Tag: محکمہ موسمیات

  • کراچی میں طوفانی بارش‘ 7 افراد جاں بحق

    کراچی میں طوفانی بارش‘ 7 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں طوفانی بارش کے بعد مختلف حادثات کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں طوفانی بارش کےبعد کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے۔

    کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لانڈھی میں 37 ملی میٹر گلشن حدید میں 32، ناظم آباد سمیت فیصل بیس میں 29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں طوفانی بارش جمعرات تک ہوتی رہے گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش میں شہری گھر سے بلاضرورت باہر نہ نکلیں جبکہ شہری بارش کے دوران بجلی اور ٹیلیفون کے کھمبوں سے دور رہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات کراچی میں بارش کے بعد شہرکے 405 فیڈرٹرپ کرگئےجس کے نتیجے میں شہر کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔


    کراچی: موسلا دھار بارش‘ خواتین اوربچوں سمیت 8 افراد جاں بحق


    ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کے تاڑ ٹوٹ گئے تاہم کے الیکٹرک کا عملہ ان علاقوں میں بجلی کی بحالی کےلیے موجود ہے۔

    واضح رہے محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی کےمختلف علاقوں میں بارش‘موسم خوشگوار

    کراچی کےمختلف علاقوں میں بارش‘موسم خوشگوار

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بارش کا سلسلہ پیر تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کےمطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد موسم کا لطف اٹھانے کے لیےساحل سمندر اور دیگر تفریحی مقامات پر پہنچ گئی۔

    شہرقائد کےبیشتر علاقوں میں بارش کے باعث لوڈ شیڈنگ کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے سندھ بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جبکہ بلوچستان کےعلاقے حب اور گرد و نواح میں بھی بارشوں کا امکان ظاہرکیا گیا ہے۔

    یاد رہےکہ گزشتہ روز بارش کی وجہ سے شارع فیصل، ڈالمیا اوریونیورسٹی روڈ ، راشد منہاس اوردیگرمقامات پرٹریفک جام رہا اورشہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    واضح رہےکہ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش لانڈھی میں 8اعشاریہ5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی کےمختلف علاقوں میں بارش‘ محکمہ موسمیات

    کراچی کےمختلف علاقوں میں بارش‘ محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہناہےکہ کراچی اورگرد ونواح کےعلاقوں میں آج وقفے وقفے سےبوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    تفصیلات کےمطابق کراچی میں آج بھی بادلوں کے ڈیرے برقراررہیں گےجبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور گرد و نواح کے علاقوں میں وقفے وقفے سےبوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج صبح درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ سے درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ دن بھر15 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی۔

    واضح رہےکہ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روزائیرپورٹ 2.4، گلستانِ جوہر 2، ناظم آباد 1.5، نارتھ کراچی اور صدر میں 1 ملی میٹر جب کہ سب سے زیادہ گلشنِ حدید میں 3 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی:شہر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی‘موسم خوشگوار ہوگیا

    کراچی:شہر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی‘موسم خوشگوار ہوگیا

    کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش او بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوارہوگیا۔

    تفصیلات کےمطابق شہر میں اچانک کالے بادل چھاگئے اورمطلع ابرآلود ہوگیا،جس کےمختلف علاقوں میں ہلکی بونداباندی سے گرمی کی شدت کم ہوئی ہے اور موسم بھی سہانا ہوگیاہے۔

    محکمہ موسمیات کےمطابق کراچی میں موسم جزوی طور پر ابر آلودرہے گا اورمختلف علاقوں میں بونداباندی وقفے وقفے سےجاری رہےگی۔

    کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 29 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 34 سے36ڈگری سینٹی گریڈ رپنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 71فیصد ہے۔


    کراچی میں شروع ہونے والا بونداباندی کا سلسلہ پورے جون میں جاری رہے گا ، محکمہ موسمیات


    یاد رہےکہ گزشتہ روزمحکمہ موسمیات نےکراچی میں رواں ماہ بوندا باندی کاسلسلہ جاری رہنے کی پیش گو ئی کی تھی جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا تھا۔

    واضح رہےکہ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید آندھی اور بارش کی نوید سنائی ہے،خیبرپختو نخوا،فاٹا، گلگت بلتستان،کشمیر، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور،فیصل آباد ڈویژن اور اسلام آباد میں وقفے وقفے کے ساتھ کہیں کہیں تیز ہوا کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔

  • ملک میں شدید گرمی، تربت کا درجہ حرارت 53ڈگری تک جا پہنچا

    ملک میں شدید گرمی، تربت کا درجہ حرارت 53ڈگری تک جا پہنچا

    کراچی/ لاہور/ پشاور: ملک کے مختلف شہروں میں آج سورج آگ برساتا رہا، روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق آج تربت ملک کا گرم ترین شہر رہا، جس کا درجہ حرارت 53ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا، دیگر شہروں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سبی کا درجہ حرارت 51ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    اس کے علاوہ لسبیلہ49، جیکب آباد اور حیدرآباد کادرجہ حرارت46ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ دادو، دالبندین کا درجہ حرارت 46ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی 38، لاہور39، پشاور41 کوئٹہ کا درجہ حرارت 37ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر کراچی میں گرمی مئی اور جون میں یہ اپنے عروج پر ہوگی، لہٰذا متعلقہ ادارے اور شہری ہیٹ ویوز کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کریں۔

    سندھ حکومت نے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے انتظامات شروع کردیئے ہیں، ہیٹ اسٹرک سے بچاؤ کی مہم شروع کی جارہی ہے، تمام اضلاع میں کیمپ قائم کئے جائیں گے، دھوپ سے بچاؤ کیلئے عوام احتیاطی تدابیر اختیارکریں، گرمی کی شدت بڑھ رہی ہے،ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ ضروری ہے۔

    ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر کھانے پینے اور گھر سے باہر نکلنے میں احتیاط برتیں۔

    واضح رہے گزشتہ دو تین سال میں گرمیاں اپنے عروج پر ہیں اور ہیٹ اسٹروک کے باعث درجنوں لوگ اپنی جانوں سے گئے لیکن رواں سال اپریل کے آغاز سے ہی سورج اپنے جوبن پر ہے جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔

  • سندھ پنجاب میں آئندہ دو روز میں شدید گرمی پڑنے کا امکان

    سندھ پنجاب میں آئندہ دو روز میں شدید گرمی پڑنے کا امکان

    لاڑکانہ / رحیم یار خان : ملک کے مختلف شہروں میں آئندہ دو روز میں شدید گرمی کا امکان ہے، پنجاب اور سندھ کے متعدد شہروں میں سورج آگ برسائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو روز تک شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    آج دادو میں درجہ حرارت انچاس ڈگری تک جا پہنچا، میدانی علاقوں میں سورج کا پارہ بدستور ہائی ہے۔ لو کے تھپیڑوں سے شہری بے حال ہیں۔

    جمعرات سے ملک کے مختلف شہروں میں گرمی اپنا غضب ڈھائے گی، اندرون سندھ اور پنجاب میں سورج آگ برسا رہا ہے۔ دادو میں درجہ حرارت اننچاس لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، رحیم یار خان میں اڑتالیس تک پہنچ گیا۔

    اس کے علاوہ بہاول نگر، رحیم یارخان، خانپور میں بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، موسم کاحال بتانے والوں نے پشاور، کوہاٹ، اسلام آباد، گلگت اور کشمیر میں چند مقامات پر رم جھم کی نوید بھی سنائی ہے۔

  • یو اے ای میں تیز ہواؤں کے ساتھ 10 فٹ اونچی لہریں اٹھنے کا امکان

    یو اے ای میں تیز ہواؤں کے ساتھ 10 فٹ اونچی لہریں اٹھنے کا امکان

    متحدہ عرب امارات میں محکمہ موسمیات کےمطابق رواں ہفتے درجہ حرارت 40ڈگری تک رہاہےتاہم آئندہ ہفتےموسم خوشگواررہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کےمطابق آئندہ ہفتے متحدہ عرب امارات میں تیزہواؤں کےچلنےکا امکان ہے اور تیزہواؤں کی وجہ سے ریت کے طوفان کاخدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کےمطابق تیزہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی تاہم سڑکوں پرحدنگاہ 200میٹر سے کم رہے گی۔

    خیال رہےکہ آج صبح محکمہ موسمیات کی جانب سے اپ ڈیٹ جاری کی گئی جس کےمطابق آئندہ ہفتے ساحل سمندر سے دس فٹ اونچی لہریں ٹکرانے کا بھی امکان ہے۔

    دبئی میں آج کےدن درجہ حرارت 31ڈگری سینٹی گریڈ ہےاورزیادہ سےزیادہ 34ڈگری تک رہےگا۔

    واضح رہےکہ محکمہ موسمیات کےمطابق ساحلی علاقوں میں نمی کی شرح میں اضافےکےساتھ ساتھ رات کےاوقات میں درجہ حرارت میں کمی ہوگی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • ملک میں قبل از وقت موسم گرما آنے کا امکان

    ملک میں قبل از وقت موسم گرما آنے کا امکان

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات پاکستان کا کہنا ہے کہ رواں برس ملک میں موسم گرما اپنے مقررہ وقت سے قبل آجائے گا اور اگلے 10 سے 15 روز میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر غلام رسول کا کہنا ہے کہ مارچ کے وسط تک درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچے گا۔ مارچ کے اختتام تک اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ اگلے ماہ یعنی اپریل میں مختصر دورانیے کی ہلکی بارشوں کا بھی امکان ہے، تاہم اسی ماہ سندھ کے جنوبی حصوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: ہیٹ ویو سے بچاؤ کے طریقے

