Tag: محکمہ اوقاف

  • پراپرٹی کی سب لیز ، سندھ حکومت نے بڑی پابندی عائد کردی

    پراپرٹی کی سب لیز ، سندھ حکومت نے بڑی پابندی عائد کردی

    کراچی : سندھ حکومت نے محکمہ اوقاف کی تمام پراپرٹی کی سب لیز پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا اور محکمہ اوقاف کی پراپرٹی کے ریٹ کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر قانون و اوقاف عمر سومروکی زیرصدارت محکمہ اوقاف کا اجلاس ہوا، سندھ حکومت نے محکمہ اوقاف کی تمام پراپرٹی کی سب لیز پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
    کرلیا۔

    وزیر قانون عمر سومرو نے ہدایت کی کہ محکمہ اوقاف کی پراپرٹی کی سب لیز پر پابندی لگائی جائے۔

    اجلاس میں صوبے بھر میں محکمہ اوقاف کی پراپرٹی کے ریٹ کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ، عمر سومرو نے کہا کہ کمیٹی 10روزمیں محکمہ اوقاف کی پراپرٹی کے کرایوں کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرے گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی یہ بھی جائزہ لے گی کے محکمہ اوقاف کی تمام پراپرٹی کا نیا ریٹ کتنا ہونا چاہیے۔

  • سندھ میں مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی خرد برد

    سندھ میں مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی خرد برد

    کراچی: سندھ کے محکمہ اوقاف نے بزرگان دین کے مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی ہیرا پھیری کرلی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی انسپکشن ٹیم نے سیکریٹری محکمہ اوقاف سے تفصیلات طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف سندھ کےافسران کی کرپشن منظر عام پر آگئی، مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی ہیرا پھیری کی گئی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی انسپکشن ٹیم کا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف کی جانب سے دفاتر کے لیے 10 کروڑ فنڈز خرد برد کیے گئے، محکمے نے ٹھیکیداروں کو ایڈوانس ادائیگیاں کیں۔

    محکمہ اوقاف صوفی بزرگ سچل سرمست اور نور ولی شاہ سمیت دیگر مزارات کی مرمت کے لیے دیے جانے والے پیسے ہڑپ کر گیا۔

    انسپکشن ٹیم نے سیکریٹری محکمہ اوقاف سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

  • مزارات کو سیاحت کے حوالے سے پرکشش بنانے کے عمل کا آغاز

    مزارات کو سیاحت کے حوالے سے پرکشش بنانے کے عمل کا آغاز

    لاہور :صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں مسلم مزا رات کو سیاحت کے حوالے سے پر کشش بنانے پر عمل در آمد کا آغاز ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیراوقاف کا کہنا تھا کہ مزاروں پر سیاحت کے فروغ کےسلسلے میں ایک تفصیلی روڈ میپ جاری کر دیا گیا ہے،اس روڈ میپ پر عمل در آمدکے لئے حکومت تمام حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کت لئے اقدامات کرے گی۔

    انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کہا کہ مزارات اور مقدس مقامات کے راستوں کو پر کشش بنایا جائے گا۔جبکہ سٹریٹ لائٹس،پینے کے پانی کا انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ اطراف میں سایہ دار درخت بھی لگائے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھاکہ اس حوالے سے سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ ہر گیٹ پرواک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔ تمام مقامات پر پولیس کے ناکے بھی لگائے جائیں گے اور زائرین کے لئے ہر طرح کی سکیورٹی کے فول پروف اورقیام و طعام کے بھی انتظا مات کئے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے شفافیت سے سرکاری امور سرانجام دینے کے رجحان کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ہر سطح پر شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کےلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے – کرپشن کا ناسور ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے -سابق ادوار میں کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا-کرپٹ عناصر نے ذاتی تجوریاں بھریں اور ملک کو کنگال کیا ۔

    پیر سید سعیدالحسن شاہ کا یہ بھی کہنا تھاکہ بدعنوان عناصر کے باعث پاکستان آج ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے – کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کے احتساب کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں جسے مکمل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی وہ منزل حاصل کرے گا جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے دیکھاتھا۔

  • نعلین مبارک چوری کیس: شرم کی بات ہےکہ ہم اتنی مقدس چیزکی حفاظت نہیں کرسکے‘ چیف جسٹس

    نعلین مبارک چوری کیس: شرم کی بات ہےکہ ہم اتنی مقدس چیزکی حفاظت نہیں کرسکے‘ چیف جسٹس

    لاہور: سپریم کورٹ نے بادشاہی مسجد سے نعلین پاک کی چوری کے معاملے پرانکوائری کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بادشاہی مسجد سے نعلین پاک چوری ہونے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے نعلین مبارک چوری پرمحکمہ اوقاف کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ رپورٹ سےمطمئن نہیں یہ صرف خود کو بچانے کی کوشش ہے۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سیکرٹری اوقاف پراظہاربرہمی کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑی دولت کیا ہے جس کی آپ حفاظت نہ کرسکے، شرم کی بات ہے کہ ہم اتنی مقدس چیز کی حفاظت نہیں کر سکے۔

    محکمہ اوقاف کے وکیل نے کہا کہ اب تک 10 تحقیقات ہوئی ہیں کچھ سامنے نہیں آیا، سیکرٹری اوقاف نے عدالت کو بتایا کہ غفلت کے مرتکب افراد کو نوکریوں سے نکال دیا گیا۔

    سپریم کورٹ نے بادشاہی مسجد سے نعلین پاک کی چوری کے معاملے پرانکوائری کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے دیا۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، آئی بی، ڈی آئی جی پولیس شامل ہوں گے اورجے آئی ٹی اپنی تحقیقات کرکے جامع رپورٹ پیش کرے گی۔

    ہم کیسے مسلمان ہیں کہ نعلین پاک کی بھی حفاظت نہیں کرسکتے؟ جسٹس ثاقب نثار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارکا کہنا تھا کہ اگر ہم نعلین مبارک کی حفاظت نہیں کرسکتے تو کس بات کے مسلمان ہیں؟ یہ کسی مسجد سے جوتی چوری کا معاملہ نہیں۔

    واضح رہے کہ 31 جولائی 2002ء میں بادشاہی مسجد کی گیلری سے نعلین پاک چوری کیے گئے تھے لیکن 16 سال ہوگئے حکام نعلین پاک برآمد نہ کراسکے۔