Tag: مدینہ

  • مکہ سے مدینہ سفر کرنے والوں کے لیے سعودی حکومت کا بڑا اعلان

    مکہ سے مدینہ سفر کرنے والوں کے لیے سعودی حکومت کا بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے دوران مکہ اور مدینہ کے درمیان روازنی 16 ٹرینیں چلیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق حرمین اسپیڈ ٹرین سروس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے دوران مکہ اور مدینہ کے درمیان روازنہ 16 ٹرینیں چلیں گی۔

    حرمین اسپیڈ ٹرین سروس کی جانب سے اس سروس کا آغاز3 جنوری 2020 سے ہوگا جو 19 جنوری تک جاری رہے گی۔ ٹرین سروس صبح 8 بجے سے رات 11 بجے تک ہوگی۔

    ٹرین سروس کنگ عبدالعزیز انٹرنیشل ایئرپورٹ جدہ ریلوے اسٹیشن اور کنگ عبداللہ اکنامک سٹی کے ریلوے اسٹیشن سے مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر جاری رکھے گی۔

    حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین سروس الیکٹرک انجن کے ذریعے 300 کلو میٹر فی گھنٹی کی رفتار تک چلتی ہے۔

    اس سے قبل رواں سال 29 ستمبر کو جدہ سٹی کے مرکزی ریلوے اسٹیشن سلیمانیہ میں حادثاتی طور پر آگ لگنے کے باعث ٹرین سروس کو معطل کر دیا گیا تھا، ڈھائی ماہ کے وقفے کے بعد 11 دسمبر 2019 سے ٹرین سروس دوبارہ شروع کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ 26 ستمبر 2018 کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مکہ سے مدینہ کے درمیان تیز ٹرین سروس کا افتتاح کیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ 35 ٹرینوں پر مشتمل حرمین ایکسپریس میں سالانہ 6 کروڑ افراد سفر کریں گے۔

  • سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 35 افراد جاں بحق

    سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 35 افراد جاں بحق

    ریاض: سعودی عرب میں مدینہ منورہ سے 170 کلومیٹر دور ہجرہ روڈ پر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ سے 170 کلومیٹر دور ہجرہ روڈ پر بس ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی، افسوس ناک حادثے میں 35 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    سعودی میڈیا کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق افریقی اور ایشیائی ممالک سے بتایا جاتا ہے۔

    سعودی پولیس حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو الحمنہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حادثے کی تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔

    مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    اس سے قبل رواں سال فروری میں سعودی عرب کے شہر ابہا میں ٹریفک حادثے میں دلہا اور دلہن جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    سعودی عرب میں اندوہناک ٹریفک حادثہ، ماں اور چار بچے جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں سعودی عرب کے صوبے النوایریا میں اندوہناک کار حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ماں اور چار بجے جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اماراتی خاندان دو الگ الگ گاڑیوں میں سوار تھا جن میں سے ایک اُن کا بیٹا اور دوسری والد چلا رہے تھے۔ والد کے ساتھ گاڑی میں دو بھائی اور تین بہنیں جبکہ دوسری میں ماں اور بیٹا بیٹھے تھے۔

  • پی آئی اے کا سعودی عرب کے لیے پروازوں میں اضافہ

    پی آئی اے کا سعودی عرب کے لیے پروازوں میں اضافہ

    کراچی: پاکستان ایئر لائن نے اصلاحاتی پروگرام پر عمل در آمد کرتے ہوئے سعودی عرب کے لیے پروازوں میں مزید اضافےکااعلان کردیا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اےپشاورسےدمام کیلئےپروازوں کاآغازکررہی ہے جبکہ جدہ اور مدینے کے لیے بھی قومی ایئر لائن پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی جس سے ایئر لائن کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی پرواز19ستمبر کو پشاور سےدمام کے لیے روانہ ہوگی جس کے بعد پی آئی اےکی دمام کے لیے پروازوں کی مجموعی تعداد9ہوجائےگی۔

