Tag: مردم شماری

  • مردم شماری کو تسلیم کرنے والی پیپلز پارٹی کو یوٹرن لینے میں مشکلات

    مردم شماری کو تسلیم کرنے والی پیپلز پارٹی کو یوٹرن لینے میں مشکلات

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے مرکزی مجلس عاملہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی رہنماؤں نے اجلاس میں مردم شماری کی توثیق کے فیصلے پر تنقید کی۔

    تفصیلات کے مطابق مردم شماری کو تسلیم کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کو یوٹرن لینے میں مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین اجلاس میں اس مسئلے پر پھٹ پڑے۔

    پارٹی رہنماؤں نے سی ای سی میں پی پی قیادت کے فیصلوں پر کڑی تنقید کی، اور پارٹی قیادت کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے، رہنماؤں نے مردم شماری کی توثیق کے فیصلے پر تنقید کی اور کہا کہ مردم شماری کی حمایت کر کے پی پی نے الیکشن کے تابوت میں کیل ٹھوک دی ہے۔

    سی ای سی اراکین کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی قبل از وقت تحلیل پر رضامندی سنگین غلطی تھی، اس سے مسائل گھمبیر ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی الیکشن اسٹریٹجی کی تشکیل پر کشمکش کا شکار ہے، پارٹی کا سی ای سی اجلاس کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوا، یہ اجلاس نشستن، گفتن، برخاستن کے مصداق تھا۔

    ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی اب الیکشن کمیشن کے رد عمل سے مشروط ہوگی، اور ردعمل پر آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی بروقت انتخابات کے حوالے سے مایوسی کا شکار ہے۔

  • اگلا الیکشن نئی مردم شماری پر ہی ہوگا، ادارہ شماریات

    اگلا الیکشن نئی مردم شماری پر ہی ہوگا، ادارہ شماریات

    سربراہ ادارہ شماریات ڈاکٹر نعیم ظفر کا کہنا ہے کہ اگلا الیکشن نئی مردم شماری پر ہی ہوگا، حلقہ بندیوں پر کام جلد شروع ہوجائے گا۔

    اے آر وائی کی خصوصی نشریات میں میزبان وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ ادارہ شماریات ڈاکٹر نعیم ظفر کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کا تمام عمل مکمل ہوچکا ہے، حلقہ بندیوں پر کام جلد شروع ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اگلا الیکشن نئی مردم شماری پر ہی ہوگا، اور جن سیاسی جماعتوں نے اس پر اعتراضات کیے تھے انہیں دور کرنے کی پوری کوشش کی۔

    انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر ڈیجیٹل مردم شماری کا نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا جس کے بعد حلقہ بندیوں کے حوالے سے ایک لاکھ 85ہزار 509بلاکس کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کردی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کی کُل آبادی کتنی ہے؟ ادارہ شماریات کی رپورٹ

    ایک سوال کے جواب میں سربراہ ادارہ شماریات نے مزید کہا کہ نئی حلقہ بندیاں کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے، حلقہ بندیوں میں کتنا وقت لگے گا حتمی طور پر یہ بات الیکشن کمیشن ہی بتا سکتا ہے۔

  • ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہوگا

    ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد : ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہوگا،   منظوری کے بعد ڈیجیٹل مردم شماری کانوٹیفکیشن جاری ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کا 50واں اجلاس آج ہوگا، مشترکہ مفادات کونسل میں ساتویں مردم شماری کی منظوری دی جائے گی۔

    وزیراعظم شہباز شریف مشترکہ مفادات کونسل کی صدارت کریں گے، اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ، سیکرٹری بلوچستان سمیت وزیرخزانہ اسحاق ڈار، قمرزمان قائرہ شریک ہوں گے۔

    مشترکہ مفادات کونسل میں ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج پیش کئے جائیں گے ، بیوروشماریات سے کمشنر سینسس، چیف شماریات بیورو و دیگر حکام پہنچ گئے۔

    وزارت منصوبہ بندی و ترقی ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے کونسل کو بریفنگ دے گی ، جس کے بعد نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ملکی مجموعی آبادی کی منظوری دی جائے گی۔

    سی سی آئی کی منظوری کے بعد ڈیجیٹل مردم شماری کانوٹیفکیشن جاری ہوگا ، ڈیجیٹل مردم شماری کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کے حوالے کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن کی روشنی میں نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہوگا، الیکشن کمیشن 4 سے 6 ماہ میں نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہوگا، نئی حلقہ بندیوں کے بعدعام انتخابات کا انعقاد ممکن ہوسکے گا۔

