Tag: محمد معیزو

  • مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور اہلیہ نے بھی تاج محل کے پس منظر میں تصاویر کھنچوائیں

    مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور اہلیہ نے بھی تاج محل کے پس منظر میں تصاویر کھنچوائیں

    آگرہ: مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور ان کی اہلیہ ساجدہ محمد ان دنوں بھارت کے سرکاری دورے پر ہیں، اس خوب صورت حکمران جوڑے کو بھی تاریخی یادگار تاج محل کی کشش کھینچ کر لائی اور جس کی خوب صورتی اور وقار دیکھ کر وہ حیران رہ گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور ان کی بیگم ساجدہ محمد نے منگل کے دن تاج محل کی سیر کی ہے، صدر معیزو اور ان کی بیگم نے ہر سیاح کی طرح تاج محل کے پس منظر میں تصاویر بھی کھنچوائیں۔

    ہندوستان کے چار روزہ دورے پر موجود صدر معیزو کو 17 ویں صدی کے فنِ تعمیر کی شاہکار عمارت کی تعریف کے لیے الفاظ نہیں ملے، انھوں نے وزیٹرز بک میں لکھا ’’اس مقبرے کی خوب صورتی بیان کرنا مشکل ہے کیوں کہ الفاظ انصاف نہیں کر سکتے۔‘‘

    میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مالدیپ اور ان کی ٹیم نے تاج محل کی تاریخ میں گہری دل چسپی لی، انھوں نے ٹور گائیڈ راجو سنگھ سے تاج محل کے خوب صورت ڈیزائن اور اس کے باغوں کے بارے میں تفصیلات پوچھیں۔

    صدر معیزو نے یہ سوال بھی کیا کہ تاج محل کے احاطے میں فوارے ابھی تک کیسے چل رہے ہیں، صدر مالدیپ کی آمد کے پیش نظر تاج محل کو صبح 8 تا رات 10 بجے تک عوام کے لیے بند رکھا گیا تھا۔

  • مالدیپ صدارتی الیکشن میں چین کے حامی امیدوار نے میدان مار لیا

    مالدیپ صدارتی الیکشن میں چین کے حامی امیدوار نے میدان مار لیا

    مالے: مالدیپ میں صدارتی انتخابات کا اختتام ہوگیا، الیکشن میں چین کے حامی امیدوار محمد معیزو نے کامیابی حاصل کرلی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نو منتخب صدر محمد معیزو نے 54.06 فیصد ووٹ حاصل کرلئے تھے جب صدر ابراہیم محمد صالح نے آدھی رات سے کچھ دیر قبل اپنی ہار کو تسلیم کرلیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ X پر صدر ابراہیم محمد صالح نے تحریر کیا کہ نومنتخب صدر معیزو کو مبارک ہو۔ میں ان لوگوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے الیکشن میں پرامن اور جمہوری عمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

    محمد معیزو نے اپنی پارٹی کے مہم کے ہیڈکوارٹر کے باہر ایک مختصر خطاب کیا، انہوں نے اپنے حمایتوں سے کہا کہ وہ اتوار کی صبح تک جشن نہ منائیں جب تک کہ انتخابی پابندیاں باضابطہ طور پر ختم نہیں ہوجاتیں۔

    واضح رہے کہ 61 سالہ موجودہ صدر ابراہیم محمد 17 نومبر تک معیزو کے دفتر سنبھالنے تک نگراں صدر کے امور انجام دیتے رہیں گے۔

    دوسری جانب پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی معیزو کو الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

    پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ مالدیپ کے صدارتی انتخابات میں فتح پر ڈاکٹر محمد معیزو کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تعلقات اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