی سطح پر گونج بڑے واضح انداز میں سنی جا رہی ہے۔

    دنیا بھر میں ویلنٹائنز ڈے بھرپور انداز میں منایا جاتا ہے۔ محبت کا جذبہ انمول ہی سہی لیکن محبوب سے اسکا اظہار بھی ضروری ہے اور یہی اس دن کو منانے کا مقصدہے۔

     نوجوان تو اس دن کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں، محبت ایک سدابہار جزنہ ہے جو ہر موسم میں ہر وقت مہکتا ہے۔ نوجوانوں میں اس دن کے حوالے سے جوش کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اگر یہ دن روز منایا جائے تو دنیا سے نفرتوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔

    مورخین کے مطابق تیسری صدی عیسیوی کی سلطنت روم میں حکمران کلاڈئیس دوئم نے نوجوانی میں شادی کرنے پر پابندی عائدکردی تھی۔ کلاڈئیس کا خیال تھا کہ شادی شدہ اور بچوں والوں کی نسبت غیر شادی شدہ مرد بہتر سپاہی اور جنگجو ثابت ہوتے تھے لہٰذا اس نے نوجوانوں کو ایک مخصوص عمر سے پہلے شادی کرنے سے منع کردیا۔

     اس شاہی فرمان کے باوجود ایک عیسائی پادری سینٹ ویلنٹائن پیار کرنے والے جوڑوں کی شادیاں کرواتا رہا اور اس جرم میں شہنشاہ نے اسے پھانسی پر چڑھادیا۔ اسی پادری کی یاد میں ویلنٹائن ڈے منایا جانے لگا۔

     ایک دوسری روایت کے مطابق سینٹ ویلنٹائن روم کی ایک جیل میں قید تھا اور وہ جیل کے نگران کی بیٹی کے عشق میں گرفتار تھا۔ اس نے ناظم جیل کی بیٹی کے نام محبت نامہ لکھا جس پر الفاظ تمھارا ویلنٹائن درج تھے اور اسی دن سے ویلنٹائن ڈے اور اس کے کارڈز اور تحائف کی ریت چل پڑی۔

    ویلنٹائنز ڈے کی مناسبت سے دکانوں میں تحائف خریدنے والوں کا رش بھی دیکھا گیا، کوئی چاکلیٹس پسند کرتا دکھائی دے رہا ہے تو کوئی ٹیڈی بیئر لیتا اور کوئی سرخ گلابوں کو اظہار کا ذریعہ بنانا چاہتاہے ۔

     نوجوانوں سمیت ہر عمر کے افراد کی خواہش ہے کہ وہ ویلنٹائنز ڈے کو بھرپور انداز میں منائیں اورتحفے تحائف دے کر ایک دوسے کی خوشیوں میں شریک ہوں۔ویلنٹائنز ڈے کو سرخ گلاب کے ذریعے اظہار محبت کا دن بھی کہا جا تا ہے اور ہر وہ دن ویلینٹائن ڈے ہو تا ہے جب دل دل سے ملتے ہیں۔

    پاکستان میں ویلنٹائن ڈے کا تصور نوے کی دہائی کے آخر میں ریڈیو اور ٹی وی کی خصوصی نشریات کی وجہ سے مقبول ہوا،پاکستان کے شہری علاقوں میں اسے جوش وخروش سے منایا جاتا ہے،پھولوں کی فروخت میں کئی سو گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔

    جہاں دنیا بھر میں اس دن کو خوشی اور مسرت کے ساتھ دیکھا جاتا ہے وہیں کئی مسلمان عالم دین کی نظر میں یہ ایک وائرس ہے جو مسلم دنیا کے نوجوانوں کے اخلاق کو تباہ کرنے کا باعث بن رہا ہے ۔