Tag: مراد علی شاہ

  • مراد علی شاہ کے دوبارہ وزیرِ اعلیٰ بننے کا امکان، اپوزیشن لیڈر کے لیے فردوس شمیم کا نام فائنل

    مراد علی شاہ کے دوبارہ وزیرِ اعلیٰ بننے کا امکان، اپوزیشن لیڈر کے لیے فردوس شمیم کا نام فائنل

    کراچی: سندھ میں حکومت سازی کے لیے پی پی نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، غالب امکان ہے کہ مراد علی شاہ ایک بار پھر سندھ کے وزیرِ اعلیٰ کا منصب سنبھالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پنجاب سے منتخب اراکین کا اجلاس آج کراچی میں طلب کرلیا، پی پی نے سندھ میں حکومت بنانے کے لیے تیاریاں بھی مکمل کرلیں۔

    آج طلب کیے گئے اجلاس میں سندھ میں حکومت سازی اور پارلیمنٹ میں پیپلز پارٹی کے کردار پر مشاورت کی جائے گی، مراد علی شاہ کے دوبارہ وزیرِ اعلیٰ بننے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، ناصرشاہ اور فریال تالپور کے نام بھی وزیرِ اعلیٰ کے منصب کے لیے گردش میں ہیں۔

    پیپلزپارٹی نے اپوزیشن جماعتوں‌ کو حلف اٹھانے پر راضی کر لیا، جنگ پارلیمنٹ میں لڑنے کا عزم

    دوسری طرف پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے لیے فردوس شمیم نقوی کا نام بھی تقریباً فائنل کر لیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ انتخابات 2018 میں سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہوئی ہے، پی پی نے پہلے ہی سندھ میں حکومت بنانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ ہائی کورٹ : مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیل مسترد

    سندھ ہائی کورٹ : مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیل مسترد

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیل مسترد کردی، بینچ نےآر او کے فیصلے کو بحال رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی بحال کر کے ان کیخلاف دائر کی اپیل مسترد کردی۔

    سندھ ہائیکورٹ میں مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی بحالی کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی، ان کیخلاف جلال محمود شاہ کے وکیل نے اپیل دائر کی تھی۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں مذکورہ اپیل مسترد کرتے ہوئے آر او کے فیصلے کو بحال رکھا ہے، مراد علی شاہ نے پی ایس80جامشورو سےکاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

    وکیل اپیل کنندہ نے کا مؤقف تھا کہ مرادعلی شاہ نے بیان حلفی میں دہری شہریت کا ذکرنہیں کیا، دہری شہریت چھپانے پرمرادعلی شاہ صادق و امین نہیں رہے،لہٰذا ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

    دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عدالتی فیصلے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میرے خلاف دائر اپیلیں مسترد ہوگئیں، میرے خلاف جعلی اقاما فائل کیا گیا، اقاما جعلی ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ اس پر تاریخ پیدائش اور پاسپورٹ نمبر بھی غلط ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ میں زندگی میں کبھی عجمان نہیں گیا، غلط خبر دینے والے کیخلاف الیکشن کمیشن میں کیس کروں گا۔

    مزید پڑھیں: مراد علی شاہ کی دہری شہریت اور اقامہ عدالت میں چیلنج

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کے سابق وزیراطلاعات ونشریات ناصر حسین شاہ اور وزیر صنعت و تجارت منظور وسان کے اقامے بھی سامنے آچکے ہیں جن کے خلاف عدالتوں میں درخواستیں دائر کی گئیں تھیں۔

    دوسری جانب عام انتخابات میں حصہ لینے والے مختلف جماعتوں کے امیدواروں کی جانچ پڑتال کے دوران 122 امیدواران کی دہری شہریت نکلی تھی، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے الیکشن کمیشن کو اس ضمن میں رپورٹ بھی پیش کی تھی۔

    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • مراد علی شاہ کی دہری شہریت اور اقامہ عدالت میں چیلنج

