Tag: مراد علی شاہ

  • دہشت گردی کا تیسرا واقعہ، وزیر اعلیٰ سندھ کی سیکیورٹی اداروں کو انٹیلیجنس کا کام تیز کرنے کی ہدایت

    دہشت گردی کا تیسرا واقعہ، وزیر اعلیٰ سندھ کی سیکیورٹی اداروں کو انٹیلیجنس کا کام تیز کرنے کی ہدایت

    کراچی: شہر قائد میں دہشت گردی کا مسلسل تیسرا واقعہ رونما ہونے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے سیکیورٹی اداروں کو انٹیلیجنس کا کام تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ رات دہشت گردی کا مسلسل تیسرا واقعہ پیش آیا، اس بار ایک موٹر سائیکل بم دھماکے کے ذریعے کراچی کے باسیوں کو ہدف بنایا گیا، اس صورت حال پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گرد پھر سے متحرک ہو رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولیس اور ادارے اپنا انٹیلیجنس کا کام تیز کریں، ہمیں ہر صورت میں اس دہشت گرد گروہ کے کارندے سلاخوں کے پیچھے چاہئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہر کراچی کے امن کی ہم سب نے قیمت ادا کی ہے، اب ایک بار پھر شہر اور شہریوں کو کسی صورت یرغمال بننے نہیں دوں گا۔

    کراچی میں‌ مسلسل دھماکے اور انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کا طرز عمل

    گزشتہ روز بم دھماکے کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی، جس میں وزیر اعلیٰ کی طلبی پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بھی شرکت کی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ بولٹن مارکیٹ دھماکا کرنے والے جلد پکڑے جائیں گے، پولیس کو تھوڑا وقت دیں، ہم بہت اچھا کام کر رہے ہیں، صدر اور یونیورسٹی واقعے سے متعلق اہم شواہد مل چکے ہیں، ابھی میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کیے جا سکتے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی میمن مسجد کے قریب دھماکا ہوا، جس میں خاتون جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں اے ایس آئی سمیت 3 اہل کار شامل ہیں، یہ دھماکا اقبال کلاتھ مارکیٹ میں ہوا، پولیس موبائل، رکشہ اور کئی موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا۔

    بم دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی، رپورٹ کے مطابق آئی ای ڈی ڈیوائس بم موٹر سائیکل سیٹ کے نیچے فریم میں نصب تھا، بم کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے آپریٹ کیا گیا۔

  • نیا مالی سال ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    نیا مالی سال ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نئے مالی سال میں پہلے سے جاری ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ نیا مالی سال زیادہ تر جاری اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ ورکس اینڈ سروسز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نئے مالی سال 23-2022 کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

    اجلاس میں صوبائی وزیر ضیا عباس شاہ، چیف سیکریٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) حسن نقوی، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری ورکس عمران عطا سومرو، اسپیشل سیکریٹری رحیم سومرو اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں نئے مالی سال میں پہلے سے جاری اسکیمیں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جو کام چل رہے ہیں ان کو مکمل کرنے کے لیے بجٹ بنایا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سال آبپاشی کی 13.6 بلین روپے کی 152 اسکیمیں جاری ہیں، وزیر اعلیٰ نے آبپاشی کی نئی اسکیمیں شروع کرنے کی ہدایت کی جن میں بند کی مرمت، کینال لائننگ و دیگر کام شامل ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ورکس اینڈ سروسز کی 530 اسکیمیں 27.9 بلین روپے کی لاگت سے جاری ہیں، 225 بلین روپے کی لاگت سے لوکل گورنمنٹ کی 425 اسکیمیں، 11.23 بلین روپے کی لاگت سے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی 198 اسکیمیں اور 920 ملین روپے کی لاگت سے رورل ڈویلپمنٹ کی 42 اسکیمیں جاری ہیں۔

    اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) کو جاری اسکیموں کے معیار اور کام کی رفتار چیک کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نیا مالی سال زیادہ تر جاری اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا۔

  • ‘ہمارے کہے بغیر تحریک انصاف کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست کے لیے ہمیں ووٹ دیا’

