Tag: مذاکرات

  • مولانا کو اندازہ ہوگیا ہے کہ وہ غلط مطالبات کر رہے ہیں، عثمان ڈار

    مولانا کو اندازہ ہوگیا ہے کہ وہ غلط مطالبات کر رہے ہیں، عثمان ڈار

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ مولانا کو اندازہ ہوگیا ہے کہ وہ غلط مطالبات کر رہے ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ صورت حال کو جلد معمول پر لایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ مولانا کو اندازہ ہوگیا ہے کہ وہ غلط مطالبات کر رہے ہیں۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ دھرنے سے پہلے بھی ایک معاہدہ تھا اس کی بھی پاسداری کرنی ہے، استعفے کا مطالبہ غیرآئینی ہے انہیں مذاکرات کی ٹیبل پر آنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے حکومتی اور رہبر کمیٹیاں حتمی نتیجے پرپہنچ جائیں گی، امید ہے دھرنے کے شرکا جمعہ گھروں کی مساجد میں ادا کریں گے۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ صورت حال کو جلد معمول پر لایا جائے، مولانا نے لچک دکھائی ہے تو حکومت پرامید ہے۔

    مارچ والوں کو وزیراعظم کا استعفیٰ کسی صورت نہیں ملے گا، علی محمد خان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر مملکت علی محمد خان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ والوں کو وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ کسی صورت نہیں ملے گا، ہم نے مارچ والوں کو پورے پاکستان میں کہیں نہیں روکا۔

    علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ہمارے وزیراعلیٰ پنجاب بھی جے یو آئی ف کا مارچ روک سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا، وزیراعظم عمران خان نے سب کو ہدایت دی تھی کہ مارچ والوں کو آنے دیں۔

  • تاجروں کے لیے بڑی خوش خبری

    تاجروں کے لیے بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: تاجروں کو شناختی کارڈ کی شرط اور فکس ٹیکس نظام کے نفاذ پر ریلیف دینے کے امکان کے بعد حکومت اور تاجر برادری کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت اور تاجروں میں ڈیڈ لاک پر درمیانی راستہ نکالنے پر اتفاق رائے متوقع ہے، جس کے بعد تاجر برادری احتجاج ختم کرسکتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی تاجروں پر فکس ٹیکس رجیم نافذ کرنے پر مشاورت مکمل ہوگئی، فکس ٹیکس سے ٹیکس ادائیگی میں موجودہ شرح کی نسبت15سے20گنا اضافہ ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق فکس ٹیکس کے نفاذ سے تاجروں سے ٹیکس وصولی ڈیڑھ سوارب تک ہوجائے گی، 150 مربع فٹ کی دکان یا ریٹیلر پر20سے25ہزار سالانہ ٹیکس لگانے کی تجویز پیش کی گئی۔

    برآمد کنندگان کی مالی وسائل سے متعلق مشکلات کا ازالہ کریں گے، عبدالحفیظ شیخ

    ’ٹیکس کی شرح دکان کی حیثیت، مقام اور دیگر معاملات دیکھ 50ہزار تک بڑھائی جاسکتی ہے، فکس ٹیکس رجیم میں شامل ہونے والے تاجر ستمبر سے دسمبر اپناٹیکس ادا کیا کریں گے‘۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک ہزار مربع گز سے زائد پر مشتمل دکان کو نارمل ٹیکس رجیم میں رجسٹر کیا جائے گا۔

    دوسری جانب مشیرخزانہ عبدالحفیظ نے کہا ہے کہ تاجروں کے ساتھ بہت اچھی میٹنگ ہوئی ہے، معاملے کو بہترانداز میں حل کرنا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں تاجر بھی خوش ہوں اور حکومت کے مقاصد بھی پورے ہوجائیں۔

  • یورپی یونین نے جنگ بندی کا مطالبہ کردیا

    یورپی یونین نے جنگ بندی کا مطالبہ کردیا

    برسلز: افغانستان میں قیام امن کے لیے یورپی یونین نے فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے جنگ بندی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے تھے کہ اچانک صدر ٹرمپ نے بات چیت منسوخ کردی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات منسوخ کیے جانے کے بعد افغانستان میں طالبان کے حملوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    موجودہ سنگین صورت حال کے باعث یورپین یونین نے زور دیا ہے کہ فریقین ایک بار پھر مذاکرات کی راہ اپنائیں، اور نئے سرے سے بات چیت کا آغاز کریں۔

    یورپی یونین کے سفیر رولینڈ کوبیا کا کہنا تھا کہ مذاکرات تو ناکام ہوگئے لیکن اب جنگ بندی پر غور کرنا چاہیے تاکہ دوبارہ بات چیت کے لیے راہیں ہموار ہوسکیں۔

