Tag: مراد سعید

  • مراد سعید کا بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر رد عمل

    مراد سعید کا بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر رد عمل

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پی پی چیئرمین کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ فرزند زرداری نے آج اپنے والد کے کرپشن کیسز پر بات کی، یہ لوگ ملک کے اہم مسائل کو بھی سیاست کی نذر کر دیتے ہیں۔

    انھوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کراچی میں جب بھی بارش ہوتی تھی تو گورننس مسائل سامنے آئے، سب جانتے ہیں کراچی اس ناروا سلوک کا مستحق نہیں تھا، وزیر اعظم نے سب سے بڑا پیکج دے کر کراچی کا ہاتھ تھاما ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا فرزندِ زرداری نے ان حالات میں بھی والد کے کرپشن پر بات کی، یہ لوگ گوداموں میں گندم نہیں چھوڑتے، توشہ خانے کا سامان نہیں چھوڑتے، اسکولوں کا فرنیچر، دوائیاں، سیلاب زدگان کا فنڈ بھی نہیں چھوڑتے۔

    وفاقی وزیر نے کہا اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کا یہ مطلب نہیں کہ پیسہ ابو کے جعلی اکاؤنٹس کی نذر ہو، کراچی کو کچرے کا ڈھیر آپ نے بنایا، وزیر اعظم نے سب سے بڑا پیکج دے کر کراچی کا ہاتھ تھاما ہے ،اب کراچی کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا، یہاں اب سیوریج اور سڑکوں کا نظام ٹھیک ہو جائے گا۔

    سابق صدر کو حساب دینا پڑتا ہے لیکن معاون خصوصی کو نہیں: بلاول بھٹو

    انھوں نے کہا ہم ایسا کراچی دینا چاہتے ہیں جہاں بارش تو آئے گی مگر گھروں میں پانی نہیں جائے گا، آپ جتنے چاہیں سیاسی بیان دیں مگر کراچی کے مسئلے پر سیاست نہ کریں، ان کو ڈر ہے کہ کراچی سے صفائی ہو گئی تو سندھ حکومت کا کچرا بھی صاف ہو جائے گا۔

    ادھر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے بھی بلاول کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل میں کہا کہ کراچی منصوبوں پر کام کا انتظار کر رہا ہے، اب اس طرح سیاست مزید نہیں چلے گی، ایک دوسرے کے خلاف ڈرامے بازی، پریس کانفرنسز کا کوئی فائدہ نہیں، گراؤنڈ پر جا کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    اسد عمر نے کہا توجہ ہٹانے والی فضول بحث اور کام نہ کرنے کی باتیں ہوتی ہیں، آپ کام نہیں کرنا چاہتے تو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیتے ہیں، مان لیا 750 ارب ہیں ان کے لیکن کام بھی کل سے شروع کریں، اگر سب پرانے منصوبے ہیں تو زمین پر کام کتنا ہوا ہے؟

  • اپوزیشن کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں ہے: مراد سعید

    اپوزیشن کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں ہے: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ ملکی مفاد کی قانون سازی کو این آر او پلس سے اپوزیشن نے مشروط کیا، اسی اپوزیشن کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مفاد کی قانون سازی کو این آر او پلس سے اپوزیشن نے مشروط کیا۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ اسی اپوزیشن کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں ہے، بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کی سازشوں کو انشا اللہ شکست ہوگی۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وفاقی کا کہنا تھا کہ سارے چور احتساب سے بچنے کے لیے زور لگاؤ کا نعرہ لگانے کی تیاریاں کر رہے ہیں، نیب یا نیب قانون پر نہیں، انہیں چوری اور ڈاکہ زنی کے سوالات پر اعتراض ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چوروں سے نجات قوم کا مقدر ہے، عمران خان وسیلہ ہیں، پارلیمان کے استعمال کے خواب دیکھنے والوں کو شرمندگی کے کچھ حاصل نہ ہوگا۔

