Tag: محکمہ صحت

  • محکمہ صحت کی مجرمانہ غفلت ، کچرے کے ڈھیر سے بڑی مقدار میں سرکاری ادویات برآمد

    سکھر : محکمہ صحت کی مجرمانہ غفلت سامنے آگئی ، ہزاروں روپے کی مالیت کی سرکاری ادویات کچرا کنڈی کی نظر کر دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں محکمہ صحت نے لاپروائی کا اعلٰی مثال قائم کرتے ہوئے سرکاری ادویات شہر کی کچرا کنڈی میں پھینک دیں۔

    کچرے کے ڈھیر سے بڑی مقدار میں سرکاری ادویات برآمد کرلیں گئیں ، شہر کے گنجان آبادی والے علاقے شکارپور پھاٹک کے قریب واقع کچرا کنڈی سے ملنے والی سرکاری ادویات تین سال تک قابل استعمال ہیں۔

    کچرے سے ملنے والی ادویات میں بخار ، سر درد سمیت دیگر امراض کی ادویات شامل ہیں، کچرہ کنڈی سے ملنے والی ادویات کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی

    ایک جانب سرکاری اسپتالوں میں ادویات کا فقدان ہے تو دوسری جانب قابل استعمال ادویات کچرے میں پھینک دی گئیں۔

  • رواں برس ملک میں ڈینگی کے 76 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

    رواں برس ملک میں ڈینگی کے 76 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: رواں برس ملک بھر میں ڈینگی وائرس کے 76 ہزار 210 کیسز رپورٹ ہوئے اور سال بھر میں ڈینگی سے 136 اموات ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے ڈینگی کیسز اور اموات کی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ قومی ادارہ صحت نے ڈینگی کیسز کی رپورٹ وزارت صحت کو ارسال کر دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ یکم جنوری سے 5 دسمبر تک ملک میں 76 ہزار 210 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے اور سال بھر میں ڈینگی سے 136 اموات ہوئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال بیشتر ڈینگی کیسز اور اموات صوبہ سندھ سے رپورٹ ہوئیں، رواں سال سندھ میں 22 ہزار 495 ڈینگی کیسز اور 61 اموات رپورٹ ہوئیں۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں 22 ہزار 799 ڈینگی کیسز اور 18 اموات، پنجاب میں 18 ہزار 797 کیسز اور 45 اموات اور بلوچستان میں 5 ہزار 283 کیسز اور 11 اموات رپورٹ ہوئیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5 ہزار 392 کیسز اور 11 اموات اور آزاد کشمیر سے 14 سو 44 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

  • کراچی میں ڈینگی وائرس بے قابو

    کراچی میں ڈینگی وائرس بے قابو

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈینگی وائرس بے قابو ہونے لگا، صرف ایک روز میں ڈیڑھ سو سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں ڈینگی کے 167 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ رواں سال صوبہ سندھ میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 51 ہو چکی ہے جن میں سے 46 کا تعلق کراچی سے تھا۔

    سندھ بھر میں رواں سال ڈینگی کیسز کی تعداد 15 ہزار 372 ریکارڈ کی گئی، صرف اکتوبر کے مہینے میں پورے سندھ میں 5 ہزار 218 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں رواں سال مجموعی طور پر ڈینگی کیسز کی تعداد 12 ہزار 330 ریکارڈ کی گئی۔

  • محکمہ صحت: اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ والے یونٹ میں منظور نظر شخص تعینات

    محکمہ صحت: اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ والے یونٹ میں منظور نظر شخص تعینات

    اسلام آباد: وزارت صحت میں من پسند افسر کو نوازنے کے لیے قواعد بالائے طاق رکھ دیے گئے، سالانہ اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ والے یونٹ میں منظور نظر شخص کو تعینات کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے 20 گریڈ کی سیٹ پر گریڈ 22 کا افسر تعینات کر دیا، اسپیشل سیکریٹری وزارت صحت افتخار شلوانی کو سربراہ کامن مینجمنٹ یونٹ مقرر کر دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کوآرڈینیٹر کامن مینجمنٹ یونٹ کا عہدہ گریڈ 20 کا ہے، سربراہ سی ایم یو بشیر کھیتران کو گزشتہ روز عہدے سے ہٹایا گیا تھا، افتخار شلوانی کی سربراہ کامن مینجمنٹ یونٹ تعیناتی خلاف قواعد ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ سی ایم یو کے لیے امیدوار کی پبلک ہیتھ میں گریجویشن لازم ہے، گریڈ 22 کے افتخار شلوانی کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ سے ہے، افتخار شلوانی کو جلد مزید اداروں کا چارج بھی دیا جائے گا۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ افتخار شلوانی کو فیڈرل ڈائریکٹوریٹ ایمونائزیشن کا چارج ملے گا، ڈی جی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمونائزیشن کو بھی گزشتہ روز تبدیل کیا گیا تھا۔

