Tag: مذاکرات ناکام

  • جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور حکومت کی سی اے اے ملازمین کے ساتھ مذاکرات ناکام

    جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور حکومت کی سی اے اے ملازمین کے ساتھ مذاکرات ناکام

    اسلام آباد: پاکستان سوال ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے معاملے پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی اورحکومت کی سی اے اے ملازمین سے مذاکرات ناکام ہوگئے۔

    اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر یونین اور آفیسرز ایسوسی ایشن کا احتجاج اب بھی جاری ہے ملازمین نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے ہیں، بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی ہیں۔

    سی اے اے ملازمین کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ نہیں ہونے دیں گے، مطالبات پورے ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی اس تحریک کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا۔

    سی اے اے ملازمین کام چھوڑ کر اسلام آباد ائیرپورٹ کے لاونجز میں جمع ہیں اور ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے ہیں اس احتجاج کے باعث ائیر لائنز اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

  • آزادی مارچ پر مذاکرات ناکام، حکومتی مذاکراتی کمیٹی آج پریس کانفرنس کرے گی

    آزادی مارچ پر مذاکرات ناکام، حکومتی مذاکراتی کمیٹی آج پریس کانفرنس کرے گی

    اسلام آباد: آزادی مارچ کے معاملے پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی آج پریس کانفرنس کرے گی ، جس میں اپوزیشن سے مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا، حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ کے معاملے پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی آج پریس کانفرنس کرے گی ، پریس کانفرنس سہ پہر 3بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی ، جس میں کمیٹی کی جانب سے اپوزیشن سے مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

    گذشتہ روز حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے پرویز خٹک کی قیادت میں رہبر کمیٹی کے اراکین سے اکرم درانی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی ، جس میں دھرنے اور آزادی مارچ سے متعلق مطالبات پر غور کیا گیا تھا۔

    مذاکرات کے دو دور ہوئے، ایک دور میں اپوزیشن کی جانب سے چار نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا جس میں وزیر اعظم کے مستعفیٰ ہونے، نئے انتخابات کرانے، عوامی حقوق کی بالادستی اور آزادی مارچ میں رکاوٹ نہ ڈالنا شامل تھا۔

    مزید پڑھیں : حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات بے نتیجہ ختم

    حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے ملاقات شروع ہوتے ہی رہبر کمیٹی کے اراکین کو واضح کردیا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے کے علاوہ دیگر مطالبات کو نہ صرف سنا جائے گا بلکہ اُن کا بات چیت کے ذریعے حل بھی نکالا جائے گا۔

    حکومت کی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے تھے ، البتہ دونوں جانب سے رابطے برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں حکومتی مذاکراتی کمیٹی اوررہبرکمیٹی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی تھی ، جس کے مطابق مذاکرات کے دوران آزادی مارچ کے مقام کا تعین نہ ہوسکا تھا۔

    اپوزیشن کے تجویز کردہ3مقامات کو حکومتی کمیٹی نے مسترد کیا اور پریڈ گراؤنڈ میں جلسےکی تجویز دی تھی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ڈی چوک،چائنہ چوک اورپارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کی تجویز دی گئی، جنہیں حکومت نے یکسر مسترد کردیا تھا۔

  • کسان اتحاد کے انتظامیہ سے مذاکرات ناکام، کسانوں نے سڑک ہی پر بستر بچھالیے

    کسان اتحاد کے انتظامیہ سے مذاکرات ناکام، کسانوں نے سڑک ہی پر بستر بچھالیے

    لاہور : ملتان روڈ پر دھرنا دینے والے کسانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گنے کی کرشنگ فی الفور شروع کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کسان اتحاد کے تحت گنے کی کرشنگ لاہور کے علاقے ملتان روڈ پر سیکڑوں کسانوں کااحتجاجی دھرنا رات گئے بھی جاری ہے، مظاہرین نے مذاکرات میں ناکامی کے بعد سڑک پر ہی بستر بچھالیے ہیں۔

    ملتان روڈ پر دھرنا دینے والے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ گنے کی کرشنگ فی الفور شروع کی جائے اور کسانوں کی سابقہ ادائیگیاں بھی کی جائیں۔

    کسان اتحاد کے تحت احتجاجی دھرنا دینے والے کسانوں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

    نمائندہ اے آر وائی کا کہنا ہے کہ کسانوں نے شہر سے باہر جانےوالی سڑک کو ٹریفک کےلیے کھول دیا تھا تاہم شہر میں داخل ہونے والی سڑک تاحال بند ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق مظاہرین اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد کسانوں نے خون جما دینے والی سردی میں سڑک پر ہی بستر بچھالیےہیں۔

    کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مالی تعاون کیلئے اقدامات کرینگے، وزیراعظم عمران خان

    خیال رہے کہ ایک ماہ قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لئے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور ان مالی معاونت کیلئے اقدامات کریں گے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں تحقیق کو یکسر نظرانداز کیا گیا، زرعی شعبے کی ترقی پی ٹی آئی حکومت کا اہم ترین ایجنڈہ ہے، زرعی شعبے کے زوال کو قلیل مدتی اقدامات سے بہتری میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