    ‘ہمارے کہے بغیر تحریک انصاف کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست کے لیے ہمیں ووٹ دیا’

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے کہے بغیر آج تحریک انصاف کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست کے لیے ہمیں ووٹ دے دیا ہے۔

    کراچی میں وزیر اعظم کے خطاب پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ میں کچھ دنوں پہلے آیا تھا، اگر میں بچ گیا تو کیا کچھ کر دوں گا، میں کہتا ہوں کھلی اجازت ہے، دو سے چار دن ہیں جو کرنا ہے کر لو بعد میں موقع نہیں ملے گا۔

    سینیٹ نشست کی ووٹنگ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا میرا کسی ایم پی اے سے رابطہ نہیں تھا، حلف لینے کو تیار ہوں کہ کسی سے فون پر رابطہ نہیں ہوا، واٹس ایپ پر بھی کسی سے رابطہ نہیں ہوا۔

    انھوں نے کہا وزیر اعظم کی مایوسی آج جھلک رہی تھی، عجیب و غریب زبان استعمال کر رہے تھے، میں یہی کہہ سکتا ہوں مایوس نہ ہوں عوام سے معافی مانگیں۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم نے آج تقریر میں کہا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کرنے کے حوالے سے کہا کہ میں نے عوام کے لیے پیٹرول اور فضل الرحمان کو کم کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا آپ نے آصف زرداری، فریال تالپور، سراج درانی، اور خورشید شاہ کو جیل میں ڈلوایا، آپ نے جو کچھ کرنا تھا وہ کر چکے، اب ہمارا عوام کی خدمت کا وقت آیا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا ہمارے کہے بغیر آج پی ٹی آئی کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست پر ووٹ دیا ہے، ہم تو آپ کو چھوڑ دیں گے لیکن اب جو کرنا ہے عوام آپ کے ساتھ کرے گی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا آئین نے فلور کراس کی اجازت دی ہے، الیکشن کمیشن کا ووٹ ہوتا تو وہ بھی عدم اعتماد میں ساتھ دیتے، کچھ دنوں سے یہ کارروائی چل رہی تھی، ہم سے زیادہ ان کے اپنے لوگ فلور کراس کر رہے ہیں، انھیں پتا ہے کہ ڈس کوالیفائی ہو جائییں گے پھر بھی رسک لیا۔

  • وزیر اعلیٰ کے آبائی علاقے میں خسرہ کی وبا سے 25 بچے جاں بحق

    وزیر اعلیٰ کے آبائی علاقے میں خسرہ کی وبا سے 25 بچے جاں بحق

    کراچی: سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ منچھر جھیل اور آس پاس کے علاقوں میں خسرہ کی وبا پھیل چکی ہے، وزیر اعلیٰ کے آبائی علاقے میں خسرہ کی وبا سے ایک ہفتے میں 25 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے آبائی علاقے سیہون میں خسرہ کی وبا سے ایک ہفتے میں 25 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ منچھر جھیل اور آس پاس کے علاقوں میں خسرہ کی وبا پھیل چکی ہے، محکمہ صحت کے ناقص انتظامات کے باعث بچے مر رہے ہیں۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت بتائے انہوں نے کیا اقدامات کیے ہیں، بچے وزیر اعلیٰ سندھ کی نااہلی اور نالائقی کے باعث مرے ہیں، مراد علی شاہ سندھ کی تباہی کا کرپٹ منشی ثابت ہوچکا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے حلقے میں جا کر متاثرین سے ملاقات کروں گا۔

  • نیب آرڈیننس ذاتی مفاد پر مبنی ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    نیب آرڈیننس ذاتی مفاد پر مبنی ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نیب آرڈیننس ذاتی مفاد کے لیے جاری کیا گیا ہے، غریب آدمی کے لیے کوئی آرڈیننس لائیں تو مان لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کابینہ اراکین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آج وزیر اعلیٰ سندھ نے نیب ترمیمی آرڈیننس پر تنقید کی، انھوں نے کہا یہ ذاتی مفاد پر مبنی ہے، کیا اس آرڈیننس کا مسودہ کسی نے دیکھا ہے؟