    بتایا جارہا ہے کہ قومی ایئر لائن آئندہ ماہ پشاورسےمدینہ کے لیے بھی پرواز کا آغاز کررہی ہے اور پشاور سمیت مزید 3پروازوں کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد پاکستان سے مدینہ جانے والی پروازوں کی مجموعی طور پر تعداد 12ہوجائے گی۔

    اسی طرح پی آئی اے مدینہ اور دمام کے ساتھ ساتھ جدہ کے لیے بھی اپنی پروازوں میں اضافہ کررہی ہے، پی آئی اے اس وقت جدہ کے لیے 35پروازیں آپریٹ کر رہی ہے جن میں اضافہ کرکے ان کی تعداد کو 42 تک لے جایا جائے گا۔

    ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں سے مدینہ ، جدہ اور دمام جانے والی پروازوں میں اضافے سے پی آئی اے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

  • حرمین ٹرین عازمین حج کے پہلے قافلے کے ساتھ مدینہ سے مکہ پہنچ گئی

    حرمین ٹرین عازمین حج کے پہلے قافلے کے ساتھ مدینہ سے مکہ پہنچ گئی

    ریاض:سعودی عرب میں عازمین حج وعمرہ کے لیے تیز رفتار ٹرانسپورٹ کی نئی سروس ‘حرمین ٹرین’ نے اپنی باقاعدہ حج سروس کا آغاز کر دیا ہے،حرمین ٹرین نے مختلف ممالک کے 170 مردو خواتین عازمین حج کو مدینہ منورہ سے مکہ معظمہ پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق عازمین حج نے جدید ترین ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز حکومت کا شکریہ ادا کیا، حرمین ٹرین کے ذریعے مکہ معظمہ پہنچنے والے اللہ کے مہمانوں کا سرکاری سطح پر استقبال کیا گیا۔

    پاکستان سے آئے عازم حج مروان نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے حجاج کرام کی ٹرانسپورٹ کے لیے جو سہولیات فراہم کی ہیں وہ قابل تعریف ہیں، ہرمسلمان ان سہولیات کی تحسین اور تعریف کرتا ہے۔

    حج کے لیے برطانیہ سے آئے مختار احمد نے بھی حرمین ٹرین کے ذریعے مدینہ منورہ سے مکہ معظمہ کا سفر کیا،انہوں نے کہا کہ حرمین تیز رفتار ٹرین عازمین حج کے لیے سعودی عرب میں سفر کا بہترین تحفہ ہے۔

    سعودی عرب کی حکومت نہ صرف حج بلکہ ماہ صیام میں عمرہ سیزن میں بھی زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

    بھارتی مسلمان برھان سلیم نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے عازمین حج کے لیے فراہم کردہ تمام سہولیات غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہیں، انہوں نے خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے مسلمانوں کے لیے خدمات کو سراہا اور کہا کہ سعودی حکومت کے حج انتظامات سے خادم الحرمین کی اللہ کے مہمانوں کی دینی خدمت کے جذبے کی عکاسی ہوتی ہے۔

    لندن سے آئی امیمہ فاروق نے کہا کہ بلاد حرمین پہنچنے پر میں اپنے خوشی بیان نہیں کرسکتی، ہمارے لیے فرئضہ حج کی ادائی اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری بہت بڑی سعادت ہے۔

    ان کا کہناتھا کہ میں سعودی حکومت کی طرف سے بہترین سفری اور ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی پرحکومت کی شکر گذار ہوں۔

  • وزیراعظم عمران خان کی مسجد نبوی آمد، ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی

    وزیراعظم عمران خان کی مسجد نبوی آمد، ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی

    مدینہ : وزیراعظم پاکستان تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، عمران خان نے روضہ رسول پر حاضری دی اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی آمد کی مناسبت سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے مسجد نبوی پہنچتے ہی عمران خان کو مستعد اہلکاروں نے اپنے حصار میں لیا اور پھر انہوں نے روضہ رسول پر حاضری دی۔

