Tag: مراد علی شاہ

  • پیپلز پارٹی نے سندھ کی وزارت اعلیٰ سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا

    پیپلز پارٹی نے سندھ کی وزارت اعلیٰ سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے سندھ کی وزارت اعلیٰ سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا، باضابطہ نام کا اعلان کچھ دنوں میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ ایک بار پھر سندھ کے وزیراعلیٰ بنیں گے۔ نومنتخب اراکین سندھ اسمبلی کو جلد کراچی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ذرائع پیپلز پارٹی نے کہا کہ مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا باضابطہ اعلان کچھ دنوں میں ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عام انتخابات 2024 میں سندھ اسمبلی کی 130 نشستوں میں سے 84 پر کامیاب حاصل کی تھی۔

    الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی تمام ایک سو تیس نشستوں کے نتائج کا اعلان کیا تھا، صوبہ سندھ میں سامنے آنے والے انتخابی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے تاریخ ساز فتح حاصل کی تھی۔

    سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی 84 نشستوں کے ساتھ سرفہرست رہی، جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں پہلی مرتبہ سنچری کرے گی۔

    پی پی کو بیس خواتین اور اقلیتوں کی چھ مخصوص نشستیں ملیں گی، جس کے بعد سندھ اسمبلی کے ایک سو اڑسٹھ کے ایوان میں پیپلز پارٹی کے پاس ارکان کی تعداد ایک سو دس ہوجائے گی۔

    الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان 28 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ 14 آزادامیدوار کامیاب ہوئے جبکہ جی ڈی اے اور جماعت اسلامی کو دو دو نشستیں ملیں۔

  • تھل جیپ ریلی میں مراد علی شاہ کے بیٹے کی گاڑی کو حادثہ

    تھل جیپ ریلی میں مراد علی شاہ کے بیٹے کی گاڑی کو حادثہ

    چوبارہ: آٹھویں تھل جیپ ریلی میں مراد علی شاہ کے بیٹے کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا جس میں وہ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بیٹے کی گاڑی آٹھویں تھل جیپ ریلی کے دوران حادثے کا شکار ہوگئی جس میں انھیں چوٹیں آئی ہیں۔

    چوبارہ سے آنی والی اطلاعات کے مطابق ٹریک جائزے کے دوران چوبارہ سے 10 کلومیٹر دوران کی جیپ الٹ گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں مراد علی شاہ کے بیٹے ظہیر شیراز شاہ اور ان کے ساتھی علی حسین شاہ زخمی ہوگئے ہیں۔

  • حکومتی مدت مکمل کرکے عزت سے اپنی عوام کے پاس جارہے ہیں،  وزیراعلی سندھ کا  الوداعی خطاب

    حکومتی مدت مکمل کرکے عزت سے اپنی عوام کے پاس جارہے ہیں، وزیراعلی سندھ کا الوداعی خطاب

    کراچی : وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ حکومتی مدت مکمل کرکے عزت سے اپنی عوام کے پاس جارہے ہیں، تین ماہ کے بعد واپس آئیں گے اور پھر خدمت کاسلسلہ شروع کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کے الوداعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا شکرگزار ہوں جنھوں نے میری رہنمائی کی۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں 2022 کے سیلاب کی تباہی دیکھ کر ہمت ہار چکا تھا، سیلاب سے نمٹنے کیلئے سندھ کابینہ کی محنت سے سب ممکن ہوا، ہم نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے سیلاب متاثرین کی دل سے بھرپور خدمت کی ہے، چیئرمین پی پی کی ہدایات پر سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دے رہے ہیں اور گھروں کے مالکان کو ٹائٹل بھی دے رہے ہیں۔

    انھوں نے تھر میں کوئلے اور بجلی کی پیداوار کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی مدت مکمل کرکےعزت سےاپنی عوام کے پاس جارہے ہیں، ووٹرز ہمارےصرف سپورٹرزنہیں بلکہ وہ ہمارے بھائی بہن ہیں، ہم 3ماہ کے بعد واپس آئیں گے اور پھر خدمت کاسلسلہ شروع کریں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ ، بیوروکریسی اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکریٹری سہیل راجپوت اور سابق چیف سیکریٹری ممتاز شاہ کا شکرگزار ہوں۔

