Tag: مراکش زلزلہ

  • مراکش زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہزار ہو گئی، پہاڑی دیہاتوں میں‌ دبی لاشیں‌ نہیں‌ نکالی جا سکیں

    مراکش زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہزار ہو گئی، پہاڑی دیہاتوں میں‌ دبی لاشیں‌ نہیں‌ نکالی جا سکیں

    رباط: مراکش میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہزار ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مراکش زلزلہ سے جاں بحق افراد کی تعداد تین ہزار ہو گئی، اب تک زلزلے سے جاں بحق ہونے وا لے 2884 افراد کو سپرد خاک کیا جا چکا ہے۔

    زلزلہ زدگان کو امدادی سامان کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے انھیں زندگی کھلے آسمان تلے گزارنی پڑ رہی ہے، خیموں کی تعداد ضرورت سے کم ہے اور اکثر دوائیں بھی دستیاب نہیں۔

    سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ زلزلہ زدگان کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، طبی عملے اور امدادی کارکن مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں کیوں کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ملبے تلے زندہ بچ جانے والوں تک بروقت پہنچنے کی امیدیں بھی کم ہوتی جا رہی ہیں۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ زلزلے سے کم از کم ایک لاکھ بچے متاثر ہوئے ہیں، جب کہ مراکش میں اس وقت تلاش اور بچاؤ کے آپریشن میں حصہ لینے والوں میں قطر، اسپین، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پہاڑی دیہاتوں میں عام طور پر مٹی کے اینٹوں سے مکانات بنائے جاتے ہیں، اس لیے جب وہ منہدم ہوئے تو مٹی کا ڈھیر بن گئے ہیں اور ان میں ہوا کے گزر کے لیے کوئی جگہ نہیں بچتی، جس کی وجہ سے ان میں دبنے والوں کے بچاؤ کی کوئی امید نہیں ہے، اور مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔

  • مراکش زلزلہ میں شہری نے پلے اسٹیشن بچانے کو ترجیح دے دی، تصویر وائرل

    مراکش زلزلہ میں شہری نے پلے اسٹیشن بچانے کو ترجیح دے دی، تصویر وائرل

    رباط: مراکش میں 6.8 شدت کے زلزلے میں جب ہر طرف ہاہاکار مچ گئی تھی اور لوگ دیوانہ وار جانیں بچانے کے لیے گھروں سے نکل آئے تھے، تب ایک شہری نے سب سے زیادہ فکر جس چیز کی کی، وہ اس کا پلے اسٹیشن فائیو تھا۔

    سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں ایک شخص بغیر قمیض اور ننگے پاؤں سڑک پر کھڑا نظر آ رہا ہے، مراکش زلزلے کے فوراً بعد سامنے آنے والی اس تصویر نے دنیا بھر میں لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے۔

    مراکش شہر کی ایک سڑک پر کھڑے شخص کے آس پاس دیگر لوگ بھی کھڑے ہیں جو جانیں بچانے کے لیے افراتفری میں گھروں سے نکل آئے تھے، لیکن جس چیز نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو حیران کیا، یہ وہ چیز تھی جو بغیر قمیض والے شخص کے ہاتھوں میں تھی، یہ تھا اس کا پلے اسٹیشن فائیو۔

    سوشل میڈیا پر لوگوں نے اس پر مختلف قسم کی رائے دی دہے، کسی نے کہا کہ اگر وہ ہوتا تو وہ بھی ایسا ہی کرتا یعنی پلے اسٹیشن بچاتا، گیمرز کا کہنا تھا کہ مراکش میں ایک پلے اسٹیشن فائیو 885 ڈالر کا ہے، اگر وہ ہوتے تو یہی کرتے۔

    ایک صارف نے لکھا کہ سڑک پر ننگے پاؤں اور بغیر شرٹ کھڑے ہو کر ہاتھ میں پلے اسٹیشن پکڑے رہنا پاگل پن ہے، لیکن پھر بھی میں اسے سمجھتا ہوں، ان چیزوں کی مراکش میں بہت قیمت ہے۔