    رولینڈ کوبیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ طالبان سے بات چیت کے لیے اہم کردار ادا کریں۔

    ادھر امريکی وزير دفاع مارک ايسپر افغانستان کے دورے پر ہیں، جہاں وہ کابل میں افغان صدر اشرف غنی سمیت دیگر حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں جس کا مقصد خطے میں قیام امن کے لیے معاہدہ طے کرنا ہے۔

    کابل: سفارتی علاقے میں خود کش حملہ، دس افراد ہلاک

    یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں امریکا نے طالبان سے مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہماری میٹنگ کیمپ ڈیوڈ میں طالبان رہنماؤں سے ہونے والی خفیہ ملاقات طے شدہ تھی، میٹنگ بلانے کا آئیڈیا بھی میرا تھا اور اس کو منسوخ کرنے کا بھی، یہاں تک میں نے کسی اور سے اس پر تبادلہ خیال نہیں کیا تھا۔

    بات چیت کے خاتمے کے بعد طالبان نے اپنے حملوں میں اضافہ کردیا، امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ حملہ بھی ایک ایسے وقت میں ہواجب امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والی بات چیت مکمل طور پر ختم ہوگئی۔

  • حکومت معیشت مستحکم کرنے کے لیے دل جمعی سے کام کر رہی ہے: وزارت خزانہ

    حکومت معیشت مستحکم کرنے کے لیے دل جمعی سے کام کر رہی ہے: وزارت خزانہ

    اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی مذاکرات جاری ہیں، مذاکرات کے دوران وزارت خزانہ نے بتایا کہ حکومت معیشت مستحکم کرنے کے لیے دل جمعی سے کام کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی مذاکرات جاری ہیں۔ آئی ایم ایف نے تجارتی اور جاری کھاتوں میں کمی پر حکومت کی تعریف کی۔

    ترجمان وزارت خارجہ نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ حکومت معیشت مستحکم کرنے کے لیے دل جمعی سے کام کر رہی ہے، حکومت کو آئی ایم ایف و دیگر ترقیاتی پارٹنرز کا اعتماد حاصل ہے۔

    وزارت خزانہ کے مطابق حکومت بہتری کے اس عمل کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی تکنیکی ٹیم پالیسی اسسٹنس کے لیے پاکستان آئی ہے، آئی ایم ایف ٹیم میں کینیڈا اور امریکا کے ماہرین شامل ہیں۔ ٹیم ایف بی آر کا دورہ بھی کرے گی۔

    ایف بی آر کے مطابق آئی ایم ایف ٹیم سے ڈیٹا اور قوانین پر بات چیت کرے گا۔ آئی ایم ایف کی ٹیم ٹیکس سسٹم میں بہتری کے لیے تجاویز دے گی۔

  • بریگزٹ ڈیل: یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان مذاکرات بےسود

    بریگزٹ ڈیل: یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان مذاکرات بےسود

    لندن: بریگزٹ ڈیل سے متعلق یوپین یونین اور برطانیہ کے درمیان مذاکرات ناکام رہے، کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین اور برطانوی رہنماؤں نے وفود کی سطح پر مذاکرات کیے جس میں کوئی خاطرخواہ پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سے برطانيہ کے انخلاء کے لیے جاری بریگزٹ مذاکرات بےسود ثابت ہوئے، فریقین کے درمیان پیچیدہ اختلافات ہیں۔

    یورپی یونین کے بریگزٹ کے لیے مقرر خصوصی مذاکرات کار مشیل بارنیئر نے برطانیہ کے ساتھ رواں ہفتے کے دوران بریگزٹ ڈیل طے پانے کو مناسب برطانوی حکومتی تجاویز سے جوڑا تھا۔

    آج سے یورپی یونین کی سمٹ شروع ہوگی اس کے باوجود کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا، ابھی تک برطانیہ کے یورپی یونین چھوڑ دینے کی تاریخ اکتیس اکتوبر طے ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں بریگزٹ معاہدے پر صورت حال واضح ہوسکتی ہے یا کم ازکم برطانیہ کی یونین سے علیحدگی کے التوا کی وجوہات بھی سامنے آجائیں گی۔

    بریگزٹ ڈیل کی ممکنہ ناکامی پر برطانیہ نے اپنا ہی منصوبہ پیش کردیا

    یورپی یونین کے ایک عہدیدار نے کہا کہ کمیشن طے کرے گا کہ ممکنہ طور پر راستہ کیا ہوگا کیونکہ یہ ایک اچھا موقع ہے، تاہم مذاکرات میں کیا طے پایا اس حوالے سے دونوں فریقین نے کچھ نہیں بتایا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں برطانیہ کے وزیرا عظم بورس جانسن نے آئرلینڈ کی سرحد کو کھولے رکھنے سے متعلق اپنا ہی بریگزٹ منصوبہ پیش کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ متبادل راستہ صرف یہ ہی ہے کہ معاہدے کے بغیر یورپی یونین سے 31 اکتوبر تک علیحدہ ہوجائیں گے۔

  • پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کریں: چینی وزرات خارجہ

    پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کریں: چینی وزرات خارجہ

    بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کریں، مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن واضح ہے، مذاکرات سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں ترجمان چینی وزارت خارجہ نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کریں، مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن واضح ہے۔

    ترجمان چینی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے پاکستان اور بھارت متنازعہ معاملات پر بات کریں گے، مذاکرات سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    چینی دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ مذاکرات سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، پاک بھارت مذاکرات خطے اور عالمی برادری کے مفاد میں ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران ان کی چینی صدر شی جن پنگ ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔

    ملاقات میں چینی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات سے پاکستان مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

    چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغان مسئلے کے پر امن حل پر اتفاق کیا۔

  • افغان جنگ کا حل سیاسی عمل میں ہے: وزیر خارجہ

    افغان جنگ کا حل سیاسی عمل میں ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغان جنگ کا حل سیاسی عمل میں ہے، پاکستان کی کوشش ہے افغان عمل مذاکرات کو دوبارہ بحال کروائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان طالبان کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کا 12 رکنی وفد آج دفتر خارجہ تشریف لایا، ان سے آج ایک نشست ہوئی، نشست میں افغان طالبان کی سینئر قیادت موجود تھی۔ ہم نے افغان طالبان کے سامنے اپنا مؤقف پیش کیا اور ان کا مؤقف بھی سنا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ زلمے خلیل زاد پاکستان میں موجود ہیں ان سے ملاقاتیں ہوں گی، کوشش ہے امریکا اور افغان طالبان مذاکرات دوبارہ بحال ہوں۔ کچھ قوتیں ہیں جو خطے میں امن نہیں چاہتیں۔ طالبان وفد کو سمجھایا مخالفین نے تو رکاوٹیں کھڑی کرنی ہے۔ افغان طالبان سے گفتگو میں کہا ہمیں خطے کا امن دیکھنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بہتر ماحول میں مذاکرات کے لیے تشدد کے سلسلے کو بند ہونا چاہیئے، بہتر ماحول میں افغان امن عمل کی جلد بحالی ممکن ہوسکے گی۔ معاہدہ ہو جائے تو فریقین کو اس پر عملدر آمد کا موقع ملے گا۔

    بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بہا الدین زکریا یونیورسٹی میں کانفرنس سے خطاب کیا، اپنے خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ طالبان وفد ملا برادر کی سربراہی میں پاکستان آیا، پاکستان کی کوشش ہے افغان عمل مذاکرات کو دوبارہ بحال کروائیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ آج افغان طالبان کے ساتھ سوا گھنٹے کی مثبت نشست ہوئی، افغان طالبان سے نشست کے بعد پر امید لوٹا ہوں۔ افغان طالبان نے 40 سال کرب میں گزارے ہیں۔ پاکستان 4 دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔ پاکستان نے افغان مہاجرین کو سینے سے لگایا۔

    انہوں نے کہا کہ افغان جنگ کا حل سیاسی عمل میں ہے، جب تک معشت ترقی نہیں کرتی روزگار پیدا نہیں ہوتا۔ بے روزگاری کا مقابلہ کرنا تو 7 سے 8 فیصد سالانہ ترقی حاصل کرنا ہوگی۔ الجھانے کی کوشش نہ کی جائے، سلجھانے والے کم ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم نے دنیا کے سامنے سلجھانے کی بات کی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں اس خطے میں امن و استحکام ہو، کچھ ہوتا ہے تو اس کے اثرات پاکستان سمیت دنیا پر بھی پڑیں گے۔ آج عالمی میڈیا کا بیانیہ بھی بدل رہا ہے۔ سب کے سب پاکستان کے حق میں بول رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا میں پاکستان کا مضبوط مؤقف رکھا۔

