Tag: مراد علی شاہ

  • سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے حکمت عملی مرتب کرلی، وزیراعلیٰ سندھ

    سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے حکمت عملی مرتب کرلی، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی (یکم ستمبر 2025) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبائی حکومت ممکنہ سپر فلڈ سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    نجی نیوز چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت کی جانب سے پانی کے بہاؤ کے نتیجے میں گڈو بیراج پر پانی کی آمد12لاکھ سے13 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتی ہے، نو لاکھ کیوسک سے زائد پانی کو محفوظ طور پر گزارنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ گڈو بیراج پر 8لاکھ سے دس لاکھ اور حتیٰ کہ 12 سے13 لاکھ کیوسک پانی تک پہنچ سکتا ہے۔ تاہم سندھ حکومت نے ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ دریائے چناب اور جہلم سے آنے والا سب سے بڑا ریلا تریموں بیراج پر کم ہو چکا ہے اور اسے پنجنند تک پہنچنے میں تقریباً تین دن لگیں گے۔ پنجنند کی صورتحال سے یہ واضح ہو جائے گا کہ گڈو بیراج پر چھ ستمبر تک کتنے بڑے ریلے کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چوبیس اگست کو پانچ لاکھ پچاس ہزار کیوسک پانی پہلے ہی گڈو بیراج سے گزر چکا ہے جو بعد میں سکھر اور کوٹری بیراج سے بھی بغیر کسی مسئلے کے گزر گیا۔

    ان کے مطابق ایک لاکھ کیوسک پانی کا اضافہ دریا کے پانی کی سطح کو تقریباً ایک فٹ بلند کرتا ہے۔ سندھ کے بیراج ایک ملین کیوسک تک کا بہاؤ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور حکومت پر اعتماد ہے کہ آنے والا بڑا ریلا بھی محفوظ طور پر گزر جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ سب سے پہلی ترجیح انسانی جانوں اور مویشیوں کو کسی بھی نقصان سے بچانا ہے۔ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر سندھ حکومت نے متاثرہ اضلاع کے دیہی علاقوں کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے اور ضرورت پڑنے پر مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ اگرچہ بڑے پیمانے پر انخلا ابھی شروع نہیں کیا گیا، لیکن ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کے فیلڈ عملے نے نشیبی دیہات کے رہائشیوں کو واضح طور پر متنبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت انخلا کے لیے تیار رہیں۔ حکام کے پاس کم از کم دو دن کا وقت ہوگا تاکہ ضرورت پڑنے پر انخلا کو محفوظ بنایا جا سکے۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ کشتیوں اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ حکومت کی اپنی کشتیاں تیار ہیں، بحریہ اور فوج نے بھی مدد فراہم کی ہے جبکہ بروقت انخلا یقینی بنانے کے لیے نجی کشتیاں بھی کرائے پر حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت بڑے سیلاب کی صورت میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔

  • وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی حکومت بلوچستان اور خیبرپختونخوا پر مہربان؟

    وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی حکومت بلوچستان اور خیبرپختونخوا پر مہربان؟

    کراچی: وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی حکومت بلوچستان اور خیبرپختونخوا پر مہربان ہو گئی، سندھ حکومت بلوچستان اور کے پی میں مکانوں کی تعمیر کے لیے 3 ارب روپے دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ میں آج صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں دو صوبوں بلوچستان اور کے پی کے لیے فنڈز کی منظوری دی جائے گی۔

    سندھ کابینہ کو بلوچستان میں گھروں کی تعمیر کے لیے 2 ارب کی منظوری کی تجویز ہے، جب کہ گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کے ضلع ڈی آئی خان کے لیے 1 ارب کی منظوری کی تجویز ہے۔

    خیال رہے کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور گورنر کے پی کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ میں صوبائی وزرا کو رقم کی منظوری کی مخالفت نہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

    تاہم سندھ کے عوام کا سوال تو ہے کہ سندھ کے ترقیاتی فنڈز دوسرے صوبوں میں کیوں خرچ کیے جا رہے ہیں؟