  • مراکش میں زلزلہ 2800 سے زائد زندگیاں نگل گیا

    مراکش میں زلزلہ 2800 سے زائد زندگیاں نگل گیا

    رباط: مراکش میں جمعے کو آنے والے 6.8 شدت کے خطرناک زلزلے میں 2800 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق زلزلے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    زلزلے کے بعد ہسپانیہ، برطانیہ اور قطر کی ٹیمیں بھی مراکش میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بہت سے افراد ابھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ تک

    سرکاری ٹیلی ویژن کا کہنا ہے کہ تباہ کُن زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 2862 ہو گئی ہے جب کہ 2562 افراد زخمی ہوئے ہیں،زلزلے کا مرکز مراکش سے 72 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق علاقے میں روایتی مٹی کی اینٹوں سے بنی عمارتیں عام ہیں، جس کے باعث ان عمارتوں کے تباہ ہونے کی وجہ سے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کا امکان محدود ہو گیا تھا۔

    شہری امدادی ٹیمیں اور مراکشی فوج زندہ بچ جانے والوں اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ زلزلے کی وجہ سے مراکش سے 60 کلومیٹر دور پہاڑی گاؤں تافغاغت میں سب کچھ ملیا میٹ ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ مراکش میں تباہ کُن زلزلے کے بعد عراق میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، مگر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں سامنے نہیں آئی۔

  • مراکش میں زلزلہ آیا تو ایک شادی ہال میں آرکسٹرا چل رہا تھا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    مراکش میں زلزلہ آیا تو ایک شادی ہال میں آرکسٹرا چل رہا تھا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    رباط: مراکش میں تباہ کن زلزلے نے جہاں ہر طرف المیوں کی داستانیں رقم کی ہیں، اور سوشل میڈیا پر متعدد دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، ان ہی میں ایک شادی ہال کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جہاں شادی کی تقریب چل رہی تھی جب زلزلہ آیا۔

    جمعہ کی رات وسطی مراکش میں آنے والے 6.8 شدت کے طاقت ور زلزلے میں 2000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں، سیکڑوں عمارتیں منہدم ہو چکی ہیں، سامنے آنے والی بہت ساری ویڈیوز میں ایک ویڈیو ایک شادی ہال کی بھی ہے، جہاں زلزلے کے جھٹکے محسوس کرتے ہی لوگ اندھا دھند باہر کی طرف بھاگنے لگے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں ایک آرکسٹرا ایک شادی میں پرفارم کرتے ہوئے نظر آ رہا ہے، جب زلزلہ آیا تو موسیقار اور گلوکار اسٹیج چھوڑ کر شادی کے دوسرے مہمانوں کے ساتھ دروازے کی طرف بھاگنے لگے۔

    واضح رہے کہ مراکش کی وزارت داخلہ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق زلزلے میں کم از کم 2,012 افراد ہلاک اور 2,059 دیگر زخمی ہوئے، جن میں سے 1,404 کی حالت تشویش ناک ہے۔ زلزلے نے سیاحتی مرکز مراکش شہر کے جنوب مغرب میں اٹلس پہاڑیوں میں واقع پورے گاؤں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا ہے۔

    یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بہت سے لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور بچاؤ کی کوششیں جاری ہیں، یہ زلزلہ مراکش میں 1960 کے زلزلے کے بعد سے سب سے مہلک تھا۔

  • مراکش میں تباہ کُن زلزلہ، رونالڈو نے متاثرین کے دل جیت لئے

    مراکش میں تباہ کُن زلزلہ، رونالڈو نے متاثرین کے دل جیت لئے

    فٹبال کی دنیا کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے مراکش کے زلزلہ متاثرین کے دل جیت لئے، معروف فٹبالر نے اپنا لگژری ہوٹل زلزلہ متاثرین کیلئے کھول دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مراکش میں جمعے کی رات 6.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات زمین بوس ہوگئے تھے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی ہے، ہزاروں افراد زخمی ہیں۔

    اسٹار فٹبالر رونالڈو نے مراکش میں اپنا لگژری ہوٹل زلزلہ متاثرین کیلئے وقف کردیا ہے، جس کے ذریعے زلزلہ متاثرین کو پناہ فراہم کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ اسٹار فٹبال رونالڈو کا ہوٹل 4 اسٹار ہے جس میں ضروریات زندگی کی تمام سہولیات موجود ہیں، ہوٹل کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سوئمنگ پول، فٹنس سینٹر اور ریسٹورنٹ بھی موجود ہے۔