    انہوں نے کہا کہ جب آئی ایم ایف کے محتاج ہوں گے تو دنیا آپ پر توجہ نہیں دے گی، جرمنی ایک بن سکتا ہے تو کشمیر کیوں آزاد نہیں ہوسکتا۔ 18 سے 20 کروڑ مسلمان آج بھی بھارت میں ہیں۔ بھارت اس راستے پر نہ چلے جس پر پھردقت کا سامنا ہو، مودی سرکار کا 5 اگست کا فیصلہ بہت بڑی غلطی تھی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ مودی یا کوئی بھارتی وزیر سرینگر میں جلسہ کر کے دکھائے، اگر کشمیری ساتھ دیں تو میں وزارت چھوڑ دوں گا۔ غلام نبی آزاد نے جو بیان کیا بہت بھیانک صورتحال ہے۔ اسلامو فوبیا کے مقابلے کے لیے انگریزی چینل لانے کا فیصلہ کیا ہے، ترکی، ملائیشیا اور پاکستان مل کر انگریزی چینل لانچ کر رہے ہیں، انگریزی چینل اسلام کی تاریخ اور ہیروز کو اجاگر کرے گا۔

  • امریکا سے شدید کشیدگی، ایران نے ایک بار پھر مذاکرات سے انکار کردیا

    امریکا سے شدید کشیدگی، ایران نے ایک بار پھر مذاکرات سے انکار کردیا

    تہران: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر جان بولٹن کے استعفے کے باوجود ایران نے امریکا سے بات چیت کرنے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کی رخصتی کے باوجود امریکا سے کوئی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔

    ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر ماجد تخت عروانچی نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کی رخصتی کے بعد ایران امریکا سے مذاکرات کی بحالی پر نظرثانی نہیں کرے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایران پرعاید پابندیوں کے برقرار رہنے کی صورت میں تو امریکا سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن ایران کی پالیسی کے شدید خلاف تھے، انہوں نے کئی بار اپنے بیانات میں تہران حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن سے استعفیٰ لے لیا

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا کے اس فیصلے کے بعد ایران سے مذاکرات کی کوئی راہ نکلے گی تاہم ایران نے واشنگٹن حکام سے بات چیت کرنے سے انکار کردیا۔

    یاد رہے کہ استعفے سے قبل جان بولٹن نے ایک بیان میں ایران کو خبردار کیا تھا کہ وہ امریکا کی جانب سے تحمل اور تدبر کے مظاہرے کو اس کی کم زوری سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔

  • "امریکا کو پچھتانا پڑے گا” مذاکرات کے خاتمے پرافغان طالبان کا ردعمل

    "امریکا کو پچھتانا پڑے گا” مذاکرات کے خاتمے پرافغان طالبان کا ردعمل

    کابل: ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات ختم کرنے کے بیان پر افغان طالبان کا ردعمل سامنے آگیا.

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے مذاکرات مکمل طور پر معطل کرنے پر افغان طالبان نے کارروائیاں‌تیز کرنے کی دھمکی دے دی.

    طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طالبان اپنی کارروائی تیز کر دیں‌ گے، جلد ہی امریکا اپنے اس فیصلے پر پچھتانا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ آج امریکی صدر نے پھر یہ بیان دہرایا ہے کہ فغان طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات ختم ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایک طویل عرصے سے وہاں رہا ہے، البتہ اب افغان حکومت کو خود بھی ذمہ داریاں اٹھانا ہوں گی۔

    مزید پڑھیں: امریکا طالبان مذاکرات کی معطلی پر جرمنی کا ردعمل سامنے آگیا

    امریکا کی جانب سے کابل میں ہونے والے حالیہ حملوں کے بعد یہ انتہائی قدم اٹھایا گیا ، تجزیہ کاروں‌کے مطابق افغان صدر کے دورہ امریکا منسوخ ہونے کا سبب بھی یہی حملے ہی تھے.

    دوسری جانب جرمنی کی جانب سے امریکی صدر کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے واضح ہوگیا کہ امریکا امن کے لیے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کو تیار نہیں.

  • پاکستان کے پاس جنگ کا کوئی آپشن نہیں، ترجیح ہمیشہ امن ہے، شاہ محمود قریشی

    پاکستان کے پاس جنگ کا کوئی آپشن نہیں، ترجیح ہمیشہ امن ہے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، بھارت میں مذاکرات کا ماحول نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کو بھارت سے دوطرفہ مذاکرات پراعتراض نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، بھارت میں مذاکرات کا ماحول نہیں ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت فوری کرفیو ہٹائے، کشمیری قیادت کو رہا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کشمیری قیادت سے ملنے کی اجازت دے تو مذاکرات ہوسکتے ہیں۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس جنگ کا کوئی آپشن نہیں ہے، ترجیح ہمیشہ امن ہے، ایک سال میں متعدد بار بھارت کو مسائل پر مذاکرات سے حل کرنے کو کہا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 26 فروری کوجارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، بھارت کے 2 طیارے مار گرائے، پائلٹ کو گرفتار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزنوی میزائل کا تجربہ کیا، قوم بالکل تیار ہے۔

    مقبوضہ کشمیرمیں 27ویں روز بھی کرفیو

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 27ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