Tag: مددگار 15

  • بلدیہ مددگار 15 پولیس کی تیز ترین کارروائی، موٹر سائیکل اسنیچر کو دھر لیا

    بلدیہ مددگار 15 پولیس کی تیز ترین کارروائی، موٹر سائیکل اسنیچر کو دھر لیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ میں مددگار 15 پولیس نے ایک تیز ترین کارروائی میں موٹر سائیکل اسنیچر کو دھر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ کے علاقے گلشن مزدور میں 3 مسلح ڈکیتوں نے ایک شہری سے موٹر سائیکل چھینی اور فرار ہو گئے، تاہم مددگار 15 کے اہلکاروں نے کچھ ہی دیر میں پہنچ کر ڈکیت کو ڈھونڈ لیا۔

    متاثرہ شہری نے بتایا کہ اس نے 15 پر کال کر کے پولیس کو واردات سے آگاہ کیا، اور 5 سے 7 منٹ میں پولیس کی گاڑی پہنچ گئی، اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت کو ڈھونڈ لیا اور اس سے موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

    پکنک پر جاتے ہوئے راستے میں گاڑی خراب ہونے پر ڈاکوؤں کا حملہ، گولی لگنے سے ماں بیٹی زخمی

    شہری کے مطابق اس کے موٹر سائیکل میں ٹریکر لگا ہوا تھا، شہری سے واردات کرنے والے ڈکیتوں کی تعداد تین تھی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ دو ڈکیت فرار ہو گئے تھے، جب کہ گرفتار ڈکیت کو تھانہ سعید آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • کراچی : مددگار 15 پر فائرنگ کی جھوٹی اطلاع دینے والا ملزم گرفتار

    کراچی : مددگار 15 پر فائرنگ کی جھوٹی اطلاع دینے والا ملزم گرفتار

    کراچی : مددگار 15 پر فائرنگ کی جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ، کالر نے بتایا کہ اس کا ہونیوالا بہنوئی گھر کے باہر فائرنگ کر کے فرارہوا۔

    تفصیلاے کے مطابق کراچی میں تھانہ کلری کی حدود میں فائرنگ کی جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے رات کو 1 بجکر 30 منٹ پر مددگار15 پر کال کی اطلاع دی تھی، کالر نے بتایا اس کا ہونیوالا بہنوئی گھر کے باہر فائرنگ کرکے فرار ہوا۔

    پولیس نے کہا کہ تفتیش کے دوران معلوم ہوا اس کا ہونیوالا بہنوئی سرجانی ٹاؤن میں تھا۔

    یاد رہے چند روز قبل لاہور میں چار افراد نے 15 مددگار پر دو کروڑ روپے ڈکیتی کی غلط اطلاع دی تھی، جو درست ثابت نہ ہونے پر اطلاع دینے والے افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    15 مددگار پر کال کر کے اطلاع دی گئی تھی کہ ڈاکو ان سے گن پوائنٹ پر 2 کروڑ روپے چھین کر فرار ہوگئے، اطلاع ملتے ہوئی پولیس جائے وقوعہ پہنچی اور کال کرنے والوں سے تفتیش کی تو ملزمان کے بیانات الگ الگ نکلے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے ایک ملزم عمران نے لین دین کے تنازع پر ایک پارٹی کو 2 کروڑ روپے واپس کرنے تھے اور انہوں نے یہ رقم ہڑپ کرنے کے چکر میں ڈکیتی کا جھوٹا ڈراما رچایا۔

  • سال بھر میں مددگار 15 پر 13 لاکھ سے زائد کالز موصول

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی مددگار پولیس 15 سروس کی کارکردگی کی سالانہ رپورٹ جاری کردی گئی، مددگار 15 پر سال بھر میں 13 لاکھ سے زائد کالز موصول ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس، مددگار 15 کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی گئی۔

    جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2022 میں مددگار 15 کال سینٹر پر 13 لاکھ 68 ہزار 626 کالز موصول ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق مددگار 15 نے 2 لاکھ 70 ہزار 318 شکایات پر بروقت 514 ملزمان گرفتار کیے، ملزمان میں اسٹریٹ کرمنلز، ڈکیت، اغوا کار اور چور شامل تھے۔