    مراد سعید نے مزید کہا تھا کہ کرپشن کے ہر بڑے مقدمے میں زرداری یا ان کے کارندے ملوث ہیں، بھاگنے سے کام نہیں چلے گا، ان کی کرپشن کا حساب لیں گے۔

  • جلد پختونخواہ کی 100 فیصد آبادی کے پاس صحت کارڈ ہوگا: مراد سعید

    جلد پختونخواہ کی 100 فیصد آبادی کے پاس صحت کارڈ ہوگا: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام پر خیبر پختونخواہ کی 100 فیصد آبادی کے پاس صحت کارڈ ہوگا جس میں 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مفت اور بہترین صحت ریاست کی ذمہ داری اور ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ اس مالی سال کے اختتام پر خیبر پختونخواہ کی 100 فیصد آبادی کے پاس صحت کارڈ ہوگا جس میں 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے لیکن مفت اور بہترین علاج کی سہولت کے لیے سندھ حکومت ساتھ کیوں نہیں دے رہی؟

    خیال رہے کہ چند روز قبل خصوصی افراد کے لیے صحت سہولت پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ سے غریب افراد 7 لاکھ 20 ہزار میں اپنا علاج کروا سکیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ جب غریب گھرانے میں بیماری آتی ہے تو اسے قرض لینا پڑتا ہے، غریب گھرانے کینسر کا علاج کروانے کے لیے تباہ ہوجاتے تھے، اب وہ صحت کارڈ سے اپنا علاج کروا سکیں گے۔

  • مراد سعید کی بڑی کامیابی، وزارت مواصلات کا ریونیو 2 سال میں 103ارب پر پہنچ گیا

    مراد سعید کی بڑی کامیابی، وزارت مواصلات کا ریونیو 2 سال میں 103ارب پر پہنچ گیا

    اسلام آباد : وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ وزارت مواصلات کاریونیو 2سال میں 103ارب پر پہنچ گیا جبکہ 75کروڑ کی بچت کی، پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی حکومت نے کارکردگی قوم کےسامنے نہیں رکھی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت مواصلات نے سادگی مہم میں حصہ لیا،75کروڑ کی بچت کی اور پہلی بار ای بلنگ کا آغاز کیا۔

    مراد سعید کا کہنا تھا وزارت مواصلات کاریونیو 2سال میں 103ارب پر پہنچ گیا، ہم نے ٹرانسپرنسی کو مدنظر رکھا، خودانحصاری کیلئے محاصل میں اضافے کیلئے بھی توجہ مرکوز ہے، ہمارے اس سال 8پروجیکٹ ہیں جن پر کام شروع ہوگیا ہے۔

    وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ کراچی چمن کوئٹہ سڑک کی فزبلٹی پر بھی کام شروع ہوچکا ہے، ہمارے دور میں شاہراہوں پر 48.2فیصد کام زیادہ ہوا، روزگار ، سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کی حکمت عملی اپنائی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزارت پوسٹل سروسز میں بھی انقلابی اقدامات کئے ہیں ، پوسٹل سروسزکے ذریعے گھر کی دہلیز پر پیسے پہنچارہےہیں، محکمہ ڈاک میں متعدد نئے منصوبے شروع کئے ہیں۔

    مراد سعید نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے وژن پر مکمل عملدرآمدکرنے کی کوشش کی ہے ، پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی حکومت نےکارکردگی قوم کے سامنے نہیں رکھی۔

  • نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں جیوگرافک سسٹم کا اجرا

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں جیوگرافک سسٹم کا اجرا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی 2 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) جیوگرافک سسٹم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے کے تمام منصوبوں میں جی آئی ایس کا اطلاق کریں گے۔ این ایچ اے کو استحکام کی طرف لے کر جانا ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز ہے، ادارے کی 2 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے گی، ٹھوس پالیسیوں سے مختلف محاذوں پر کامیابی مل رہی ہے، چیلنجز کے باوجود معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حیدر آباد سکھر موٹر وے کی منظوری ایکنک نے دے دی ہے، آئی پی پیز سے معاہدے سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ آئی پی پیز سے مہنگی بجلی خریدی جاتی تھی۔ وزیر اعظم نے مہنگی بجلی کی انکوائری کروائی، اب ثمرات ملیں گے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وبا کو پاکستان نے جس طرح کنٹرول کیا وہ ایک مثال ہے۔ کرونا وائرس کے باعث امریکا اور بھارت میں کروڑوں لوگ بے روزگار ہوئے، وزیر اعظم عمران خان نے کہا لوگوں کو بیروزگاری اور بھوک سے بچانا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار غذائی قلت کے مسئلے پر قابو پانے کے پروگرام کا آغاز ہوا، زرمبادلہ کے ذخائر، اسٹاک مارکیٹ اور دیگر اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔

  • وزیر اعظم کا احساس پروگرام موجودہ حکومت کا سب سے بڑا پروگرام بن گیا

    وزیر اعظم کا احساس پروگرام موجودہ حکومت کا سب سے بڑا پروگرام بن گیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم کا احساس پروگرام موجودہ حکومت کا سب سے بڑا پروگرام بن گیا، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ پناہ گاہوں سے لاکھوں لوگ مستفید ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے احساس کی وجہ سے آج تقریباً 200 پناہ گاہیں ہیں، کتنے حکمران آئے اپنے لیے عالیشان 5، 5 کیمپ آفسز بنائے، سڑک پر پڑے شہریوں کی طرف کسی نے توجہ نہیں دی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بے گھر افراد کو ریاست کا مہمان بنایا، ہر بڑے شہر میں موجود پناہ گاہوں سے محنت کش مستفید ہو رہے ہیں۔ علاج اور نوکری کے لیے آئے شہری بھی مستفید ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی پناہ گاہوں میں اب تک 11 لاکھ 72 ہزار 654 شہریوں کو سہولت ملی، پختونخواہ میں پناہ گاہوں سے 3 لاکھ 51 ہزار 518 شہری مستفید ہوئے۔ پنجاب کی پناہ گاہوں سے 12 لاکھ 10 ہزار 734 لوگوں کو سہولت ملی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ ریاست نے محنت کشوں کو مہمان بنایا، محنت کشوں کو عزت سے کھانا بھی دیا جاتا ہے۔ رحم، انصاف اور احساس، فلاحی ریاست کی بنیاد اور عمران خان کا عزم ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے حکمران اور موجودہ وزیر اعظم میں یہی فرق ہے، ماضی کے حکمران اپنے لیے محلات بناتے رہے، عمران خان کمزور طبقے کو اوپر اٹھا رہے ہیں۔

  • مراد سعید کا سابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے غیر قانونی اخراجات کی  رپورٹ پبلک کرنے کیلیے خط

    مراد سعید کا سابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے غیر قانونی اخراجات کی رپورٹ پبلک کرنے کیلیے خط

