Tag: مذمت

  • صدراوباما کی 3مسلمان طلباء کے قتل کی مذمت

    صدراوباما کی 3مسلمان طلباء کے قتل کی مذمت

    واشنگٹن :امریکی صدر براک اوباما نے نارتھ کیرولینا میں تین مسلمان طلباء کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے سفاکانہ اقدام قرار دیا ہے۔

    تین مسلمان طلباء کے قتل پر جاری بیان میں امریکی صدربراک اوباما کا کہنا تھا کہ کسی شخص کو بھی اس کی رنگت یا مذہب کی بنیاد پرنشانہ نہیں بنایا جا سکتا، طلبا کا قتل ظالمانہ فعل ہے۔

    دوروزقبل چیپل ہل کے علاقے میں ایک شخص نے دوخواتین سمیت تین طلباء کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، مسلمان طلباء کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے امریکی صدر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس معاملے پراپنا موقف واضح کریں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق قاتل نےایک روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اسلام مخالف بیانات جاری کیے تھے، جس میں مسلمانوں سے نفرت کا اظہار کیا گیا تھا۔ دومسلمان طالبات اور ایک طالبعلم کے قتل کو عالمی میڈیا کی جانب سے مناسب کوریج نہ دیئے جانے پر سوشل میڈیا نے اسےتنقید کا نشانہ بنایا۔

  • چارسدہ میں اسکول وین پر فائرنگ قابل مذمت ہے،الطاف حسین

    چارسدہ میں اسکول وین پر فائرنگ قابل مذمت ہے،الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے چارسدہ میں اسکول وین پر مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چارسدہ میں اسکول وین پر فائرنگ کے واقعے نے ثابت کردیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز بھی دہشت گرد پشاور میں ایک اسکول کے باہر بم پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔صوبائی حکومت ذمہ داران کو جلد از جلد گرفتار کرے۔

    انہوں نے اسکول وین پر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور زخمی بچوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

  • تعلیم دشمن عناصر ملک کا مستقبل تاریک کرنا چاہتے ہیں، الطاف حسین

    تعلیم دشمن عناصر ملک کا مستقبل تاریک کرنا چاہتے ہیں، الطاف حسین

    لندن: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں اسکولوں پر کریکر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم دشمن عناصر ملک کا مستقبل تاریک کرنا چاہتے ہیں۔

    قائدالطاف حسین نے کراچی میں گلشن اقبال بلاک 7 میں واقع اسکولوں بیکن ہائی اسکول اوربیکن لائٹ اسکول پر دہشت گردوں کی جانب سے دستی بموں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے، الطاف حسین نے کہا کہ پشاورمیں آرمی پبلک اسکول پر طالبان دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے اورمعصوم بچوں کے قتلِ عام کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے کراچی میں بھی اسکولوں پر دہشت گردوں کے حملوں کا خطرہ تھا لیکن اس کے باوجود بھی صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی کے اسکولوں کے تحفظ اور کراچی کے اسکولوں کے معصوم بچوں کو دہشت گردوں کے حملوں سے محفوظ رکھنے کیلئے مناسب اقدامات نہیں کئے گئے اور آج درندہ صفت دہشت گردوں نے گلشن اقبال بلاک 7میں اسکولوں پر دستی بم پھینکے اور باآسانی فرار ہوگئے۔

    الطاف حسین نے اسکولوں پر ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو سفاک دہشت گرد اسلام کے نام پر اسکولوں کے معصوم بچوں کو اپنی دہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں وہ نہ اسلام کے دوست ہیں اورنہ ہی مسلمانوں کے بلکہ یہ سفاک عناصر انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اوریہ عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

    الطاف حسین نے کہا کہ میڈیا پر آنے والی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے وہاں داعش کے ہینڈ بل بھی پھینکے ہیں، جوچیخ چیخ کر کراچی میں داعش کی موجودگی کاپتہ دے رہے ہیں لیکن ہمارے حکمران اب بھی حالتِ انکار میں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ کراچی کے کسی بھی اسکول پر آرمی پبلک اسکول حملے جیسا کوئی واقعہ ہوا تو حکمراں اس کے ذمہ دارہوں گے، الطاف حسین نے ایک بار پھر حکومت اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں اسکولوں کے تحفظ کیلئے فی الفوراقدامات کئے جائیں، اسکولوں کے اساتذہ کو فی الفوراسلحہ کے لائسنس دیئے جائیں اور ریاستی وسائل کو بروئے کار لاکر ان دہشت گردوں کا قلع قمع کیاجائے۔

    الطاف حسین نے بیکن ہائی اسکول اوربیکن لائٹ اسکول اوردیگرقریبی اسکولوں میں زیرتعلیم بچوں ، ان کے والدین اوران اسکولوں کی انتظامیہ سے ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، میں اور میرے ساتھی ان کے ساتھ ہیں۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ دہشتگردوں کی جانب سے اسکولوں پر حملے نے کراچی کے شہریوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے وزیرِاعظم نواز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار سے مطالبہ کیا کہ وہ اسکولوں پر کریکر حملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور کراچی سمیت ملک بھر میں اسکولوں، کالجوں ، یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔

  • شکارپوردھماکے پرصدروزیراعظم و دیگرکا اظہارمذمت

    شکارپوردھماکے پرصدروزیراعظم و دیگرکا اظہارمذمت

    کراچی : شکار پور میں ہونے والے ہولناک واقعے پر سیاسی اور مذہبی شخصیات نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔

     تفصیلات کے مطابق صدرپاکستان ممنون حسین اور وزیرداخلہ چوہدری نثاراحمد نے امام بارگاہ دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

      وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دھما کے کی مذمت کرتے ہو ئے اسے انسان دشمنی سے تعبیر کیا ۔ ۔شکار پور دھماکے پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ دھماکا کرنیوالے انسان نہیں حیوان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر خوف کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے امام بارگاہ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں پر حملے انتہائی درجے کی سفاکیت ہے۔

    پاکستان عوامی تحریک کے سر براہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حکومت کی رٹ کا وجود ہی نہیں ہے ،امن کی مسلسل دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں ۔

    دھماکے کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت دیگر سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نےدھماکے پر گہرےدکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • ایم کیوایم کے کارکن کا قتل ، وفاقی حکومت کا ایم کیو ایم سے رابطہ

    ایم کیوایم کے کارکن کا قتل ، وفاقی حکومت کا ایم کیو ایم سے رابطہ

    کراچی: ایم کیوایم کے کارکن سہیل احمد کے قتل پر ایم کیوایم نے یوم سوگ اور ہڑتال کا اعلان کیا تو وفاق اور سندھ کے حکمران حرکت میں آگئے ۔

     وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو فون کرکے ایم کیوایم کے کارکن کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ، وزیر داخلہ نے گورنر سندھ کو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دھانی کروائی ۔

    چوہدری نثار نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے بھی واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں ۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی ایم کیوایم کے رہنما بابر غوری سے فون پر رابطہ کرکے کارکن سہیل کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ۔

     اسحاق ڈارکا بابر غوری سے کہنا تھا وزیر اعظم نے ایم کیوایم کے کارکن کا قتل نوٹس لے لیا ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

     وزیر اعظم کے معاون خصوصی امتیاز شیخ نے بھی بابر غوری کو فون کرکے ایم کیوایم کے کارکن کے قتل پر افسوس کا اظہارکیا۔

  • ملک بچانے کیلئے جماعت اسلامی پر پابندی لگائی جائے، الطاف حسین

    ملک بچانے کیلئے جماعت اسلامی پر پابندی لگائی جائے، الطاف حسین

    کراچی : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے ملک بچانے کیلئے جماعت اسلامی پر پابندی لگائی جائے۔

    متحدہ قومی مومنٹ کے قائدالطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ ماہ پشاورکے آرمی پبلک اسکول میں ہونے والا اندوہناک سانحہ بھی قوم کو متحد نہ کرسکا ۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے انڈیا کے دورے میں اربوں روپے کی امداد دی لیکن پاکستان کو صرف 25کروڑ ڈالردیے جو دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کے نقصانات کے سامنے اونٹ کے منہ میں زیرہ دینے کے مترادف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت مستقل با رڈرز کی خلاف ورزی کرکے پاکستان کی سرحدوں کے اندر گولہ باری کر رہاہے ، لوگ شہید ہورہے ہیں لیکن اس پر امریکی وزیر خارجہ نے مذمت کا اظہار تک نہیں کیا۔

     الطاف حسین کا کہنا تھا طالبان اور داعش کے لوگ جماعت اسلامی کے رہنماوں کے گھروں سے گرفتار ہو رہے ہیں، ملک بچانے کیلئے جماعت اسلامی پر پابندی لگائی جائے۔

  • کراچی: اورنگی میں ایم کیوایم کا ایک اورعہدیدار اشرف خان قتل

    کراچی: اورنگی میں ایم کیوایم کا ایک اورعہدیدار اشرف خان قتل

    کراچی: شہرقائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں دوسرے روز بھی ٹارگٹ کلنگ نہ رکی، نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایم کیو ایم کے عہدیدار اشرف خان کو قتل کر دیا۔

    اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں متحدہ قومی موومنٹ کے قتل ہونے والے کارکن کا نام اشرف خان تھا جو پارٹی کی بلوچستان کمیٹی کا جوائنٹ سیکریٹری تھا۔

    ایم کیو ایم کے کارکن کی ہلاکت کے بعد ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور آرمی چیف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ان کے قتل کے بعد پارٹی ایک بہادر کارکن سے محروم ہو گئی ہے ، حکومت قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے۔

