Tag: مدثر نذر

  • ’اپنی زندگی میں پاکستان کرکٹ کو کبھی اتنا نیچے گرتے نہیں دیکھا‘‘

    ’اپنی زندگی میں پاکستان کرکٹ کو کبھی اتنا نیچے گرتے نہیں دیکھا‘‘

    پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر نے افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی پوری زندگی پاکستان کرکٹ کو کبھی اتنا نیچے گرتے نہیں دیکھا۔

    راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی بنگلہ دیش کے ہاتھوں 10 وکٹوں کی عبرتناک شکست کے بعد پر طرف سے حیرانگی اور افسردگی کا اظہار کیا جارہا ہے، پاکستان کے سابق کرکٹر اور سابق ہیڈ کوچ مدثر نذر نے بھی ہوم گراؤنڈ پر گرین شررٹس کو ملنے والی ہزیمت پر اظہار خیال کیا ہے۔

    مدثر نذر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ’کنفیوزڈ لوگوں‘ کا ایک گروپ قرار دیا جن کی غلطیاں ملک میں کھیل کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

    سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ پی سی بی کنفیوزڈ لوگوں سے بھرا ہوا ہے اور وہ غلطیوں پر غلطیاں کیے جارہے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ میں مسائل بڑھ رہے ہیں۔

    مدثر نذر پہلے ٹیسٹ میں چار فاسٹ باؤلرز کو کھلانے کے فیصلے پر حیران ہیں، جہاں پاکستان نے شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد علی اور خرم شہزاد کو میدان میں اتار۔

    سابق ہیڈ کوچ نے کہا ہ ہر وہ شخص جس نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی ہے وہ جانتا ہے کہ اگست میں راولپنڈی کی پچیں سیمرز کے لیے پہلے ایک یا دو گھنٹے کی مدد کے بعد بیٹنگ کے لیے سازگار ہوجاتی ہیں، مدثر نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کیخلاف ایک نہیں بلکہ دو اسپنرز کے ساتھ کھیلتے۔

    خیال رہے کہ مدثر نذر نے پاکستان کی جانب سے 76 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جس میں انھوں نے 38.09 کی اوسط سے 4114 رنز بنائے ہیں۔

  • ’’مصباح الحق کو ایک عہدہ چھوڑنا پڑے گا‘‘

    ’’مصباح الحق کو ایک عہدہ چھوڑنا پڑے گا‘‘

    کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو کسی نہ کسی مرحلے پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ یا چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑے گا۔

    سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر نے کہا کہ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کو ایک عہدہ چھوڑنا پڑے گا، مصباح خود کو بہت زیادہ دباؤ میں ڈال رہے ہیں، اس سے قبل انضمام الحق نے بھی مصباح الحق کو ایک عہدہ چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا۔

    مدثر نذر نے کہا کہ اگر کوئی چیف سلیکٹر کسی کھلاڑی کو فائنل الیون میں شامل نہیں کرتا اور ٹیم ہار جائے تو اس کے فیصلے پر سخت تنقید ہوتی ہے، مثال کے طور پر فواد عالم ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہیں اور اگر ان کو شامل نہیں کیا جائے اور کوئی دوسرا کھلاڑی کارکردگی نہ دکھائے تو دباؤ چیف سلیکٹر پر آتا ہے۔

    یونس خان کے حوالے سے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ یونس خان کو کوچنگ کا شوق ہے، ان کی رہنمائی کا کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا لیکن صرف تین ماہ کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کرنا درست فیصلہ نہیں ہے۔

    مدثر نذر نے کہا کہ ماضی میں میرا 11 اکیڈمیز بنانے کا پلان تھا لیکن دیگر اخراجات کی وجہ سے یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا، علی ضیا نے کئی برس کرکٹ اکیڈمی کے لیے جاں فشانی سے کام کیا اگر ان سے کوئی غلطی ہوئی بھی تو اتنی بڑی نہیں تھی کہ ان کو عہدے سے ہٹا دیا جائے۔

  • آج کے دن مدثرنذر199 رنزپرآؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی قرارپائے تھے

    آج کے دن مدثرنذر199 رنزپرآؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی قرارپائے تھے

    کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان بے شمار ریکارڈز کا حامل ہے ، ان میں سے کچھ تو مشہورِزمانہ ہیں تو کچھ افسوس ناک ریکارڈ تاریخ کی گرد میں دب گئے ہیں، ایسا ہی ایک ریکارڈ معروف آل راؤنڈرمدثر نذر کا بھی ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ 24 سال قبل آج ہی کے دن مدثر نذر 199 رنز بنا کر آؤ ٹ ہوئے تھے ، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 199 رنز پر آؤٹ ہونے والے پہلے شخص تھے۔

    پی سی بی کے مطابق 29 اکتوبر سنہ 1984 کو فیصل آباد میں پاکستان اور بھارت کے مابین ٹیسٹ میچ جاری تھا جس میں مدثر نذر محض ایک رن کے فرق سے ڈبل سنچری کرتے کرتے رہ گئے اور 199 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے اور یوں یہ ایک ناخوشگوار ریکارڈ بھی تاریخ کا حصہ بن گیا۔

    مدثر نذر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 24 دسمبر 1976ء کو آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ کے میدان میں کیا تھا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 76 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 10 سنچریوں کی مدد سے 4114 رنز اسکور کیے۔ ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 231 رنز تھا۔

    وہ دنیا کے پہلے کھلاڑی تھے جو 199 رنز کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تھے جبکہ دنیا کی سست ترین ٹیسٹ سنچری بنانے کا اعزاز بھی انہی کے پاس ہے۔ انہوں نے 2653 رنز کے عوض 66 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

    ایک روزہ کرکٹ میں انہوں نے 122 میچ کھیلے اور بغیر کسی سنچری کے 2653 رنز اسکور کیے۔ایک روزہ کرکٹ میں انہوں نے 3432 رنز کے عوض 111 وکٹیں بھی حاصل کیں۔مدثر نذر کے والد نذر محمد بھی ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں۔ وہ پاکستان کے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔

    نذر محمد اور مدثر نذر دنیا کے واحد باپ بیٹے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹ کیری کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