    افتخار شلوانی کو بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کا چارج دیا جائے گا، ڈی جی ایف ڈی آئی، بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی گریڈ 20 کے عہدے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کامن مینجمنٹ یونٹ کو سالانہ اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ ہوتی ہے، قومی انسداد ٹی بی، ایڈز اور ملیریا پروگرام کامن مینجمنٹ یونٹ کا حصہ ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گریڈ 22 کے افتخار شلوانی کمشنر کراچی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ رہ چکے ہیں، افتخار شلوانی کا تعلق حیدر آباد سے ہے اور انہیں پیپلز پارٹی کے قریب سمجھا جاتا ہے۔

  • محکمہ صحت کا گریڈ 9 کا ملازم کروڑوں روپے کے اثاثوں کا مالک نکلا

    محکمہ صحت کا گریڈ 9 کا ملازم کروڑوں روپے کے اثاثوں کا مالک نکلا

    کوئٹہ: قومی ادارہ احتساب (نیب) بلوچستان نے محکمہ صحت کے گریڈ 9 کے ملازم کی کروڑوں روپے کی جائیداد پکڑ لیں، ملزم کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت بلوچستان کا گریڈ 9 کا ملازم کروڑوں روپے کے اثاثوں کا مالک نکلا، نیب نے میڈیکل ٹیکنیشن کے اثاثوں کا سراغ لگا لیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازم نے اثاثے بیوی اور بزنس پارٹنر کے نام پر کوئٹہ، لاہور اور ساہیوال میں لیے، اثاثوں میں کمرشل پلازا، گھر اور زرعی اراضی شامل ہے۔

    نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا گیا، ملزم کرپشن کے ایک الگ کیس میں پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔

  • پنجاب میں ڈائریا اور ہیضے میں اضافہ، کھانے کی اشیا اور پانی کے حوالے سے اہم اقدام

    پنجاب میں ڈائریا اور ہیضے میں اضافہ، کھانے کی اشیا اور پانی کے حوالے سے اہم اقدام

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ڈائریا اور ہیضے کے مریضوں میں تیزی سے اضافے کے بعد ناقص آئس کریم اور مشروبات کی فروخت پر پابندی اور پینے کے پانی کی سیمپلنگ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں ڈائریا اور ہیضے کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

    پنجاب میں ناقص آئس کریم اور مشروبات کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی، صوبے میں پینے کے پانی اور برف فیکٹریز کی سیمپلنگ کرنے اور پینے کے پانی کی صفائی کے لیے کلوری نیشن کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    اسپتالوں کو ڈائریا اور ہیضے کے مریضوں کے لیے بستر مختص کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

    گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ اسپتال ادویات کے اسٹاکس مکمل رکھیں، روزانہ اسپتالوں میں ڈائریا اور کولیرا کے مریضوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

    صوبے بھر میں ہوٹلز، ریسٹورینٹس اور کھانے کے پوائنٹس کی روزانہ چیکنگ کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

  • 33 کروڑ روپے کی کرپشن میں ملوث محکمہ صحت کا سینئر کلرک گرفتار

    33 کروڑ روپے کی کرپشن میں ملوث محکمہ صحت کا سینئر کلرک گرفتار

    لاہور: 33 کروڑ روپے کی کرپشن میں ملوث محکمہ صحت کا سینئر کلرک گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے محکمہ صحت کے ایک سینئر کلرک محمد نواز کو بڑی کرپشن پر راجن پور سے گرفتار کر لیا۔

