Tag: محمود خان

  • وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے کرونا وائرس اسپتال کا افتتاح کر دیا

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے کرونا وائرس اسپتال کا افتتاح کر دیا

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے کرونا وائرس اسپتال کا افتتاح کر دیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں، ہمیں جانیں بچانی ہیں اور بھوک و افلاس سے بھی بچانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے کرونا وائرس اسپتال کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں، ہمیں جانیں بچانی ہیں اور بھوک و افلاس سے بھی بچانا ہے۔ جو بھی اقدامات کر رہے ہیں لوگوں کی بہتری کے لیے کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے این سی او سی اور این سی سی کا فورم بنایا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جو کاروبار کھول یا بند کر رہے ہیں وہ عوام کی بہتری کے لیے ہے، کرونا کے خلاف جنگ نہیں کر سکتے۔ جو کچھ کرتا ہے اللہ کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے بھی وفاقی دارالحکومت میں آئسولیشن اور وبائی امراض کے جدید اسپتال کا افتتاح کیا ہے، اسپتال 40 دن کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا ہے۔

    مذکورہ خصوصی اسپتال 250 بیڈز پر مشتمل ہے، اسپتال کی تعمیر سے وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں میں مریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔

  • وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کروناٹیسٹ رپورٹ آگئی

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کروناٹیسٹ رپورٹ آگئی

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کا کروناوائرس ٹیسٹ نیگیٹو آگیا، وہ وبا کے وار سے محفوظ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مشیراطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے بجٹ اجلاس میں شرکت کے لیے کرونا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ منفی آگئی ہے۔

    اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے ٹیسٹ رپورٹ اسمبلی سیکرٹریٹ ارسال کردیا ہے، وزیراعلیٰ نے تمام وزرا کو کرونا ٹیسٹ رپورٹ ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمد زئی بھی کروناوائرس کا شکار ہوئے، حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن اٹھانے سے کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، حالیہ دنوں کوئی حکومتی شخصیات، سیاستدان، ڈاکٹرز، ہیلتھ ورکرز، سماجی اور شوبز کی شخصیات بھی وائرس کا شکار ہوچکی ہیں۔

    رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی کرونا وائرس کا شکار

    سندھ اسمبلی کی سابق ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا 15 جون کو کرونا وائرس کا شکار ہوئیں۔

    یاد رہے 13 جون کو خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ اس سے قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، طاہرہ اورنگزیب اور مریم اورنگزیب کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

  • سیاحت کے شعبے کو کھولنے سے پہلے ایس او پیز پر آگاہی مہم چلائی جائے، محمود خان

    سیاحت کے شعبے کو کھولنے سے پہلے ایس او پیز پر آگاہی مہم چلائی جائے، محمود خان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے کہا ہے کہ سیاحت کے شعبے کو کھولنے سے پہلے ایس او پیز پر آگاہی مہم چلائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کرونا کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا،کور کمانڈ رپشاور،چیف سیکریٹری، آئی جی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں کرونا اور اسمارٹ لاک ڈاؤن سمیت مختلف شعبوں میں ایس او پیز پر عملدرآمدکی صورت حال کاجائزہ لیا گیا۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اجلاس کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہرصورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ان کو بندکر دیا جائےگا۔

    محمود خان نے ٹیچنگ اسپتالوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وسائل فراہم کرنے اور کرونا مریضوں کے لیے تمام ٹیچنگ اسپتالوں کو یکساں پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اجلاس کے دوران سیاحت سے متعلق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاحت کے شعبے کو کھولنے سے پہلے ایس او پیز پر آگاہی مہم چلائی جائے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کھولنے یا نہ کھولنے سے متعلق فیصلہ دوسرے صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔

  • سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بنا رہے ہیں، محمود خان

    سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بنا رہے ہیں، محمود خان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے کہا ہے کہ سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ ہم بیک وقت 2 محاذوں پر بر سر پیکار ہیں،لوگوں کو کرونا وائرس کے ساتھ بھوک سے بھی بچانا ہے۔

    کاروبار کھولنے سے متعلق محمود خان کا کہنا تھا کہ بازار ہفتے میں 5 دن صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے، ایس او پیز پر عمل نہ ہونے پرمتعلقہ کاروبار کوبند کر دیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے کہا کہ ہمیں ان کی مشکلات کا احساس ہے، ان کے مسائل کا حل حکومت کی ذمے داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اوورسیز کے معاملے پر بعض لوگ سوشل میڈیاپرمنفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں، یہ سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا وقت ہے۔