    مراد علی شاہ نے کہا بلاول نے کہا ہے کہ ایسے قوانین جس میں عوام کا نقصان ہو، ہم انھیں سپورٹ نہیں کریں گے، عوامی مفاد کے خلاف قوانین کو سپورٹ نہیں کیا جائے گا، موجودہ حکومت ایڈہاک ازم پر چل رہی ہے، جو ہر چیز پر کنٹرول چاہتی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے الیکشن کمیشن والے معاملے پر کہا کہ موجودہ حکومت اقتدار کو طول دینے کے لیے ذاتی مفاد کے فیصلے کر رہی ہے، لیکن نئے الیکشن میں موجودہ پی ٹی آئی کہیں نظر نہیں آ رہی۔

    انھوں نے کہا تمام صوبوں کے لوگوں پر موجودہ حکومت نے ظلم کیا ہے، ہم نے مردم شماری سے متعلق اجلاس میں بھی اعتراض اٹھایا تھا، اور پارلیمنٹ کو بھی رپورٹ دی گئی جو اسپیکر کو مل چکی ہے، مگر 6 ماہ سے کچھ نہیں ہوا۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صرف اپنے مفاد کے قوانین بنانے میں تیز ہے، جب کہ یہ ہر چیز میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

  • نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس : مراد علی شاہ پر  7 اکتوبر کو فردِ جرم عائد ہوگی

    نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس : مراد علی شاہ پر 7 اکتوبر کو فردِ جرم عائد ہوگی

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے نوری آباد پلانٹ کے غیر قانونی ٹھیکوں اور منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے 7 اکتوبر کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں نوری آباد پلانٹ کے غیر قانونی ٹھیکوں اور منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،عبدالغنی مجید، خورشید انور سمیت 17 ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے7 اکتوبر کو طلب کرلیا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ سمیت ملزمان پر آئندہ سماعت 7 اکتوبر کو فرد جرم عائد ہوگی۔

    خیال رہے نیب نے مراد علی شاہ کیخلاف 1لاکھ صفحات اور66والیمز پر مشتمل ریفرنس دائر کررکھا ہے ، نیب ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف توانائی منصوبوں پر خلاف ضابطہ فنڈز جاری کرنے اور سندھ میں توانائی منصوبوں میں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

    نیب ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ سندھ میں توانائی منصوبوں میں خلاف ضابطہ فنڈز جاری کئےگئے، نوری آباد پاور کمپنی، سندھ ٹرانسمیشن اینڈڈسپیچ کمپنی میں اربوں کی ہیرپھیر کی گئی ہے۔

  • اربوں روپے کی ہیرا پھیری، وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف وعدہ معاف گواہ سامنے آگیا

    اربوں روپے کی ہیرا پھیری، وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف وعدہ معاف گواہ سامنے آگیا

    اسلام آباد : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف ریفرنس میں وعدہ معاف گواہ سامنے آگیا، جس نے بیان دیا کہ مراد علی شاہ نے ہیرا پھیری سے ٹرانسمیشن لائن کا ٹھیکہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف ریفرنس میں پیشرفت سامنے آئی، امجدحسین وعدہ معاف گواہ بن گئے ، مجموعی طور پر نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس میں 125 گواہان تیار ہے۔

    وعدہ معاف گواہ نے بیان میں کہا ہے کہ مراد علی شاہ نے ہیرا پھیری سے ٹرانسمیشن لائن کا ٹھیکہ دیا، وہ بولی کا عمل کنٹرول کر رہےہیں اور ممبر نیپرامحمود الحسن جانتے تھے، محمودالحسن نقوی کوہی ٹھیکہ دینےوالی پروکیورمنٹ کمیٹی کاممبر بنایاگیا۔

    یاد رہے نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کیخلاف ریفرنس دائر کیا تھا، نیب ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف توانائی منصوبوں پر خلاف ضابطہ فنڈز جاری کرنے اور سندھ میں توانائی منصوبوں میں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    نیب ریفرنس میں کہا گیا کہ سندھ میں توانائی منصوبوں میں خلاف ضابطہ فنڈز جاری کئےگئے، نوری آباد پاور کمپنی، سندھ ٹرانسمیشن اینڈڈسپیچ کمپنی میں اربوں کی ہیرپھیر کی گئی ہے۔

    ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ اومنی گروپ کے سربراہ عبدالغنی مجید سمیت17ملزمان کوملزم نامزد کیا گیا ہے۔

  • تھر میں کوئلہ نکالنے کے کام میں توسیع

    تھر میں کوئلہ نکالنے کے کام میں توسیع

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ تھر میں کوئلے کی مائننگ میں توسیع کی جارہی ہے، سنہ 2022 تک مزید 2 بجلی کے منصوبے کام شروع کردیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت تھر کول اینڈ انرجی بورڈ کا 22 واں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھر کول ون 3.8 ایم ٹی پی اے کا منصوبہ ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی لاگت 627 ملین ڈالرز ہے، تاحال 6 ملین ٹن کول نکالا گیا ہے، تھر کول 2 کی گنجائش 7.6 ایم ٹی پی اے (میٹرک ٹن سالانہ) ہے، منصوبے کی لاگت 862 ملین ڈالر ہے۔

    بریفنگ کے مطابق ایس ای سی ایم فیز 3 میں 7.6 ایم ٹی پی اے سے بڑھا کر 13 ایم ٹی پی اے کول مائین کرے گا، مائننگ میں توسیع کی فزیبلٹی مکمل ہو چکی ہے۔ تھل نوول کے پاور پروجیکٹ پر بھی 30 فیصد کام ہوچکا ہے۔ دونوں منصوبے سال 2022 میں کام شروع کردیں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تھر کول مائننگ اور پاور پراجیکٹس سندھ حکومت کی ان تھک محنت کا صلہ ہے، ہم نے صرف باتیں نہیں کیں بلکہ کام کر کے دکھایا، تھر کول منصوبے ملک کی توانائی کی ضروریات کا ضامن ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مٹیاری میں گرڈ اسٹیشنز پر کام تیزی سے جاری ہے، تھر کول مائنز سے نیو چھور عمر کوٹ تک ریلوے لنک کی ضرورت ہے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ نے گیس لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

    وزیر اعلیٰ سندھ نے گیس لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر ان کی توجہ سندھ میں گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کی جانب مبذول کرائی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ غیر قانونی ہے، آئین کے تحت پہلے سندھ کوگیس فراہم کرنی چاہیے، وزیر اعظم عمران خان قانون پر عمل درآمد کو ممکن بنائیں۔

    خط کے متن میں وزیر اعلیٰ نے کہا بد قسمتی سے جس صوبے میں 68 فی صد گیس پیدا ہو رہی ہے اُسی صوبے کے گھریلو اور صنعتی صارفین گیس سے محروم ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کا گیس لوڈشیڈنگ کی شکایت پر فوری نوٹس، اہم فیصلہ

    خط میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گیس کی گھریلو بندش کی وجہ سے کھانا پکانے اور دیگر امور متاثر ہو رہے ہیں تو صنعتوں کی گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے یومیہ اجرت والے افراد بے روزگار ہو رہے ہیں۔

    خط کے مطابق سندھ سے 2500 سے 2600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا ہو رہی ہے، اور صوبے کو صرف 900 سے 1000 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جا رہی ہے جو کہ آئین کے آرٹیکل 158 کی بھی خلاف ورزی ہے۔

    خط میں مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو 1500 سے 1600 ایم سی سی ایف ڈی گیس کی ضرورت ہے۔

  • سیاسی رہنما مراد علی شاہ کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو

    سیاسی رہنما مراد علی شاہ کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی علالت کی خبرپراظہارافسوس کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں، موسم سرما کی آمد کے ساتھ وبا سر اٹھارہی ہے، بحیثیت قوم وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا ہونا ہوگا۔

    وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا اللہ تعالی انہیں شفاء کاملہ عطا فرمائے۔

    شبلی فراز نے عوام سے اپیل کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہو کر خود کو اور دوسروں کو کرونا وباء سے محفوظ رکھیں۔

    وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مراد علی شاہ کی جلد صحیابی کیلیے دعا کی۔