Tag: مذمت

  • پاکستان کی افغانستان کی مسجد میں دھماکوں کی شدید مذمت

    پاکستان کی افغانستان کی مسجد میں دھماکوں کی شدید مذمت

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے افغانستان کے صوبے ننگرہار کی مسجد میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان افغانستان کے صوبے ننگرہار میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں اور بم دھماکوں میں قیمتی انسانی زندگیوں کے نقصان پر دلی تعزیت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔

    افغان صوبے ننگرہار کی مسجد میں 2 دھماکے، 62 نمازی شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز افغان صوبے ننگرہار میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران 2 دھماکوں کے نتیجے میں 62 نمازی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھاکہ دھماکا اتنا زور دار تھا کے مسجد کی دیواریں گر گئیں۔

    دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایل اوسی پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی مذمت

    وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایل اوسی پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی مذمت

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کا بزدلانہ اور قابل مذمت عمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ایل اوسی پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

    سردارعثمان بزدار نے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کا بزدلانہ اور قابل مذمت عمل ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکیال اور رکھ چکری سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آباد کو نشانہ بنایا تھا۔

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بزرگ خاتون اور نوجوان شہید

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے بزرگ خاتون سلامت بی بی اور 13 سال کا ذیشان ایوب شہید جبکہ 2 خواتین سمیت 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سزفائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ میں اب تک متعدد شہری اور فوجی جوان شہید ہوچکے ہیں۔

  • چمن دھماکا سیکورٹی اداروں کے حوصلے پست کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے: وزیر داخلہ

    چمن دھماکا سیکورٹی اداروں کے حوصلے پست کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ چمن دھماکا سیکورٹی اداروں کے عزم اور حوصلے کو پست کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے چمن دھماکے کو بزدلانہ کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں جانی و مالی نقصان پر سخت افسوس ہے، حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

    انھوں نے چمن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ملک دشمن عناصر خوف زدہ ہیں کہ چمن میں معمولاتِ زندگی بہتر ہو رہے ہیں، ہم تجارت سے لے کر بارڈر سیکورٹی کا کام یقینی بنائیں گے۔

    وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا اس قسم کے بزدلانہ اقدام کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، بلوچستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والی ہر سازش کا مقابلہ کریں گے۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی چمن دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

    تازہ ترین:  چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا دہشت گردی میں ملوث عناصر کو فوری قانون کی گرفت میں لایا جائے، دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا ہم شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور مذہب کے منافی فعل ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ انھیں چمن دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر دکھ ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہیں۔

    واضح رہے کہ آج صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے پر دھماکا کیا گیا، جس کے نتیجے میں مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے۔

  • مودی کو امارات ایوارڈ دینے پر ملائشین مشاورتی کونسل کی مذمت

    مودی کو امارات ایوارڈ دینے پر ملائشین مشاورتی کونسل کی مذمت

    کوالالمپور : ملائیشیا کی مشاورتی کونسل نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کومتحدہ عرب امارات کی طرف سے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشاورتی کونسل نے کوالالمپور سے جاری ایک بیان میں نریندر مودی کی طرف سے یو اے ای کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ وصول کرنے پر شدید نفرت کا اظہار کیاہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ متحدہ عرب امارات کیلئے انتہائی شرمناک بات ہے کہ یہ حقیقت جانتے ہوئے بھی کہ بھارت میں اقلیتوں کو بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنا یا جارہا ہے نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز ا گیا ہے۔

    یو اے ای نے بھارت سے معاشی فائدے کیلئے آنکھیں بند کر لی ہیں جبکہ نریندر مودی کے ہاتھ گجرات اور مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یو اے ای کے اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقو ق کی پامالیوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی پر کوئی تشویش لاحق نہیں اور اسے نریندر مودی کے دور حکومت میں مسلمانوں پر ظلم و تشدد کی کوئی پروا نہیں ہے۔