  • مراد علی شاہ نے وزیر اعلی ہاؤس خالی کردیا

    مراد علی شاہ نے وزیر اعلی ہاؤس خالی کردیا

    کراچی: وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعلی ہاؤس خالی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے نے وزیر اعلی ہاؤس سے ذاتی سامان نجی گھر منتقل کردیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو ملنے والے گفٹ بھی وزیر ہاؤس سے منتقل کر دئیے گئے، مراد علی شاہ نے پانچ سال وزیر اعلیٰ ہاؤس میں قیام کیا۔

    وزیر اعلیٰ ہاؤس کے رہائشی حصے کا سامان نجی رہائش گاہ منتقل کردیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کل وزیر اعلیٰ ہاؤس میں آخری دن ہوگا۔

  • اگلے 30 سال بلاول بھٹو وزیراعظم بن کر عوام کی خدمت کریں گے: مراد علی شاہ

    اگلے 30 سال بلاول بھٹو وزیراعظم بن کر عوام کی خدمت کریں گے: مراد علی شاہ

    گھوٹکی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی نے کہا ہے کہ اگلے 30 سال بلاول بھٹو  وزیر اعظم بن کر عوام کی خدمت کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں سیلاب متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر کے آغاز کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2022 میں گھوٹکی سیلاب متاثرہ علاقوں میں سے ایک تھا، میں ہر سیلاب متاثرہ ضلع میں دو بار گیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری پہلی کوشش تھی کہ لوگوں کو ریسکیو کیا جائے، میں یہ نہیں کہتا کہ ہم نے سب کو ہر چیز  پہنچائی لیکن ہم ہر ایک شخص تک پہنچے، تھوڑا یا بہت ان کو ریلیف دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی کہ سیلابی پانی متاثرہ علاقوں سے نکالا جائے، سیلابی پانی کے باعث کاشت کاروں کو زیادہ نقصان ہوا جس کے بعد ہم نے گندم کی سپورٹ قیمت 4 ہزار روپے فی من مقرر کی اس وجہ سے کاشت کاروں نے زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کیں۔

     مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں سندھ حکومت ایسا کام کرکے جائے کہ انفرا اسٹرکچر بہتر ہو، ہم نے سڑکوں کی مرمت کے لئے پیسوں کا بندوبست کرلیا ہے، وفاق سے کچھ نہیں ملا، اسکولوں کیلئے بھی پیسوں کا بندوبست کرلیا۔

    مراد علی شاہ ہم نے وہ سارے کام کئے جو لگتا تھا کہ ممکن نہیں، وزیرخارجہ کی کوششوں کی بدولت عالمی برادری نے سیلاب متاثرین کی مدد کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی سیلاب آئے مگر 2022 میں سیلاب سب سے بڑا آیا، پچھلے سیلابوں میں کسی حکومت نے گھر نہیں بنا کر دئیے، چیئرمین بلاول بھٹو نےکہا میں دیکھ رہا ہوں لوگ گھر نہیں بنا سکیں گے اس کی ہدایت پر ہم نے گھر بنا کر دیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ میں جو کام ہوا اس کا باقی تین صوبوں سے موازنہ کرالیں، ہم نے اپنے لوگوں کی خدمت کی ہے اور اگلے 30 سال بلاول بھٹو  وزیر اعظم بن کر عوام کی خدمت کرینگے۔

  • ’13 اگست تک سندھ اسمبلی فعال رہے گی’

    ’13 اگست تک سندھ اسمبلی فعال رہے گی’

    حیدرآباد : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ 13 اگست تک سندھ اسمبلی فعال رہے گی، مدت مکمل ہوتےہی اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ کیلئےمشاورت جاری ہے، 13 اگست تک سندھ اسمبلی فعال رہے گی، مدت مکمل ہوتےہی اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش پر وزیراعظم سےبات ہوئی۔

    خیال رہے پیپلزپارٹی نے اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کی تجویز کی مخالفت کی تھی ، ذرائع نے بتایا تھا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے اسمبلی مدت پوری کرنے کے بعد مقررہ تاریخ کو ہی تحلیل کی جائے۔

