Tag: محکمہ تعلیم

  • سندھ میں نیب کو رضا کارانہ رقم واپس کرنے والے اساتذہ پھنس گئے

    سندھ میں نیب کو رضا کارانہ رقم واپس کرنے والے اساتذہ پھنس گئے

    کراچی: قومی ادارہ احتساب (نیب) کو رضا کارانہ طور پر رقم کی واپسی کے معاملے پر محکمہ تعلیم سندھ نے بڑا قدم اٹھا لیا، رضا کارانہ طور پر رقم واپس کرنے والے اساتذہ کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ بھر سے رضا کارانہ طور پر رقم واپس کرنے والے اساتذہ کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔

    محکمہ تعلیم سندھ نے تمام اضلاع کے ایجوکیشن افسران کو ہنگامی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں تحریر ہے کہ ان تمام ٹیچرز کی مکمل معلومات فراہم کی جائیں جنہوں نے رضا کارانہ رقم کی واپسی کی اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اپنے اپنے اضلاع کے ٹیچرز کا معلوماتی پرفارمہ 2 دن میں فراہم کریں، کن ٹیچرز نے رضا کارانہ طور پر رقم کی ادائیگی کی اور اس کی کیا تفصیلات ہیں تمام معلومات فراہم کی جائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی جانب سے ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت ہے، ایسے ٹیچرز کے خلاف ہائیکورٹ میں 30 روز میں رپورٹ جمع کروانی ضروری ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے ٹیچرز کے خلاف ڈسپلنری ڈپارٹمنٹل کارروائی بھی کی جائے، کارروائی ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لائی جائے۔

    محکمہ تعلیم کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ 2 روز میں رپورٹ مکمل کر کے فوری فراہم کی جائے۔

  • سعودی عرب: محکمہ تعلیم کے افسران اور اہلکار کرونا کا شکار

    سعودی عرب: محکمہ تعلیم کے افسران اور اہلکار کرونا کا شکار

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی ایک کمشنری کے محکمہ تعلیم کے سربراہ اور سیکرٹری سمیت عملے کے متعدد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض میں تعلیمی سال کے پہلے ہفتے میں مذکورہ کمشنری کے محکمہ تعلیم کو وقتی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ سربراہ اور سیکرٹری سمیت عملے کے متعدد افراد میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد پورے دفتر کو بند کر کے صفائی اور جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افسران اور اہلکاروں کی صحت مستحکم ہے تاہم انہیں قرنطینہ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب محکمہ صحت نے محکمہ تعلیم میں کام کرنے والے اور اس سے رجوع کرنے والے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کچھ عرصے کے لیے خود کو گھروں تک محدود کر لیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا کی تصدیق سے پہلے اہلکاروں نے معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کیں، احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے لوگوں سے ملے جبکہ ٹیسٹ کا نتیجہ آنے سے پہلے تک متعدد میٹنگز میں بھی شریک رہے۔

  • میٹرک میں 40 فی صد مضامین میں فیل طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ

    میٹرک میں 40 فی صد مضامین میں فیل طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: میٹرک کے نتائج سے متعلق پالیسی میں ایک بار پھر تبدیلی کر دی گئی ہے، میٹرک میں 40 فی صد مضامین میں فیل طلبہ کو پاس کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میٹرک میں چالیس فی صد مضامین میں فیل ہونے والے طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے امتحانی پالیسی میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ سابق یا پرائیویٹ امیدوار اس پالیسی سے مستفید ہو سکیں گے، سابق یا پرائیویٹ امیدوار جو 40 فی صد مضامین میں فیل تھے انھیں پاس کر دیا جائے گا، ایسے امیدواروں کے نتائج کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سابق اور پرائیویٹ امیدواروں کو سالانہ نتائج میں پاس نہیں کیا گیا تھا۔

    وفاقی وزارت تعلیم کا کار نامہ، میٹرک کے ہزاروں طلبا کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

    وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے میٹرک کے ہزاروں طلبہ کا مستقبل اس وقت داؤ پر لگایا گیا تھا جب فیڈرل بورڈ نے میٹرک نتائج میں سپلی والے طلبہ کو پاس ہی نہیں کیا، جس کے باعث طالب علم شدید ذہنی اذیت کا شکار ہوئے، سیکڑوں بچوں نے امتیازی تعلیمی پالیسی کے خلاف بورڈ میں درخواستیں بھی دائر کر دی تھیں۔

    اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ کرونا کے باعث تعلیمی امتحان بورڈ کوئی امتحان نہیں لے گا، فیڈرل بورڈ کے لیے نئی امتحانی پالیسی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا، جس کے مطابق میٹرک امتحانات میں امیدواروں کو بغیر امتحان پاس کیا جانا تھا، جن کی سپلی تھی ان کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ وہ نئے سرے سے امتحان دیں گے۔

  • پنجاب میں بڑا قدم، فائل اگلے محکمے کو بھجوانے کے لیے 10 دن کا وقت مقرر

    پنجاب میں بڑا قدم، فائل اگلے محکمے کو بھجوانے کے لیے 10 دن کا وقت مقرر

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جامعات کے معاملات پر اہم اقدام اٹھاتے ہوئے کسی بھی محکمے سے فائل اگلے محکمے کو بھجوانے کے لیے 10 دن کا وقت مقرر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کے اندر ایک شعبے سے دوسرے شعبے کو فائل بھجوانے کے لیے گورنر پنجاب نے دس دن کا وقت مقرر کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ سیکریٹر یٹ، چیف سیکریٹری، گورنر سیکریٹریٹ بھی اس طے شدہ وقت کے پابند ہوں گے۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس بارے میں باقاعدہ مراسلہ بھی جار ی کر دیا، جس میں تنبیہہ کی گئی ہے کہ یونی ورسٹیوں کی فائلیں 10 دن سے زائد روکنے پر افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

    پنجاب کی تمام جامعات میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانا لازمی قرار

    مراسلے کے مطابق تمام محکموں کے افسران پر فائل 10 دن میں متعلقہ محکمہ کو بھجوانا لازم ہوگا، گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ جامعات کے معاملات میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، وزیر اعظم کے وژن کے مطابق تعلیمی شعبے کو مضبوط کریں گے، فائلز کو دبا کر رکھنے والے اب ایکشن سے بچ نہیں سکیں گے۔

    یاد رہے اس سے قبل گورنر پنجاب کی ہدایت پر صوبہ پنجاب کی تمام جامعات میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کو لازمی قرار دے دیا گیا تھا، اس سلسلے میں جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھے بغیر ڈگری نہیں ملے گی۔

  • خیبر پختونخواہ میں اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار

    خیبر پختونخواہ میں اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار کر لیے، اسکولوں میں صبح 7 سے 4 بجے تک 3 شفٹوں میں کلاسز لی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار کر لیے۔ پرائمری، مڈل، میٹرک اور انٹر کلاسز کے لیے ہفتہ وار شیڈول مرتب کرلیا گیا۔

    حکومت کو دن کے مختلف اوقات میں کلاسز لینے کی تجویز دی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ صبح 7 سے 4 بجے تک 3 شفٹوں میں کلاسز لی جائیں۔

    اسکولوں میں صاف پانی، جراثیم کش اسپرے اور سینی ٹائزر کو لازمی قرار دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکول دوبارہ کھولنے پر وفاق سے مشاورت جاری ہے، حالات سازگار ہوئے تو ستمبر میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کر دی جائیں گی۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے۔

    شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر اگست میں نظر ثانی بھی کریں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے پہلے مزید مشاورت کریں گے، صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے، تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے ایس او پیز تیار کی جائیں گی۔

  • سابق چیئرمین اعلیٰ تعلیمی بورڈ انوار احمد زئی انتقال کر گئے

    سابق چیئرمین اعلیٰ تعلیمی بورڈ انوار احمد زئی انتقال کر گئے

    کراچی: سابق چیئرمین اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ انوار احمد زئی مقامی اسپتال میں انتقال کر گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ماہر تعلیم اور ضیاء الدین تعلیمی بورڈ کے ڈائریکٹر پروفیسر انوار احمد زئی اتوار کو مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے، مرحوم آغا خان اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    پروفیسر انوار احمد کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر مسجد حسان بن ثابت، کراچی یونی ورسٹی بلاک 1 میں ادا کی جائے گی، صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی اور اے آر وائی فیملی کی جانب سے انوار احمد زئی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا گیا۔

