Tag: مراد علی شاہ

  • جعلی اکاؤنٹس کیس: مراد علی شاہ کی نیب میں آج طلبی

    جعلی اکاؤنٹس کیس: مراد علی شاہ کی نیب میں آج طلبی

    کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں پوچھ گچھ کے لیے آج 11 بجے طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں پوچھ گچھ کے لیے نیب نے آج وزیر اعلیٰ سندھ کو طلب کر لیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب کی جے آئی ٹی بھی مراد علی شاہ سے پوچھ گچھ کرے گی۔

    ذرایع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو جعلی اکاؤنٹس کی جے آئی ٹی رپورٹ پر بلایا گیا ہے۔

    ادھر جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب طلبی کے بعد وزیر اعلی سندھ نے قانونی ٹیم کے ساتھ مشاورت کی، انھوں نے اس بات پر بھی مشاورت کی کہ نیب میں پیش ہوا جائے یا نہیں۔

    دوسری طرف ذرایع کا کہنا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں، نیب کی 15 رکنی ٹیم کراچی پہنچ چکی ہے، یہ ٹیم مزید شواہد اور تحقیقات کو فائنل کرے گی، اس ٹیم میں 11 تحقیقاتی افسر اور 4 اسسٹنٹ شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ جون میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے دادو اور ٹھٹھہ شوگر ملز کی فروخت کے معاملے پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور قائم علی شاہ کے خلاف انکوائری انویسٹی گیشن میں تبدیل کر دی تھی۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  سندھ اسمبلی کا اجلاس: وزیر اعلیٰ مرادعلی شاہ کی وفاقی حکومت پرکڑی تنقید

    چئیرمین نیب جسٹس (ر ) جاوید اقبال نے انویسٹی گیشن کی منظوری دی تھی، کہا گیا کہ دونوں شوگر ملز کو کوڑیوں کے بھاؤ اومنی گروپ کو فروخت کیا گیا، جس کے باعث قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔

    مراد علی شاہ اور قائم علی شاہ اپنے بیانات بھی نیب کو ریکارڈ کرا چکے ہیں، اومنی گروپ کے تمام عہدے داروں سے نیب کی تفتیش مکمل کی جا چکی ہے جب کہ سابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

    یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

  • پاکستان تو رہے گا، مراد علی شاہ نہیں رہیں گے: مراد سعید

    پاکستان تو رہے گا، مراد علی شاہ نہیں رہیں گے: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے وزیر اعلیٰ سندھ کی صوبائی اسمبلی میں تقریر پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان رہے گا، مراد علی شاہ نہیں رہے گا، انھیں شرم آنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ سندھ نے اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانا وفاق کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، سندھ کو نقصان پہنچاؤ گے تو وفاق بھی نہیں بچے گا۔

    اس پر مراد سعید نے سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو اس طرح بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، کراچی کچرا کنڈی بن چکا ہے، ان کے پاس مریضوں کے لیے ایمبولینس تک نہیں، یہ چوروں اور ڈاکوؤں کو اسمبلی میں لے کر آتے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان انھیں کوئی این آر او نہیں دینے والا، احتساب سب کا ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ اسمبلی کا اجلاس: وزیر اعلیٰ مرادعلی شاہ کی وفاقی حکومت پرکڑی تنقید

    انھوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت کے حکم پر سندھ میں مالیاتی ایمرجنسی لگائی جا سکتی ہے، صوبائی اسمبلی اور حکومت کے اختیارات گورنر کو دیے جا سکتے ہیں۔

    دریں اثنا، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے اپنے ردِ عمل میں کہا آرٹیکل ایک سو انچاس لاگو ہوگا تو مراد علی شاہ کو عمران خان کے حکم پر ہی کام کرنا ہوگا، ہم کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے، بات نہ بنی تو آرٹیکل 234 اور 235 کا سہارا لیں گے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے اسمبلی فلور پر کہا تھا کہ وفاقی حکومت روز ایک کراچی کمیٹی بنا دیتی ہے، کراچی کمیٹی بنانا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

  • سندھ ہمیشہ ایک اکائی رہے گا، کسی میں ہمت ہے تو تقسیم کرکے دکھائے، وزیراعلیٰ سندھ