    مراد علی شاہ کی دہری شہریت اور اقامہ عدالت میں چیلنج

    کراچی: سابق وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلزپارٹی کے رہنما مراد علی شاہ کی دہری شہریت اور اقامے کو سندھ ہائی کورٹ چیلنج کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں شہری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ’مراد علی شاہ دہری شہریت کے حامل اور اقامہ ہولڈر ہیں‘۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کینیڈا کی شہریت چھپائی اور انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ہوٹل میں سپر وائزر کے اقامے کا بھی ذکر نہیں کیا۔

    سندھ ہائی کورٹ نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے مراد علی شاہ، الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جون تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی کا ایک اور رہنما اقامہ ہولڈر نکلا

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کے سابق وزیراطلاعات ونشریات ناصر حسین شاہ اور وزیر صنعت و تجارت منظور وسان کے اقامے بھی سامنے آچکے ہیں جن کے خلاف عدالتوں میں درخواستیں دائر کی گئیں تھیں۔

    دوسری جانب عام انتخابات میں حصہ لینے والے مختلف جماعتوں کے امیدواروں کی جانچ پڑتال کے دوران 122 امیدواران کی دہری شہریت نکلی تھی، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے الیکشن کمیشن کو اس ضمن میں رپورٹ بھی پیش کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما بھی اقامہ ہولڈرز نکلے

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر سے قومی و صوبائی اسمبلی کے 122 امیدواروں کی دہری شہریت کا انکشاف ہوا، جن لوگوں کے پاس اقامے یا دیگر ممالک کی شہریت ہے اُن میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، تحریک انصاف کے رہنما فیصل واؤڈا اور نادر لغاری سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیراعلیٰ سندھ  اپنے بیان پر معافی مانگیں، فاروق ستار کا 48  گھنٹے کاالٹی میٹم

    وزیراعلیٰ سندھ اپنے بیان پر معافی مانگیں، فاروق ستار کا 48 گھنٹے کاالٹی میٹم

    اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے وزیراعلیٰ سے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ مراد علی شاہ نے48 گھنٹوں میں  معافی نہیں مانگی تو لیاقت آباد میں احتجاج کریں گے جبکہ فاروق ستار نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں سمیت مہاجر قومی موؤمنٹ، پی ایس پی اور مہاجراتحاد کو بھی احتجاج میں شامل ہونے کی دعوت دے دےدی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے وزیراعلیٰ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی سندھ کی مہاجروں کی دل آزاری کی مذمت کرتےہیں اور ان کی تقریراورتلخ جملوں کو مسترد کرتا ہوں، 90ارب روپے لاڑکانہ پر لگائے گئے، کوئی ایک منصوبہ بتا دیں، کراچی میں 7ارب روپےمیں دو4سڑکیں بنادیں، 300 ارب میں سے7ارب کراچی پر لگا دینا ایک المیہ ہے۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نےابھی کوئی جنوبی سندھ صوبےکامطالبہ نہیں کیا، لوگ جنوبی سندھ صوبے کی بات کرتے ہیں یہ سوچ ہے، 1972میں پیپلز پارٹی نے جس طرح قتل عام کیا تاریخ ہے، سندھ کی تقسیم کا بیج آپ نے بویا ہے، سندھ کی تقسیم کی بات لوگوں کے ذہنوں میں آپ نے ڈالی۔

    رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ کوٹہ سسٹم2013میں ختم ہوگیالیکن ابھی بھی چل رہاہے، مردم شماری میں کم گنا جانا حلقہ بندیوں پر کم سیٹیں ناانصافی ہیں، پیپلزپارٹی کے کرتا دھرتاؤں نے ہماری زمینوں پرقبضہ کیا۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہیٹ ویو کا عام شہریوں کیساتھ مرادعلی شاہ پر بھی اثرہے، بلاول بھٹو اور آصف زرداری مراد علی شاہ سےمعافی طلب کریں، 48 گھنٹے کے اندر معافی نہیں آتی تو احتجاج کریں گے، 26 مئی رات ساڑھے10 بجے لیاقت آباد10نمبر پر احتجاج کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ احتجاج میں آفاق احمد، مہاجراتحاد کےسلیم حیدر مصطفیٰ کمال،عامرخان،خالدمقبول کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں، احتجاج کے بعد تحریک چلے گی، جو عوامی ریفرنڈم ہوگا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ  کا کہنا تھا کہ ہم نےملک میں نئےصوبوں کی بات کی سندھ میں نہیں، سندھ کے شہری علاقے کے لوگوں کوچیلنج نہ دیں، غصہ نہ دلائیں ، وزیراعلیٰ سندھ کے الفاظ ہمارے دل پر برسے ہیں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری اپنے وزرا کو لگام دیں، بات نکلے گی تو بہت دور تلک جائےگی، شہری عوام بتائیں گے جب چاہا پاکستان بنے تو  پاکستان بنادیا، جب چاہیں گےجنوبی سندھ صوبہ بنےتوہم وہ بھی بنادیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں سےمتعلق ہماری پٹیشن عدالت میں ہے، میں چیف جسٹس سےاپیل کرتاہوں ہماری اپیل کو سنیں۔

    رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ کوئی بھی بات کریں تحمل سے سن لیناچاہئے، عدم برداشت کی پالیسی نقصان دہ ہے، عدم برداشت کی بات ختم برداشت پرنہ چلی جائے، پی پی کے جو لوگ ایوان میں ہیں تحمل سے میری بات سنیں، وزیراعلیٰ نےایک طبقےکےخلاف متعصب بات کی، پیپلزپارٹی کا فرض بنتا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی بات کانوٹس لیں۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نےاب تک جنوبی سندھ کی بات نہیں کی، سندھ میں مزید انتظامی یونٹ بنانے کی بات بھی نہیں کی، پیپلزپارٹی کے10سال کے ظلم کی تفصیل میں نہیں جاناچاہتا، روزگار،تعلیمی اداروں میں داخلےسے شہرکےلوگ محروم ہیں، دیہی اورشہری سند کےلوگوں میں وسائل کی بنیاد پر تقسیم کی گئی، اگرذہنوں میں جنوبی سندھ صوبے کی سوچ آرہی ہے تو آپ روکیں۔

    انھوں نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کا مطالبہ کوئی معیوب بات نہیں ہے، سوچ پر لعنت بھیجنے کے بجائے اپنےعمل پرلعنت بھیجیں ، آپ نے40سال تک کوٹہ سسٹم نافذ کر کے کتنے ہاریوں کو ترقی دی؟ لوگوں کو یہ قوم پرستی کی طرف لے کر جارہے ہیں، آپ کہتے ہیں کہ جنوبی سندھ صوبہ نہیں بناسکتے، جنہوں نے پاکستان بنا دیا انہیں صوبہ بنانے سے کون روک پائے گا، یہ بیج جو آپ بورہےہیں آپ ہی کاٹیں گے۔

    فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے ہمیں کوئی توقع نہیں ہے، پالیسی وڈیروں نےبنائی جوسراسرسندھ کی تقسیم ہے، پیپلزپارٹی کے وڈیرے جاگیردار  تقسیم کی بات کر رہے ہیں، دیوارسے نہ لگایا جائے صوبے کے مطالبے پر نہ لگایا جائے، ہم خود سندھ کی تقسیم کی سوچ کے خلاف لڑ رہےہیں۔

    انھوں نے کہا کہ مرادعلی شاہ کا عمل ہماری کوششوں کورائیگاں کررہاہے، معاملات نکالے گئے تو آخر کب تک روک پائیں گے، کراچی کی بڑی آبادی سوچ رہی ہے ہمارا صوبہ ہونا چاہیے، کوئی حل نکالیں، لعنتیں بھیجنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

