Tag: مدد کی پیشکش

  • ترک صدر کی پاکستان کو مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی پیشکش

    ترک صدر کی پاکستان کو مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی پیشکش

    اسلام آباد (28 اگست 2025): ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کر کے مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا ٹیلفونک رابطہ ہوا جس میں ترک صدر نے پاکستان میں سیلاب سے جانی ومالی نقصان پر اظہار افسوس اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

    اردوان نے وزیراعظم کو پاکستان کے اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں ترک صدر کے جذبات اور امداد کی پیشکش پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط، گہرے اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں کلاؤڈ برسٹ، طوفانی بارشوں، سیلابی ریلوں نے صوبہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تباہی مچائی۔ بالخصوص کے پی میں تاریخ کی بدترین تباہی ہوئی۔ 400 کے قریب اموات، ہزاروں گھر، دکانیں، مساجد، سرکاری عمارتیں، ہوٹلز پانی کے ریلوں کی نظر ہو گئے۔

    قوم ابھی اس آفت سے سنبھل نہ پائی تھی کہ بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی آئی اور اب سیلابی ریلے پورے صوبے میں تباہی کی نئی داستان رقم کر رہے ہیں۔

    پاکستان کے اس مشکل وقت میں برطانیہ اور گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے امداد کے اعلانات کیے جا چکے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/india-another-flood-will-reach-pakistan-tomorrow-new-report/

  • روسی صدر کی مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے میں مدد کی پیشکش

    روسی صدر کی مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے میں مدد کی پیشکش

    روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے میں مدد کی پیشکش کر دی۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے قازان میں برکس پلس سربراہی اجلاس اور دوستوں کے پہلے مکمل اجلاس سے پہلے اپنے خطاب میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کا بحران تاریخ کا سب سے خونی بحران بن گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے بحران سے تشویش پیدا ہوتی ہے، غزہ میں جنگی کارروائیاں لبنان تک پھیل گئی ہیں, خطے کے کئی ممالک متاثر ہوئے ہیں، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے کو مکمل جنگ کے دہانے پر کھڑا کر رہی ہے۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ روس مشرق وسطیٰ میں ہونے والے واقعات پر فکر مند ہے اور اس کا خیال ہے کہ وہاں تنازعات کے حل کے لئے حالات پیدا کرنے میں اس کا کردار ہے۔

    پیوٹن نے مزید کہا کہ ماسکو نہیں چاہتا کہ تنازع پھیلے، ہم سمجھتے ہیں کہ خطے کا کوئی بھی ملک مکمل جنگ نہیں چاہتا، مشرق وسطیٰ مکمل جنگ کے دہانے پر ہے، انہوں نے تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

  • ترکی میں زلزلہ: پاکستان کی مدد کی پیشکش، ترک وزیر داخلہ کا اظہار تشکر

    ترکی میں زلزلہ: پاکستان کی مدد کی پیشکش، ترک وزیر داخلہ کا اظہار تشکر

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی میں آنے والے زلزلے پر ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی جس پر ترک وزیر خارجہ نے ان کی پیشکش اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب مولود چاؤش اوغلو سے فون پر رابطہ کیا، وزرائے خارجہ نے ترک شہر ازمیر میں زلزلے اور امدادی کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.6 تھی، زلزلے سے 24 افراد جاں بحق ہوئے، 804 افراد زخمی اور 17 سے زائد عمارت کے گرنے کی اطلاعات ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ سنہ 2005 کے زلزلے کے بعد ترکی کی فراہم کردہ امداد نہیں بھولے، پاکستان کی حکومت اور قوم مشکل وقت میں ترک بھائیوں کے ساتھ ہے۔

    وزیر خارجہ نے زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی، ترک وزیر خارجہ نے ان کی پیشکش اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سر دست ہمیں کسی مالی معاونت کی ضرورت نہیں۔

    ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو پاکستان کی پیشکش کو سب سے پہلے قبول کریں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے مختلف شہروں میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا، ترک میڈیا کے مطابق زلزلہ ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے 17 کلو میٹر دور آیا جس نے یونان کے جزیرے سیموس کو بھی متاثر کیا۔

    زلزلے کے بعد ازمیر اور سیموس میں چھوٹے درجے کا سونامی بھی آیا، زلزلے سے ازمیر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں، شہر میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • جنگلات میں آتشزدگی: وزیر اعظم کی آسٹریلیا کو مدد کی پیشکش

    جنگلات میں آتشزدگی: وزیر اعظم کی آسٹریلیا کو مدد کی پیشکش

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم کو خط لکھا جس میں انہوں نے آسٹریلوی جنگلات میں لگنے والی آگ سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مدد کی پیشکش کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے خط میں پیشکش کی کہ پاکستان آسٹریلیا کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے، حکومت اور عوام کی جانب سے آسٹریلوی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پورا یقین ہے کہ آسٹریلوی عوام مشکل پر قابو پالیں گے۔ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے بار بار آگاہ کر رہا ہوں۔ کلائمٹ چینج کے چیلنج کا مقابلہ کوئی ایک ملک نہیں کر سکتا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ یہ بحران ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا مل کر مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

    خیال رہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں کچھ عرصہ قبل لگنے والی آگ نے 1 لاکھ اسکوائر کلو میٹر رقبے پر پھیلے جنگلات کو جلا کر راکھ کردیا۔

    المناک آفت میں اب تک 28 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ جنگلات میں رہنے والے 50 کروڑ کے قریب جانور بھی موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