    سندھ ہمیشہ ایک اکائی رہے گا، کسی میں ہمت ہے تو تقسیم کرکے دکھائے، وزیراعلیٰ سندھ

    سیہون: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ہمیشہ ایک اکائی رہے گا، کسی میں ہمت ہے تو سندھ تقسیم کرکے دکھائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم پر پیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے، بلاول بھٹو نے سندھ کی تقسیم سے متعلق سخت بیان دیا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ تقسیم کی باتیں خرنے والے آج معافیاں مانگتے پھر رہے ہیں، کسی میں ہمت ہے تو سندھ تقسیم کرکے دکھائے، تین چار ماہ پہلے میں نے ان کے بھیانک چہروں سے پردہ اٹھادیا تھا۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہٹانے کا مسئلہ پی ٹی آئی کا اپنا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز میرپورخاص میں بہت بڑی کوتاہی ہوئی ہے، جس کی غلطی ہوگی اس کو سزا ملے گی، واقعے پر افسوس ہوا اور نوٹس بھی لیا ہے، واقعے میں جو ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: میرپورخاص، بچی کی لاش موٹر سائیکل پر لے جاتے ہوئے حادثہ، والد اور چچا بھی جاں بحق

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام کی خدمت میں یہ ایمبولینسز کتنا استعمال ہوتی ہیں، ریکارڈ پیش کیا جائے، مجھے بتایا جائے کس اسپتال میں کتنی ایمبولینس ہیں، اگر محکمہ صحت میرپورخاص کا عملہ ملوث نکلا تو معاف نہیں کریں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے صوبہ بھر کی تمام اسپتالوں کی ایمبولینس سروس کی تفصیلات بھی سیکریٹری صحت سے مانگ لیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز میرپورخاص میں ایمبولینس کی جانب سے مبینہ طور پر 2 ہزار روپے طلب کرنے پر باپ بچی کی لاش کو موٹر سائیکل پر لے جارہا تھا کہ حادثے پیش آیا جس کے نتیجے میں والد اور چچا بھی جاں بحق ہوگئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز اسلم راجپوت کا کہنا تھا کہ ایمبولینس ڈرائیور کی جانب سے مبینہ طور پر 2 ہزار روپے طلب کیے گئے جس پر والد بیٹی کی لاش موٹر سائیکل پر رکھ کر کھپرو لے جارہا تھا۔

  • چھ ستمبرکا دن ہمیں یاد دلاتا ہے پاک فضائیہ کتنی اہم ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    چھ ستمبرکا دن ہمیں یاد دلاتا ہے پاک فضائیہ کتنی اہم ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیرپرپاکستان کا مؤقف واضح ہے ہم سب متحد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں مسرور بیس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ بہترین صلاحیتوں کی فورس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چھ ستمبر 1965 کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے پاک فضائیہ کتنی اہم ہے، ایم ایم عالم نے 5 بھارتی طیارے گرائے تھے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پلواما واقعے کے بعد بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مسئلہ کشمیرپرپاکستان کا مؤقف واضح ہے ہم سب متحد ہیں، انشااللہ کشمیربنے گا پاکستان، پاکستان زندہ باد، وزیراعلیٰ سندھ نے نعرہ لگایا۔

    ملک بھرمیں یوم دفاع کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے منایا جا رہا ہے

    واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔

    یوم دفاع پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعائیں کی گئیں۔

    شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

  • کراچی: کچرے کا مسئلہ گمبھیر ہوگیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس بلا لیا

    کراچی: کچرے کا مسئلہ گمبھیر ہوگیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس بلا لیا

    کراچی: شہر قائد میں کچرا کنڈیوں اور کوڑے کرکٹ کے مسئلے نے  وزیر  اعلیٰ کو اجلاس بلانے پر مجبور کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق وزیر  اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کچرے کے مسئلے سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا. وزیر بلدیات سندھ، میئرکراچی سمیت تمام ذمہ داران سر جوڑ کر بیٹھ گئے.

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے دوران تمام اداروں نے مل کر کام کیا، شہر کی صفائی میرا کام نہیں، اس کے باوجود آپ کے ساتھ مل کر شہریوں کے ریلیف کے لئے کام کر رہا ہوں.

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں فنڈز بھی دے رہا ہوں اور انتظامی مدد بھی کر رہا ہوں، اس کے باوجود بھی شہرکے کچرے کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا، آج ہمیں مل کراس مسئلے کا حل نکالنا ہے.