    مرحوم میٹرک بورڈ کراچی، انٹر بورڈ کراچی، میرپور خاص بورڈ کے سابق چیئرمین و سابق ای ڈی او کراچی، سابق ایڈیشنل سکریٹری تعلیم کے فرائض بھی ادا کر چکے ہیں، مرحوم کے بھائی اور حیدرآباد بورڈ کے ناظم امتحانات مسرور احمد زئی کے مطابق وہ علالت کے باعث چند روز قبل آغا خان اسپتال داخل ہوئے تھے مگر اتوار کی صبح ان کا انتقال ہو گیا۔

    ضیاء الدین یونی ورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے پروفیسر انوار احمد زئی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    تعزیتی پیغامات میں کہا گیا ہے کہ مرحوم کی شعبہ تعلیم کے لیے خدمات قابل قدر اور قابل ستائش ہیں جنھیں کسی بھی طور فراموش نہیں کیا جا سکتا، ان کا انتقال محکمہ تعلیم کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، وہ ایک علم دوست شخصیت تھے، مرحوم کی تعلیم کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    پروفیسر انوار احمد زئی آرٹس کونسل کراچی کے ممبر بھی تھے۔

  • ابو ظہبی: نجی اسکول فیسیں کم کریں اور والدین سے رعایت برتیں

    ابو ظہبی: نجی اسکول فیسیں کم کریں اور والدین سے رعایت برتیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کے محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ نجی اسکول فیسیں کم کریں اور حالات کے پیش نظر والدین سے رعایت برتیں۔

    غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی کے محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں سے کہا ہے کہ وہ فیس کم کریں اور بسوں کے زر اشتراک پر نظر ثانی کریں، دیگر فیسیں بھی کم کی جا سکتی ہوں تو ضرور کریں تاہم اساتذہ کی تنخواہوں میں کمی سے گریز کیا جائے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اگر اساتذہ کی تنخواہوں میں کمی ناگزیر ہو تو ایسی صورت میں ایسا حل نکالا جائے جو فریقین کے لیے قابل قبول ہو۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق آئندہ ہفتوں کے دوران تعلیم کے معاملات انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے برتے جائیں، تعلیمی فیس سے متعلق طلبہ کے والدین کے استفسارات کے جواب حکمت اور فراست سے دیے جائیں۔ ان سے رابطے کر کے ان کا تعاون حاصل کیا جائے۔

    محکمے نے ہدایت کی ہے کہ ہر اسکول طلبہ کے سرپرستوں کے سوالوں کے جواب دینے کے لیے رابطہ افسر مقرر کرے، یہ افسر تجاویز اور شکایات بھی ریکارڈ کرے۔ اسکول مختلف فیسیں کم کرنے کی اسکیمیں بنائے، یہ کام مختلف اخراجات کم کر کے کیا جاسکتا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض طلبہ کے سرپرست ان دنوں مشکل میں ہیں، انہیں سکول فیس دینا بھاری پڑ رہا ہے، کسی کی ملازمت چلی گئی ہے، کسی کو بغیر تنخواہ چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ ان تمام انسانی حالات کا لحاظ کیا جائے اور بچوں کی تعلیم میں خلل نہ ڈالا جائے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نجی اسکول غیر تدریسی عملے سے تنخواہوں میں عارضی کمی کے لیے مذاکرات کر سکتے ہیں تاہم اس بات کو مدنظررکھا جائے کہ وہ بھی گھر چلا رہے ہیں۔

    خیال رہے کرونا وائرس کے باعث ابو ظہبی میں کئی اسکول پہلے ہی فیس میں 20 فیصد رعایت کا اعلان کر چکے ہیں۔

  • سندھ بھر میں سرکاری و نجی کالجز 13 مارچ تک بند رہیں گے، نوٹیفکیشن جاری

    سندھ بھر میں سرکاری و نجی کالجز 13 مارچ تک بند رہیں گے، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: سندھ بھر میں سرکاری و نجی کالجز 13 مارچ تک بند رہیں گے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے سبب وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، سیکریٹری محکمہ کالج ایجوکیشن رفیق برڑو نے کالجز بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    سندھ بھر میں تمام کوچنگ سینٹرز بھی 13 مارچ تک بند رہیں گے، سندھ کے تمام اضلاع میں کوچنگ کلاسز بھی معطل رہیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت کردی ہے، محکمہ تعلیم کے مطابق کوچنگ سینٹرز کھولنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی.