    گرفتار ملزمان سے 132 پستول، 140 موٹر سائیکل اور 17 گاڑیاں، 1 رکشہ، 107 موبائل فونز، 10 نقلی پستول اور دیگر قیمتی سامان بھی برآمد کیا گیا۔

    ڈی جی آئی سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ مددگار 15 کو از سر نو بحال اور جدید تقاضوں کے مطابق استوار کیا جا رہا ہے۔

  • مددگار 15 کے اہل کار کا ذہنی معذور پر انسانیت سوز تشدد (ویڈیو کمزور دل افراد نہ دیکھیں)

    مددگار 15 کے اہل کار کا ذہنی معذور پر انسانیت سوز تشدد (ویڈیو کمزور دل افراد نہ دیکھیں)

    کراچی: شہر قائد کے ایک علاقے میں مددگار 15 کے اہل کار کے ہاتھوں ایک ذہنی معذور شہری کو انسانیت سوز تشدد کا شکار ہونا پڑا، اس دردناک واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جسے دیکھ کر دل کانپ اٹھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا میں ایک پولیس اہل کار نے ذہنی معذور شہری پر بدترین تشدد کیا، پولیس اہل کار نعمان مددگار 15 پر تعینات تھا، واقعے پر ایس ایس پی کورنگی نے ایکشن لیتے ہوئے تشدد میں ملوث پولیس اہل کار کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی کے مطابق پولیس اہل کار نعمان کے خلاف متاثرہ شخص کے بھائی خالد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، ترجمان کراچی پولیس نے بتایا کہ پولیس اہل کار نعمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 2022/192 بہ جرم 324 درج کر کے اہل کار کو لاک اپ کر دیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی نے کہا کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں اور میرے ضلع میں جو بھی غلط کام کرے گا اس کی سزا ملے گی۔

    ترجمان کراچی پولیس کے مطابق رات کے وقت 15 مددگار پر کالر نعیم خان نے اطلاع دی کہ ایک بیٹری چور پکڑا گیا ہے، جب مددگار 15 کی پولیس موبائل موقع پر پہنچی تو ایک سپاہی کو پکڑے ہوئے شخص پر تشدد کرتا ہوا پایا گیا، معلوم ہوا کہ وہ شخص ذہنی معذور ہے۔

    معاملہ سامنے آنے پر ایس ایس پی کورنگی نے فوری ایکشن لے لیا، انکوائری میں ملوث پائے جانے پر پولیس اہل کار کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 192/2022 تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں درج کر لیا گیا۔

    پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اہل کار نعمان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے، جب کہ حراست میں لیے گئے متاثرہ شخص محمد عامر کو اس کے ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی نے متنبہ کیا کہ کسی بھی پولیس اہل کار کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت موصول ہونے پر سخت قانونی و محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • کراچی میں مددگار15 جدید طرزپرفعال کرانے کا فیصلہ

    کراچی میں مددگار15 جدید طرزپرفعال کرانے کا فیصلہ

    کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے مددگار15کو فعال کیا جارہاہے اور جلد ہی ایسا سسٹم متعارف کروایا جائے گا جہاں شہریوں کی شکایت درج کرنے کے فوری بعد پولیس متحرک ہوجائے گی۔

