Tag: مدینہ

  • سعودی عرب: مکہ اور مدینہ سے منشیات فروش غیر ملکی و شہری گرفتار

    سعودی عرب: مکہ اور مدینہ سے منشیات فروش غیر ملکی و شہری گرفتار

    سعودی عرب میں سیکیورٹی اداروں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں دو الگ کارروائیوں میں منشیات فروشوں کو حراست میں لے کر نشہ آور مواد ضبط کرلیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں روڈ سیکیورٹی فورس کی سپیشل ٹیم نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے 7905 نشہ آور گولیاں ضبط کرلی گئی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق روڈ سیکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ ’گرفتار شدگان ایتھوپین تارکین تھے جن میں سے ایک کے پاس اقامہ تھا جبکہ دوسرا درانداز تھا‘۔

    مذکورہ افراد ابھی تفتیش کے مراحل سے گزر رہے ہیں، جبکہ ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا جائے گا۔

    محکمہ انسداد منشیات نے مدینہ منورہ میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے نشہ آور مادہ کرسٹل ضبط کرلیا گیا ہے۔ گرفتار شدگان میں دو پاکستانی تارکین وطن اور ایک سعودی شہری ہے۔

    مذکورہ افراد کے قبضے سے ایک کلو کرسٹل ضبط ہوا ہے اور یہ لوگ شہر میں منشیات فروخت کر رہے تھے، تفتیش مکمل کرنے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے سپرد کرگیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات کی نقل و حمل یا ان کی تجارت کرنا ایک سنگین جرم سمجھا جاتا ہے، اور اس کے لیے انتہائی سخت سزائیں رکھی گئی ہیں۔ سعودی قوانین کے مطابق، منشیات کے ساتھ پکڑے جانے کی صورت میں درج ذیل سزائیں ہو سکتی ہیں:

    موت کی سزا:

    مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ یا بڑی مقدار میں منشیات رکھنے پر موت کی سزا دی جا سکتی ہے۔ یہ سزا زیادہ تر اس وقت دی جاتی ہے جب کسی شخص کو 50 گرام سے زیادہ ہیروئن، کوکین، یا دیگر منشیات کے ساتھ پکڑا جائے۔

    طویل قید:

    اگر کسی شخص کو منشیات کے ساتھ پکڑا جائے لیکن مقدار کم ہو، تو اس کے بدلے میں کئی سالوں کی قید ہو سکتی ہے۔ یہ قید کئی سالوں سے لے کر کئی دہائیوں تک ہو سکتی ہے، اور جیل کی حالت سخت ہوتی ہے۔

    جرمانہ: کچھ صورتوں میں مجرم سے بھاری جرمانہ بھی وصول کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر اگر منشیات کی مقدار کم ہو یا یہ پہلی دفعہ ہو۔

    سزاؤں کا نفاذ:

    مملکت میں ان سزاؤں کو بہت سختی سے نافذ کیا جاتا ہے اور وہاں کے قوانین کے مطابق منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو بہت کم موقع ملتا ہے۔ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر لیا جاتا ہے، اور ان پر تیز رفتار ٹرائل کیا جاتا ہے۔ یہ ٹرائل عموماً عدالت میں ایک سے دو ہفتوں میں مکمل ہو جاتے ہیں، اور اس کے بعد سزا دی جاتی ہے۔

    سعودی عرب، مسجد سے چوری کرنے والا غیر ملکی گرفتار

    مثال: اگر کوئی شخص مملکت میں منشیات کے ساتھ پکڑا جائے، تو اس پر تیزی سے مقدمہ چلایا جاتا ہے اور فیصلہ جلدی کیا جاتا ہے۔ اکثر ملزمان کو عدالت سے موت کی سزا یا طویل قید کی سزا ملتی ہے۔

  • مکہ اور مدینہ سمیت مختلف ریجنوں میں بارش کا الرٹ جاری

    مکہ اور مدینہ سمیت مختلف ریجنوں میں بارش کا الرٹ جاری

    سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بدھ کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت 9 ریجنوں میں بارش سے متعلق موسمی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ریجنوں میں مختلف درجے کی بارش، تیز ہوا، گرج چمک، گرد و غبار اور حد نگاہ متاثر ہونے کے امکانات ہیں‘۔

    رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ طائف، العرضیات، میسان، جدم، یلملم اور القنفذہ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے‘۔

    ’مملکت کے بعض شہروں میں گرد آلود تیز ہوا چلے گی جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے‘۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ’یہی صورتحال مدینہ منورہ شہر کے علاوہ العیص، وادی الفرع، خیبر، بدر اور المہد میں ہوگی جہاں شام 8 بجے تک موسم غیر یقینی ہوگا‘۔

    محکمے کا مزید کہنا تھا کہ ’ریاض ریجن کے مختلف شہروں میں گردو غبار رہے گا جبکہ بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے‘۔

    بھارت میں شدید بارشوں سے معمولات زندگی مفلوج، اسکول و کالج بند

    رپورٹس کے مطابق ’تبوک میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی جبکہ مشرقی ریجن میں شام 8 بجے تک گرد چھائی رہے گی‘۔

    محکمے نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں تیز بارش اور گرج چمک رہے گی جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے‘۔

  • مکہ اور مدینہ میں درجہ حرارت 46 ڈگری کو چھو گیا

    مکہ اور مدینہ میں درجہ حرارت 46 ڈگری کو چھو گیا

    سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے گزشتہ روز مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ مدینہ منورہ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت الاحسا میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق دمام میں 46، ریاض اور جدہ میں 45، وادی الدواسر اور القصومہ میں 44 اور شرورہ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ہے۔

    الشرقیہ ریجن، ریاض اور مکہ ریجن کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی رپورٹ سامنے آئی تھی۔

    واضح رہے کہ مملکت میں گرمی کی لہر کے باعث سعودی عرب میں وزارت افرادی قوت اور قومی کونسل برائے اکیوپیشنل سیفٹی اور صحت نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کے تمام اداروں کے کارکنوں کے لیے اتوار 15 جون سے 15 ستمبر 2025 تک براہ راست دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دوپہر 12 سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں کام کرنے پر پابندی 3 ماہ کے لیے عائد رہے گی۔

    بیان میں کہا گیا کہ اس فیصلے کا مقصد پرائیویٹ سیکٹر میں کارکنوں کی سیفٹی اور صحت کو یقینی بنانا، اکیوپیشنل سیفٹی اور صحت کے بین الاقوامی معیارات کے مطابق صحت مند اور محفوظ کا م کا ماحول فراہم کرنا ہے۔

    مناسک حج کے بعد ہزاروں حجاج مدینہ منورہ پہنچ گئے

    وزارت کا عاجروں سے کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے پر عمل کریں تاکہ کام کا محفوظ ماحول پیدا کرنے کے ساتھ کارکنوں کو حادثات اور بیماریوں سے محفوظ کیا جاسکے۔

  • سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ سمیت متعدد شہروں میں بارش

    سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ سمیت متعدد شہروں میں بارش

    سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز جدہ میں مطلع ابر آلود رہا جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ سمیت متعدد شہروں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ بحرہ، جموم، رہاط، مدرکہ اور الکامل دوپہر دو بجے تک بارش ہوسکتی ہے جبکہ طائف، اضم، میسان میں شام 4 بجے تک بارش کا امکان ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جدہ، حدہ، القنفذہ اور اللیث میں رات 10 بجے تک مطلع ابر آلود اور تیز ہوا چلنے کا امکان ہے‘۔

    محکمہ موسمیات نے مدینہ منورہ سے متعلق کہا کہ ’الرایس، ینبع، الحناکیہ، المہد اور وادی الفرع میں بھی مطلع ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش ہوگی جبکہ بعض علاقوں میں گرج چمک ہوتی رہے گی‘۔

    ’اسی طرح ریاض ریجن کے متعدد شہروں میں گرد آلود ہوا چلے گی اور بعض علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی‘۔

