Tag: مذہبی سیاحت

  • بدھ رہنما نے پاکستان کو مذہبی سیاحت کے لیے محفوظ ملک قرار دے دیا

    بدھ رہنما نے پاکستان کو مذہبی سیاحت کے لیے محفوظ ملک قرار دے دیا

    اسلام آباد: ویت نام کے بدھ مت کے مذہبی پیشوا نے پاکستان کو مذہبی سیاحت کے لیے محفوظ ملک قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بدھ مت کے مذہبی پیشواؤں نے پاکستان کا دورہ  کیا اس دوران  بدھ مت رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا۔

    بدھ پیشوا کا کہنا ہے کہ پاکستان حکومت نے بدھ ازم کے آثارِ قدیمہ کی حفاظت کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں، بدھ ازم کے حوالے سے پاکستان میں 6 ہزار سے زائد مقامات ہیں۔

    ویتنام کے بدھ رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان مذہبی سیاحوں کیلئے انتہائی محفوظ ملک ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان میں گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثے کے احیاء کے موضوع پر گزشتہ دنوں ہوئی عالمی گندھارا کانفرنس میں مختلف ممالک سے 31 وزیٹرز پاکستان آئے۔

    ان میں ویتنام، تھائی لینڈ، نیپال، ملائیشیا اور دیگر ممالک سے بدھ مت کے ماننے والے بھی شامل ہیں۔

    گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثے کے احیاء کے موضوع پر عالمی گندھارا کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ثقافتی سفارت کاری اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا تھا۔

  • کامیاب سکھ سیاحت کے بعد پنجاب میں بدھ سیاحت کا اعلان

    کامیاب سکھ سیاحت کے بعد پنجاب میں بدھ سیاحت کا اعلان

    لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں کامیاب سکھ سیاحت کے بعد بدھ مت سیاحت کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ فرانس اور جرمنی کے سفیروں سے ملاقات ہوئی ہے، دیگر ممالک سمجھتے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری ہونی چاہیے۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہم نے کرتار پور کوریڈور کھولا ہے، ایک سال پہلے مذہبی سیاحت کی بات کی تھی، آج سکھ سیاحت کو فروغ دیا جا رہا ہے، اگلے سال بدھ مت سیاحت شروع کریں گے، پھر ہندو اور مسیحی سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ثقافتی ورثہ بھی پاکستان میں بہت ہے۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ فروغ نسیم آج نواز شریف کے ایشو پر پریس کانفرنس کر رہے ہیں، مناسب نہیں ہے اس معاملے پر اس پر بات کروں۔

    اس سے قبل 9 نومبر کو کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ راہداری کھولنے کی مجھے بہت خوشی ہوئی، اندازہ نہیں تھا کرتارپورکی سکھ کمیونٹی میں کیا اہمیت تھی، کرتارپور سے متعلق ایک سال پہلے پتہ چلا اس کی کیا اہمیت ہے۔

    کوریا کے بدھ مت پیروکاروں کی ہری پور آمد، کشمیریوں کے لیے خصوصی دعا

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کوریا سے آئے ہوئے بدھ مت پیروکاروں کے ایک گروپ نے ضلع ہری پور میں سیاحت کے دوران کشمیریوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی تھی۔

  • کوریا کے بدھ مت پیروکاروں کی ہری پور آمد،  کشمیریوں کے لیے خصوصی دعا

    کوریا کے بدھ مت پیروکاروں کی ہری پور آمد، کشمیریوں کے لیے خصوصی دعا

    پشاور: کوریا سے آئے ہوئے بدھ مت پیروکاروں کے ایک گروپ نے ضلع ہری پور میں سیاحت کے دوران کشمیریوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ مت کے پیروکار بھی کشمیر کی آزادی کے لیے دعائیں کرنے لگے، پاکستان میں سیاحت کے لیے آئے ہوئے ایک گروپ نے ہری پور میں کشمیریوں کے لیے خصوصی دعا کی۔

    بدھ مت کے پیروکار کوریا سے خان پور بھمالہ، ضلع ہری پور میں مذہبی سیاحت کے لیے آئے ہیں۔

    کوریا سے آئے راہبوں نے خان پور کے مقام بھمالہ میں تاریخی مقامات کی سیر کی، اور بدھ مت کے مقدس مقامات پر مذہبی رسومات ادا کیں، تین رکنی راہبوں کے وفد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی بھی کیا۔

    بدھ مت راہبوں کے وفد کا استقبال ڈائریکٹر آرکیالوجی و میوزیم خیبر پختون خوا ڈاکٹر عبدالصمد نے کیا، انھوں نے کہا بھمالہ کے مقام پر موجود بدھ مت کے اثار دو ہزار سال پرانے ہیں۔

    بدھ مت پیروکار سوات، مردان اور پشاور کا بھی دورہ کریں گے، ڈاکٹر عبد الصمد نے کہا کہ صوبے میں مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہاں بدھ مت کے ہزاروں مقدس مقامات موجود ہیں۔

  • مزارات کو سیاحت کے حوالے سے پرکشش بنانے کے عمل کا آغاز

    مزارات کو سیاحت کے حوالے سے پرکشش بنانے کے عمل کا آغاز

    لاہور :صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں مسلم مزا رات کو سیاحت کے حوالے سے پر کشش بنانے پر عمل در آمد کا آغاز ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیراوقاف کا کہنا تھا کہ مزاروں پر سیاحت کے فروغ کےسلسلے میں ایک تفصیلی روڈ میپ جاری کر دیا گیا ہے،اس روڈ میپ پر عمل در آمدکے لئے حکومت تمام حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کت لئے اقدامات کرے گی۔

    انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کہا کہ مزارات اور مقدس مقامات کے راستوں کو پر کشش بنایا جائے گا۔جبکہ سٹریٹ لائٹس،پینے کے پانی کا انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ اطراف میں سایہ دار درخت بھی لگائے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھاکہ اس حوالے سے سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ ہر گیٹ پرواک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔ تمام مقامات پر پولیس کے ناکے بھی لگائے جائیں گے اور زائرین کے لئے ہر طرح کی سکیورٹی کے فول پروف اورقیام و طعام کے بھی انتظا مات کئے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے شفافیت سے سرکاری امور سرانجام دینے کے رجحان کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ہر سطح پر شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کےلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے – کرپشن کا ناسور ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے -سابق ادوار میں کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا-کرپٹ عناصر نے ذاتی تجوریاں بھریں اور ملک کو کنگال کیا ۔

    پیر سید سعیدالحسن شاہ کا یہ بھی کہنا تھاکہ بدعنوان عناصر کے باعث پاکستان آج ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے – کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کے احتساب کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں جسے مکمل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی وہ منزل حاصل کرے گا جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے دیکھاتھا۔