Tag: محمود خان

  • خیبر پختونخوا: محمود خان نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں نہ رہنے کا اعلان کر دیا

    خیبر پختونخوا: محمود خان نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں نہ رہنے کا اعلان کر دیا

    پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومت کے ترجمان شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ محمود خان وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں رہائش اختیار نہیں کریں گے، نہ ہی پروٹوکول لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کے پی حکومت کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی نقل و حرکت کے دوران سڑکیں بند نہیں ہوں گی، وہ وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں بھی نہیں رہیں گے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں سادگی اختیار کی جائے گی، اور وزیرِ اعلیٰ کے زیرِ استعمال جتنی گاڑیاں ہیں ان کی تعداد میں کمی لائی جائے گی۔

    ترجمان شوکت یوسف زئی نے وزیرِ اعلیٰ کے شیڈول کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ محمود خان صبح 9 بجے دفتر میں اپنی حاضری یقینی بنائیں گے۔

    ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ محمود خان دوپہر 2 سے سہ پہر 5 بجے تک اسمبلی کے ارکان سے ملاقاتیں کریں گے، اور عید کا پہلا دن پشاور میں گزاریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا


    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے 17 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، کے پی کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے ان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے میاں نثار گل سے تھا۔

    تحریکِ انصاف کے محمود خان نے پولنگ میں میاں نثار گل کے 33 ووٹوں کے مقابلے میں 77 ووٹ حاصل کیے اور کے پی کے وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوئے۔

  • عمران خان کے وژن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، محمود خان

    عمران خان کے وژن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، محمود خان

    پشاور : نومنتخب قائد ایوان محمود خان نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کے ثمرات آج مل رہےہیں، ان کے وژن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا انشااللہ سب کوساتھ لےکرچلیں گے، ہمیں اپوزیشن کے بھی سپورٹ کی ضرورت ہے، آج پھر کہتا ہوں اپوزیشن کوساتھ لے کر چلیں گے۔

    محمود خان نے اعلان کیا کہ میں سب سے پہلے اپنا حلقہ کھولنے کے لئے تیار ہوں، عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، الیکشن کے نتائج کو تسلیم کیا جائے۔

    نومنتخب وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ میرے لیے خوشی کا دن ہے، پارٹی قائد اور ساتھیوں کا شکر گزار ہوں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے طور پر جو بھی کرسکتا ہوں، کروں گا۔


    مزید پڑھیں : میں اللہ کے بعد عمران خان کا شکر گزار ہوں ، محمود خان


    انھوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کے ثمرات آج مل رہےہیں، عمران خان کے وژن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انھوں نے جو اعلان کیے، ان پرمن وعن عمل کریں گے، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کو منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

    خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان وزیراعلیٰ کے پی بن گئے، رائے شماری میں محمود خان کو ستتر جبکہ اپوزیشن کے امیدوار میاں نثار گل کو تینتیس ووٹ ہی مل سکے۔

    یاد رہے چند روز قبل منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختوںخواہ محمود خان نے بنی گالہ آمد پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اللہ کے بعد عمران خان کا شکر گزار ہوں ، انھوں نے مجھ پر اعتماد کرکے عہدے کے لئے نامزد کیا۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں،وزیراعلیٰ کوئی ایک بن سکتاہے، وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں شامل تمام افراد میرے بھائی ہیں، سب ارکان اسمبلی کو ساتھ لے کر چلوں گا۔

  • کے پی کا وزیراعلیٰ نامزد ہونے پر محمود خان کومبارکباد، جہانگیرترین

    کے پی کا وزیراعلیٰ نامزد ہونے پر محمود خان کومبارکباد، جہانگیرترین

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے محمود خان کو کے پی کا وزیراعلیٰ نامزد ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ صوبائی وزیر کھیل، ریجنل صدر کے طور  پر  محمود خان کی کارکردگی مثال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں خیبرپختونخواہ کا وزیراعلیٰ نامزد ہونے پرمحمود خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کی دی گئی ذمےداریوں کو محمودخان نے بخوبی نبھایا، صوبائی وزیر کھیل، ریجنل صدر کے طور پر محمودخان کی کارکردگی مثال ہے۔