    سندھ کے چھوٹے سے شہر میں 71 کروڑوں روپے کی کرپشن، افسران کی شامت آگئی


    ادھر سندھ کے شہر مٹیاری میں محکمہ ورکس اینڈ سروسز اور ایجوکیشن ورکس میں 71 کروڑ سے زائد کی کرپشن پر اینٹی کرپشن نے دونوں محکموں کے افسران اور گورنمنٹ کنٹریکٹر کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

    اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کی گئی ہے، اینٹی کرپشن نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے 3 انجینئرز سمیت 3 ٹھیکیداروں کو کراچی طلب کر لیا ہے، جب کہ محکمہ ایجوکیشن ورکس کے افسران عبدالستار تنیو، معشوق شاہ، فرید شیخ اور نثار شیخ کو کراچی طلب کیا گیا ہے۔

  • پانی کی لائن کیوں پھٹتی ہیں؟ وزیراعلیٰ سندھ نے سوال اٹھایا

    پانی کی لائن کیوں پھٹتی ہیں؟ وزیراعلیٰ سندھ نے سوال اٹھایا

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں پانی کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ پانی کی لائن کیوں پھٹتی ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کے فور پراجیکٹ پر اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کے فور منصوبے کی توسیع کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا اور کہا کے فور کی توسیع شہر کی پانی کی ضرورتیں پوری کرنے کیلئے ضروری ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں پانی کی قلت کا نوٹس لے لیا اور اجلاس میں سوال کیا کہ پانی کی لائن کیوں پھٹتی ہیں؟ جس پر انھیں بتایا گیا کہ پانی کی لائن تقریباً 50 سال پرانی تھی، پانی کی پھٹنے سے شہر میں پانی کی قلت کا مسئلہ ہوا، لائن کی مرمت ہوچکی ہے۔

    مراد علی شاہ نے آج سے پانی کی سپلائی ہر صورت شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی تمام پرانی پانی کی لائنوں کی مرمت کی جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کو اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کے فور کی توسیع کا منصوبہ محکمہ بلدیات کر رہی ہے، کے فورکی توسیع کامنصوبہ 71بلین روپےکی فنڈنگ سےکررہے ہیں، یہ منصوبہ سندھ حکومت، ایشین انفرا اسٹرکچر بینک ملکر کر رہےہیں۔

    بریفنگ میں کہنا تھا کہ کے فور کا ڈزائن مکمل ہوچکا ہے، ٹینڈر ہو چکا ہے اب کنٹریکٹ سائن ہونے والا ہے، کے فور کے کےبی فیڈر کی لائننگ پرکام تیزی سے جاری ہے جبکہ کے بی فیڈر کی لائننگ کا کام 2027تک مکمل ہوگا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کے فور توسیع کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا مجھے کام معیاری اور بروقت چاہئے

  • کراچی میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ،  وزیراعلیٰ سندھ کی والدین سے اپیل

    کراچی میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ، وزیراعلیٰ سندھ کی والدین سے اپیل

    کراچی : انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا  ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے والدین سے اپیل کی بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔

    تقریب میں وزیرصحت ڈاکٹرعذرافضل پیچوہو،چیف سیکریٹری،آئی جی اوردیگرشریک ہوئے۔

    وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ پرعزم ہے، 10.6 ملین بچوں کوپولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ کراچی میں 2.76 ملین بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی اسکول ، شاپنگ مال اورٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی ویکسین فراہمی یقینی بنائی جائے، پولیو ورکرز کی حفاظت کیلئے 25 ہزار 360 پولیس اہلکار تعینات کیے ہیں۔

    مراد علی شاہ نے والدین کو پیغام دیا کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں، پولیو کا کوئی علاج نہیں، صرف ویکسین ہی معذوری سے بچا سکتی ہے، یہی ویکسین دنیا سے پولیو کے خاتمے کا سبب بنی۔

    انھوں نے کہا حج و عمرہ پر جانے والے افراد کو بھی یہی پولیو ویکسین دی جاتی ہے، بار بار پولیو ویکسین پلانے سے نقصان نہیں بلکہ بچے کو مزید تحفظ ملتا ہے۔