    روضہ رسول پر حاضری دینے کے بعد وزیراعظم عمران خان سمیت وفد نے ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور مسجد نبوی میں روزہ افطار کیا جس کے بعد وہ جدہ روانہ ہوں گے۔

    عمران خان کی مسجد نبوی آمد کے موقع پر پاکستانیوں کی بڑی تعداد ان کے ارد گرد جمع ہوگئی، وزیراعظم نے مسجد نبوی کے احترام میں پاکستانیوں کو نعرے لگانے سے روک دیا۔

    وزیراعظم کل اوآئی سی کے14ویں سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے، اجلاس کا عنوان “مکہ سمٹ” رکھاگیا ہے، اس اجلاس کا مقصد اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرناہے۔

    وزیراعظم عمران خان اوآئی سی کے 14ویں سربراہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے ، جس میں مسلم امہ میں اتحاد اور یکجہتی پر زور دیں گے جبکہ مسلم دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سےآگاہ کریں گے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانرواشاہ سلمان کی دعوت پردورہ کررہے ہیں۔

  • نواسۂ رسول امام حسن کا 1437 واں یومِ ولادت

    نواسۂ رسول امام حسن کا 1437 واں یومِ ولادت

    آج نواسہ رسول امام حسنؑ کا 1437 واں یوم ولادت ہے، آپ ہجرت کے تیسرے سال مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے، حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے بعد آپ تقریباً چھ ماہ مسندِ خلافت پر فائز رہے۔

    امام حسن ابن علیؑ اسلام کے دوسرے امام تھے اور حضرت علی علیہ السلام اور حضرت فاطمۃ الزھرا علیہا السلام کے بڑے بیٹے اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور حضرت خدیجہ علیہا السلام کے بڑے نواسے تھے۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مشہور حدیث کے مطابق آپ جنت کے نوجوانوں کے سردار ہیں۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ان کا نام حسن رکھا تھا۔ یہ نام اس سے پہلے کسی کا نہ تھا۔ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ان سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔ ان کا نام حسن، لقب ‘مجتبیٰ’ اور کنیت ابو محمد تھی۔

    ولادت با سعادت


    آپ 15 رمضان المبارک 3 ہجری کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے گھر میں آپ کی پیدائش اپنی نوعیت کی پہلی خوشی تھی . جب مکہ مکرمہ میں رسول ﷺکے بیٹے یکے بعد دیگرے دنیا سے جاتے رہے تو مشرکین طعنے دینے لگے اور آپ کو بڑا صدمہ پہنچا اور آپ کی تسلّی کے لیے قرآن مجید میں سورہ الکوثر نازل ہوئی جس میں آپ کوخوش خبری دی گئی ہے کہ خدا نے آپ کو کثرتِ اولاد عطا فرمائی ہے اور مقطوع النسل آپ نہیں بلکہ آپ کا دشمن ہوگا۔آپ کی ولادت سے پہلے حضرت ام الفضل رضی اللہ عنہا نے خواب دیکھا کہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے جسم کا ایک ٹکڑا، ان کے گھر آ گیا ہے۔ انہوں نے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے تعبیر پوچھی تو انہوں فرمایا کہ عنقریب میری بیٹی فاطمہ کے بطن سے ایک بچہ پیدا ہوگا جس کی پرورش تم کرو گی۔

    ولادت کے ساتویں دن عقیقہ کی رسم ادا ہوئی اورپیغمبر اسلام ﷺنے بحکم خدا اپنے اس فرزند کا نام حسن علیہ السلام رکھا۔یہ نام اسلام کے زمانے سے پہلے نہیں ہوا کرتا تھا۔ سب سے پہلے رسول اللہ کے بڑے نواسے کا نام قرار پایا۔ آپ کی ولادت کے بعد آپ کے نانا حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے دعا فرمائی کہ اے اللہ اسے اور اس کی اولاد کو اپنی پناہ میں رکھنا۔

