Tag: مراد علی شاہ

  • دعامنگی کوتمام ترٹیکنالوجی بروئے کار لا کر بازیاب کروایا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

    دعامنگی کوتمام ترٹیکنالوجی بروئے کار لا کر بازیاب کروایا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

    گھوٹکی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سے اغوا ہونے والی دعامنگی کےمعاملے پر پولیس کام کررہی ہے،کوشش ہےکوئی نقصان نہ ہو۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ جام ہاؤس عادلپور پہنچے جہاں انہوں نے جام سیف اللہ اورجام اکرام اللہ دھاریجوسےوالدہ کےانتقال پراظہارتعزیت کیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ دعامنگی کے معاملے پرپولیس کام کررہی ہے،کوشش ہےکوئی نقصان نہ ہو، دعامنگی کوتمام ترٹیکنالوجی بروئے کار لاکر بازیاب کروایا جائےگا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹڈی دل کاخاتمہ وفاقی ادارےپلانٹ پروٹیکشن کی ذمہ داری ہے، وفاق کےپاس اسپرے کرنے والے3 جہازوں میں سے2خراب ہیں ہم نے ٹڈی دل کےحملے پر وفاقی وزیرسےبات کی مگر وفاقی وزیرنےبتایاکہ پیسٹی سائیڈتیل کی رقم نہیں ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی سیف سٹی کامنصوبہ التواکاشکارہے جب کہ تمام مراعات ملائیں توسندھ پولیس کی تنخواہ دیگرصوبوں سےزیادہ ہے۔

  • سندھ میں رواں برس ڈینگی کے 15 ہزار 521 کیسز رپورٹ

    سندھ میں رواں برس ڈینگی کے 15 ہزار 521 کیسز رپورٹ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ڈینگی کنٹرول اقدامات پر اجلاس کے دوران انہیں بتایا گیا کہ رواں سال سندھ میں ڈینگی کے 15 ہزار 521 کیسز رپورٹ جبکہ 42 اموات ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ڈینگی کنٹرول اقدامات پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ سنہ 2019 میں سندھ میں ڈینگی کے 15 ہزار 521 کیس رپورٹ ہوئے۔

    بریفنگ کے مطابق 14 ہزار 443 کیسز کراچی اور 1 ہزار 78 دیگر اضلاع میں رپورٹ ہوئے۔ 42 افراد ڈینگی کے باعث انتقال کر گئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ پورے ملک میں ڈینگی پھیل گیا ہے، اب تک ڈینگی کے 52 ہزار 476 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے دریافت کیا کہ کس اضلاع کے کون سے اور کتنے مریض آئے اور کتنی اموات ہوئیں؟ جب تک ریسرچ بیسڈ کام نہیں ہوگا عوام کو کیسے آگاہ کریں گے۔ ڈیٹا صرف اسپتالوں سے نہیں بلکہ لیبز سے بھی حاصل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر بیماری پھیلنے کے بعد اقدامات ہوں گے تو نقصان تو ہوچکا ہوگا۔ ہمیں نقصان کو روکنا ہے، عوام کی زندگیوں کو بچانا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق رواں سال ملک بھر میں ڈینگی کے 50 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں، سب سے زیادہ 13 ہزار 654 ڈینگی کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے۔

    وفاقی دارالحکومت سے بھی رواں برس 13 ہزار 200 کیس سامنے آچکے ہیں۔ پنجاب سے 9 ہزار 890 اور بلوچستان سے 3 ہزار 217 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔

    خیبر پختونخوا سے 7 ہزار 21 جبکہ قبائلی اضلاع سے 780 کیس رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح آزاد کشمیر سے بھی رواں برس 16 سو 91 ڈینگی کیسز کی خبر ملی، گلگت بلتستان سے ڈینگی وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

    رواں برس سندھ میں رواں سال ڈینگی کے باعث 42 اموات ہوئیں، وفاقی دارالحکومت میں 22، پنجاب میں 20، بلوچستان میں 3 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

  • سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں اور مراعات فراہم کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں اور مراعات فراہم کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے بہترین ریٹرن ہیں، سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں اورمراعات فراہم کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چین کے سابق سفیر شا زوکانگ کی سربراہی میں 40 رکنی وفد نے ملاقات کی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ براہ راست سرمایہ کاری اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے لیے بہترین ہے، سندھ میں سرمایہ کاری کے بہترین ریٹرن ہیں، سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں اورمراعات فراہم کر رہے ہیں۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفد نے ہاؤسنگ، زراعت، پانی، ہائیڈرو پاور میں دلچسپی ظاہر کی، اجلاس میں مختلف گروپس بنائے گئے جو متعلقہ شعبوں میں کام کریں گے۔