    ڈاکٹر غلام رسول کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج کے اثرات گزشتہ برس اگست کے بعد سے واضح طور پر سامنے آنا شروع ہوئے۔ کلائمٹ چینج ہی کی وجہ سے اس بار موسم سرما کے معمول میں تبدیلی ہوئی اور جنوری کے آخر میں شدید سردیوں کا آغاز ہوا۔

    فراہمی آب کی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فی الحال دریاؤں میں آبادی کی ضرورت کے لحاظ سے وافر مقدار میں پانی موجود ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حالیہ منظر نامے میں یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ رواں برس ملک میں شدید برفباری ہوئی ہے۔ اپریل میں شمالی علاقوں میں جمی برف تیزی سے پگھلنا شروع ہوجائے گی جس کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ رواں برس ملک میں پانی کی کمی واقع نہیں ہوگی۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر کے درجہ حرارت میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے اور سال 2016 تاریخ کا گرم ترین سال تھا۔

    یہی نہیں یہ متواتر تیسرا سال ہے جس میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ سال 2014 اور 2015 میں بھی معمول سے ہٹ کر درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    امریکا کے نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیریک ایڈمنسٹریشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اکیسویں صدی کے آغاز کے بعد سے سب سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ 5 بار ٹوٹ چکا ہے۔ سنہ 2005، سنہ 2010، اور اس کے بعد سے متواتر گزشتہ تینوں سال سنہ 2014، سنہ 2015 اور سنہ 2016۔

    رپورٹ کے مطابق درجہ حرارت میں اس اضافے کی وجہ تیل اور گیس کا استعمال ہے جن کے باعث کاربن ڈائی آکسائیڈ، میتھین اور دیگر زہریلی (گرین ہاؤس گیسیں) پیدا ہوتی ہیں۔

    ایک اور وجہ ایل نینو بھی ہے جو سال 2015 سے شروع ہو کر 2016 کے وسط تک رہا۔ ایل نینو بحر الکاہل کے درجہ حرارت میں اضافہ کو کہتے ہیں جس کے باعث پوری دنیا کے موسم پر منفی اثر پڑتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کلائمٹ چینج سے مطابقت کیسے کی جائے؟

    یہ عمل ہر 4 سے 5 سال بعد رونما ہوتا ہے جو گرم ممالک میں قحط اور خشک سالیوں کا سبب بنتا ہے جبکہ یہ کاربن کو جذب کرنے والے قدرتی ’سنک‘ جیسے جنگلات، سمندر اور دیگر نباتات کی صلاحیت پر بھی منفی اثر ڈالتا ہے جس کے باعث وہ پہلے کی طرح کاربن کو جذب نہیں کرسکتے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بے تحاشہ تیز رفتار صنعتی ترقی بھی زمین کے قدرتی توازن کو بگاڑ رہی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال پچھلے سال کے مقابلے میں سرد ہونے کا امکان ہے تاہم ’لا نینا‘ کا کوئی خدشہ موجود نہیں۔ لا نینا ایل نینو کے برعکس زمین کو سرد کرنے والا عمل ہے۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش

    کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش

    کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا آغاز ہوگیا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کی چند دن قبل کی جانے والی پیش گوئی سچ ثابت ہوئی اور کراچی میں ایک بار پھر ابر رحمت برس اٹھا۔

    شہر کے مختلف علاقوں بشمول شارع فیصل، شاہ فیصل کالونی اور ڈی ایچ اے میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا آغاز ہوگیا۔

    رواں ہفتے ملک کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کی گئی تھی جس کے باعث ملک کے دیگر حصوں میں بھی سردی میں اضافے اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی میں چند روز قبل بھی موسلا دھار بارش ہوئی تھی جس میں مختلف حادثات کے باعث 7 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں: بارش میں بھیگنے کے فوائد

  • ملک کے مختلف شہروں میں بارش اوربرفباری کی پیش گوئی

    ملک کے مختلف شہروں میں بارش اوربرفباری کی پیش گوئی

    کوئٹہ : آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، آئندہ 24 گھنٹے میں بلوچستان کے اکثرمقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے ملک کے مختلف شہروں کوئٹہ ،ژوب اور قلات میں پہاڑوں پربرفباری ہو گی جبکہ منگل اوربدھ کو سندھ میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب، کے پی کے، کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، گلگت اور فاٹا میں بھی بیشتر مقامات پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    بدھ اور جمعرات کو کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اکثرمقامات پربارش کا امکان ہے۔

    فاٹا، خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی، سرگودھا میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