  • امریکی ارکان کانگریس کی جانب سے ہانگ کانگ میں مظاہرین کی حمایت کی مذمت

    امریکی ارکان کانگریس کی جانب سے ہانگ کانگ میں مظاہرین کی حمایت کی مذمت

    بیجنگ : چینی پارلیمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ کی پچھترلاکھ آبادی اور چین کے تمام عوام مٹھی بھر متشدد مظاہرین کی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین کی پارلیمنٹ کے ترجمان یو وینزے نے امریکی کانگریس کے بعض ارکان کی جانب سے ہانگ کانگ میں جمہوریت نوازوں کے مظاہروں کی حمایت میں بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ہانگ کانگ کی پچھترلاکھ آبادی اور چین کے تمام عوام مٹھی بھر متشدد مظاہرین کی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہیں اور وہ غیر ملکی قوتوں کی اپنے داخلی امور میں مداخلت کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتوار کو ایک بیان میں انھوں نے امریکی قانون سازوں کے بیانات کو قانون کی حکمرانی کی روح کی سنگین خلاف ورزی ،ننگا دہرا معیار اور چین کے داخلی امور میں کھلی مداخلت قرار دیا ۔

    انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہانگ کانگ کی پچھترلاکھ آبادی اور چین کے تمام عوام مٹھی بھر متشدد مظاہرین کی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہیں اور وہ غیر ملکی قوتوں کی اپنے داخلی امور میں مداخلت کو بھی مسترد کرتے ہیں تاہم چینی ترجمان نے اپنے بیان میں کسی خاص امریکی قانون ساز یا اس کے بیان کا حوالہ نہیں دیا ہے۔

    امریکی سینیٹ اور ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی سمیت متعدد ارکان نے ہانگ کانگ میں انسانی حقوق کی پاسداری اور ہانگ کانگ کی حکومت پر تعطل ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

    واضح رہے کہ امریکی کانگریس کو ایسی قانون سازی کا اختیار حاصل ہے جس کے تحت ہانگ کانگ کی تجارتی حیثیت متاثر ہوسکتی ہے۔

  • بلاول بھٹو کی ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ کی شدید مذمت

    بلاول بھٹو کی ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ کی شدید مذمت

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں پی پی چیئرمین نے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے بیان میں کہا کہ ایل او سی پر شہید ہونے والے اہل کار قوم کے ہیرو ہیں۔ پی پی چیئرمین نے شہید اہل کاروں کے بلند درجات کے لیے دعا بھی کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید

    انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے مودی ہتھکنڈے ناکام ہوں گے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔

    واضح رہے کہ آج ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے ہیں، جس کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل کا ٹویٹر کے ذریعے کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت نے ایل او سی پر فائرنگ بڑھا دی ہے، اور بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزیوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

  • افغان نائب صدارتی امیدوار پر خودکش حملہ، پاکستان کی مذمت

    افغان نائب صدارتی امیدوار پر خودکش حملہ، پاکستان کی مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر طرح سے دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد حملہ نائب صدارتی امیدوار امراللہ صالح پر کیا گیا، پاکستان دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں جمہوری عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے، پاکستان افغانستان میں امن کے لیے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    واضح رہے کہ آج افغانستان کے دار الحکومت کابل میں ایک کار بم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 25 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  افغانستان، قندھار میں پولیس ہیڈ کوارٹر پرطالبان کا حملہ، 12 افراد ہلاک

    افغان حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے نائب صدارتی امیدوار امراللہ صالح کو ان کے دفتر میں نشانہ بنایا، دہشت گرد بھاری اسلحے سے لیس تھے۔

    نیوز رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں نے افغان خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ امراللہ صالح کی سیاسی تحریک افغانستان گرین ٹرینڈ کے دفتر پر حملہ کیا تھا، وہ موجودہ صدر اشرف غنی کے ساتھ نائب صدر کے منصب کے لیے امیدوار ہیں۔

    بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ صدر اشرف غنی اور امراللہ صالح کی کابل میں ایک انتخابی ریلی میں شرکت کے چند گھنٹے بعد پیش آیا۔

    حملے میں پہلے ایک گاڑی میں نصب دھماکا خیز مواد کو بموں سے اُڑایا گیا جس کی آڑ میں خود کش بمبار دفتر میں داخل ہو گئے تاہم سیکورٹی اہل کار موقع پر پہنچ گئے اور عمارت کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کے خلاف کارروائی شروع کی۔