  • کارکنوں کے قتل کے خلاف ایم کیوایم کا قومی اسمبلی سے واک آوٴٹ

    کارکنوں کے قتل کے خلاف ایم کیوایم کا قومی اسمبلی سے واک آوٴٹ

    اسلام آباد: ایم کیو ایم نے کراچی میں کارکنوں کے قتل کے خلاف ایوان میں نعرے بازی کی اور واک آوٴٹ کیا، پیپلز پارٹی کے اعجاز جاکھرانی کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گر د مارے جارہے ہیں۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت نصیر اللہ بابر کی بربریت کی یاد تازہ کررہی ہے۔ ایم کیو ایم کے پانچ کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، قتل کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، ایم کیو ایم کو قومی منظرنامے سے آوٴٹ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہاکہ سازش کے تحت کراچی کی فضا کو خراب کیا جارہا ہے، کراچی کے حالات اگر خراب ہوئے تو ایم کیو ایم ذمہ دار نہیں ہوگی، اس موقع پر ایم کیو ایم کے اراکین نے ایوان میں شدید نعرے بازی کے بعد واک آوٴٹ کیا، اعجاز نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کراشی میں آپریش نکرہی ہے، کلراچی میں امن قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

  • الطاف حسین کی ایم کیوایم کے کارکن سکندرعلی کے قتل کی مذمت

    الطاف حسین کی ایم کیوایم کے کارکن سکندرعلی کے قتل کی مذمت

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے کارکن سکندرعلی کے ماورائے عدالت قتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اور وزیراعظم ، آرمی چیف و چیف جسٹس سے مطالبہ کیاہے کہ ماورائے عدالت قتل کا نوٹس اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ان کا کہنا ہے کہ سکندر کے قاتل رضاکارانہ طور پر خود کو پولیس کے حوالے کر دیں۔

    الطاف حسین نے کہا کہ سکندر علی ولد سید ارتضٰی حسین پیر کی شب ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا، چندگھنٹوں بعد سکندرعلی کی تشدد زدہ لاش مواچھ گوٹھ سے ملی۔

    الطاف حسین نے کہا کہ کچھ دنوں قبل بھی ایم کیو ایم لانڈھی سیکٹر کے کارکن ساجد کو اسی طرح تشدد کرکے شہید کردیا تھا، ان کا کہنا ہے کہ سکندر کے قاتل رضاکارانہ طور پر خود کو پولیس کے حوالے کر دیں۔

    انہوں نے ایم کیوایم کے کارکن سکندر کے بہیمانہ اور سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس، رینجرز یا کسی بھی سرکاری ایجنسی کو یہ حق نہیں کہ کسی بھی فرد کو گرفتار کرنے کے بعد قانون کے تحت عدالت میں پیش کرنے کے بجائے تشدد کرکے قتل کردے ۔

    الطاف حسین نے وزیرِاعظم ، آرمی چیف و چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ ماورائے عدالت قتل کا نوٹس اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت نے پولیس اور دیگر محکموں میں خاص طورپر ایسے افسران مقرر کئے ہیں۔ جومعصوم وبے گناہ لوگوں کے ماورائے عدالت قتل اور سفاکیت وبربریت میں اپنی شہرت رکھتے ہیں، اس پالیسی کے تحت کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کو پکڑ پکڑ کرغائب کیاجارہا ہے، الطاف حسین نے سکندر شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

  • پشاور اسکول حملہ،وزیرِاعظم سمیت سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی مذمت

    پشاور اسکول حملہ،وزیرِاعظم سمیت سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی مذمت

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف نے پشاور میں اسکول کے بچوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مزمت کی ۔

    وزیراعظم نے وزیرِداخلہ چوہدری نثار کو ٹیلی فون کیا اور گورنر کے پی کے سے رابطے کرنے اور صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کرنے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے سیکیورٹی فورسز کو بچوں کو بحفاظت بازیاب کرنے کی ہدایت کی ۔

    وزیراعلٰی شہباز شریف نے اسکول پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور طاہر القادری نے کہا کہ معصوم بچوں پر دہشتگرد حملہ بدترین سفاکیت ہے۔

    مسلم لیگ ق کے چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی نے کہا کہ معصوم طلبہ کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا نہایت افسوسناک ہے، امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حملہ مستقبل کے معماروں کو نقصان پہنچانا ہے ۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ دہشتگردوں کا حملہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے بھی آرمی پبلک اسکول پر حملے کی مذمت کی، سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگرد ملک اور تعلیم کے دشمن ہیں۔

    اہلسنت و الجماعت کے پی کے کے صدر عطاء محمد دیشانی ، وحدت المسلمین ، متحدہ علماء کونسل کے راجا ناصر عباس اور طاہر محمود اشرفی نے حملہ اسکول پر نہیں تعلیم اور انسانیت پر قرار دیا ۔

    تحفظ عزاداری کونسل رحیم جعفری اور آئی ایس او کے مرکزی صدر تہور عباس حیدری نے بھی اسکول پر حملے کی مزمت کی۔