Tag: مذاکرات کا چوتھا روز

  • آئی ایم ایف نے قرض کے لیے پاکستان کے سامنے نئے مطالبات رکھ دیئے

    آئی ایم ایف نے قرض کے لیے پاکستان کے سامنے نئے مطالبات رکھ دیئے

    اسلام آباد : آئی ایم ایف نے نئے قرض پروگرام کے لیے پاکستان کے سامنے نئے مطالبات رکھ دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا چوتھا روز ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے نے ٹیکس نظام کو جدید بنانے کیلئے نئے مطالبات پیش کر دیے۔

    عالمی مالیاتی ادارے نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں سیلز ٹیکس وصولی صرف وفاقی ادارہ کرے۔

    آئی ایم ایف نے صوبوں میں ٹیکس وصولی بڑھانے کیلئے اقدامات کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اشیاء پر مرکز اور خدمات پر صوبوں کی ٹیکس وصولی سے سیلز ٹیکس نظام نقائص کا شکار ہے۔

    عالمی مالیاتی فنڈ نےسیلز ٹیکس سے استثناء اور کم شرح والے سیلز ٹیکس طریقہ کار کو مکمل ختم کر دینے کا مطالبہ کیا اور کہا تمام اشیاء اور خدمات پر 18 فیصد کے حساب سے سیلز ٹیکس وصول کیا جائے۔

    ذرائع کے مطابق سپلائی چین کو دستاویزی نہ بنائے جانے کے باعث سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس چوری ہو رہا ہے۔

    عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کو سیلز ٹیکس ویٹ موڈ میں اطلاق کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انشورنس سیکٹر میں بڑی اصلاحات اور انشورنس سیکٹر کیلئے علیحدہ ریگولیٹری باڈی قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔

    عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ مضبوط انشورنس سیکٹر کے بغیر سرمایہ کاری نہیں بڑھائی جا سکتی۔

    اس کے علاوہ عالمی مالیاتی فنڈ نے تینوں حکومتی انشورنس کمپنیوں کی نجکاری کا مطالبہ بھی کیا۔