    ’مشرقی ریجن میں بھی ملتی جلتی کیفیت ہوگی جہاں دوپہر دو بجے تک بارش کا امکان ہے‘۔

    دوسری جانب ایران کے جزیرے ہرمز کے ’ریڈ بیچ‘ پر شدید بارشوں کے باعث سرخ رنگ کا سیلاب آ گیا ہے، جسے دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین حیران رہ گئے ہیں۔

    اس جزیرے کو رینبوئی لینڈ بھی کہا جاتا ہے، جہاں تیز بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورت حال پیدا ہو جاتی ہے اور قدرتی طور پر پانی کا رنگ سرخ ہو جاتا ہے۔

    برازیل میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، متعدد ہلاک

    مٹی کے سرخ رنگ کی وجہ جزیرہ ہرمز کی آتش فشاں چٹانوں میں موجود ہیماٹائٹ اور آئرن آکسائیڈ ہے، جس کو گولک کہتے ہیں، خلیج فارس کا یہ جزیرہ سالٹ ڈوم ہے، جس میں مٹی اور آتش فشاں چٹانوں کی تہیں موجود ہیں۔

  • مدینہ منورہ میں موسلا دھار بارش، روح پرور مناظر کی ویڈیو

    مدینہ منورہ میں موسلا دھار بارش، روح پرور مناظر کی ویڈیو

    سعودی عرب میں مدینہ منورہ اور مختلف علاقوں میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارشوں سے جل تھل ہوگیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحن میں نمازی اور عمرہ زائرین بارش کے دوران دعاوں میں مشغول رہے۔

    رپورٹس کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دیکھ بھال کے لیے قائم جنرل اتھارٹی نے بارش کے بعد نمازیوں اور عمرہ زائرین کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مطاف کی صفائی اور اسے خشک کرنے کی کوششوں کو تیز کردیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بارش کی صورتحال سے نمٹنے کیلیے 200 سے زیادہ سپروائزر، 4 ہزار کارکنان اور 500 سے زیادہ مشینوں اور ٹولز کو متحرک کیا۔

    واضح رہے بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

    اتھارٹی کی جانب سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اسکیموں پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: مدینہ بس سروس نے خدمات کا دائرہ وسیع کردیا

    سعودی عرب: مدینہ بس سروس نے خدمات کا دائرہ وسیع کردیا

    سعودی عرب میں مدینہ ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے حرمین ٹرین کے مسافروں کیلیے بس سروس کے نظام کو مزید بہتر کردیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق زائرین کو مدینہ ریلوے اسٹیشن سے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور وہاں سے اسٹیشن پہنچانے کے لیے روزانہ صبح 7 سے رات 11 بجے تک ٹرین کے شیڈول کے مطابق سروس جاری ہے۔

    اپریل کے وسط میں سعودی ریلوے (سار) کی جانب سے اضافی ٹرین ٹرپس کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔

    حرمین ایکسپریس ٹرین کی رفتار 300 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ اس کے پانچ سٹیشن ہیں۔ جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جدہ سلیمانیہ، مکہ مکرمہ، رابغ کا ملک عبداللہ اکنامک سٹی اور مدینہ منورہ ہیں۔ٹرین میں آمد ورفت کے حوالے سے 95 فیصد تک وقت کی پابندی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    مدینہ اسٹیشن سے روزانہ صبح 6 بجے حرمین ٹرین جدہ کے کنگ عبدالعزیز سٹیشن کے لیے روانہ ہوجاتی ہے اور نان سٹاپ 7 بج کر 48 منٹ جدہ ایئرپورٹ پہنچ جاتی ہے، جبکہ مدینہ سے صبح ساڑھے سات بجے روانہ ہوکر 9 بجکر 11 منٹ جدہ کے سلیمانیہ اسٹیشن اور پھر 9 بجکر 50 منٹ پر مکہ مکرمہ پہنچ جاتی ہے۔

    ٹرین جدہ ایئرپورٹ سے صبح 6 بجے روانہ ہوکر نان سٹاپ 7 بجکر 48 منٹ پر مدینہ منورہ پہنچ جاتی ہے، جبکہ صبح 7 بجے مکہ مکرمہ سے روانہ ہونے والی ٹرین 7 بجکر 28 منٹ پر جدہ کے سلیمانیہ جدہ اسٹیشن پر رکتی ہے اور 9 بجکر 20 منٹ پر مدینہ منورہ پہنچ جاتی ہے۔