  • مذاکرات ناکام، ینگ ڈاکٹرزکا چوتھے روزبھی احتجاج، مریض پریشان

    مذاکرات ناکام، ینگ ڈاکٹرزکا چوتھے روزبھی احتجاج، مریض پریشان

    لاہور : ینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال چوتھے روزبھی جاری ہے، محکمہ صحت کے ساتھ پے در پے مذاکرات کے بعد بھی معاملات طے نہ پا سکے، اب تک 38 ہڑتالی ڈاکٹروں کو ملازمت سے برطرف کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز اور محکمہ صحت کے درمیان طویل مذاکراتی نشست بے نتیجہ ختم ہونے کے بعد وائی ڈی اے نے دوبارہ ایمرجنسی سروس بند کرنے اور لانگ مارچ کرنے کی دھمکی دی ہے۔

    دوسری جانب ہسپتالوں کی او پی ڈی میں ڈاکٹرز موجود نہ ہونے سے مریض خوار ہوگئے، اسپتالوں میں آپریشن بھی ملتوی ہونے لگے۔

    محکمہ صحت نے ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے اب تک 38 ڈاکٹروں کو برطرف کردیا ہے تاہم ینگ ڈاکٹرز بضد ہیں کہ وہ کسی صورت اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔


    مزید پڑھیں: ینگ ڈاکٹرزکا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج،  متعدد گرفتار


    دوسری جانب لاہورہائیکورٹ میں لاہور کے ایک شہری کی جانب سے احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔


    مزید پڑھیں: لاہورمیں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال بدستور جاری


    درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کے تحت ڈاکٹرز کسی بھی صورت سروسز بند نہیں کر سکتے، لہٰذا ڈاکٹرز کی ہڑتال کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ہڑتالی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کرنے اور آئی جی پولیس پنجاب کوان کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دے۔

  • رحیم یارخان : سات مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے پولیس کا آپریشن جاری

    رحیم یارخان : سات مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے پولیس کا آپریشن جاری

    رحیم یار خان : پولیس اپنے پیٹی بھائیوں کو بازیاب نہ کروا سکی مغویوں کی بازیابی کیلئے سندھ اور پنجاب پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    چوکی پر تعینات اےایس آئی سمیت سات پولیس اہلکاروں کو اغواء کرلیا گیا، پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان ماچھکہ کے سرداروں کے ذریعے ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے۔

    جس کے بعد کچے کے نوگو ایریا میں گن شپ ہیلی کاپٹرز نے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر شیلنگ شروع کردی

    تفصیلات کے مطابق سندھ پنجاب کی سرحد پر پولیس اہلکار چوکی پر ڈیوٹی دےرہے تھے کہ اچانک بدنام ڈاکوسلطوشراورچھوٹوبکھرانی نےاپنےساتھیوں کیساتھ حملہ کردیا ۔

    ڈاکو باآسانی سات پولیس اہلکاروں کو اسلحے سمیت اغوا کرکے لےگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سندھ اور پنجاب پولیس کی بھاری نفری رحیم یار خان کےعلاقے کچے میں پہنچ گئی اور پولیس اہلکاروں کی بازیابی کے لئے مشترکہ آپریشن شروع کردیا۔

    رحیم یارخان پولیس نے ماچھکہ سرداروں کے ذریعے ہونیوالے مذاکرات کی ناکامی کے بعد مزاری قبیلے کے سرداروں سے رابطہ کیا تاکہ مذاکرات سے ذریعے اہلکاروں کو بازیاب کرایا جاسکے، لیکن مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے۔

    کچے کے نوگو ایریاز میں گن شپ ہیلی کاپٹر کی پروازیں بھی شروع کردی ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ بدنام زمانہ ڈاکو سلطو شر اور چھوٹو بکھرانی کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سندھ اور پنجاب کی پولیس نے رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن شروع کردیا۔

    ڈاکوؤں نے سات پولیس اہلکاروں کے بدلے اپنے سات ساتھیوں کی رہائی اور دریا پر چوکیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے لیکن پولیس نے ڈاکوؤں کا مطالبہ ماننے سے انکار کردیا ہے۔

    اس سے قبل رحیم یارخان کچے کے علاقے میں اندھیرا ہونے پرمغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئےآپریشن روک دیاگیا تھا۔

  • سانحہ شکارپورشہداء کمیٹی کالانگ مارچ انچولی پہنچ گیا

    سانحہ شکارپورشہداء کمیٹی کالانگ مارچ انچولی پہنچ گیا

    کراچی: سانحہ شکارپور شہداء کمیٹی کا لانگ مارچ کراچی کے علاقے انچولی پہنچ گیا۔

    سندھ میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف شکارپور سے روانہ ہونے والے لانگ مارچ قافلے کے شرکاء کراچی کے علاقے انچولی پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انچولی کے قافلے کی منزل نمائش چورنگی پہنچے گا جہاں شیعہ تنظیمیں لانگ مارچ قافلے کا استقبال کریں گی۔