    25ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت 14 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظور ہوگئے ہیں، 25 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ گورنمنٹ ڈینش گورنمنٹ براہ راست معاہدہ کریں، سندھ حکومت اور ڈینش حکومت بہتر اندازمیں کام کرسکتے ہیں۔

  • میڈیا کو دہشت گرد تک رسائی پر وزیراعلیٰ سندھ پولیس پر برہم

    میڈیا کو دہشت گرد تک رسائی پر وزیراعلیٰ سندھ پولیس پر برہم

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا میرے خلاف کوئی سازش تیار کی گئی ہے، لگتا ہے متعلقہ ایس ایس پی میرے خلاف سازش میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کلیم امام اور اے آئی جی غلام نبی میمن کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کیا میرے خلاف کوئی سازش تیار کی گئی ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک دہشتگرد سے یہ کہلوایا گیا کہ میں نے ان سے ملاقات کی، کسی سے ملنا ہوتا تو کیا میں ہاؤس طلب نہیں کرسکتا تھا، ملنے کیوں جاتا، لگتا ہے متعلقہ ایس ایس پی میرے خلاف سازش میں ملوث ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس سے کہا کہ آپ اس سے پوچھیں اور بتائیں، ایسا کیوں اور کس کے کہنے پر کیا؟

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کل میڈیا پر میرا نام دہشت گرد سے ملاقات سے منسوب ہوتا رہا، آئی جی صاحب آپ بتائیں ایسا کیوں ہو رہا ہے، میں اس دہشت گرد کو جانتا بھی نہیں، نہ کبھی ملا ہوں۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ ایس ایس پی کے خلاف ایکشن نظرآنا چاہیے۔

    مراد علی شاہ نے مجھ سے کہا تم کو دوبارہ زندہ کیا جارہا ہے، ٹارگٹ کلر کا انکشاف

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گرفتار ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا نے انکشاف کیا تھا کہ میں دنیا کی نظر میں مردہ ہو چکا تھا، مجھے دوبارہ زندہ کیا گیا۔ ملزم نے بتایا تھا کہ جس دن گرفتاری ظاہر کی گئی اسی دن وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ مجھ سے ملنے بھی آئے تھے، مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ تم دنیا کی نظر میں مر چکے ہو، اب تمہیں دوبارہ زندہ کیا جا رہا ہے۔

  • ٹڈی دل وزیراعلیٰ کے حلقے سیہون پہنچ گیا، کھیتوں پر حملہ

    ٹڈی دل وزیراعلیٰ کے حلقے سیہون پہنچ گیا، کھیتوں پر حملہ

    سیہون: فصلوں کے دشمن ٹڈی دل کی سندھ بھر میں تباہ کاریاں جاری ہیں، کراچی کے بعد ٹڈیوں نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے حلقے سیہون پہنچ کر کھیتوں پر حملہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ سرکار کی نااہلی کا ایک بار پھر پول کھل گیا، ٹڈی دل نے وزیراعلیٰ کے حلقے میں ہی حملہ کرکے کھیت اجاڑنا شروع کردیا۔ کپاس، پیاز اور گندم کی فصلیں شدید متاثر ہورہی ہیں، کاشتکاروں کی شکایت کے باوجود ضلعی انتظامیہ کا عملہ لاپتہ ہے۔

    صوبائی حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ٹڈی دل کو تاحال ٹھکانے نہیں لگایا جاسکا، سیہون میں کاشتکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈیوں کو کھیتوں سے بھگانے کی کوششیں شروع کردیں۔

    خیال رہے کہ 10 نومبر کو صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو اسپرے کرنے کا حکم دیا تھا جس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے دل چسپ ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے مشورہ دیا تھا کہ کراچی کے شہری ٹڈی دل کی کڑھائی اور بریانی بنا کر کھا سکتے ہیں، ٹڈی دل کراچی کے شہریوں کے پاس خود چلا آیا ہے تو فائدہ اٹھائیں۔

    اندرون سندھ کے بعد ٹڈی دل کا کراچی پر حملہ، وزیر زراعت نے بچنے کا انوکھا مشورہ دے دیا