    اس حوالے سے آن لائن ٹیکسی ایپ کی طرز پرایک ایسے سافٹ ویئر پر کام کیا جارہاہے جو 15پر کال کرنے والے کی لوکیشن کی نشاندہی کرے گا اور جو بھی پولیس موبائل نزدیک ہوگی وہ فوری طور پر وہاں پہنچ کر مدد فراہم کرے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی۔اس موقع پر سائٹ کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا،صدر سلیم پاریکھ، سابق صدور جاوید بلوانی، یونس بشیر، سائٹ کے سینئر نائب صدر احسن ارشد ایوب،نائب صدر نوید بخاری،لاءاینڈ آرڈر سب کمیٹی کے چیئرمین عبدالہادی،ڈی آئی جی ویسٹ امین یوسف،ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر،ایس ایس پی شوکت کھتیان ودیگر افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا کہ شہریوں کو کیریکٹر سرٹیفیکیٹ سمیت شناختی کارڈ گمشدگی سمیت دیگر امور کے لیے تھانے نہیں جانا پڑے گا بلکہ ویب سائٹ پر ہی تمام سہولتیں دستیاب ہوں گی جو جلد متعارف کروائی جائے گی۔ انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن کی نشاندہی پر اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس کا گشت بڑھانے سمیت ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت کی کہ وہ سائٹ صنعتی ایریا میں تجاوزات کے خلاف مہم شروع کریں اور غیر قانونی ہوٹلوں، ٹھیلوں اور دیگر تجاوزا ت کا خاتمہ یقینی بنائیں۔

    قبل ازیں سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیم پاریکھ نے اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں کی فوری روک تھام اور سائٹ صنعتی علاقے کی سڑکوں کی حالت زور بہتر بنانے کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تعاون طلب کرتے ہوئے درخواست کی کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تک صنعتکار برادری کی گزارشات پہنچائیں کیونکہ ہم خطوط لکھ کر تھک گئے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔

    انہوں نے کہاکہ سائٹ کے روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد باآسانی گاڑیوں اور موٹرسائیکل پر سوار افراد کو لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں لہٰذا جب تک روڈ ٹھیک نہیں ہوں گے کرائم کونہیں روکا جاسکے گا۔انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے غیر قانونی ہوٹلوں، ٹھیلوں،پتھاروں کے خاتمے، پولیس نفری اور موبائلوں کی تعداد بڑھانے کی بھی درخواست کی۔

    سائٹ کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا نے کہاکہ بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار،صنعتوں کی پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ ہونے کی وجہ سے اندازاً صرف سائٹ میں ایک لاکھ افراد بے روزگار ہوئے اور آنے والے دنوں میں یہ صورتحال مزید بھیانک نظر آرہی ہے جس سے جرائم میں اضافے کا خدشہ ہے۔انہوں نے بینکوں سے کیش نکلوانے والوںکو لوٹنے کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ جرائم پیشہ افراد کواس حد تک معلومات ہوتی ہے کہ کتنے پیسے نکلوائے گئے اور کہاں چھپائے ہیں اس کی تحقیقات کی جائے۔

    سابق صدر جاوید بلوانی نے بینکوں میں موبائل فون پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ بینک کے انٹری پوائنٹ پر کاؤنٹر بنایا جائے جو صارفین کے موبائل فونز جمع کرے اور واپسی پر انہیں دے دیا جائے جبکہ بینک عملے پر بھی دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے جس سے بینکوں سے کیش نکلوانے والوں کو لوٹنے کے واقعات میں یقینی طور پر کمی ہوگی۔

    انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ کا سائز بڑھایا جائے تاکہ وہ کیمرے کی آنکھ میں واضح طور پر محفوظ ہوسکے جس سے جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔سابق صدر یونس بشیر نے کہاکہ جب تک سائٹ صنعتی ایریا کی سڑکوں کی مرمت نہیں کی جاتی اسٹریٹ کرائم پر قابو نہیں پایاجاسکے گا۔ہم نے غیرقانونی ہوٹل اور پتھارے ختم کروائے لیکن وہ دوبارہ قائم ہوگئے لہٰذا تجاوزات کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔لاءاینڈ آرڈر سب کمیٹی کے چیئرمین عبدالہادی نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو سائٹ ایسوسی ایشن میں قائم کرائم مانیٹرنگ سیل کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اس سے مستفید ہونے کے علاوہ درخواست کی کہ محکمہ پولیس اس مانیٹرنگ سیل کے حقیقی اعدادوشمار کو مدنظررکھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کے اقدامات کرے۔