    اسلام آباد : وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے غیر قانونی اخراجات کی رپورٹ پبلک کرنے کے لیے خط لکھ دیا اور کہا عوامی مفاد کی خاطر پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے چیئرمین قرضہ جات کمیشن کو رپورٹ پبلک کرنے کے لیے خط لکھ دیا ، جس میں کہا ہے کہ 2دسمبر 2019 کو سابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے غیر قانونی اخراجات کے ثبوت دیے، نواز شریف کی نا اہلی کے بعد ذاتی گھر رائیونڈ کووزیراعلیٰ ہاؤس قراردے دیا گیا اور رائیونڈ کو وزیراعلیٰ ہاؤس قرار دے کر قوم کے کروڑوں روپے لگا دیے گئے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے 4 ذاتی گھر کیمپ آفس قراردے کر کے قوم کے پیسے اڑائے، جاتی امرا پر سیکیورٹی اور فینسنگ وغیرہ کرکے قومی خزانے سے کراکےعوام پر بوجھ ڈالا گیا ، زرداری اور گیلانی نے 3،3ذاتی گھر کیمپ آفسسز قرار دے کرعوامی خزانے کا پیسہ اڑایا۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے بیرون ملک 59 نجی دورے بھی قومی خزانے سے کیے، نواز شریف نے قومی خزانے سے 25 نجی دورے کیے اور شہبازشریف نے 43کروڑ کا وزیراعظم کا طیارہ ،ڈیڑھ ارب کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف نےنجی دورے قومی خزانے سے کیے اور غیر قانونی طور پر وزیراعظم کا طیارہ 556 دفعہ استعمال کیا جبکہ صدرنہ ہوتے ہوئے آصف زرداری کی سیکیورٹی پر 5 سال میں 163کروڑخرچ کیے گئے۔

    خط کے مطابق جاتی امراکی سیکیورٹی پر 214 کروڑ خرچ کیے گئے اور نواز شریف نے قومی خزانے سے کیمپ آفس اور دوروں پر431 کروڑ83 لاکھ 92 ہزار خرچ کیے۔

    مراد سعید نے بتایا کہ شہباز شریف نے کل 872 کروڑ سے زائد اڑا دیے، زرداری نے قومی خزانے سے 316 کروڑ 41 لاکھ اڑا دیے، دستاویزات کمیشن کو مہیا کیے گئے ،عوامی مفاد کی خاطر پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔

    خط میں کہا کہ قوم پہلے ہی ان کی لوٹ اور شاہ خرچیوں کی وجہ سے مشکل میں ہے ، لہذا یہ پیسہ واپس قومی خزانے میں جمع کرا کر عوام کے ریلیف کے لیے استعمال کیا جائے۔

  • مراد سعید  کا  حویلیاں تھاکوٹ موٹروے عوام کیلئے کھولنے کا اعلان

    مراد سعید کا حویلیاں تھاکوٹ موٹروے عوام کیلئے کھولنے کا اعلان

    اسلام آباد : وزیرمواصلات مراد سعید نے قوم کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے حویلیاں تھاکوٹ موٹروے عوام کیلئے کھولنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرمواصلات مراد سعید نے حویلیاں تھاکوٹ موٹروےعوام کیلئے کھولنے کا اعلان کردیا اور کہا موٹر وے پولیس تعینات اور باضابطہ گشت کاآغازکر دیا گیا ہے۔

    وفاقی وزیرمواصلات نے کہا پاک چین اقتصادی راہداری سےجڑےمنصوبوں کی بروقت تکمیل ترجیح ہے، دیگرزیرتعمیر منصوبے بھی جلد مکمل کریں گے اور نئے صوبے کی داغ بیل بھی ڈالیں گے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ کے پی نے ہزارہ موٹروےحویلیاں تھاکوٹ سیکشن کاافتتاح کردیا، حویلیاں تھاکوٹ موٹروےکی لمبائی 118کلومیٹر ہے ، منصوبےکی تکمیل پر133 ارب سےزائدکی لاگت آئی۔

    وزیراعلیٰ کے پی محمودخان نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کی ترقی وخوشحالی کے لئے اہم ہے ، موٹروےسےعلاقےمیں سیاحتی وتجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، مشکل صورتحال کےباوجودتعمیرو ترقی کاسفرجاری رہےگا۔

  • جعلی اکاؤنٹس سے بلاول اور ایان علی کے ٹکٹس دئیے جاتے تھے، مراد سعید کا ردعمل

    جعلی اکاؤنٹس سے بلاول اور ایان علی کے ٹکٹس دئیے جاتے تھے، مراد سعید کا ردعمل

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ سرے محل، سندھ کی ترقی کا پیسہ جعلی اکاؤنٹ کی نذر ہوگیا، جعلی اکاؤنٹس سے بلاول اور ایان علی کے ٹکٹس دئیے جاتے تھے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کے پیسوں سے صدقے کی بکریاں، سالگرہ کی تقریبات ہوتی ہیں، جعلی اکاؤنٹس سے متعلق ایک جے آئی ٹی ہے جو پارلیمنٹ کا حصہ ہے۔

