Tag: محکمہ اطلاعات سندھ

  • محکمہ اطلاعات سندھ، ڈمی اخبارات کو اشتہارات کی تحقیقات میں پیش رفت

    محکمہ اطلاعات سندھ، ڈمی اخبارات کو اشتہارات کی تحقیقات میں پیش رفت

    کراچی: محکمہ اطلاعات سندھ میں ڈمی اخبارات کو اشتہارات دینے اور مبینہ کرپشن کے معاملے میں جاری تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پانچ مارچ کو سیکریٹری اطلاعات رفیق احمد برڑو کی جانب سے ڈائریکٹر اطلاعات سلیم خان کو 20 دن میں انکوائری رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر انھوں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری کے پہلے 15 دن کے اشتہارات کا ریکارڈ انکوائری افسر نے حاصل کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس کیس میں بڑے پیمانے پر ذاتی مفادات حاصل کرنے اور کرپشن کے ذریعے پیسا کما کر قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

    رواں سال جاری اشتہارات پر سندھ حکومت کا بڑا قدم

    واضح رہے کہ سیکریٹری محکمہ اطلاعات رفیق برڑو نے رواں سال کے جنوری تا مارچ کے دوران غیر قانونی اشتہارات دینے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا، محکمے کو ڈمی اخبارات کو اشتہارات جاری کر کے مبینہ کرپشن کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

    یاد رہے کہ جنوری میں ضلع غربی کے محکمہ اشتہارات کو بغیر نیلامی غیر قانونی ٹھیکے پر دینے کا منصوبہ ناکام بنایا گیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ کے آفر ریٹ پر ڈی ایم سی کا پورا محکمہ ٹھیکے پر دے دیا گیا تھا، تاہم ڈی سی غربی نے ڈی ایم سی کے کرپٹ افسران کا منصوبہ ناکام بنا کر ٹھیکے کو منسوخ کر دیا، اس معاملے پر محکمہ لوکل گورنمنٹ سندھ نے بھی ایکشن لے لیا تھا۔

  • نیب کا محکمہ اطلاعات سندھ کے دفتر پر چھاپہ، اشتہارات کا ریکارڈ چیک

    نیب کا محکمہ اطلاعات سندھ کے دفتر پر چھاپہ، اشتہارات کا ریکارڈ چیک

    کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے محکمہ اطلاعات سندھ کے دفتر پر چھاپہ مارا جس کے دوران اشتہارات کا ریکارڈ چیک کیا گیا جبکہ ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے محکمہ اطلاعات سندھ کے دفتر پر چھاپہ مارا۔

    کارروائی کے دوران نیب افسران نے ملازمین سے پوچھ گچھ کی جبکہ تمام غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب افسران نے محکمہ اطلاعات میں اشتہارات کا ریکارڈ چیک کیا۔ اس دوران ملازمین سے اشتہارات کی فراہمی اور بجٹ پر سوال جواب کیے گئے۔

    نیب نے محکمہ اطلاعات کا ریکارڈ جلنے کے باعث متبادل ریکارڈ چند روز پہلے ہی اکاؤنٹنٹ جنرل آفس سے حاصل کرلیا۔ محکمہ اطلاعات سندھ نے ریکارڈ سیپرا کو بھی فراہم نہیں کیا تھا جس کے باعث 5 سال کا ریکارڈ وفاقی ادارے سے حاصل کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ریکارڈ ملنے کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔

    نیب کی چھاپہ مار کارروائی مکمل ہونے کے بعد نیب افسران سینکڑوں کی تعداد میں فائلیں اور باکسز ساتھ لے گئے۔

    افسران نے ڈائریکٹر اشتہارات سمیت دیگر عملے سے بھی پوچھ گچھ کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈمی اخباروں کے نام پر اربوں کے اشتہارات جاری کیے جاتے تھے۔

    کارروائی کے بعد ڈائریکٹر انفارمیشن ایڈورٹائزمنٹ ذوالفقار شاہ کا کہنا تھا کہ نیب افسران مطلوبہ ریکارڈ کے لیے آئے تھے، نیب افسران نے جو طلب کیا ان کو فراہم کیا گیا ہے۔ نیب افسران ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں کارروائی کے بعد چلے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ نیب افسران سے اچھے ماحول میں بات ہوئی۔ نیب افسران 2015 سے 2018 تک کا ریکارڈ اور بل لے گئے۔

    ذوالفقار شاہ نے کہا کہ میری تعیناتی مئی 2018 کو انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں ہوئی تھی۔

  • پونے 6 ارب روپے کرپشن: ملزم کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ پر سندھ ہائی کورٹ برہم

    پونے 6 ارب روپے کرپشن: ملزم کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ پر سندھ ہائی کورٹ برہم

    کراچی: محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت کے دوران عدالت نے ملزم کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ دینے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن کیس کے ملزم انعام اکبر کو جناح پوسٹ میڈیکل گریجویٹ اسپتال میں خصوصی ٹریٹمنٹ دی جارہی تھی۔

    سندھ ہائی کورٹ کے جج نے بھاری کرپشن کے ملزم کے وی آئی پی علاج پر آئی جی جیل خانہ جات، جیل سپرنٹنڈنٹ اور ڈاکٹر سیمی جمالی کی سخت سرزنش کی۔

    ہائی کورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا نے کیس کی سماعت کے دوران غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر وی آئی پی قیدی جے پی ایم سی ہی کیوں جانا چاہتا ہے؟

    جسٹس آغا کا کہنا تھا کہ وی آئی پی قیدیوں کوعلاج کے بہانے اسپتال منتقل کر دیا جاتا ہے، قانون سب کے لیے برابر ہے، کسی سے امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔

    محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت


    جیل حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزم انعام اکبر کو سینے میں تکلیف اور ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، علاج کے بعد انھیں واپس جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

    عدالت نے انعام اکبر کی میڈیکل رپورٹس کے ساتھ حکام کا بیان حلفی طلب کرلیا، آئی جی جیل خانہ جات، جیل سپرنٹنڈنٹ اور متعلقہ ڈاکٹرز کو بھی بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔

    واضح رہے کہ محکمہ اطلاعات سندھ میں اشتہارات کی مد میں اربوں روپے کی کرپشن کے سلسلے میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سمیت گیارہ افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