    خیال رہے گذشتہ روز مرادعلی شاہ نے کہا تھا صوبے کا مطالبہ کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، مراد علی شاہ

    الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، جو لوگ دھرتی کو ماں کہتے ہیں اسے اپنا تو کہیں۔

    یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ماضی میں شہر قائد دہشت زدہ تھا، ہرجگہ قتل عام ہوتا تھا، بھتہ خوری اور بوریوں میں لاشیں ملا کرتی تھیں، لوگ باہر نکلنے سے ڈرتے تھے لیکن آج کا کراچی اس سے پوری طرح مختلف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تین گھنٹوں پر محیط تقریر میں کوئی بات قابل ذکر نہ تھی، سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں، ہم نے سال09-2008 سے ابھی تک سندھ میں 833 بلین روپے خرچ کیے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں الگ صوبہ بنانے کی مذمت کرتا ہوں اگر اب بھی کسی کے دل میں کوئی خلل ہے تو نکال دے، جس دھرتی کو ماں کہتے ہیں اسے اپنا تو کہیں، میں الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں۔

    واضح رہے کہ آج پورے ملک میں جنوبی پنجاب صوبے کی باتیں ہورہی ہیں جبکہ سندھ اسمبلی میں لعنتیں دی جارہی ہیں، عمران خان کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائیں گے، یہی باتیں بلاول اور زرداری بھی کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں۔

    قبل ازیں ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی بھی سندھ میں صوبہ بنانے کا اعلان کرچکے ہیں، ایم کیوایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد نے تو جنوبی سندھ صوبے کی تحریک بھی شروع کردی ہے، اب سندھ میں ایک اور صوبہ بنے گا یانہیں یہ تو وقت بتائے گا۔

  • تعلیم کے بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ کیا ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    تعلیم کے بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ کیا ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ تعلیم کے بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ کیا ہے۔ بجٹ تصدیق 30 ستمبر تک کی ہے، نئی اسمبلی بعد میں پھر تصدیق کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 8 سال سے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کر رہا ہوں۔ اسمبلی 28 مئی کو تحلیل ہوجائے گی، پھر نگران سسٹم آئے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نگران حکومت 2 ماہ میں عام انتخابات کروائے گی۔ بجٹ کے دو حصے ہیں۔ ایک سپلیمنٹری حصہ ہے جس میں زیادہ اخراجات کی منظوری ہوتی ہے۔ دوسرے حصے میں پورے سال کا بجٹ ہے لیکن تصدیق 3 ماہ کی لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بجٹ تصدیق 30 ستمبر تک کی ہے، نئی اسمبلی بعد میں پھر تصدیق کرے گی۔ ’تعلیم کے بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ کیا ہے، ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد کا اضافہ کیا ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ وفاق سے کراچی کی تعمیر نو کے لیے بات کی مگر کچھ حاصل نہ ہوا۔ 10 بلین سے کراچی میں سڑکیں، فلائی اوور، انڈر پاسز بنائیں گے۔ گورنر سندھ نے 7 بلین روپے کی اسکیم کا افتتاح کرنے کی بات کی۔ ’رواں سال وفاق نے پی ایس ڈی پی میں ایک ٹکا نہیں رکھا‘۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انڈس ہائی وے روڈ پر حادثات سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وفاقی حکومت منصوبے کی رقم ہونے کے باوجود کچھ نہیں کر رہی۔ منصوبے کا ٹھیکہ بھی دے چکے ہیں لیکن حاصل کچھ نہیں ہوا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کو صرف 300 ملین روپے کی 3 اسکیموں سے نوازا گیا۔ آبی شعبے میں سندھ کو 1.7 فیصد شیئر دیا گیا۔ ’کیا یہ ہمارے ساتھ انصاف ہو رہا ہے‘؟

    مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی 2013 کے بعد اور مضبوط ہوئی ہے۔ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر لوگ ن لیگ چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی سندھ میں کامیابی سے پورا پاکستان جیتے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے 3 ماہ کے لیے منی بجٹ پیش کیا تھا جو 30 ستمبر تک نافذ العمل ہوگا۔ ٹیکس فری بجٹ کا کل حجم 11 کھرب 44 ارب روپے ہے جبکہ اس میں کسی نئی اسکیم کو شامل نہیں کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کا شہر کے مختلف علاقوں کا بغیر پروٹوکول کے ہنگامی دورہ

    وزیر اعلیٰ سندھ کا شہر کے مختلف علاقوں کا بغیر پروٹوکول کے ہنگامی دورہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بغیر پروٹوکول کے شہر قائد میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں دہشت کا ماحول ختم ہوگیا، شہری بلا خوف راتوں کو بھی گھوم سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بغیر پروٹوکول کے صوبائی وزرا اور پارٹی عہدہداران کے ہمراہ شہر قائد ہنگامی دورے کیے۔

    سید مراد علی شاہ ن شہر کے دورے کے دوران لانڈھی، کورنگی، بہادرآباد، ٹیپو سلطان روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ بھی کیا، سن سیٹ گذری بلیو وارڈ برج کا کے تعمیر کے حوالے سے متعلقہ افسران نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے افسران کو ہدایات جاری کی کہ 15 مئی تک پُل کی تعمیر مکمل کرکے عوام کے لیے کھول دیا جائے۔

    سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں بارہ ہزار روڈ کے معائنے کے دوران سڑک پر فٹ پاتھ کا کام جلد شروع کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ماضی میں ایم کیو ایم کا گڑھ سمجھے جانے والے علاقے عزیز آباد میں صوبائی وزرا کے ساتھ مل کر ریسٹورانٹ میں نہاری اور شیخ کباب کھایا۔

    عزیز آباد میں کھانا کھاتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گردی کو مزید کام نہیں کرنے دیں گے، ایم کیو ایم سیاست کرے۔ شہر قائد کے عوام بلا خوف راتوں کو بھی گھوم سکتے ہیں، خوف کی فضا کو ختم کردیا۔


    کراچی میں امن بڑی قربانیوں سے آیا ہے، دہشت کا ماحول ختم ہوگیا، مراد علی شاہ


    وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے لیاری کےعلاقوں چاکیواڑہ اورموسیٰ لین کا بھی دورہ کیا، مراد علی شاہ نے لیاری میں مزار پر حاضری دی اور نوجوانوں سے گفتگو بھی کی۔

    سید مرادعلی شاہ نے صدرفوڈ اسٹریٹ کا معائنہ بھی کیا اور دورے کے برنس روڈ کی لسی پی، کھیراورمیٹھا پان بھی کھایا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا جام شورو، وزیر اطلاعات و نشریات سندھ سید ناصرحسین شاہ، رکن قومی اسمبلی سعیدغنی ودیگررہنما بھی ساتھ موجود تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • سندھ سے دشمنی کی جارہی ہے، حق لے کر رہیں گے، مراد علی شاہ

    سندھ سے دشمنی کی جارہی ہے، حق لے کر رہیں گے، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگوں سے دشمنی کی جارہی ہے، اپنا حق لے کر رہیں گے، پیپلز پارٹی کراچی سے بھی جیتے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے ایف سی ایریا ٹنکی گراؤنڈ کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام کل بروز اتوار ٹنکی گراؤنڈ میں جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔

    جلسے سے بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے، سید مراد علی شاہ نے جلسے کے انتظامات کے علاوہ خصوصی طور پر سیکیورٹی سمیت دیگرانتظامات کا جائزہ لیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں پی پی کیلئے پہلے بھی کوئی نوگو ایریا نہیں تھا اوراب بھی نہیں ہے، کل بلاول بھٹو کی قیادت میں شاندارجلسہ ہوگا، جلسے کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پوراپاکستان پیپلز پارٹی کا ہے، پیپلزپارٹی پورے ملک کی طرح کراچی سے بھی جیتے گی، پیپلزپارٹی کے منشور پر عمل کرنے والے پارٹی میں آسکتے ہیں۔

    پیپلزپارٹی سے بڑے لوگ نہیں گئے، وزیراعظم سے کہا ہے کہ کراچی کے لوگوں کو سزانہ دی جائے، سندھ کے لوگوں سے دشمنی کی جارہی ہے ہم اپناحق لے کر رہیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • کراچی میں بجلی بحران کی ذمہ دارکےالیکٹرک ہے‘ اویس احمد لغاری

    کراچی میں بجلی بحران کی ذمہ دارکےالیکٹرک ہے‘ اویس احمد لغاری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی اویس احمد خان لغاری کا کہنا ہے کہ کےالیکٹرک کوایس ایس جی سی کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنانا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ پر وفاقی وزیر برائے توانائی اویس احمد خان لغاری نے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ بجلی کا بحران کے الیکٹرک کی نا اہلی کی وجہ سے پیش آیا۔

    وفاقی وزیربرائے توانائی نے خط میں کہا کہ بجلی کے ترسیلی نظام اورپاور پلانٹس میں نقائص کی نشاندہی ہوئی، کے الیکٹرک صارفین کو کمرشل بنیادوں پربجلی فراہم کر رہی ہے۔

    وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو لکھے گئے خط کے متن کےمطابق کےالیکٹرک کوایس ایس جی سی کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنانا ہوگی۔

    خط کے متن کے مطابق کے الیکٹرک کے واٹر بورڈ پر32 ارب روپے کے واجبات ہیں، واٹربورڈ اور دیگراداورں نے واجبات کی ادائیگی نہیں کی۔

    اویس احمد خان لغاری نے خط میں کہا ہے کہ کےالیکٹرک پلانٹس کو فرنس آئل سےچلاسکتی تھی لیکن نہیں چلایا۔

    وفاقی وزیربرائے توانائی نے خط میں مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بجلی بحران ختم کرنے کے لیے اپنا کردارادا کریں اور بجلی کے واجبات کی ادائیگی وقت پرکرائیں۔

    وفاق سے کےالیکٹرک اورسوئی سدرن نہیں سنبھل رہےتو ہمارے حوالےکردیں‘مرادعلی شاہ

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عذاب میں مبتلا ہیں، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ خود ساختہ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کراچی کی تمام نشستوں پرالیکشن لڑرہے ہیں

    کراچی کی تمام نشستوں پرالیکشن لڑرہے ہیں

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کرپشن کے خلاف ہے، جہاں کرپشن ہورہی ہے وہاں ایکشن لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں الیکشن کمیشن کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کی تمام نشستوں پر الیکشن لڑرہے ہیں، امید ہے سینیٹ الیکشن میں اچھی کامیابی حاصل کریں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ روہڑی کینال کی بندش سے فصلوں کو پانی نہیں مل سکا، کرپشن کی آڑ میں ترقیاتی کاموں کو نہیں رکنا چاہیے۔

    پی ایس ایل کے فائنل کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے سیکیورٹی فراہم کریں گے، کوشش ہے کہ شائقین کو پی ایس ایل کا اچھا میچ دیکھنے کو ملے۔


    ایم کیوایم کی ڈوبتی کشتی چھوڑیں، پیپلزپارٹی میں شامل ہوجائیں‘ سعید غنی


    یاد رہے کہ دو روز قبل پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے جو لوگ لڑ رہے ہیں وہ بانی کے جرائم میں شامل ہیں۔ ایم کیو ایم کی ڈوبتی کشتی چھوڑیں، پیپلزپارٹی میں شامل ہوجائیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