    تربیت


    حضرت امام حسن علیہ السلام کو تقریباً آٹھ برس اپنے نانا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے سایہ عاطفت میں رہنے کا موقع ملا۔ رسالت مآبﷺ اپنے اس نواسے سے جتنی محبت فرماتے تھے اس کے واقعات دیکھنے والوں نے ہمیشہ یا درکھے۔ اکثر محبت اور فضیلت کی حدیثیں حسن علیہ السّلام اور حسین علیہ السّلام دونوں صاحبزادوں کے لیے مشترکہ طور پر بیان کی گئی ہیں، مثلاً حسن علیہ السّلام وحسین علیہ السّلام جوانانِ بہشت کے سردار ہیں۔

    فضائل


    ’’خداوند میں ان دونوں سے محبت رکھتا ہوں تو بھی ان کو محبوب رکھنا‘‘ اور اس طرح کے بےشمار ارشادات پیغمبر کے دونوں نواسوں کے بارے میں کثرت سے ہیں، ان کے علاوہ ان کی ایک خصوصیت یہ تھی کہ عام قاعدہ یہ ہے کہ اولاد کی نسبت باپ کی جانب ہوتی ہے مگررسول اللہ ﷺنے اپنے ان دونوں نواسوں کی یہ خصوصیت صراحت کے ساتھ بتائی کہ انھیں میرا نواسا ہی نہیں بلکہ میرا فرزند کہنا درست ہے۔

    اخلاقِ حسن


    امام حسن علیہ السّلام کی ایک غیر معمولی صفت جس کے دوست اور دشمن سب معترف تھے ۔وہ یہی حلم کی صفت تھی جس کا اقرار مروان بن الحکم نے بھی کیا ، جو کہ اموی خانوادے سے تعلق رکھتا تھا۔ خیال رہے کہ بنی ہاشم اور بنی امیہ کے درمیان ہمیشہ ایک مخاصمت کی فضا قائم رہی۔ حکومت ُ شام کے حامی صرف اس لیے جان بوجھ کر سخت کلامی اور بد زبانی کرتے تھے کہ امام حسن علیہ السّلام کو غصہ آجائے اور کوئی ایسا اقدام کردیں جس سے آپ پر عہد شکنی کاالزام عائد کیا جاسکے اور مسلمانوں کے درمیان جنگ کے شعلے بھڑکائے جاسکیں، مگر آپ ایسی صورتوں میں حیرتناک قوت ُ برداشت سے کام لیتے تھے جو کسی عام انسان کے بس کی بات نہیں ہے ۔

    آپ کی سخاوت اور مہمان نوازی بھی عرب میں مشہور تھی . آپ نے تین مرتبہ اپنا تما م مال راہ خدا میں لٹا دیا اور دو مرتبہ تمام ملکیت، یہاں تک کہ اثاث البیت اور لباس تک راہِ خدا میں دے دیا۔

    وفات


    امام حسن کا زمانہ ایک پرآشوب دور تھا۔ روایت ہے کہ اشعث بنِ قیس کی بیٹی جعدہ جو حضرت امام حسن علیہ السّلام کی زوجیت میں تھی اس کے ذریعہ سے شورش پسندوں نے حضرت حسن علیہ السّلام کو زہر دلوایا ۔ زہر اس قدر قاتل اور سریع الاثر تھا کہ امام حسن علیہ السّلام کے کلیجے کے ٹکڑے ہوگئے ، اور خون کی الٹیوں میں گوشت کے لوتھڑے آنے لگے ۔