    محمود خان نے ڈاکٹرز،طبی عملے کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرونا سےشہید ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ ہمارے اصل ہیروز ہیں،ان شہدا کے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

    صوبے میں سیاحت سے متعلق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بنا رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سیاحت کھولنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے خیال میں سیاحت کھولنا اس لیے ضروری ہے کہ وہ علاقے تین چار مہینے گرمیوں کے ہوتے ہیں اور ان کا روزگار ہی سیاحت کی وجہ سے ہوتا ہے اور اگر یہ تین چار مہینے چلے گئے تو ان علاقوں میں مزید غربت بڑھ جائے گی۔

  • جن علاقوں میں کرونا کیسز سامنے آرہے ہیں وہاں لاک ڈاؤن کو سخت کیا جائے، محمود خان

    جن علاقوں میں کرونا کیسز سامنے آرہے ہیں وہاں لاک ڈاؤن کو سخت کیا جائے، محمود خان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں کرونا کیسز سامنے آرہے ہیں وہاں لاک ڈاؤن کو سخت کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت بذریعہ ویڈیو کانفرنس ڈویژنل کمشنرز کا اجلاس ہوا جس میں ڈویژنل کمشنرز نے ڈویژن میں کورونا کی صورت حال پر بریفنگ دی۔

    اس موقع پر محمود خان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون اور ایس او پیز پر عمل کوہر صورت یقینی بنایا جائے،جس جگہ ایس اوپیز پرعمل نہیں ہو رہا وہ بندکی جائیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ مساجد میں علما کی مشاورت سے طے ایس او پیز پر عمل یقینی بنایا جائے،منتخب عوامی نمائندے ضلعی انتظامیہ سے رابطے رہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا مقابلہ کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں کمشنرز نے اپنے اپنے ڈویژنز میں گندم کی خریداری کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گندم خریداری کے اہداف کا حصول یقینی بنانے کے ساتھ رمضان کے مہینے میں پرائس چیکنگ پر خصوصی توجہ دیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ جن علاقوں میں کیسز سامنے آرہے ہیں وہاں لاک ڈاؤن کو سخت کیا جائے۔

  • وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ ضرورت ہوئی تو ترقیاتی بجٹ سےکٹ لگا کر عوام پر خرچ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ریلیف پیکج سے متعلق میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ لاک ڈاؤن سے مشکلات ہیں ہمیں لوگوں کا احساس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل کے مطابق معاشی پیکج کا اعلان کر رہا ہوں، احساس پروگرام میں رجسٹرڈ افراد کو 5 ہزار روپے تک دیں گے، 19 لاکھ خاندانوں کو احساس پروگرام کے تحت 5 ہزار روپے دیں گے،امدادی رقم وفاق اور صوبےکی طرف سے دی جائےگی۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ 11 ارب40 کروڑ روپے صوبائی حکومت کی جانب سے دیے جائیں گے، کاروباری طبقے کو ڈیڑھ ارب روپے کا ریلیف ٹیکسز میں دیں گے، ہیلتھ سیکٹر کے لیے 8 ارب روپےفوری جاری کیے جائیں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹیکس چھوٹ میں5 ارب روپے دےگی، مجموعی طور پر32 ارب روپے کا پیکج دیا جا رہا ہے، ہیلتھ، ریسکیو ورکز، سیکیورٹی اہلکار فرنٹ لائن پر کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں صحت کے شعبے میں 8 ارب روپےخرچ کیے جائیں گے، ضرورت ہوئی تو ترقیاتی بجٹ سے کٹ لگا کر عوام پر خرچ کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1252 تک جا پہنچی ہے، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 10 افراد جاں بحق اور 23 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی کمی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وبا کی شکل اختیار کرگیا، قیدیوں کو بھی ریلیف دیں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ سزائیں کم ہونے سے بیشتر قیدیوں کو رہائی مل جائے گی۔

    دوسری جانب وزیر صحت خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے کے پی میں 15 کیسز ڈی آئی خان کے ہیں، تمام افراد کی ٹریول ہسٹری ہے، تفتان سے آئے تھے

    سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 103 ہوگئی جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد 136 ہوگئی۔ ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ تفتان سے سکھر آنے والے اب تک 76 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 26 کیسز کراچی اور ایک کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ 11 مارچ کو عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دیا تھا، یہ وائرس اب تک 150 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔ وائرس سے اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ 5 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں ۔