    محمد نواز نے بطور سینئر کلرک سی ای او ہیلتھ آفس راجن پور میں کرپشن کی، محمد نواز پر الزام ہے کہ انھوں نے ادویات کی خریداری میں لوکل کمپنیوں کا انتخاب کیا اور بھاری کمیشن وصول کی۔

    اینٹی کرپشن کے مطابق 2012 میں طبی آلات کی فرضی خریداری سے بھی محمد نواز نے قومی خزانے کو 5 کروڑ کا نقصان پہنچایا۔

    اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ کلرک محمد نواز نے سی ای او ہیلتھ راجن پور کی ملی بھگت سے 50 لاکھ روپے کی کرپشن کی، فرنیچر کی خریداری میں ملزم نے سرکار کو 25 لاکھ روپے کا چونا لگایا۔

  • سندھ میں کتنے کرونا مریض اسپتالوں میں داخل ہیں؟

    سندھ میں کتنے کرونا مریض اسپتالوں میں داخل ہیں؟

    کراچی: محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے گھروں میں آئسولیٹ مریضوں کی تعداد 6 ہزار 147 ہے جبکہ مختلف اسپتالوں میں 75 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں کرونا وائرس مریضوں کے اعداد و شمار جاری کردیے، سندھ بھر میں کرونا وائرس کے 81 لاکھ 20 ہزار 71 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں کرونا وائرس مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 71 ہزار 41 ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق گھروں میں آئسولیٹ مریضوں کی تعداد 6 ہزار 147 ہے جبکہ مختلف اسپتالوں میں 75 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 4 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

    کراچی سمیت سندھ بھر کے اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 6 ہزار 222 مریض زیر علاج ہیں۔

    یاد رہے کہ سندھ سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مزید 336 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس دوران 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

    ملک میں کووڈ 19 کے مثبت کیسز کی شرح 1.10 فیصد ہوگئی ہے۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی

    پنجاب میں کرونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی

    لاہور: محکمہ صحت پنجاب نے کرونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے نئی ہدایات جاری کردیں، شادی کی ان ڈور تقریبات میں 500 مہمان شرکت کر سکیں گے، آؤٹ ڈور تقریبات میں ویکسی نیٹڈ افراد کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے کرونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کر دی، محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ کاروباری مراکز کرونا ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے۔

    محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ریستوران میں ویکسی نیٹڈ افراد کو ان ڈور اور آؤٹ ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔

    شادی کی ان ڈور تقریبات میں 500 مہمان شرکت کر سکیں گے، آؤٹ ڈور تقریبات میں ویکسی نیٹڈ افراد کی تعداد پر پابندی نہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق مزارات میں بھی صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو آنے کی اجازت ہوگی، جم کھلے رہیں گے اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

    دفاتر 100 فیصد ویکسی نیشن پر مکمل عملے کے ساتھ کھل سکتے ہیں۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ 80 جبکہ ٹرینیں 100 فیصد مسافروں کے ساتھ چل سکیں گی، پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے فراہم کرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔

    تعلیمی اداروں کو کھلنے کی اجازت ہوگی تاہم 12 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسی نیٹڈ ہونا ضروری ہوگا۔

  • پختونخواہ میں کتنے افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے؟

    پختونخواہ میں کتنے افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے؟

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں ڈینگی سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کردی گئی، رواں سال 10 ہزار سے زائد افراد ڈینگی کا شکار ہوئے جن میں سے 98 فیصد ڈینگی مریض سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج رہے اور صحت یاب ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے محکمہ صحت نے ڈینگی سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں کہا گیا کہ بروقت اقدامات اور کوششوں سے نسبتاً کم لوگ متاثر ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبے میں ڈینگی کا ابھی کوئی فعال کیس موجود نہیں۔

    محکمہ صحت نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ رواں سال 10 ہزار سے زائد افراد ڈینگی کا شکار ہوئے، ڈینگی کے دوران پشاور، نوشہرہ، ہری پور اور صوابی ہائی رسک اضلاع رہے۔

    پشاور میں ڈینگی کے سب سے زیادہ 5 ہزار 700 کیسز رپورٹ ہوئے، اپر چترال، اپر کوہستان اور شمالی وزیرستان سے ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق تاحال صرف 10 افراد ڈینگی سے جاں بحق ہوئے، 98 فیصد ڈینگی مریض سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج رہے اور صحت یاب ہوئے۔