Tag: مختلف حادثات

  • پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں طوفانی بارشیں : مختلف حادثات میں بچوں سمیت 29 افراد جاں بحق

    پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں طوفانی بارشیں : مختلف حادثات میں بچوں سمیت 29 افراد جاں بحق

    لاہور/ پشاور: پنجاب ، خیبر پختونخوا اوربلوچستان میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں بچوں سمیت 29 افراد جان سے گئے۔ 

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون سسٹم مزید شدت اختیار کر گیا ، پنجاب ، خیبر پختونخوا اوربلوچستان میں وقفے وقفے سے طوفانی بارشیں جاری ہیں۔

    دو روز میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں بچوں سمیت انتیس افراد جان سے گئے جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہیں، آندھی اور تیز ہواؤں سے چھتیں، دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے سے اموات رپورٹ ہوئیں۔

    لاہور میں دوسرے اسپیل کے بعد بھی شاہراہیں پانی پانی ہوگئیں، گلی محلے ڈوب گئے، گھروں اور اسپتالوں میں ایک بار پھر پانی داخل ہوگیا۔

    خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی مون سون نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، شدید بارشوں سےندی نالے بپھرگئے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے جانے کے خدشے کے بعد پی ڈی ایم اے نے دریائے راوی ، ستلج، جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ بھی جاری کردیا ہے۔

  • پنجاب میں بارش کے سبب مختلف حادثات میں13 افراد جاں بحق

    پنجاب میں بارش کے سبب مختلف حادثات میں13 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچا دی،مختلف حادثات میں 13 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچا دی، چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت مختلف واقعات میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوگئے،حادثے میں زخمی 3 افراد کو سروسز اسپتال اور 4 کو میو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    شیخوپورہ میں مریدکے روڈ پر ملیاں کلاں گاؤں میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    صوبہ پنجاب کے شہر پھالیہ میں محلہ امیر میں تیز بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، ملبے میں دب کر ماں اور 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔حادثے میں جاں بحق بچوں کی عمریں 2 سے 8 سال کے درمیان ہیں۔

    چکوال میں کلر کہار کے علاقے بھال میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چھتیں گرنے کے واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ سے حادثات کی رپورٹ طلب کر لی۔

    دوسری جانب بارش کے باعث ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو الرٹ کر دیا۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں متحرک رہیں، صورت حال کا جائزہ لیں۔

    ڈپٹی کمشنر لاہور نے واسا، ایل ڈبلیو ایم سی عملے کو نشینی علاقوں سے فوری نکاسی کی ہدایت کر دی۔

  • پنجاب میں موسلادھار بارش، گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    پنجاب میں موسلادھار بارش، گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ حادثے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نارووال، ملتان اور لاہور میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    ملتان میں بارش کے باعث بدھلہ روڈ پر گھر کی چھت گر گئی، اس حادثے میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک لڑکی زخمی ہوگئی، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    دوسری جانب لاہور اور گردونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث علامہ اقبال ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہے، ساڑھے 4 بجے لاہور سے بنکاک جانے والی پرواز منسوخ کردی گئی۔

    آج کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کی پیشگوئی

    5بجے لاہور سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز بھی منسوخ کردی گئی، لاہور سے ریاض جانے والی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوگئی۔جبکہ نارووال میں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

    خیال رہے کہ آج کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ آئندہ ایک ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

  • کرک اور قلات میں ٹریفک حادثات ، متعدد جاں بحق

    کرک اور قلات میں ٹریفک حادثات ، متعدد جاں بحق

    کرک: قلات اور کرک میں مختلف حادثات پیش آئے، کرک میں ٹریفک حادثے میں مسافر کوچ کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہوگئے، دوسری جانب قلات میں ٹریفک حادثے نے تین افراد کی جان لے لی۔

    خیبر پختون خوا کے ضلع کرک میں ہولناک ٹریفک حادثے نے کئی زندگیاں نگل لیں، اطلاعات کے مطابق ٹریفک حادثے کا شکار مسافر کوچ  بنوں سے ٹل جارہی تھی کہ باندہ داؤد شاہ کے مقام پر گہری کھائی میں جا گری۔

    حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے گذشتہ روز بھی ایک وین اسی جگہ پر کھائی میں گر گئی تھی۔ تاہم خوش قسمتی سے اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    قلات میں بھی ٹریفک حادثے نے تین افراد کی جان لے لی، ذرائع کے مطابق حادثہ نیشنل ہائی وے پر پک اپ اور ٹرالر میں تصادم کے باعث پیش آیا، امدادی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

    اس سے قبل کشمور پخشا پور کے مقام پر کراچی سے پشاور جانے والی مسافر کوچ اور ٹرالر میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چھ افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ پینتالیس کے قریب افراد زخمی ہوگئے، جن کو کشمور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    جائے حادثہ پر ضلع بھر سے ایمبولینس پہنچ گئیں، زخمیوں میں نو کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