  • اس ملک میں وہی لوگ اقتدار میں آئے جنہوں نے ملک کو لوٹا، محمود خان

    اس ملک میں وہی لوگ اقتدار میں آئے جنہوں نے ملک کو لوٹا، محمود خان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ اس ملک میں وہی لوگ اقتدار میں آئے جنہوں نے ملک کو لوٹا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ ترک صدرطیب اردوان نے کھل کر باتیں کی، عوام اور صوبے کی طرف سے طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    محمود خان نے کہا کہ عالمی رہنما عمران خان کی وجہ سے پاکستان آ رہے ہیں، ایسا ایماندار لیڈر تاریخ میں نہیں آیا اور نہ آئےگا، عمران خان نے اقوام متحدہ میں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ خود چوری کرتے ہیں اورانگلی ہماری طرف اٹھاتے ہیں، اس ملک میں وہی لوگ اقتدار میں آئے جنہوں نے ملک کو لوٹا۔

    انہوں نے کہا کہ کچھ مہینے میں سخت حالات گزر جائیں گے،یہ ملک اور صوبہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا، ملک کو ایسے مقام پر چھوڑیں گے کہ مستقبل کی نسل فخر کرےگی، صوبے میں نئے اسکول اور کالج کھولے جائیں گے۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے جب بھی ملتا ہوں کہتے ہیں غریب کے لیےسوچو، عوام کی بہتری اور آسانی کے لیے قانون سازی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہفتے میں دو دن عوام کو کال کروں گا، عوام سے پولیس اور پٹواری کے بارے میں پوچھوں گا۔

  • وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوامیں میگا پراجیکٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیراعظم عمران خان کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں،درپیش چیلنجز پر بھی بریفنگ دی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبےمیں سیاحت،صنعتکاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 31 جنوری کو وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں صوبے کے سیاسی اور حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    محمود خان نے وزیراعظم عمران خان کو قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا تھا اور صوبائی کابینہ کی کارکردگی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی تھی۔

  • وزیر اعلیٰ کے پی محمودخان کے خلاف بھی آوازیں اٹھنے لگیں

    وزیر اعلیٰ کے پی محمودخان کے خلاف بھی آوازیں اٹھنے لگیں

    پشاور: پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کے بعد خیبر پختون خوا میں بھی وزیر اعلیٰ کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی میں مخالف گروپ کے علی تراکئی نے وزیر اعلیٰ محمود خان پر اظہار عدم اعتماد کر دیا ہے، محمد علی تراکئی نے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت چھوڑنے کی دھمکی دے دی ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی محمد علی تراکئی نے کہا کہ محمود خان سے 80 فی صد ارکان اسمبلی ناراض ہیں، محمود خان نہیں بیوروکریسی حکومت چلا رہی ہے، پرویز خٹک کے مقابلے میں محمود خان کی کارکردگی صفر ہے، ان کے پاس وژن ہے نہ صلاحیت، ایسے ساتھ نہیں چل سکتے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کے خلاف بھی پی ٹی آئی ارکان کا گروپ سرگرم ہو گیا ہے، پریشر گروپ میں 7 وزرا اور پی ٹی آئی کے 28 ارکان اسمبلی شامل ہیں۔

    اسپیکر بلوچستان کا وزیر اعلیٰ کے خلاف اعلان بغاوت

    دوسری طرف ترجمان صوبائی حکومت اجمل وزیر نے کہا ہے کہ کابینہ ممبران میں کوئی لڑائی نہیں، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ہم سب متفق ہیں، صوبائی حکومت کے ساتھ بہترین ٹیم ہے، تمام وزرا پر مکمل اعتماد ہے، گڈ گورننس کے ایجنڈے کو ٹیم کے ساتھ آگے لے کر چل رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال کے خلاف بھی اسپیکر عبد القدوس بزنجو نے اعلان بغاوت کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ جام کمال اچھی باتیں کرتے ہیں لیکن کام کچھ نہیں ہورہا ہے صوبے میں۔ پنجاب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف فارورڈ بلاک کی خبریں آ رہی ہیں، جس پر عثمان بزدار کہتے ہیں کہ پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے نہ پریشر گروپ، تاہم گزشتہ روز ناراض ارکان کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات نہ ہو سکی تھی۔