    مزید پڑھیں: کچرا اٹھانے کی ذمہ داری ڈی ایم سی کی ہے، سعید غنی

    خیال رہے کہ کراچی میں کچرا اٹھانے کا مسئلہ گمبھیر شکل اختیار کر گیا ہے، کئی برس کی غفلت کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر لگ گئے. بارشوں کے بعد صورت حال مزید گمبھیر ہوگئی.

    پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے صفائی مہم شروع ہونے کے بعد وفاق اور سندھ حکومت میں تناؤ بڑھنے لگا. دونوں‌ طرف سے سخت بیانات کا سلسلہ اب بھی جاری ہے.

  • سرکاری محکمےعوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کریں، وزیراعلیٰ سندھ

    سرکاری محکمےعوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کریں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تین سال سے ایک پوسٹ پر کام کرنے والے افسران کو ہٹانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، اٹارنی جنرل سلمان، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو نے شرکت کی۔

    اجلاس میں سیکریٹری سروسز نوید شیخ، سیکریٹری صحت اور وزیراعلیٰ سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری فیاض جتوئی بھی موجود تھے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں تین سال سے ایک پوسٹ پر کام کرنے والے افسران کو ہٹانے کی ہدایت کی، فیصلہ بہترگورننس، اداروں کی کارکردگی کو بہترکرنے کے پیش نظرکیا گیا۔

    مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری کواداروں کو بہتربنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکمےعوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کریں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں بہتر کارکردگی کے لیے لوکل گورنمنٹ میں اچھے افسران کوتعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    کے فور منصوبے کی تکمیل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے: مراد علی شاہ

    ‌یاد رہے کہ رواں سال 29 جون کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کے فور منصوبےکی تکمیل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • کشمیری 72 سالہ تشدد سے نہیں ڈرے، آئینی ترمیم سے کیا ڈریں گے، وزیراعلیٰ سندھ

    کشمیری 72 سالہ تشدد سے نہیں ڈرے، آئینی ترمیم سے کیا ڈریں گے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ساری جماعتیں ایک ہو کر کشمیر سے یکجہتی کا اظہار کریں۔

    کراچی میں پیپلزپارٹی کی کشمیر یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کشمیری 72 سالہ تشدد سے نہیں ڈرے، آئینی ترمیم سے کیا ڈریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ م شہیدذوالفقار بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مجاہد ہیں، بھارت کو بتانا چاہتا ہوں پوری قوم ایک ہے، ہم سب مل کر بھارت کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے۔

    خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کشمیر کیلئے پورا پاکستان اکٹھا ہوا ہے، تمام جماعتیں پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں، بلاول بھٹو کی ہدایت پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔

    مرادعلی شاہ نے کہا کہ ریلی میں سیاسی جماعتوں نے شرکت کرکے ثابت کیاہم سب ایک ہیں، مودی نے انتخابات میں کامیابی کے بعد کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے۔

    کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: آرمی چیف

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی اپنے کشمیریوں کےساتھ کھڑے ہیں، کشمیری 72 سالہ تشددسےنہیں ڈرے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت چھن جانے سے بھی نہیں ڈیں گے بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

    خیال رہے کہ یوم آزادی پر پاکستانی قوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکال رہی ہے، ہر طرف پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا اعلان

    وزیراعلیٰ سندھ کا کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا اعلان

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں کے الیکٹرک کی وجہ سے اموات ہوئیں عوام درخواستیں دیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ بارش سے کراچی کی صورت حال کافی خراب ہے۔

    سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی وجہ سے کراچی میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے، وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو کنٹرول کیوں نہیں کرتی ہے۔

    دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، 30 افراد کرنٹ لگنے سے مرچکے ہیں، تھانے جاکر کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کراؤں گا۔

    مزید پڑھیں: کراچی کا کوئی پرسان حال نہیں، عوام سندھ حکومت سے تنگ آچکے ہیں، وسیم اختر

    واضح رہے کہ بارش کے باعث کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 31 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 9 جانور بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ 31 جولائی کو بھی شہر میں مون سون بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 5 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    علاوہ ازیں کراچی میں بارش رکنے کے باوجود مختلف علاقوں کی بجلی بحال نہیں ہوسکی ہے، کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے عوام تین دن سے اذیت میں مبتلا ہیں۔