    سعودی عرب میں کب تک بادل برستے رہیں گے؟

    واضح رے کہ حرمین ٹرین میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے۔ اس کا مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ تک کا فاصلہ 450 کلو میٹر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

  • زائرین کو مکہ اور مدینہ میں نکاح پڑھانے کی سہولت مل گئی

    زائرین کو مکہ اور مدینہ میں نکاح پڑھانے کی سہولت مل گئی

    سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عمرہ و حج پر آنے والے زائرین کو خوشخبری سناتے ہوئے نئی سہولتیں متعارف کرانے کی ترغیب دی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جدہ میں حج و عمرہ کانفرنس و نمائش کے ایک مباحثے کے دوران اُن کا کہنا تھا کہ بعض زائرین مکہ یا مدینہ میں نکاح پڑھانے کی خواہش رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خدمات فراہم کرنے والے ادارے انہیں یہ سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔ نجی فوٹو گرافرکا بندوبست کیا جاسکتا ہے۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ سمیت مملکت کے کسی بھی علاقے کے لیے سیاحتی پروگرام منظم کیے جاسکتے ہیں۔

    زائرین کو سہولتوں کی فراہمی میں انفرادیت کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے تین ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ منفرد خدمات کی حوصلہ افزائی کے لیے ترغیبات اہمیت رکھتی ہیں۔ ’نسک اعمال‘ ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘

    نتائج کا اعلان آئندہ حج کانفرنس میں کیا جائے گا۔’سب سے اچھے منصوبے پر دس لاکھ ریال، دوسرے بہترین منصوبے پر پانچ لاکھ اور تیسرے منصوبے پر ڈھائی لاکھ ریال کا انعام ہوگا۔

    سعودی وزیر حج کا مزید کہنا تھا کہ ’سرمایہ کار مختلف حوالوں سے منفرد سہولتیں فراہم کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر رہائش سے حرم تک ویل چیئر کی سہولت دی جاسکتی ہیں، ٹورسٹ گائیڈز، طبی سہولتیں، موبائل فارمیسیاں، بچوں کی نرسریاں۔‘

    مسجد نبویؐ میں گزشتہ ہفتے لاکھوں زائرین نے حاضری دی

    سعودی وزیر نے کہا کہ ’عمرہ زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ سرمایہ کاروں کے لیے کافی کچھ کرنے کا ایک بڑا محرک ہے۔‘

  • مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر: حرمین ٹرین کی استعداد میں اضافہ

    مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر: حرمین ٹرین کی استعداد میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان چلائی جانے والی حرمین ایکسپریس ٹرین کی استعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ریلوے کمپنی سار نے حرمین ایکسپریس ٹرینوں کی یومیہ تعداد بڑھا کر 126 کردی ہے جن میں 1.5 ملین سے زیادہ نشستیں مہیا ہوں گی۔

    مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے روزانہ 126 ٹرینیں چلائی جائیں گی، اس سے عازمین حج کو بڑی سہولت ہوگی۔

    سعودی ریلوے کمپنی سار کے ڈپٹی ایگزیکٹو چیئرمین انجینیئر ریان الحربی نے کہا کہ اس سال حج سیزن کے دوران حرمین ایکسپریس ٹرین کی تمام آپریشنل اسکیمیں مکمل ہیں۔

    حرمین ایکسپریس ٹرینوں کو بس سروس سے منسلک کیا گیا ہے، مکہ مکرمہ میں حرمین ایکسپریس ٹرین اسٹیشن سے عازمین کو مسجد الحرام براہ راست پہنچانے کا انتظام ہے۔

    یاد رہے کہ رمضان کے دوران حرمین ایکسپریس سے 8 لاکھ سے زیادہ افراد نے سفر کیا، اوقات کی پابندی کا گراف 95 فیصد سے زیادہ رہا ہے۔