  • 300 یونٹ تک فری بجلی : بھاری بلوں سے پریشان عوام کے لئے بڑی خوشخبری

    300 یونٹ تک فری بجلی : بھاری بلوں سے پریشان عوام کے لئے بڑی خوشخبری

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 300 یونٹ تک فری بجلی دینے کے حوالے سے بڑی خوشخبری سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سولر ہوم سسٹمز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے چلنے والا سولر توانائی کا منصوبہ اہم اقدام ہے، کم آمدنی والے 2 لاکھ گھروں کو سستے سولر ہوم سسٹم کٹس فراہم کر رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جولائی 2025 کے اختتام تک 2 لاکھ سولر ہوم سسٹم کٹس کی تقسیم مکمل کریں گے ، ہرضلع میں ہفتہ وار 400 سولر ہوم سسٹم کٹس تقسیم کرنے کا ہدف مقررکیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے عالمی برادری کو پاکستان کے موسمیاتی نقصانات سے آگاہ کیا، تھر کول منصوبے سے 3300 میگا واٹ سستی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہورہی ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 2 ہزار 640میگاواٹ سستی بجلی تھرکے کوئلے سے نکل رہی ہے، سندھ حکومت سولر سے سب سے سستی بجلی کے پلانٹ لگا رہی ہے، سولر منصوبے سے 300 یونٹ تک فری بجلی دی جائے گی۔

    انھوں نے بتایا کہ 310 عمارتوں اور 656اسکولز کو سولر پر منتقل کر رہے ہیں جبکہ کراچی کے 7ڈسٹرکٹ میں 50 ہزار روپے مالیت کے سولر سسٹم دیں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان ساری کاوشوں کا سہرا جناب صدرآصف علی زرداری کے سر ہے، جنہوں نے اس منصوبے کے افتتاح کے لیے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو تھر لانے میں اہم کردار ادا کیا اور وفاقی سطح پر تعاون کو یقینی بنایا گیا۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

    ان کا وزیر توانائی ناصر حسین شاہ اور ان کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا کلین توانائی کی طرف منتقل ہو رہی ہے اور سندھ عالمی بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے اس تبدیلی میں ایک رہنما بننے کے لیے پرعزم ہے۔

  • ڈومیسائل معاملے پر غلطی کرنیوالے کو سزا دینگے: وزیراعلیٰ سندھ

    ڈومیسائل معاملے پر غلطی کرنیوالے کو سزا دینگے: وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ڈومیسائل معاملے پر غلطی کرنیوالے کو سزا دینگے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈومیسائل کے معاملے پر تحقیقات کر رہے ہیں، غلطی کرنیوالے کو سخت سزا دینگے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ایف بی آر کی کلیکشن پر مجھے تحفظات ہیں، شکایت ہے جو رقم وقت پر جمع ہوتی ہے اسے بروقت منتقل نہیں کیا جاتا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت سےگزارش ہے رقم کو بروقت منتقل کیا جائے،گزشتہ سال میرے خیال میں 80 ارب روپے سے زائد کی رقم تھی، گزشتہ سال کی رقم ہمیں اس سال ملتی ہے۔

    کراچی کے میڈیکل کالجوں میں کئی امیدواروں کے پاس دہرے ڈومیسائل ہونے کا انکشاف

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے میڈیکل کالجوں میں اندرون سندھ، پنجاب اور وفاق کے 100 سے زائد ایسے امیدواروں کے داخلے لینے کا انکشاف ہوا تھا جو دہرے ڈومیسائل کے حامل ہیں۔

    ذرائع نے اس حوالے نے بتایا تھا کہ کراچی کے میڈیکل کالجوں میں 100 سے زائد امیدواروں کے پاس دہرے ڈومیسائل ہونے کا انکشاف ہوا ہے، امیدوار گزشتہ سال اندرون سندھ میں داخلہ نہ ملنے پر اس سال کراچی کا ڈومیسائل بنا کر کامیاب ہوگئے۔

  • اگر مراد علی شاہ تبدیل ہوئے تو۔۔۔۔؟ منظور وسان نے اگلے وزیراعلیٰ سندھ کا نام بتا دیا

    اگر مراد علی شاہ تبدیل ہوئے تو۔۔۔۔؟ منظور وسان نے اگلے وزیراعلیٰ سندھ کا نام بتا دیا

