کراچی : میئر کراچی مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ تاجروں کابس چلے تو ہر چیز کو مسترد کردیں، قیمتوں کا تعین ہوچکا ہے، کمشنر کراچی اس پرعمل کرائیں۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عباسی شہیداسپتال کے گائینی وارڈ ، آئی سی یواورنرسری کا افتتاح کیا ، اس موقع مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو میں اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں سے متعلق کہا کہ تاجروں کابس چلے تو ہر چیز کو مسترد کردیں، دکانیں بندہوں تو کہتے ہیں اربوں کا نقصان ہوگیا اور دکانیں چل رہی ہوں تو کہتے ہیں تباہ ہوگئے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ قیمتوں کا تعین ہوچکا ہے ، کمشنر کراچی اس پرعمل کرائیں،پیچھےہٹنے کی ضرورت نہیں، حکومت سے درخواست کروں گا، قیمتوں پر کوئی سمجھوتا نہ کریں، جس قیمت کا تعین کیا گیا ہماری ذمہ داری ہے، اسے یقینی بنائیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ ہمارا عملہ کہیں زیادتی کرتا ہے توغلط ہے، پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت سب کو ملکر کام کرنا چاہئے، جہاں ہماری غلطی ہے ہم تصحیح کریں ، شہریوں سے بھی گزارش ہے، تعاون کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان کے ووٹ کا تعلق حکومت سے نہیں ہوتا، میری اطلاع ہے سندھ میں ایم کیوایم اپوزیشن میں ہے اور وہ اپنا اپوزیشن لیڈر لا رہے ہیں، یہ سوچنا ایم کیو ایم حکومت میں شامل ہوجائیں گی قبل از وقت ہوگا۔
عارف علوی کی جانب سے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عارف علوی تاریخ میں بطورڈینٹسٹ ہی یادرکھےجائیں گے، عارف علوی ہماری مدد کرنا چاہتے ہیں تو کے ایم سی اور ڈی ایم سی میں کام کریں، دانتوں کاعلاج بہت مہنگاہوتاہے،غریب پریشان ہیں، عارف علوی سیاسی اورقانونی معاملات میں بس کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ عباسی شہید اسپتال کی لیبارٹری پیسے کما رہی ہے، ہمارے ملازمین ویزے پر باہر چلے جاتے ہیں، جب میں کارروائی شروع کرتا ہوں تو سفارشیں آجاتی ہیں۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ عباسی شہیداسپتال میں ایک خاتون ایک ہی ماہ میں 9تنخواہیں لےرہی تھی، اسی لئے ہم بائیومیٹرک سسٹم لگانے جا رہے ہیں۔