    مراد سعید نے کہا کہ اسٹیل مل 2007 سے 2008 تک منافع میں تھی زرداری دور میں خسارے میں چلی گئی، یہ لوگ تو کہتے تھے جو اسٹیل مل خریدے گا اسے پی آئی اے مفت دیں گے، انہوں نے پہلے اداروں کو تباہ کیا پھر کہتے ہیں ایک ادارہ خریدو دوسرا مفت ملے گا۔

    مزید پڑھیں: مائنس ون پر پیپلزپارٹی یقین نہیں رکھتی، جمہوری طریقہ اپنائیں گے، بلاول بھٹو

    وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کا ایک وزیر کہتا ہے تین لاکھ لوگوں کو راشن دیا، دوسرا وزیر کچھ اور کہتا ہے، پیپلزپارٹی کہتی ہے بھوک سے کوئی نہیں مرتا جبکہ دنیا کہہ رہی ہے لوگ بھوک سے زیادہ مریں گے۔

    مراد سعید نے بلاول بھٹو کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ، جلسے یا میڈیا میں جہاں دل کرے بحث کرلیں تیار ہوں، اپنی بات کرنے کے بعد نو دو گیارہ نہیں ہونا جواب بھی سن لینا۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس میں بوکھلاہٹ کا اظہار کیا، ان کے گرد گھیرا تنگ ہورہا ہے اس لیے بوکھلاہٹ نظر آرہی ہے۔

  • قومی ایئر لائن اور اسٹیل مل زرداری دور میں خسارے میں گئے: مراد سعید

    قومی ایئر لائن اور اسٹیل مل زرداری دور میں خسارے میں گئے: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اور اسٹیل مل زرداری دور میں خسارے میں گئے، ہم نے پختونخواہ کے اضلاع میں 70 لاکھ افراد کو مفت اور بہترین علاج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2 جماعتوں کی محبت دیکھ کر آج مجھے خوشی ہوئی، وزیر اعظم ہمیشہ کہتے تھے کہ یہ ان دو جماعتوں کی نورا کشتی ہے۔

    مراد سعید کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ کیا اور احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کرلیا، واک آؤٹ کرنے والوں میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی شامل تھے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چیلنج کرنے والا ان کا سامنا نہیں کر سکتا، یہ عمران خان کو مناظرے کی دعوت دیتے ہیں اور میرا سامنا بھی نہیں کر سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مؤقف کو یورپ نے بھی تسلیم کیا، اپوزیشن کہتی ہے کہ حکومت کی کرونا وائرس پر کوئی حکمت عملی نہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اور اسٹیل مل زرداری دور میں خسارے میں گئے، ہم نے پختونخواہ کے اضلاع میں 70 لاکھ افراد کو مفت اور بہترین علاج دیا، عمران خان جب آئے تو پختونوں اور پاکستان کا مقدمہ لڑا، آپ امریکا سے ڈو مور کے پرچہ لے کر آتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے غربت کے خاتمے کا پیکج بجٹ میں رکھا ان کو نظر نہیں آیا، تھر میں ہر سال بچے مرتے ہیں وہ بھی ان کو نظر نہیں آتا۔ چیلنج کرتا ہوں کسی بھی حلقے سے الیکشن لڑ لیں میں مقابلہ کروں گا۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ فاطمہ بھٹو کی کتاب پڑھ لیں آنکھیں کھل جائیں گی، یہ دہشت گردی اسی کو مانتے ہیں جسے امریکا کہتا ہے، یہ امریکا سے کہتے تھے تم ڈرون گراتے جاؤ ہم مذمت کرتے جائیں گے۔