    ایسے وقت میں کہ جب امام نے جان لیا کہ اب ان کا وقت رخصت آن پہنچا ہے تو آپ نے اپنے بھائی حضرت امام حسین علیہ السّلام کو پاس بلایا اوراسرارِ امامت اور اہل بیت ان کے سپرد کرتے ہوئے وصیت کی ،’’ اگر ممکن ہو تو مجھے جدِ بزرگوار رسولِ خدا ﷺکے ساتھ دفن کرنا لیکن اگراس میں مزاحمت ہو تو ایک قطرہ خون گرنے نہ پائے ، میرے جنازے کو واپس لے آنا اور جنت البقیع میں دفن کرنا‘‘۔

    تدفین


    ماہ ٔ صفر کی اٹھائیس تاریخ ، سنہ 50ہجری کو امام حسن علیہ السّلام زہر کے زیر اثر اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔امام حسین ؑ نے وصیت کے مطابق ان کی تدفین روزہ رسول ﷺ میں کرنا چاہی ، تاہم سیاسی ماحول او مدینے میں شورش پھیلنے کے اندیشے کے سبب ا مام حسن علیہ السّلام کا جنازہ واپس گھرلایا گیا، اس کے بعد ان کی تدفین ان کی والدہ جناب فاطمہ الزھراء کی لحد کے نزدیک جنت البقیع میں کی گئی۔

  • سعودی عرب میں 37 دہشت گردوں‌ کے سر قلم کردئیے گئے

    سعودی عرب میں 37 دہشت گردوں‌ کے سر قلم کردئیے گئے

    ریاض: سعودی عرب میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے 37 دہشت گردوں کے سر قلم کردئیے گئے۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں دہشت گردی کی منصوبہ کرنے والے 37 افراد کے سر قلم کردئیے گئے، سعودی پریس ایجنسی کا کہنا ہے کہ تمام افراد سعودی شہری ہیں۔

    سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے چھ شہروں ریاض، مکہ، مدینہ، الشرقیا اور القاسم عصر میں سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا۔

    ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہیں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب: دہشت گردی کے الزام میں 13 مشتبہ افراد گرفتار

    واضح رہے کہ سعودی سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز دہشت گردی کے الزام میں 13 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، گرفتار ہونے والے ملزمان بھی مقامی شہری تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی سیکیورٹی فورسز نے ریاض کے شمالی علاقے الزلفی میں قائم پولیس تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔

    بین الاقوامی طور پر دہشت گرد قرار دی جانے والی عسکری تنظیم داعش نے گزشتہ روز سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز کی عمارت پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

    حملے کے بعد داعش سے تعلق رکھنے والی نیوز ایجنسی عماق نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں حملہ آوروں کو شہید قرار دیا گیا تھا۔

  • سعودی عرب نے حرمین شریفین کی تاریخی اٹلس امریکا اور برطانیہ کو بھجوادی

    سعودی عرب نے حرمین شریفین کی تاریخی اٹلس امریکا اور برطانیہ کو بھجوادی

    ریاض: شاہ عبدالعزیز ریسر چ فاؤنڈیشن اینڈ آرکائیو ( دراہ) نے عربی اور انگریزی زبان پر مشتمل مکہ اور دیگر مذہبی زیارات کی باتصویر اٹلس امریکا اور برطانیہ بھجوادی۔

    تفصیلات کے مطابق دراہ کی جانب سے بھیجی جانے والی یہ اٹلس برطانوی میوزیم اور امریکی لائبریری آف کانگریس میں سائنسدانوں اور محققین کی رہنمائی کے لیے رکھی جائے گی۔

    بتایا جارہا ہے کہ یہ اٹلس 325 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں مکہ اور حرمین شریفین کی تاریخی تصاویر اور تاریخ مرتب کی گئی ہے۔ یہ اٹلس 16 سال قبل مرتب کی گئی تھی اور اس میں عرب اور غیرملکی مسلم زائرین کی تاریخی تحاریر بھی شامل ہیں۔