    خیرپور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے اگلے وزیراعلیٰ سندھ کا نام بتا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیاسی پیشگوئیوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے میڈیا سےگفتگو میںکہا کہ ہمارا وزير اعلیٰ لے لو اپنا دے دو یہ بیان آتے رہتے ہیں، اگر وزیر اعلیٰ سندھ تبدیل ہوئے تو فریال تالپور وزیراعلیٰ ہونگی۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ 2025 اہم ہے کچھ بھی ہوسکتا ہے، یہ سال الیکشن کے حوالے سے بھی اہم ہے، پاکستان 2025 میں تبدیل ہوتے ہوئے نظر آرہا ہے۔

    منظور وسان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کسی فنڈز کی ضرورت ہی نہیں، بانی پی ٹی آئی کا عروج 2024 کے ساتھ ختم ہوگیا ہے، یہ سال بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے بھاری ہے۔

    منظور وسان نے مزید کہا کہ 31 جنوری تک بانی پی ٹی آئی مذاکرات بڑھاتے رہیں گے، چاہے احتجاج کی جتنی کالیں دیں کوئی فرق نہیں پڑتا، 2025 میں پی ٹی آئی میں اختلافات بڑہ جائیں گے۔

  • ’وزیر اعلیٰ سے شکایت ہے تو میرے پاس آئیں کہیں جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں‘

    ’وزیر اعلیٰ سے شکایت ہے تو میرے پاس آئیں کہیں جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں‘

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ سندھ سے کوئی شکایت ہے تو میرے پاس آئیں کہیں اور جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت کو اپنا مخالف نہیں ساتھی سمجھیں، تھوڑی سی محبت جو آپ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کو دکھاتے تھے کہیں نہ کہیں دل میں ٹی ایل پی بھی بستی ہے اتنی ہی محبت ہمیں بھی دکھائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم دودھ کے دھلے نہیں تو اتنے برے بھی نہیں ہیں، میں نے شارٹ ٹرم نہیں لمبی اننگز کھیلنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے یہ شہر چلتا تھا وہ تاریخ کا حصہ ہے اب تاجروں سے بھتہ نہیں مانگا جارہا اب آپ کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں، اب زبردستی صنعت بند نہیں ہوتی، مزدوروں کو زبردستی جلسے میں نہیں لایا جاتا تو اس میں ہمارا بھی کردار ہے۔

    بلاول نے کہا کہ کیا میں نے کبھی آپ کو تنگ کیا؟ میں کیوں چاہوں گا کہ میرے نام پر اور حکومت کے نام پر آپ کو کوئی تنگ کرے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبے منافع میں ہیں، یہاں اسلام آباد میں فیصلے کیے جاتے ہیں ٹیرف سیٹ کیے جاتے ہیں ہم سے مشورے کے بغیر پالیسیاں بنائی جاتی ہیں اور نقصان سب اٹھاتے ہیں جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے اتنا سندھ کے پاس کوئلہ ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ بجلی دیں اور سستی بجلی دیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ ہم نے پاکستان سے لوڈ شیڈنگ ختم کردی آپ مجھے سندھ یا کوئی ایک شہر بتادیں جہاں لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی، وفاق کے رویے کے سبب سندھ حکومت بجلی کے اپنے منصوبوں کی جانب بڑھ رہی ہے ہم جو منصوبے شروع کرنے جارہے ہیں ہمیں اس کے لیے اسلام آباد سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔

  • آپ مذاق کیا کریں لیکن ان کیساتھ جوبرداشت کرسکیں، وزیراعلیٰ سندھ کا تاجروں کو مشورہ

    آپ مذاق کیا کریں لیکن ان کیساتھ جوبرداشت کرسکیں، وزیراعلیٰ سندھ کا تاجروں کو مشورہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تاجروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ مذاق کیا کریں لیکن ان کیساتھ جوبرداشت کرسکیں کیونکہ آپ لوگ مذاق کرتے ہیں دوسرے لوگ سیریز لے لیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بزنس کمیونٹی کی تمام باتیں سنی ہیں، جہاں پوری دنیا کے لوگ آکر رہتے ہوں وہاں مسائل تو ہں گے ، کراچی پاکستان کاگروتھ انجن ہے اور پورے پاکستان کو چلاتا ہے.