    صدر اشرف غنی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ امراللہ صالح ملک دشمن دہشت گردوں کے حملے میں محفوظ رہے ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام ہوا۔

  • شاہ محمود قریشی کی ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت

    شاہ محمود قریشی کی ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، اسپتالوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے انسانیت کے بدترین دشمن ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس ملازمین پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ وزیر خارجہ نے شہداء کے لیے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

    ڈی آئی خان میں اسپتال کے گیٹ پرخودکش دھماکا، 4 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ آج صبح ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر اسپتال کے دروازے پر خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

  • پاک فوج پر حملہ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    پاک فوج پر حملہ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے پاک فوج پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔

    وزیراعظم عمران خان نے زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے وزیرستان میں پاک فوج کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین کیا، ان کا کہنا تھا کہ چند دشمن عناصر قبائلی علاقوں کے غیور عوام کو ورغلا رہے ہیں، ریاست ان عناصر کو امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

    وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ شہادتوں پر ہمارا دل جلتا ہے، بیرونی سازشوں کا مرکز شمالی وزیرستان ہے، جنگ آخری مراحل میں ہے، دشمنوں کو شکست دیکر رہیں گے، شہیدوں کے لہو کی وجہ سے ہم آزادی کا سانس لے رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں شہادتوں پر انتہائی دکھ ہے، شہیدوں کا لہو کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگر دبزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ملک سے دہشتگردی جیسے ناسور کا صفایا کرکے دم لیں گے، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    شمالی وزیرستان : بارودی سرنگ کا دھماکہ، پاک فوج کے تین افسر اور جوان شہید چار زخمی

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک دشمن عناصر کے بزدلانہ اقدام حوصلے پست نہیں کرسکتے، قیام امن کیلئے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

    وزیرداخلہ اعجازشاہ نے وزیرستان میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ایسے شرپسندعناصر پاک فوج کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، دہشتگردی کے خلاف جنگ امن کے مکمل حصول تک جاری رہےگی، پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے، ایسے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی شہدا کے لواحقین سے ہمدردی ویکجہتی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہرقسم کی دہشتگردی کےخلاف قوم متحد اور یک آواز ہے۔

    درین اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور شہید 3افسران اور جوان کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    علاوہ ازیں گورنرسندھ عمران اسماعیل کی پاک فوج کے جوانوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید جوانوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاک افواج کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی، پوری قوم اظہاریکجہتی کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

  • جرمن پارلیمنٹ میں اسرائیل مخالف تحریک کی مذمت  جانبداری قرار

    جرمن پارلیمنٹ میں اسرائیل مخالف تحریک کی مذمت جانبداری قرار

    برلن : فلسطینی تنظیم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بائیکاٹ تحریک کی مذمت کے اقدام نے جرمنی کے جمہوری ملک ہونے کے دعوے کی نفی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کی پارلیمان میں اسرائیلی ریاست کے بائیکاٹ کی عالمی تحریک بی ڈی ایس کی مذمت کے فیصلےپر فلسطینی سیاسی اور عوامی حلقوں کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

    مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین کی قومی سیاسی اور مزاحمتی تنظیم پاپولر فرنٹ برائے آزادی فلسطین کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیاکہ جرمنی کی پارلیمنٹ میں بی ڈی ایس کی مذمت میں قرارداد کی منظوری اسرائیلی ریاست کی اندھی طرف داری، شرمناک اقدام اور مظلوم فلسطینی قوم کے حقوق کی نفی کے مترادف ہے۔

    پاپولر فرنٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جرمن پارلیمان میں اسرائیلی ریاست کے بائیکاٹ کی تحریک کی مذمت کے اقدام نے جرمنی کے جمہوری ملک ہونے کے دعوے کی نفی کردی۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ جرمنی پارلیمنٹ میں عالمی بائیکاٹ تحریک کی مذمت اسرائیلی جرائم پر پردہ ڈالنے اور یورپی ملکوں میں انسانی حقوق کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کی مجرمانہ کوشش ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ جرمنی کو بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے جمہوریت، آزادی، انسانی حقوق اور فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق اور مطالبات کا احترام کرتے ہوئے بی ڈی ایس تحریک کی مخالفت کے بجائے اس کی حمایت کرنی چاہیے۔