    اسلام کی تاریخ کو عمومی اور مکہ شہر کی تاریخ کو خصوصی طور پر اجاگر کرنے کے لیے دراہ نے یہ اٹلس کئی بین الاقوامی کتب میلوں میں بھی بھجوائی ہے، یہ ریاض کے بین الاقوامی کتاب میلے میں بھی میسر تھی اور دراہ کی ویب سائٹ سے بھی اسے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    یہ اٹلس ڈاکٹر معراج نواب مرزا اور ڈاکٹر عبداللہ صالح شویش کی مشترکہ تالیف ہے اور اسے چھ ابواب میں منقسم کیا گیا ہے۔ مکہ مسلم اور مغربی پینٹرز کی نظر میں، ابتدائی فوٹوز اور خاکے ، اور مسجد الحرام اور مکہ شاہ عبدالعزیز اور ان کے بیٹوں کے دور میں، شامل ہیں۔

    اس اٹلس میں اس دور کی بھی تصاویر شامل ہیں جب نیا نیا کیمرہ ایجاد ہوا تھااور بلیک اینڈ وائٹ فلم ہوا کرتی تھی۔ یہ تصاویر مقامی اور غیر ملکی مسلم فوٹو گرافرز نے کھینچی تھیں۔

    اس ڈاکیومنٹ میں جدید سعودی حکومت کی مکے کے لیے خدمات کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے جیسا کہ مکے تک روڈز کی تعمیر، زائرین کے لیے پانی کا اہتمام، چھت کی تعمیر، مسجد میں روشنی کا انتظام، کعبے کا غلاف تیار کرنے کے لیے فیکٹری کی تشکیل ، دروازے کی تعمیر اور مکہ کلاک کی تعمیر شامل ہیں۔

  • سات سو سال تک زندہ رہنے والے ہندوستانی صحابی رسولؓ

    سات سو سال تک زندہ رہنے والے ہندوستانی صحابی رسولؓ

    کیا آپ جانتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے ایک صحابی بھارت کے ایک شہر بھٹنڈہ میں آسودۂ خاک ہیں، ان کی وہاں موجودگی سےآج بھی لوگ فیض حاصل کررہے ہیں۔

    بھارتی شہربھٹنڈہ سے تعلق رکھنے والے بابا رتن ہندی کا نام رتن ناتھ ابن نصر ہے اورروایت کے مطابق وہ ایک تاجر تھے ، جو کہ عرب ممالک میں اپنے مال کی فروخت کے لیے جایا کرتے تھے ۔

    بابا رتن ہندی کا تذکرہ علامہ ابن حجر عسقلانی نے اپنی تصنیف ’الصحابہ جلد اول‘ میں کیا ہے۔علاؤ الدین سمنانی نے اپنی کتاب فصل الخطاب میں ان کا ذکر کیا ہے جبکہ شاہ ولی علی اللہ نے بھی ان کا تذکرہ کیا ہے، معروف مصنف اشفاق احمد نے بھی اپنی مشہورزمانہ تصنیف زاویہ میں ان سے منسوب ایک کرامت کا تذکرہ کیا ہے ۔

    روایت ہے کہ رتن ہندی اپنی جوانی میں عرب کا سفر کررہے تھے کہ ایک خوبصورت کمسن چرواہے کو ، جس کی عمر سات سال کے لگ بھگ تھی ، انہوں نے مشکل میں دیکھا۔ انہوں نے آگے بڑھ کر اس کی مدد کی تو اس حسین نقوش کے حامل بچے نے حیرت انگیز طور پر انہیں سات بار دعا دی کہ ’اللہ تمہیں طویل عمر عطا کرے‘۔

    رتن اس کے بعد واپس ہند لوٹ آئے اور اپنے کاروبارِ حیات میں مشغول ہوگئے ،لگ بھگ 50 سال بعد ہند والوں نے شق القمر کا واقعہ دیکھا تو اس کا خوب تذکرہ ہوا، عرب سے آنے والے قافلے والوں نے بتایا کہ یہ کام وہاں قیام پذیر ایک ’اوتار‘ ( الہیٰ نمائندے ) نے کیا ہے ۔ یہ سن کر بابا رتن ہندی کے دل میں خواہش ہوئی کہ وہ اس اوتار کی زیارت کریں ، سو ایک بار پھر سامانِ تجارت لیا اور عرب کےسفر پر روانہ ہوئے ۔ مکے پہنچے توپتا چلا کہ چاند کے دو ٹکرے کرنے والی شخصیت یہاں سے جاچکی ہے اور اب مدینے میں قیام پذیر ہے۔