  • سندھ اسمبلی میں بھارتی مظالم اورجارحیت کےخلاف مشترکہ قرارداد منظور

    سندھ اسمبلی میں بھارتی مظالم اورجارحیت کےخلاف مشترکہ قرارداد منظور

    کراچی: سندھ اسمبلی میں بھارتی مظالم اور جارحیت کے خلاف مشترکہ قرارداد منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی، قرارداد کے متن کے مطابق سندھ اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی خود مختار حیثیت کا خاتمہ قابل مذمت ہے۔

    قرارداد کے متن کے مطابق مسلم امہ سمیت عالمی برادری بھارتی اقدام کا نوٹس لے، بھارتی اقدام کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کرنے کی سازش ہے، بھارت مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

    اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف قرارداد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، کشمیر کے مسئلے پر وفاقی و صوبائی حکومت سمیت سب متحد ہیں۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سب سے پہلے پارلیمںٹ میں مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا کہا تھا، بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کو کشمیر کی صورت حال پر نوٹس لینا چاہئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارتی حکومت کے فیصلے مقبول ہیں تو کشمیر کی قیادت کو کیوں قید کیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں کلسٹر بم کا استعمال کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم تقسیم ہوں گے تو ایسی صورت حال ہوگی، پوری قوم مل کر بھارتی جارحیت کا متحد ہوکر مقابلہ کرے۔

    مزید پڑھیں: بھارت نےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے پوری دنیا کو آگاہ کرے، بھارت خود سب سے بڑی جمہوریہ کہتا ہے مگر آشکار ہوگیا ہے۔

    یاد رہے بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھارتی وزیرداخلہ نے آرٹیکل370 ختم کرنے کا بل پیش کیا ، تجویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کاعہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیئے، جس کے بعد مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی۔

  • اسلحے کی لائسنس کمپیوٹرائزیشن کی تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع

    اسلحے کی لائسنس کمپیوٹرائزیشن کی تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اسلحہ کی لائسنس کمپیوٹرائزیشن کی تاریخ میں توسیع سمیت متعدد معاملات کی منظوری دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ لیزنگ کمپنی کا انضام، جاری آڈٹس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ گرانٹس لینے والے ادارے اکاؤنٹس کھولیں تو سندھ بینک کی حالت بہتر ہو جائے۔

    کابینہ نے سندھ بینک کو 3 ارب روپے دینے اور سندھ لیزنگ کمپنی کے قائم مقام سی ای او کا عہدہ سی ایف او کو دینے کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سندھ بینک سے قرض لینے والوں کے اکاؤنٹس منجمد ہو گئے ہیں، سندھ بینک کو قرضوں کی واپسی رک گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے سندھ بینک کے بورڈ کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بینک بہترین بینک ہے، مزید بہتر کریں گے۔ گزشتہ سال کے رکے ہوئے پیسے وفاقی حکومت سندھ کو دے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 80 ارب روپے کم دیے ہیں، جولائی میں 32 ارب دیے گئے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ وفاق نے 60 کی جگہ صرف 32 ارب روپے دیے ہیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ پولیس ساڑھے 4 ہزار 9 ایم ایم پستول واہ انڈسٹریز سے خریدنا چاہتی ہے، ڈالر کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے ایک پستول کی قیمت 85 ہزار بنتی ہے۔ اس کے لیے 38 کروڑ روپے سے زائد کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب پستول کی قیمت ساڑھے 45 ہزار تھی تو ٹینڈر کیوں منسوخ ہوا، اب وہی پستول 85 ہزار میں خریدنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے معاملے پر کابینہ کی انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی۔

    اجلاس میں ری نیول فار کمپیوٹرائزڈ آف آرمز لائسنس پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمپیوٹرائزیشن کے لیے 5 بار توسیع دی جا چکی ہے۔ اس وقت تک 5 لاکھ 20 ہزار 452 لائسنس کمپیوٹرائزڈ ہو چکے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس حساب سے ابھی بھی 5 لاکھ 35 ہزار 843 لائسنس کمپیوٹرائزڈ ہونے ہیں۔ کابینہ نے 31 دسمبر 2019 تک کمپیوٹرائزیشن کی تاریخ میں توسیع کردی۔ وزیر اعلٰ نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ اس کے بعد شہریوں سے اسلحہ واپس لینا شروع کردیں۔