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مجھے حال ہی میں پتہ چلا کہ تاجر مذاق کرتے ہیں ، مذاق ان لوگوں کے ساتھ کیا کریں جو برادشت کرسکیں اور جو مذاق برداشت نہیں کرسکتے وہ کسی اورڈائریکشن میں چلے جاتے ہیں، آپ لوگ مذاق کرتے ہیں دوسرے لوگ سیریز لے لیتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : مریم ہمیں دے دیں‌! کراچی کے تاجر رہنما عتیق میر نے یوٹرن لے لیا

    انھوں نے بتایا کہ اس صوبے کے لوگوں کاجوحق ہےوہ نہیں ملتا ، کراچی کےایشوزنئےنہیں ہیں، کراچی میں ہم نےوہ زمانہ بھی دیکھا ہے آرگنائزڈ بھتہ لیا جاتا تھا، وہ دور بھی دیکھاہے کہ ماہانہ گاڑیوں سےبھتہ لیاجاتاتھا، سکھرسےلاڑکانہ جانے کیلئے کانوائے کا انتظار کرنا پڑتا تھا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ دو ڈھائی کروڑ کا شہر ہے پوری دنیا سے لوگ آکر یہاں رہتے ہیں، ہم نے پہلے بھی کوشش کی کہ سب کوساتھ ملائیں لیکن نہ ہوسکا، سال 2013 سے 2015 کے بعد حالات بہترہوناشروع ہوئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک ہمیں دہشت گردی کے خطرات ہیں، کراچی سب کیلئے بہت آسان ٹارگٹ ہوتا ہے، لا اینڈ آرڈر بہتر ہونے کے بعد کراچی کے انفرا اسٹریکچر پر توجہ دی۔

    انھوں نے کہا کہ توانائی کے مسئلے کا حل صرف صوبہ سندھ کے پاس ہے ، ہم ماحول کو آلودہ نہیں کرنا چاہتے، آئیں مل کر بجلی کی قیمتوں کو کم کرتے ہیں، ہماری بیورو کریسی آئی ایم ایف کو خود بتاتی ہے ادھر سے پیسے نکالو۔

  • وزیر اعلی سندھ کا جامعات کی قانون سازی کوواپس نہ لینے کا اعلان

    وزیر اعلی سندھ کا جامعات کی قانون سازی کوواپس نہ لینے کا اعلان

    کراچی : وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے جامعات کی قانون سازی کوواپس نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ باہر سے وفد آیا ان کے نام پر ہوٹل اور ٹکٹ کے پیسے وی سی کھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے جامعات کی قانون سازی کوواپس نہ لینے کا اعلان کر دیا۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اپنی غلطی تسلیم کرتا ہوں، ایسے بھی وائس چانسلرزمنتخب ہوئے جو جنسی ہراسگی میں م اور بعض وائس چانسلرز مالی فراڈ میں ملوث نکلے۔

    انھوں نے کہا کہ باہر سے وفد آیا ان کے نام پر ہوٹل اور ٹکٹ کے پیسے وی سی کھا گیا، میں اس وائس چانسلرکو نہیں نکال سکتا کیونکہ وہ عدالت چلے گئے، اس کے لیے قانون سازی ضروری ہے۔

    وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ پروفیسرز میدان میں آئیں وائس چانسلر بنیں کس نے روکا، یہ کہنا غلط ہے کہ بیوروکریٹس کیلئے وائس چانسلرز کی راہ ہموار کی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ بہت سارے وائس چانسلرز کےپاس فائنانشل اسکلز نہیں، انہوں نے جامعات کو تباہ کر دیا ہے،یہ صوبے کے بچوں کے پیسے ہیں، ہمیں فیڈرل ایچ ای سی سے خیرات نہیں چاہیے یہ رقم بھی خود دیں گے۔

    خیال رہے سندھ بھر کی سرکاری جامعات کے اساتذہ ترمیمی ایکٹ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور ڈٹ گئے ہیں اور کہا کسی بھی صورت سول سرونٹس جامعات میں وائس چانسلرز تعینات ہونے نہیں دیں گے۔

    اساتذہ نے اجتجاج کے ساتویں روز بھی سندھ میں کلاسوں کا بائیکاٹ کیا،جامعات میں تدریس عمل معطل رہا حصول علم کا سلسلہ رک گیا ہے۔