Tag: مرحلہ وار پولیو مہم

  • ملک بھر کے 99 مخصوص اضلاع میں مرحلہ وار پولیو مہم کا آغاز

    ملک بھر کے 99 مخصوص اضلاع میں مرحلہ وار پولیو مہم کا آغاز

    اسلام آباد : ملک بھر کے 99 مخصوص اضلاع میں مرحلہ وار پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، جس میں 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے پلائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق ملک بھر کے 99 مخصوص اضلاع میں مرحلہ وار انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے دوران 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے پلائے جائیں گے۔

    اس قومی مہم میں 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد پولیو ورکرز ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے 7 اضلاع میں 41 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، تاہم صوبے کے 9 اضلاع میں حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث مہم کو مؤخر کر دیا گیا ہے۔

    سندھ کے 25 مخصوص اضلاع میں 89 لاکھ، بلوچستان کے 26 اضلاع میں 21 لاکھ جبکہ خیبرپختونخوا کے 27 اضلاع میں 57 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی۔ جنوبی خیبرپختونخوا میں پولیو مہم کا آغاز 15 ستمبر سے ہوگا۔

    اسی طرح آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے 2،2 اضلاع میں بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ اسلام آباد میں 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنانے کے لیے ویکسین دی جائے گی۔

    نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ جب بھی پولیو ٹیم دروازے پر آئے تو ان کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی طور پر قطرے پلوائیں۔

    نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی جانب سے والدین کو حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی بروقت مکمل کروانے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ بچے پولیو سمیت دیگر بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