    جیالی قیادت کا موقف تھا کہ بارہ اگست سے پہلے اسمبلی توڑنےسے مہم کیلئے تیس اضافی دن ملنے کے علاوہ کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور قبل ازوقت تحلیل جمہوریت پسندوں کیلئے منفی پیغام ہوگا۔

  • وزیر اعلیٰ کی پی سی بی سے حیدرآباد میں پی ایس ایل میچز کی درخواست

    وزیر اعلیٰ کی پی سی بی سے حیدرآباد میں پی ایس ایل میچز کی درخواست

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ممبران سے نیاز اسٹیڈیم حیدر آباد میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کی درخوادست کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے 3ممبران سے ملاقات کی، پی سی بی ممبران  میں ظہیر پتافی، خرم سومرو اور کلیم اللہ خان شامل ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پی سی بی کے ممبران  کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے پی سی بی ممبران سے درخواست کی۔

     وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں پی ایس ایل میچز کا انعقاد کرائیں، اسٹیڈیم کی بہتری کیلئے حکومت سندھ پی سی بی سے تعاون کریگی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ  سندھ کےکھلاڑیوں کو بھی میچز میں مناسب موقع ملنا چاہیے، سندھ پریمیئر لیگ کو  بھی پی سی بی کے ساتھ منسلک کیا جائے۔

    ترجمان کے مطابق پی سی بی ممبران نے وزیر اعلیٰ سندھ کا کرکٹ کے حوالے سے  تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

  • سیلاب زدگان پر امدادی رقم کا 81 فیصد خرچ کیا جا چکا ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    سیلاب زدگان پر امدادی رقم کا 81 فیصد خرچ کیا جا چکا ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ فلڈ پروجیکٹ کے لیے 100 ملین ڈالرز جاری ہوئے تھے جس میں سے 81 فیصد خرچ ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات، ریجنل ڈائریکٹر جان روم کی سربراہی میں ہوئی۔

    ملاقات کے دوران ورلڈ بینک کے مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ فلڈ پروجیکٹ 212 ملین ڈالرز کا منصوبہ ہے، منصوبے کے لیے 100 ملین ڈالرز جاری ہوئے تھے جس میں سے 81 فیصد خرچ ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فلڈ ایمرجنسی کا کام جاری ہے، کینالز کے شگاف بھرے جا چکے ہیں، پمپنگ اسٹیشنز کی مرمت کی گئی ہے، کینال کے ریگولیٹرز کی بھی مرمت کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 2 لاکھ 16 ہزار سے زائد کاشت کاروں کو گندم کے بیج کی مد میں 5.61 بلین روپے دیے گئے ہیں، ہر ایک کاشت کار کو 5 ہزار روہے فی ایکڑ کے حساب سے دیے ہیں۔

  • ‘کراچی والے ہوشیار ! سمندری طوفان سے  ‘کلاؤڈ برسٹ’ جیسی صورتحال ہوگی’

    ‘کراچی والے ہوشیار ! سمندری طوفان سے ‘کلاؤڈ برسٹ’ جیسی صورتحال ہوگی’

    کراچی : وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے طوفان کراچی کو براہ راست ہٹ نہیں کررہا لیکن پیشگوئی کی گئی ہے کہ آدھے گھنٹے میں ساٹھ ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے جو کلاؤڈ برسٹ جیسی صورتحال ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا اس وقت سمندری طوفان کا سامنا ہے، بلاول بھٹو کی خصوصی ہدایات ہیں ذاتی طور پرمانیٹر کریں۔

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ سمندری طوفان سےمتعلق انتظامات کا جائزہ لیا گیا ہے، طوفان شمال کی طرف جارہا ہے ، کل سمندری طوفان کا رخ تبدیل ہوسکتا ہے، سمندری طوفان بھارت اور پاکستان کے ساحل سے ٹکرائےگا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کے پیش نظر مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی ہیں، آرمی، نیوی، رینجرز اور منتخب نمائندوں کی مشترکہ ٹیم بنائی ہے، اللہ سے دعا ہے اس آ زمائش میں ہماری مدد کرے، طوفان سے نمٹنے کیلئے تیاری کرنی ہے لوگوں کو محفوظ بنانا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ 1999میں اسی طرح کاسائیکلون آیاتھا700سےزائدجانیں ضائع ہوئی تھیں، سجاول کی3تعلقہ میں53ہزارسےزائدلوگ ہیں جنہیں محفوظ مقام پر پہنچانا ہے ،اس کے علاوہ انتظامیہ نے ساحل سمندر جانے پر دفعہ 144 لگائی ہے، پاک بحریہ اہلکاروں نے متعدد کشتیوں کوساحل پرلنگراندازکردیاہے۔