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کراچی کے بعد بلوچستان چلا گیا ہے، ملیر میں ٹڈی دل نے فصلوں کو نقصان نہیں پہنچایا، شہری پریشان نہ ہوں ٹڈی دل عوام کو نقصان نہیں پہنچاتا، اس کے خاتمے کے لیے نوابشاہ اور بدین میں اسپرے کرا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اندرون سندھ کے علاوہ ٹڈی دل کراچی پر بھی حملہ کرچکا ہے۔

  • 25ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    25ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اس وقت 14 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظور ہوگئے ہیں، 25 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد اور ڈنمارک کے سفیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کلین انرجی کے پروجیکٹس پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ گورنمنٹ ڈینش گورنمنٹ براہ راست معاہدہ کریں، سندھ حکومت اور ڈینش حکومت بہتر اندازمیں کام کرسکتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت 14 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظور ہوگئے ہیں، 25 ونڈ پاورکے پروجیکٹس منظوری کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے ڈینش کمپنیز کو سندھ میں گرڈ اسٹیشن لگانے کی بھی دعوت دی جسے ڈیشن کمپنیز نے قبول کرلیا۔

    دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے سندھ سولر انرجی پروجیکٹ شروع کرنے کے معاہدے پر دستخط کر لیے گئے، ایم او یو پر ورلڈبینک اور پرائیویٹ سیکٹرز کی کمپنیوں نے دستخط کیے۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ سولرانرجی پروجیکٹ 105ملین ڈالرسے شروع کیا جا رہا ہے، پروجیکٹ کے لیے سندھ حکومت 5 ملین ڈالر دے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق پروجیکٹ کے تحت سولر پارکس قائم کیے جائیں گے، پہلا سولر پارک مانجھند ڈسٹرکٹ دادو میں قائم کیا جائے گا، سولرپارک سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔

  • سندھ حکومت: 20 جدید سکشن، ہائی پریشر جیٹنگ مشین گاڑیاں واٹر بورڈ کے حوالے

    سندھ حکومت: 20 جدید سکشن، ہائی پریشر جیٹنگ مشین گاڑیاں واٹر بورڈ کے حوالے

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 20 جدید سکشن اور ہائی پریشر جیٹنگ مشین گاڑیاں واٹر بورڈ کے حوالے کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ کی مشین گاڑیوں میں مزید 20 جدید سکشن اور ہائی پریشر جیٹنگ گاڑیوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے، یہ گاڑیاں آج وزیر اعلیٰ سندھ نے حوالے کیں، ان میں 10 گاڑیوں پر سکشن اور 10 پر ہائی پریشر جیٹنگ مشینیں نصب ہیں۔

    بیس مشین گاڑیوں کے اضافے سے سکشن اور جیٹنگ مشین گاڑیوں کی تعداد 56 ہو گئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے 90 کروڑ کی لاگت سے یہ 20 گاڑیاں خریدی ہیں، پرانے سکشن اور جیٹنگ میشن گاڑیوں کی مرمت کرائی جا رہی ہے، یہ مشین گاڑیاں مرمت ہو کر آیندہ سال مل جائیں گی۔

    وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 50 سال پرانا دھابیجی پمپنگ اسٹیشن 1.23 ارب سے اپ گریڈ کر رہے ہیں، بلدیہ کے لیے 24 انچ قطر کی پائپ لائن کا کام 40 کروڑ سے مکمل ہو چکا ہے، جلد دو انڈرپاسز آپریشنل ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کو دی گئی مشینوں کی شہر کو سخت ضرورت تھی، ہم کام تو کرتے ہیں لیکن صحیح تشہیر نہیں کر سکتے، وفاقی حکومت کے سینئر شخص نے کہا سندھ حکومت کام نہیں کرتی، مجھے ان کے اندھے ہونے پر دکھ ہے، انھیں ہر کوئی چور نظر آتا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا صوبائی حکومت شہر کے لیے کوشاں ہے، جلد ہی کچھ اور پراجیکٹس بھی پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے، وفاق کی جانب سے کوئی بجٹ دینے کا ارادہ نہیں ہے، معیشت نے بھی بڑی ترقی کر لی ہے، ٹماٹر نے ڈالر کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبے میں اختیارات کے قضیے پر گورنر سندھ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان سے کہتا ہوں آئین اور قانون پڑھ لیں، آرٹیکل 105 میں ہے گورنر ہر کام وزیر اعلیٰ سے پوچھ کر کرے گا۔

