Tag: مراسلہ

  • اسلام آباد دھماکا: تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا مراسلہ جاری

    اسلام آباد دھماکا: تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا مراسلہ جاری

    اسلام آباد: گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا مراسلہ جاری کردیا گیا، دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا مراسلہ جاری کردیا گیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئی 10 میں دھماکے کی تفتیش کے لیے 8 رکنی جے آئی ٹی بنائی جائے، مراسلے میں ڈی آئی جی نے چیف کمشنر اسلام آباد سے جے آئی ٹی بنانے کی سفارش کی ہے۔

    مراسلے کے مطابق جے آئی ٹی کی سربراہی ایس ایس پی، سی ٹی ڈی کریں، 3 ڈی ایس پی ٹیم کے ارکان ہوں گے۔

    تفتیشی افسر کے علاوہ حساس اداروں کے 2 افسران بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہوں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے آئی 10 میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس کے مطابق سیکٹر آئی 10 میں ناکے پر چیکنگ کے لیے مشکوک گاڑی کو روکا گیا تھا، ٹیکسی کے رکتے ہی اندر موجود خاتون اور مرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

  • سائبر حملے کے خطرے کے پیش نظر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہم ہدایت

    سائبر حملے کے خطرے کے پیش نظر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہم ہدایت

    اسلام آباد: سائبر حملے کے باعث قیمتی معلومات لیک ہونے کے خطرے کے پیش نظر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اہم اقدام اٹھا لیا، اس سلسلے میں تمام وفاقی سیکریٹریز کو مراسلہ لکھ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی نے تمام وفاقی سیکریٹریز کو مراسلہ لکھا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وزارتوں اور ذیلی اداروں کی ویب سائٹس این ٹی سی کے ڈیٹا سینٹر پر منتقل کی جائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ سائبر سیکیورٹی کے پیش نظر وزارتوں اور ذیلی اداروں کی ویب سائٹس جو پرائیوٹ ڈومین پر ہیں ان کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کے ڈیٹا سینٹر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    مراسلے کے مطابق سائبر حملے کی صورت میں پرائیوٹ ڈومین پر موجود ویب سائٹس حملے کا آسان شکار ہوسکتی ہیں، ویب سائٹ ہیک ہونے سے قیمتی اور حساس معلومات لیک ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

    مراسلے میں تمام سرکاری ای میلز کو gov.pk پر لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    اس سلسلے میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بھی ہدایت کی ہے کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) جلد سے جلد ای آفس پر کام مکمل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ اس عمل سے کام میں آسانی، شفافیت اور پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔

  • پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں کی لوٹ مار کا نوٹس لے لیا

    پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں کی لوٹ مار کا نوٹس لے لیا

    لاہور: پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں کی لوٹ مار کا نوٹس لے لیا، تمام نجی اسپتالوں کو اپنی ریٹ لسٹ کو فروری 2020 کی حد پر منجمد کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نجی اسپتالوں کی لوٹ مار روکنے کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن میدان میں آگیا، کمیشن نے نجی اسپتالوں کی ریٹ لسٹ کو فروری 2020 کی حد پر منجمد کرنے کا مراسلہ جاری کردیا۔

    کمیشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسپتال مریضوں سے مقررہ ریٹس سے زائد وصول نہیں کرے گا۔ مراسلے میں نجی اسپتالوں کو ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کے بھی احکامات جاری کردیے گئے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسپتال ریٹ لسٹ اپنی ویب سائٹس پر بھی جاری کریں، اور اسپتال میں اپنے ریٹس نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔

    کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ نجی اسپتال لسٹ میں بیڈ روم، آئسولیشن وارڈز اور وینٹی لیٹرز چارجز آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ ایکٹیمرا انجکشن رکھنے والے نجی اسپتال اس کی قیمت بھی آویزاں کریں۔

  • مجرم نوازشریف کو وطن واپس لایا جائے، پنجاب حکومت کا وفاق کو مراسلہ

    مجرم نوازشریف کو وطن واپس لایا جائے، پنجاب حکومت کا وفاق کو مراسلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے مجرم نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لیے وفاق کو مراسلہ لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مجرم نواز شریف کے خلاف مزید کارروائی تیز کرنے کی درخواست کر دی۔

    وفاقی حکومت کو لکھے گئے مراسلے میں پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ مجرم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہیں۔ نوازشریف سزا پوری کرنے کے لیے خود کو قانون کے حوالے کریں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف پر وزیراعلیٰ پنجاب نے وزرا اور افسران کی کمیٹی بنائی، اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے نوازشریف کے معاملے پر 3 اجلاس کیے، کمیٹی میں عطاتارڑ نے نوازشریف کی نمائندگی کی۔