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ سب سے زیادہ خطرہ سجاول کو ہے، تقریباساٹھ ہزار لوگوں کے متاثرہونے کاخدشہ ہے،، کیٹی بندرمیں 14ہزار کی آبادی ہے، گھوڑا باری سے 7750لوگوں کومحفوظ مقامات پرمنتقل کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے،کمشنرحیدرآبادبھی ٹھٹھہ اورسجاول میں ہوں گے ، اللہ تعالیٰ کرم کریں گے تو ہوسکتا ہے طوفان ختم ہوجائے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ طوفان کارخ تبدیل ہورہاہےابھی تک کراچی کوبراہ راست ہٹ نہیں کررہا، طوفان کے اثرات سے شدید بارشیں اورہوائیں تیزچلیں گی، جو کلاؤڈ برسٹ جیسی صورتحال ہوگی۔

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ بل بورڈ کو ہٹانے کا کام شروع ہوچکا ہے، جہاں جہاں تعمیرات ہورہی ہیں 14 جون کے بعد بند کر دیا جائے، تیزہواؤں میں کنسٹرکشن کاکام نہیں کرسکتے جبکہ 70 عمارتیں مکمل مخدوش ڈکلیئرڈہیں ان کاپلان بھی بنارہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جاتی اورچوہڑجمالی میں ریلیف کیمپ قائم کئے ہیں، ہیلتھ ،پولیس سمیت متعلقہ محکموں کےملازمین کی چھٹیاں منسوخ کی ہیں، ٹھٹھہ ،بدین میں بھی ہم آرمی کےساتھ ملکرکام کررہے ہیں۔

  • سمندری طوفان : وزیراعلی سندھ کا  کیٹی بندر، شاہ بندر اور جاتی کا دورہ،  لوگوں سے نقل مکانی کی اپیل

    سمندری طوفان : وزیراعلی سندھ کا کیٹی بندر، شاہ بندر اور جاتی کا دورہ، لوگوں سے نقل مکانی کی اپیل

    سجاول : وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سمندری طوفان کے پیش نظر انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے لوگوں سے نقل مکانی کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کیٹی بندر، شاہ بندر اور جاتی کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کیساتھ وزیر بلدیات ناصر شاہ، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت بھی موجود تھے۔

    ڈی جی رینجرز ، کمشنر حیدرآباد ،منتخب نمائندوں، ڈی آئی جی حیدر آباد،ڈی سی سجاول ، ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری، ایم پی ایز محمدعلی ملکانی، ہیر سوہوودیگر منتخب نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو کمشنر حیدر آباد اور میری ٹائم سیکیورٹی کے کموڈور کی جانب سے سمندری طوفان سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    جس میں بتایا گیا کہ سمندری طوفان 15 جون کو ٹکرائے گا اور جون 17 تا 18 جون تک اثر کم ہوجائے گا، طوفان کی شدت میں معمولی کمی سے 13جون یا 14 جون کے بجائے 15جون کوٹکرائے گا، طوفان کے ٹکرانے سے سمندر میں 4 تا 5 میٹر طغیانی ہوگی اور پانی بہت آگے آجائے گا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ بدین کے زیرو پوائنٹ کےگاؤں بھگڑا میمن سے لوگوں کا انخلا کیا گیا ہے ،شاہ بندر،جاتی،کیٹی بندر کےقریب دیہات سے50ہزارلوگوں کاانخلا ہو گا تاہم شاہ بندر کے جزیروں سے رات 2ہزار لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ساحلی پٹی سے پچاس ہزار لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا منصوبہ ہے، مراد علی شاہ نے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے گاؤں چھوڑ دیں، اس کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے، حکومت انہیں ٹرانسپورٹ، رہائش، خوراک اور ادویات فراہم کرے گی۔