  • سندھ میں کرپشن کے ذمے دار مراد علی شاہ ہیں: حلیم عادل

    سندھ میں کرپشن کے ذمے دار مراد علی شاہ ہیں: حلیم عادل

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ میں 12سال میں کرپشن مراد علی شاہ کی ذمے داری ہے. زرداری، فریال تالپور اور مرادعلی شاہ کرپشن بند کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عاد شیخ کا کہنا تھا کہ مرادعلی شاہ خود کو شفاف پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف اب ان چوروں کے خلاف کھڑی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ سانحہ تیزگام افسوسناک واقعہ ہے، اسی دن میرپور خاص پہنچا، پیپلز پارٹی کے سوشل میڈیا کارکنوں نے جعلی ویڈیو چلائیں، لاشوں پر سیاست کرنے کی کوشش کی گئی۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نمازجنازہ کے لیے عمرکوٹ گیا، پتہ چلا تیمور تالپور بڑا مافیا ہے، پولیس نے پتھر مارے اور گاڑی روکنے کی کوشش کی، میری گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی۔

    سندھ کےعوام تبدیلی کی راہ دیکھ رہے ہیں‘ حلیم عادل شیخ

    ان کا کہنا تھا کہ ایک گاڑی روک کر ہمارے لوگوں پر تشدد کیا اور گاڑی تباہ کردی، ایس ایس پی عمر کوٹ اعجاز شیخ منشیات فروش ہے۔

    حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اب ان چوروں کے خلاف کھڑی ہوگی، مرادعلی شاہ نے حملہ کرایا، بلاول کوپتہ نہ ہو لیکن بلاول ہاؤس کو پتہ ہے۔

  • مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں تمام اپوزیشن ساتھ ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں تمام اپوزیشن ساتھ ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    سیہون : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں تمام اپوزیشن ساتھ ہے، عوام پی ٹی آئی حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، مہنگائی، بے روزگاری سے تنگ لوگوں نے مارچ میں شرکت کی۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کہہ چکے وزیراعظم کے جانے سے معاملات آگے بڑھیں گے، پی ٹی آئی کو بغیر سوچے سمجھے بیان دینے کا صلہ مل رہا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں تمام اپوزیشن ساتھ ہے، عوام پی ٹی آئی حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان ٹرین حادثے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں، جاں بحق افراد کے لواحقین کو تاحال لاشیں حوالے نہیں کی گئیں، تحقیقات سے پہلے لواحقین سے کہا جا رہا ہے کے قصوروار ان کےاپنے ہیں۔

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے حادثے پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا تھا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اہم اجلاس، کراچی میں صفائی ستھرائی کا جائزہ

    وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اہم اجلاس، کراچی میں صفائی ستھرائی کا جائزہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کراچی کی صفائی پر اہم اجلاس ہوا جس میں صفائی ستھرائی کے کام کو مستقل بنانے پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دوران اجلاس وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کراچی میں ڈی ایم سیز کی گاڑیوں کی مرمت کا کام جلد کیا جائے۔ گھروں اور گلیوں سے کچرا اٹھاکر جی ٹی ایس تک پہنچانا ترجیح ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ڈی ایم سیز کو ٹریکٹر ودیگر مشینری کے لیے فنڈز آج جاری کردیئے، ڈی ایم سیز صفائی شروع کردیں۔

    انہوں انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 22اکتوبر کو شرقی اور جنوبی میں ہڑتال کیوں ہوئی؟ ایسے کنٹریکٹر نہیں چاہئیں جو بلیک میلنگ کریں۔

    مراد علی شاہ نے ایس ایس ڈبلیو ایم اے کو سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مفت میں کام نہیں کرا رہے ہیں کہ آنکھ بند کردیں، صفائی کرنے والی کمپنی کام نہیں کرے تو معاہدہ ختم کریں۔

    ہماری کچرا مہم سے کراچی میں کافی حد تک فرق آیا، وزیراعلیٰ سندھ

    یاد رہے کہ 16 اکتوبر کو اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری کچرا مہم سے کراچی میں کافی حد تک فرق نظر آرہا ہے، 70 فیصد کچرا ان ڈسٹرکٹ سے اٹھایا جہاں سے کچرا نہیں اٹھ رہا تھا۔