    اپنے دل کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے رتن ہندی مدینے چلے آئے اور سیدھے مسجدِ نبوی ﷺ پہنچے تو دیکھا کہ آنحضرت ﷺ اصحاب کے جھرمٹ میں بیٹھے انہیں تعلیم فرما رہے ہیں۔ رتن کی آمد پر وہ ا ن کی جانب متوجہ ہوئے اور آمد کا مقصددریا فت کیا تو انہوں نے کہا کہ معجزہ دیکھنا چاہتا ہوں۔

    ہند سے مدینے آنے والے اس تاجر کی بات پراللہ کے رسول ﷺ شفقت سے مسکرائے اور فرمایا کہ اے رتن ہندی! کیا بچپن میں جو میں نے تجھے طویل عمر کی دعا دی تھی ، وہ مجھ پر ایمان لانے کے لیے کافی نہیں ہے۔ یہ سننا تھا کہ رتن ناتھ نے کلمہ حق بلند کیا اور حضرت رتن رضی اللہ تعالی ٰ عنہہ قرار پائے۔

    اس سےآگے روایات میں اختلاف پایا جاتا ہے، کچھ کا خیال ہے کہ وہ پھر وہیں زندگی بھر رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں رہے ، کچھ کے نزدیک وہ چند دن وہاں گزار کر واپس اپنے وطن بھٹنڈہ لوٹ آئے اور اسلام کی تبلیغ و اشاعت شروع کی۔

    مشہور ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی بچپن میں دی دعا کی برکت سے وہ سات سو سال تک زندہ رہے اور برصغیر میں دین کی تبلیغ کرتے رہے۔شیخ رضی الدین علی ابن سعید لکھتے ہیں کہ جب انہوں نے 624 ہجری میں ہند کا دورہ کیا تو حضرت رت ہندی حیات تھے ، اور انہوں نے شیخ کو خود رسول اللہ ﷺ کی مجلس کا آنکھوں دیکھا حال سنایا تھا۔

  • وزیراعظم دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، روضہ رسولﷺپر حاضری

    وزیراعظم دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، روضہ رسولﷺپر حاضری

    ریاض: وزیر اعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، یہ وزیراعظم کا پہلا غیرملکی دورہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچے، جہاں  مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے ایئرپورٹ پروزیراعظم کا استقبال کیا.

    وفاقی وزرا شاہ محمود، اسد عمر، فواد چوہدری اور مشیرعبدالرزاق داؤد پاکستانی وفد میں شامل ہیں، اس موقع پر پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام، قونصلیٹ افسران بھی موجود تھے. 

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان اور وفد نے روضہ رسولﷺپر حاضری دی، وفدکے لئےخصوصی طورپرروضہ رسولﷺکےدروازےکھولےگئے۔

    وزیراعظم عمران خان ریاض الجنہ میں نمازمغرب اورنوافل کی ادائیگی کے بعد جدہ روانہ ہوگئے۔

    جدہ پہنچنے پر وزیراعظم کا ایئرپورٹ پر مکہ کےڈپٹی گورنر اور پاکستان قونصل جنرل نےاستقبال کیا، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی موجودتھے۔

    یاد رہے کہ یہ وزیرِ اعظم عمران خان کا پہلا غیرملکی دورہ ہے. وزیراعظم سعودی عرب کےبعد ابوظہبی کا دورہ کریں گے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں‌ کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جب کہ سعودی فرمانروا وزیراعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔

    https://www.facebook.com/PTIOfficial/videos/263505017832103/

    ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ جانے والے وزرا اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعظم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