    دوسری جانب نمائش چورنگی پر ایم ڈیبلو ایم کے کارکنان احتجاج کر رہے ہیں، اے آر وائی نیوز کے نمائندے رافع حسین کے مطابق لانگ مارچ کے نمائش چورنگی پہنچنے کے بعد علامہ ناصر عباس پریس کانفرنس میں لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    سانحہ شکار پور کے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گيا، لانگ مارچ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص ٹولہ شیعہ برادری کا قتل عام کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شرکاء کے قائد علامہ مقصود ڈومکی اور مولانا امین مشہدی کا کہنا تھا کہ انصاف کے ملنے تک وزیر اعلی ہاؤس کا گھیراؤ جاری رہے گا۔

  • شکارپورلانگ مارچ کے شرکا سے حکومتی مذاکرات ناکام

    شکارپورلانگ مارچ کے شرکا سے حکومتی مذاکرات ناکام

    کراچی : سانحہ شکارپور لانگ مارچ کے شرکا کو روکنے کیلئے سندھ حکومت کے مذاکرات ناکام ہو گئے۔ سندھ کے سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو کہتے ہیں کہ شہداء کے لواحقین کو امدادی چیک دے دیئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ شکارپور کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا، نثار کھوڑو نے بتایا کہ سانحہ شکارپور لانگ مارچ کے شرکا سے بھٹ شاہ میں مذاکرات کیے گئے جو نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے۔

    لانگ مارچ کے شرکا کراچی آنے پر بضد ہیں۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ حکومت سانحہ سے غافل یا بے حس نہیں، سانحہ شکار پور کے شہیدوں کے لواحقین کو امدادی چیک دیئے جاچکے ہیں اور زخمیوں کا بہترین علاج کرایا جا رہا ہے۔

    نثار کھوڑو کاکہنا تھا کہ سانحہ شکارپور کے ذمہ داروں کا پیچھا کیا گیا اور ماسٹر مائنڈ کوئٹہ میں ماراگیا۔

  • فیصلہ عوام کا ، آج یوم انقلاب کا دن

    فیصلہ عوام کا ، آج یوم انقلاب کا دن

    اسلام آباد :پاکستان عوامی تحریک کے حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے، ڈاکٹر طاہرالقادری  نے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات ناکام رہے، اب مذاکرات کا دروازہ بند ہوگیا ہے، مذاکرات کیلئےاب کوئی آنے کی زحمت نہ کرے۔

    ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا آج  یوم انقلاب کا دن ہے اور عوام فیصلہ کریں گی،  دوپہر3بجےعوام جمع ہوجائیں اب پاکستان کی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا، ہماری اس جگہ پر قیام کی آخری رات ہے۔

    ڈاکٹر طاہرالقادری آج سہہ پہر تین بجے دھرنے سے خطاب کریں گے۔

    گزشتہ رات پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور حکومتی وفد کے درمیان جاری مذاکرات اپنے اختتام کو پہنچ گئے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے گورنر سندھ اور گورنر پنجاب کا ان کی ذاتی حیثیت میں شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ وزیر اعظم اور حکومت کلی طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ ان کا یہ کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی نے ہم سے بارہا وقت مانگا اور ہم دیتے رہے لیکن وہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پائے ۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے دو مطالبے کئے تھے کہ پہلا مطالبہ سانحہ ماڈل ٹاوٗن کے اکیس نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور دوسرا مطالبہ شہباز شریف استعفیٰ دیں تاکہ مزید شرائط پر گفتگو ہوسکے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں غیر سنجیدہ ہے ہم نے وفد سے کہا تھا کہ آدھے گھنٹے بعد اگر حکومت کی جانب سے مطالبات نہ مانے جائے تو دوبارہ واپس نہ آئیں۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت سے مذاکرات ختم ہوچکیں ہیں ہم نے امن اور جمہوریت کو آخری حد تک موقع دیا لیکن حکمرانوں کی نیت میں عوام کو عدل دینا نہ پہلے تھا نہ اب ہے، لہذا مذاکرات کا دروازہ بند ہو گیا ہے اور ہم اپنا آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے میں حق بجانب ہیں۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ جو لوگ آنا چاہیں کل تک آجائیں، عوام کو کل سے زیادہ نہیں بیٹھنا پرے گا ، کل حکمرانوں کا فیصلہ عوام کریں گے۔

  • یوکرائن اور روس کے مذاکرات ناکام ہوگئے

    یوکرائن اور روس کے مذاکرات ناکام ہوگئے

    منسک : مشرقی یوکرائن کی صورتحال پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور ان کے یوکرائنی ہم منصب پیٹر پوروشنکو کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں مشرقی یوکرین میں جاری بحران کے حل کے لئے صدارتی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

    مذاکرات کے بعد یوکرین کے صدر پیٹر پوروشنکو کا کہنا تھا کہ بحران کے خاتمے کے لیے جلد ہی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی اور کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

    روسی صدر ولادی میر پوٹن نے کہا کہ روس یوکرائن اور علیحدگی پسندوں میں مذاکرات کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریگا۔