    گذشتہ روزچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نےسوات سے صوبائی اسمبلی سے منتخب ہونے والے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا امیدوارنامزد کرکے بڑا وعدہ پورا کردیا۔

    پرویز خٹک کی حکومت میں محمود خان وزیر کھیل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    وزیراعلٰی کیلئے نامزد ہونے والے سابق صوبائی وزیر محمود خان سوات کے حلقہ پی کے نو سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔


    مزید پڑھیں :  عمران خان نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ نامزد کر دیا


    محمود خان کا تعلق سوات کی تحصیل مٹہ سے ہے، 2005 میں یہیں سے ناظم منتخب ہوئے تھے، محمود خان کے بھائی کا کہنا ہے کہ پورا علاقہ مالاکنڈ سے پہلی نامزدگی پر خوشیاں منارہا ہے۔

    سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے اے آروائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں محمود خان کومبارک باد پیش کی اور کہا کہ محمودخان کی وزیراعلیٰ کے پی نامزدگی پر خوش ہوں، وہ اچھے اور محنتی شخص ہیں، امید ہے بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ عاطف خان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے اچھے امیدوار تھے لیکن محمود خان بھی کسی سے کم نہیں۔

  • عمران خان نے وزارتِ اعلیٰ کے لیے محمود خان سے متعلق سینئر قیادت سے رائے مانگ لی

    عمران خان نے وزارتِ اعلیٰ کے لیے محمود خان سے متعلق سینئر قیادت سے رائے مانگ لی

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کے پی کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے محمود خان سے متعلق سینئر قیادت سے رائے مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کی اعلیٰ قیادت میں حکومت سازی اور وزارتوں کی تقسیم کا معاملہ ایک مشکل ترین مرحلے کی صورت اختیار کر گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف پنجاب کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ کے منصب کے لیے بھی کسی امیدوار کا فیصلہ نہیں کر پا رہی، تاہم عمران خان اس سلسلے میں مسلسل مشاورت کر رہے ہیں اور کسی بھی وقت نام کا اعلان کر دیں گے۔

    ذرائع نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے پرویز خٹک نے عمران خان کے سامنے محمود خان کا نام پیش کیا ہے، جس پر پی ٹی آئی چیئرمین نے دیگر سینئر قیادت سے بھی رائے طلب کی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرویز خٹک ایک اور منتخب رکن شاہ فرمان کا نام بھی کے پی کے وزیرِ اعلیٰ کے منصب کے لیے پیش کر چکے ہیں۔

    پرویز خٹک اور عاطف خان کا ٹاکرا


    دریں اثنا پرویز خٹک اور عاطف خان کے درمیان وزارتِ اعلیٰ کے سلسلے میں ناخوش گزار سوال جواب ہوئے، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو بھی اس معاملے میں مداخلت کرنی پڑگئی۔

    پرویز خٹک نے عاطف خان پر سوال نما اعتراض کیا ’میڈیا میں وزارتِ اعلیٰ کی لابنگ کر رہے ہو؟‘ عاطف خان نے جواب میں کہا ’میں میڈیا میں کوئی لابنگ نہیں کر رہا۔‘

    اب وقت آگیا ہے کہ اس پرائی جنگ سے باہر نکلیں: نگراں وزیر اعلیٰ کے پی

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے عاطف خان پر پابندی لگا دی کہ وہ میڈیا سے کوئی بات نہیں کریں گے۔

    پرویز خٹک اور امین گنڈا پور کو نشستیں چھوڑنے کا حکم


    دوسری طرف پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں پرویز خٹک اور علی امین گنڈا پور کو صوبائی نشستیں چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے، دو مزید منتخب اراکین بھی نشستیں چھوڑیں گے۔

    انتخابی مہم کے دوران نامناسب بیان پر پرویز خٹک نے معافی مانگ لی

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک اور علی امین گنڈا پور کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر حیدر علی اور اسد قیصر کو بھی صرف قومی نشستیں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ چاروں رہنما بہ یک وقت قومی اور صوبائی دونوں نشستوں پر کام یاب ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