    خیال رہے کہ حرمین ایکسپریس ٹرین دنیا کی دس تیز رفتار ٹرینوں میں سے ایک ہے۔

  • سعودی عرب: شہریوں کی آسانی کے لیے سبزیوں اور پھلوں کی 10 نئی منڈیاں قائم

    سعودی عرب: شہریوں کی آسانی کے لیے سبزیوں اور پھلوں کی 10 نئی منڈیاں قائم

    ریاض: سعودی حکام نے مدینہ منورہ میں سبزیوں اور پھلوں کی 10 نئی منڈیاں قائم کردی ہیں تاکہ لوگوں کو پھل سبزی خریدنے میں آسانی فراہم کی جاسکے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مدینہ منورہ میونسپلٹی نے رمضان کی آمد پر شہر کے مختلف محلوں میں 10 مقامات پر تازہ سبزیوں اور پھلوں کی نئی منڈیاں قائم کی ہیں۔

    مدینہ میونسپلٹی نے ان دنوں مہم شروع کی ہے، اس کا لوگو ہے آپ کے بل پر آپ کی مدد، اس کا مقصد مقامی شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا نیز سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو رمضان میں تازہ فروٹ اور سبزیاں آسانی کے ساتھ مہیا کرنا ہے۔

    مدینہ منورہ میں نئی سبزی اور فروٹ مارکیٹیں القبلتین، المستراح، البحر، الدعیساۃ، الجرف، الکصو، الخالدیہ، العزیزیہ، الحدیقہ، ارض الکردی محلوں میں کھولی گئی ہیں، مدینہ منورہ میں تجارتی مراکز اور سینٹرل مارکیٹ میں بھی پھل اور سبزیوں کے اسٹال لگے ہوئے ہیں۔

    میونسپلٹی کی کوشش ہے کہ کہیں بھی صارفین کا رش نہ ہو اور سبزیاں و پھل معمول کے مطابق تمام شہریوں اور تارکین کو ملتے رہیں۔

    حکام نے مدینہ منورہ میں نئی سبزی اور مارکیٹوں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سعودی شہری سبزیاں اور پھل فروخت کر رہے ہیں اور مدینے کے لوگ پھل اور سبزیاں خرید رہے ہیں۔

  • سعودی عرب میں غیر اخلاقی حرکتوں پر 100 افراد گرفتار

    سعودی عرب میں غیر اخلاقی حرکتوں پر 100 افراد گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں نازیبا لباس پہننے سمیت دیگر غیر اخلاقی حرکتوں پر 100 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حکام نے مدینہ اور جازان میں غیر اخلاقی لباس پہن کر عوامی مقامات پر گھومنے والے 100 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق جازان میلے میں سماجی تہذیب کے منافی غیر اخلاقی لباس پہن کر آنے والے 33 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ زیر حراست نوجوان مختلف اوقات میں عوامی مقامات پر نازیبا لباس پہن کر گھوم رہے تھے۔

    ان میں سے بعض دیواروں اور بسوں پر اخلاق سوز جملے تحریر کرتے ہوئے بھی پائے گئے جبکہ کئی نوجوانوں کو پارکوں اور چوراہوں پر الاؤ روشن کرنے اور کئی کو معذوروں اور بوڑھوں کی نشستوں پر بیٹھنے اور معذوروں اور بوڑھوں کو جگہ نہ دینے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

    مدینہ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں 2 ہفتوں کے دوران سماجی تہذیب کی خلاف ورزیوں پر 67 ا فراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    سعودی پولیس مملکت میں سماجی تہذیب (الذوق العام) کی خلاف ورزیوں پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پبلک مقامات پر بغیر اجازت لٹریچر تقسیم کرنے، آبادی میں اونچی آواز سے موسیقی سننے اور اذان کے وقت گانے سننے پر نوجوانوں کو پکڑا گیا ہے۔

    مذکورہ گرفتاریاں مقامی شہریوں کی شکایات پر کی گئی ہیں۔ پولیس نے شکایت ملنے پر حقیقت حال دریافت کر کے قصور واروں کو مقررہ سزا بھی دلا دی ہے۔