    مراسلے کے مطابق کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹرعدنان کو بذریعہ اسکائپ شامل کیا گیا، کمیٹی اجلاس میں نوازشریف کے نمائندوں سے رپورٹس مانگی گئیں، دونوں نمائندوں نے مطلوبہ رپورٹس کے بجائے پرانی رپورٹس پر اکتفا کا کہا، رپورٹ نہیں دی گئی جس سے ثابت ہو نوازشریف اسپتال میں داخل ہیں۔

    پنجاب حکومت نے مراسلے میں کہا کہ میڈیا کے ذریعے مریض کو اہل خانہ کے ہمراہ تفریح کرتے دیکھاگیا، میڈیا پر آنے والی خبروں سے مریض بظاہرصحت مندنظر آرہے ہیں، ریکارڈ سامنے رکھ کر فیصلہ کیا سزا معطلی کو برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔

  • تشدد،غیرقانونی حراست یا بداخلاقی پرآہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، آئی جی پنجاب

    تشدد،غیرقانونی حراست یا بداخلاقی پرآہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، آئی جی پنجاب

    لاہور: آئی جی پنجاب پولیس عارف نواز کا کہنا ہے کہ حراست میں تشدد، موت اورغیرقانونی حراست پر ایس ایچ او ذمہ دار ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس عارف نواز نے آر پی او، ڈی پی او، سی پی او اور سی سی پی او، ڈی آئی جیز کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یونیفارم والے حد میں رہ کرکام کریں ورنہ گھربھجوا دیا جائے گا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تشدد،غیرقانونی حراست یا بداخلاقی پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، تشدد چاہے تفتیش والے کریں یا آپریشن والے ذمے دار ایس ایچ او ٹھہرے گا۔

    آئی جی پنجاب پولیس نے کہا کہ حراست میں تشدد، موت اورغیرقانونی حراست پر ایس ایچ او ذمے دار ہوگا، علاقے کا ایس ایچ او ذمہ دار ٹھہرانے کے ساتھ بلیک لسٹ کردیا جائے گا، بلیک لسٹ ایس ایچ او کو کسی بھی جگہ پوسٹنگ نہیں دی جائے گی۔

    اس سے قبل گزشتہ روز آئی جی پنجاب پولیس عارف نواز کی زیرصدارت پولیس تھانوں میں ملزمان کے تشدد اور ہلاکت کے معاملے پر سینٹرل پولیس آفس لاہور میں ویڈیو لنک کانفرنس ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ لاہور کے تھانہ شمالی چھاؤنی میں پولیس کے تشدد سے ہلاک ہونے والے نوجوان عامر مسیح پر تشدد کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے اسپتال کے سامنے بھی اس پر تشدد کیا، سادہ کپڑوں میں ملبوس 2 پولیس اہلکار عامر مسیح کو موٹرسائیکل پر طبی امداد کے لیے اسپتال لائے۔

    سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عامر کو موٹرسائیکل سے اتارا گیا تو وہ نیچے گرگیا، عامر کے گرنے کے باوجود بھی اسے لاتوں سے مارا گیا اور پھر دونوں اہلکار اسے گھیسٹ کر اسپتال کے اندر لے گئے۔

    پولیس تشدد سے جاں بحق ہونے والے 25 سالہ عامر مسیح کو چوری کے الزام میں گزشتہ ہفتے تھانہ شمالی چھاؤنی بلایا گیا تھا جہاں 4 روز تشدد کرنے کے بعد 2 ستمبر کو نازک حالت میں صدر کینٹ کے نجی اسپتال میں لایا گیا تھا۔

  • اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی پروزارت داخلہ کوجوابی مراسلہ

    اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی پروزارت داخلہ کوجوابی مراسلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی پر وزارت داخلہ کوجوابی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں فوج کی طلبی کےلیے چند امورکی وضاحت کا کہا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی پر وزارت داخلہ کوجوابی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فوج کی طلبی کے لیے چند امورکا واضح ہونا ضروری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جوابی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی آتشی اسلحےکےاستعمال سےگریزکی ہدایت ہے، فوج ہنگامہ ختم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

    وزارت داخلہ کو جوابی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فوج ہنگامہ ختم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے، فوج محض مظاہرین منتشر کرنےکے لیے استعمال نہیں کی جاتی۔

    مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ فیض آباد میں تعینات رینجرزکوتحریری احکامات نہیں دیے گئے، مظاہرین سے نمٹنے کے لیے پولیس کوپوری صلاحیت سے استعمال نہیں کیا گیا۔

    یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ رات آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے فوج کو غیر معینہ مدت کے لیے طلب کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ملک بھر میں مزارات پر حملے کا خدشہ، الرٹ جاری

    ملک بھر میں مزارات پر حملے کا خدشہ، الرٹ جاری

    کراچی: قومی انسداد دہشت گردی حکام (نیکٹا) نے ملک بھر میں مزارات پر حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے مراسلہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کی جانب سے مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ملک بھر میں مزارات پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    مراسلے کے مطابق دہشت گردوں نے حملے کے لیے بارود سے بھری گاڑی تیار کرلی ہے تاہم پاک افغان سرحد بند ہونے کی وجہ سے بارود سے بھری گاڑی پاکستان میں داخل نہیں ہوسکی۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسپتالوں، اسکولوں سمیت اہم مقامات کو کڑی نگرانی میں رکھا جائے۔ ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے کڑی نگرانی اور سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔

    نیکٹا نے ممکنہ دہشت گردی کی واردات سے متعلق ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر حکام کو آگاہ کردیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے ملک بھر میں دہشت گردی کی لہر زور پکڑ چکی ہے اور اب تک مختلف مقامات پر متعدد دہشت گردانہ کارروائیاں کی جاچکی ہیں۔

    انہی کارروائیوں میں سے ایک 16 فروری کو صوبہ سندھ کے علاقے سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار میں ہونے والا خودکش دھماکہ بھی ہے جس میں 88 افراد شہید ہوگئے تھے۔

  • منی لانڈرنگ کیس کیوں ختم کیا؟ حکومت کا برطانیہ کو خط

    منی لانڈرنگ کیس کیوں ختم کیا؟ حکومت کا برطانیہ کو خط

    اسلام آباد : حکومت پاکستان نے بانی متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ ختم کرنے کے حوالے سے برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا.

    تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے مذکورہ خط برطانوی حکومت سے بانی ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ختم کرنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے لکھا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر ذوالقرنین حیدر کے مطابق مراسلے میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ختم کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی گئی ہے۔


    *بانی ایم کیو ایم پر منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات نہیں ہونگی، وکلاء کو خط موصول


    وزارتِ داخلہ پاکستان کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں برطانوی حکومت سے بانی ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف ختم کیے گئے منی لانڈرنگ کیس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔


    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین لندن میں گرفتار*


    ذرائع کے مطابق مراسلے میں منی لانڈرنگ کے مقدمات ختم کرنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے برطانوی حکومت سے اس کیس سے جڑے شواہد کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔

    مراسلے میں سوال پوچھا گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے خلاف ختم کیے گئے کیس کس بنیاد پر ختم کیے گئے؟ جب کہ اس حوالے سے ہونے والی تحقیقات اور شواہد کی تفصیلات کیا ہیں؟ جنہیں حکومتِ پاکستان کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے۔

  • سرحدی خلاف ورزی: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنردفترخارجہ طلب

    سرحدی خلاف ورزی: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنردفترخارجہ طلب

    اسلام آباد: ایل او سی پر بھارتی فورسزکی بلااشتعال فائرنگ سے 2شہریوں کی شہادت پر دفترخارجہ نےبھارتی ڈپٹی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں  بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو ڈی جی ساؤتھ ایشیا نے دفتر خارجہ طلب کیا اور گذشتہ روز سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2پاکستانی شہریوں کی شہادت پر احتجاجی مراسلہ دیا۔

    مزید پڑھیں:بھارتی فوج کی ایل او سی پرفائرنگ،بچی سمیت 1شہری شہید

    یاد رہےکہ گذشتہ روزآئی ایس پی آرنے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ ایل اوسی پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری محمد لطیف اور ڈیڑھ سالہ بچی ہانیہ ولد احمد جاں بحق جبکہ دیگر 7 افراد زخمی ہوئےتھے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل 19 اکتوبر کو بھی ہندوستان نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیرالہ سیکٹر پر ایک دن میں متعدد مرتبہ بلا اشتعال فائرنگ کی تھی،جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ 2 خواتین اور دو بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    اس واقعے کے بعد پاکستان نے ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے بلااشتعال فائرنگ اور بے گناہ شہری کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا تھا اور انھیں احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں:رواں سال بھارت نے90مرتبہ ایل اوسی کی خلاف ورزی کی،نفیس ذکریا

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہناتھا کہ رواں سال 90 مرتبہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزی کی گئی۔