Tag: مذہب کی جبری تبدیلی

  • پاکستان میں کسی کوریاست کی رٹ چیلنج کرنے نہیں دیں گے‘ فواد چوہدری

    پاکستان میں کسی کوریاست کی رٹ چیلنج کرنے نہیں دیں گے‘ فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مذہب کی جبری تبدیلی اسلام کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کی سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی کوریاست کی رٹ چیلنج کرنے نہیں دیں گے، فی الحال علم نہیں کہ مسعود اظہر کہاں ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کوحقوق کی مکمل آزادی ہے، مذہب کی جبری تبدیلی اسلام کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے، ایسا ہوا ہے تو ذمے داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان کوہندو برادری سے متعلق نامناسب بات پر ہٹایا گیا، پی ٹی آئی پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ کی بہت عزت کرتی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 ہندو لڑکیوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا

    یاد رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ دو ہندو لڑکیوں کو سندھ سے اغوا کرکے رحیم یارخان منتقل کیا گیا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور اگرایسا ہے تو بچیوں کو بازیاب کرایا جائے۔

  • ہم جبری مذہبی تبدیلی کے خلاف ہیں: گورنر پنجاب کا ٹویٹ

    ہم جبری مذہبی تبدیلی کے خلاف ہیں: گورنر پنجاب کا ٹویٹ

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جبری مذہبی تبدیلی کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری سرور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم جبری مذہبی تبدیلی کے خلاف ہیں، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت کوشش کر رہی ہے۔

    گورنر پنجاب نے دو ہندو لڑکیوں کی جبری مذہبی تبدیلی کے واقعے پر پڑوسی ملک کے پروپیگنڈے پر متنبہ کیا کہ بھارت ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔

    خیال رہے کہ ہندو برادری کے ہولی کے مذہبی تہوار پر گھوٹکی سے دو ہندو لڑکیوں رینہ اور روینہ کو اغوا کر کے زبردستی مسلمان کرایا گیا، وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو سندھ سے رحیم یار خان منتقل کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 ہندو لڑکیوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا

    دوسری جانب بچیوں کے اہل خانہ نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پولیس پر عدم تعاون کا الزام بھی لگایا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کیا جا چکا ہے اور اس سلسلے میں ایک خاتون سمیت 7 افراد گرفتار ہیں۔

    ادھر پاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن انچیف اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ لڑکیوں کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے اور ملو ث افراد کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    واضح رہے کہ کم عمر ہندو لڑکیوں کے قبول اسلام کے حوالے سے ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آ چکی ہے، جس میں انھیں کلمہ پڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