    دوسری جانب مراکش میں آئے خوفناک زلزلے سے اموات کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ دو ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، جن میں ایک ہزار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکش میں زلزلے کے دوسرے روز بھی آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کا کام بھی شد و مد سے جاری ہے، جب کہ حکومت نے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق طاقت ور زلزلے سے زیادہ تباہی پہاڑی دیہاتوں اور قدیم شہروں میں ہوئی، جہاں عمارتیں اتنی طاقت کے زلزلے کو برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھیں، حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ دور دراز کے پہاڑی دیہاتوں تک ریسکیو اہلکاروں کی رسائی میں بہت مشکل پیش آ رہی ہے۔

    مراکشی وزارت داخلہ کے مطابق 6.8 کی شدت کا یہ زلزلہ 120 سالوں میں مراکش میں آنے والا سب سے بڑا زلزلہ ہے، جس سے سب سے زیادہ نقصان شہروں اور قصبوں سے باہر ہوا ہے، اور کم از کم 2,012 افراد ہلاک ہوئے ہیں، ہلاکتیں زیادہ تر مراکش شہر اور مرکز کے قریب پانچ صوبوں میں ہوئیں۔

  • مراکش میں آئے خوفناک زلزلے سے اموات کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی

    مراکش میں آئے خوفناک زلزلے سے اموات کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی

    رباط: مراکش میں آئے خوفناک زلزلے سے اموات کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ دو ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، جن میں ایک ہزار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکش میں زلزلے کے دوسرے روز بھی آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کا کام بھی شد و مد سے جاری ہے، جب کہ حکومت نے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

    مراکش میں زلزلے سے اموات کے سوگ میں فرانس کے ایفل ٹاور کی روشنیاں بند کر دی گئیں، مراکش میں جمعہ اور ہفتہ کی رات 6.8 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کا مرکز مراکش شہر سے 75 کلو میٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ تھا، جب کہ اس کی گہرائی 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق طاقت ور زلزلے سے زیادہ تباہی پہاڑی دیہاتوں اور قدیم شہروں میں ہوئی، جہاں عمارتیں اتنی طاقت کے زلزلے کو برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھیں، حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ دور دراز کے پہاڑی دیہاتوں تک ریسکیو اہلکاروں کی رسائی میں بہت مشکل پیش آ رہی ہے۔

    مراکشی وزارت داخلہ کے مطابق 6.8 کی شدت کا یہ زلزلہ 120 سالوں میں مراکش میں آنے والا سب سے بڑا زلزلہ ہے، جس سے سب سے زیادہ نقصان شہروں اور قصبوں سے باہر ہوا ہے، اور کم از کم 2,012 افراد ہلاک ہوئے ہیں، ہلاکتیں زیادہ تر مراکش شہر اور مرکز کے قریب پانچ صوبوں میں ہوئیں۔

  • مراکش میں تباہ کن زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 820  تک پہنچ گئی

    مراکش میں تباہ کن زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 820 تک پہنچ گئی

    مراکش میں شدید نوعیت کے زلزلے کے باعث 820 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے، کئی مکانات، مساجد اور کاروباری مراکز مٹی کا ڈھیر بن گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مراکش میں تباہ کن زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 820 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زلزلے میں زخمی افراد کی تعداد 672 بتائی جارہی ہے۔ مراکشی وزارت داخلہ نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    مراکش میں پاکستانی سفیر حامد اصغر نے کہا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں مقامی اتھارٹی سے رابطے میں ہیں، جبکہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پاکستانی محفوظ ہیں۔

    حامد اصغر کا کہنا تھا کہ کسی پاکستانی کو نقصان پہنچنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، مراکش میں پاکستانی سفارتخانہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مراکش کے جنوب مغربی علاقے میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔

    زلزلے کا مرکز مراکش شہر سے 75 کلومیٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    مقامی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دی گئی تاریخی عمارتیں بھی زلزلے سے محفوظ نہ رہ سکیں جبکہ شدید زلزلے کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

    مراکشی حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 820 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جاچکی ہے، جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے جنہیں مختلف طبی امداد کی فراہمی کے لئے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