Tag: محمد کاشف

  • انسانی اسمگلنگ میں ملوث مجرم محمد کاشف کو گوجرانوالہ عدالت نے بڑی سزا سنا دی

    انسانی اسمگلنگ میں ملوث مجرم محمد کاشف کو گوجرانوالہ عدالت نے بڑی سزا سنا دی

    گوجرانوالہ: ملک کے ایک اہم المیے انسانی اسمگلنگ میں عدالت سے آخر کار ایک مجرم کو سزا سنا دی گئی، جس کی وجہ سے ایک شہری ہمیشہ کے لیے اپنے خاندان سے بچھڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں اسپیشل جج سینٹرل گوجرانوالہ کی عدالت نے ایک اہم مقدمے میں فیصلہ سنا دیا ہے، جج نے انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں ملوث مجرم کو 20 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی ہے۔

    مجرم محمد کاشف کو مجموعی طور پر بیس سال قید بامشقت اور 14 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے، امیگریشن آرڈنینس کے تحت مجرم کو 10 سال قید بامشقت، 4 لاکھ جرمانے کی سزا اور اسمگلنگ آف مائیگرنٹ ایکٹ کے تحت 10 سال قید اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

    مجرم نے ایک شہری کو 40 لاکھ روپے کے عوض غیر قانونی طور پر اسپین بھجوانے کی کوشش کی تھی، اور وہ شہری تاحال لاپتا ہے۔


    انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 9 ملزمان گرفتار


    واضح رہے کہ 10 جولائی کو ایف آئی اے نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، یہ کارروائیاں گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، رحیم یار خان، میاں چنوں میں کی گئی تھیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار گروہ کے اراکین نے سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک روزگار کا جھانسہ دے کر سادہ لوح افراد سے لاکھوں روپے ہتھیائے۔ ملزمان نے جعلی ویزے دکھا کر نیوزی لینڈ اور بحرین کا ورک ویزا فراہم کرنے کا جھانسہ دیا اور متاثرین سے 45 لاکھ روپے نقد اور 40 لاکھ روپے بینکنگ ذرائع سے وصول کیے۔