کراچی (26 اگست 2025): جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے سندھ اسمبلی کے ارکان کی تنخواہیں بڑھانے کی مخالفت کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے سندھ اسمبلی کے ارکان کی تنخواہیں بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی حالات ایسے نہیں کہ ارکان اسمبلی کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے۔
رکن جماعت اسلامی نے پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں تنخواہیں بڑھانے کی مخالفت کی اور کہا کہ ارکان نے کہا مہنگائی بڑھ گئی ہے اس لیے تنخواہ بڑھائی جائے۔ مہنگائی صرف ارکان اسمبلی کیلیے نہیں، عام آدمی زیادہ پریشان ہے۔
محمد فاروق نے کہا کہ جن کے ووٹوں سے ہم اسمبلی پہنچے ہیں، ان کی تنخواہ صرف 10 فیصد بڑھیں جب کہ ممبران کی تنخواہوں میں 200 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور الاؤنسز سمیت ایک رکن سندھ اسمبلی کی تنخواہ 4 لاکھ 30 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر تمام جماعتوں کے ارکان نے تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ کیا اور اسکی منظوری دی۔ معاشی حالات ایسے نہیں کہ ارکان اسمبلی کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے اور تنخواہوں میں اضافے کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ آج اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کی صدارت میں اجلاس ہوا تھا، جس میں اراکین کی تنخواہوں میں تین لاکھ روپے اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی نے ایم پی اے کی تنخواہ 4 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اسمبلی کے اراکین کی تنخواہیں پنجاب اور بلوچستان کے ممبران کے برابر ہو جائیں گی
https://urdu.arynews.tv/sindh-assembly-members-salaries-to-be-increased-by-rs-300000/