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس ، سندھ حکومت کا 13 مارچ تک اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ

    محکمہ تعلیم حکام کا کہنا ہے کہ احکامات پر سب کو عمل کرنا ہوگا چاہے وہ کالجز ہوں یا کوچنگ سینٹر۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے سندھ بھر کے اسکولوں کو 13 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں اسکولوں کی تعطیلات کو بڑھا کر اسے 13 مارچ تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے فیصلہ کیا کہ صوبے بھر کے تمام نجی و سرکاری اسکول 13 مارچ تک بند رہیں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں کروناوائرس کے دو کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سندھ حکومت نے تمام تعلیمی اداروں کر پیر دو مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

  • سعودی عرب: نئے نصاب کی تیاری، حکومت کی انگریزی تعلیم سے متعلق نئی حکمت عملی

    سعودی عرب: نئے نصاب کی تیاری، حکومت کی انگریزی تعلیم سے متعلق نئی حکمت عملی

    ریاض: سعودی محکمہ تعلیم کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب بچوں کو پہلی کلاس سے انگریزی کی تعلیم دی جائے گی، اس وقت طالب علموں کو چوتھی کلاس سے انگلش پڑھائی جاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ سعودی عرب کے وزیرتعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ کی جانب سے سامنے آیا۔ محکمہ تعلیم نے نئے نصاب پر کام شروع کردیا، دو سال بعد پہلی کلاس سے انگریزی لازمی قرار دی جائے گی۔

    مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر حمد آل الشیخ کا کہنا تھا کہ بچوں کو چوتھی کلاس سے انگریزی کی تعلیم دینے کا پلان غلط ثابت ہوا اور اس کے منفی نتائج سامنے آئیں۔ اسی کے پیش نظر اب بچوں کو پہلی کلاس سے انگریزی کی تعلیم دینے پر غور کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دو سال بعد سعودی عرب کے تمام سرکاری اسکولوں میں پہلی جماعت سے انگریزی لازمی ہوگی۔

    وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ نصاب کا جائزہ لینے والی کمیٹی معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے، اور نئے نصاب کی تیاری پر بھی کام جاری ہے، دنیا کی ترقی، وقت اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا نصاب تیار کیا جارہا ہے جس میں تھوڑا وقت تو لگے گا۔ امید ہے مثبت اور پہلے سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

  • سردی میں اضافہ، محکمہ تعلیم کا چھٹیاں بڑھانے کا امکان

    سردی میں اضافہ، محکمہ تعلیم کا چھٹیاں بڑھانے کا امکان

    کراچی: شہر قائد میں سردی کے اضافے کے سبب محکمہ تعلیم کی جانب سے چھٹیاں بڑھانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں محکمہ موسمیات نے نئے سال کے موقع پر سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے جس کے بعد محکمہ تعلیم نے شہر بھر کے اسکولوں میں چھٹیاں بڑھانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری اسکولز چھٹیوں سے متعلق حتمی فیصلہ کل کریں گے، اسکولوں اور کالجز میں موسم سرما کی چھٹیاں کل ختم ہورہی ہیں۔

    ذرائع محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ چھٹیوں میں ایک ہفتہ مزید اضافے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی پرائیویٹ اسکول انتظامیہ نے حکومت سندھ سے سردی کی چھٹیاں بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

    چیئرمین پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شرف الزمان کا کہنا تھا کہ سخت سردی میں اسکول کھولنے پر والدین سراپا احتجاج ہیں۔

    یاد رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے صوبہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں 22دسمبر سے31دسمبر تک تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