  • نئی مردم شماری کے تحت الیکشن کرانے کے وزیر اعظم کے اعلان پر پیپلز پارٹی ناراض

    نئی مردم شماری کے تحت الیکشن کرانے کے وزیر اعظم کے اعلان پر پیپلز پارٹی ناراض

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے نئی مردم شماری کے تحت الیکشن کرانے کے اعلان پر پیپلز پارٹی ناراض ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر اعظم کے بیان سے الیکشن وقت پر نہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے، سندھ حکومت اور عوام کو نئی مردم شماری پر خدشات ہیں۔

    ’نئی مردم شماری کے تحت ہی انتخابات میں جائیں گے‘

    پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خط کو سنا نہیں گیا، ہم ہر صورت وقت پر الیکشن چاہتے ہیں، نئی مردم شماری کو اب تک سی سی آئی نے منظور نہیں کیا، سی سی آئی منظوری کے بعد بھی آئینی ترمیم آرٹیکل 51 تھری کے تحت درکار ہوگی۔

    پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قانونی ٹیم نے رائے دی ہے کہ  نئی مردم شماری پر الیکشن ہوئے تو نئی حلقہ بندیاں ہوں گی جس میں وقت لگے گا، نئی مردم شماری پر الیکشن کرایا گیا تو کم از کم 6 ماہ نئی حلقہ بندیوں میں لگیں گے۔

  • ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، مصفطیٰ کمال

    ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، مصفطیٰ کمال

    کراچی: متحدہ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال مردم شماری کے اعداد وشمار مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی مردم شماری پر منعقدہ اتقاق رائے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آپ ہمیں درست نہیں گن رہے ہم اسے نہیں مانیں گے،سات اپریل کو خبر لگی کہ 1کروڑ37لاکھ آبادی ہے، مدت ختم ہونےکےبعد56لاکھ لوگوں کااضافہ ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ اب بھی سب لوگوں کو نہیں گنا گیا، ہم نے اس کیلئے جدوجہد کی کسی صورت موجودہ اعداد وشمارنہیں مانیں گے۔

    متحدہ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج بلوچستان کے پہاڑوں پرلوگ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں،کل تک وہ بھی اپنےمسائل آپ کےسامنےرکھتے ہوں گے،اگرکل ہم نہ ہوئےتو کوئی اورہوگاجو ہوسکتا ہےآپ کی بات نہ سنے،ہم کچھ نہیں چاہتےصرف اتنا کہتے ہیں کہ ہمیں درست گناجائے۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں ایک فیصد گھروں میں ایک فرد رہتاہے،اس کے برعکس کراچی میں نو فیصد گھروں میں ایک فرد رہتاہے،یہ گڑبڑصوبائی حکومت کررہی ہے،ہمارےکوٹے پربھی ہمیں نوکریاں نہیں مل رہیں، ہم صبرکررہےہیں، ہمارے بچے آن لائن ڈیلوری میں نوکریاں کررہےہیں۔

  • شہری سندھ میں مردم شماری کے عمل میں سست روی پر تحفظات برقرار

    شہری سندھ میں مردم شماری کے عمل میں سست روی پر تحفظات برقرار

    کراچی: مردم شماری کے عمل کا آج آخری روز ہے، تاہم ایم کیو ایم کے تحفظات برقرار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ چار مرتبہ توسیع کے باوجود شہری سندھ میں مردم شماری کے عمل میں سست روی پر انھیں شدید تحفظات ہیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر درست انداز میں دیانت داری سے گنا جائے تو روزانہ ایک لاکھ 90 ہزار افراد شمار ہو جائیں۔

    ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں کی آبادی کی درست گنتی میں سندھ حکومت کی ماتحت انتظامیہ کا کردار متعصبانہ ہے، ایک مخصوص لسانی اکائی کی آبادی کو زیادہ دکھانے کے لیے صوبائی انتظامیہ سازشی حربے استعمال کر رہی ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق اگر شہری علاقوں کے ایک ایک فرد کو درست نہ گنا گیا تو عدالت، ایوان اور سڑکوں پر صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔

  • ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری : سندھ کی آبادی ساڑھے 5 کروڑ سے تجاوز کر گئی

    ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری : سندھ کی آبادی ساڑھے 5 کروڑ سے تجاوز کر گئی

    کراچی : وفاقی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ سندھ کی آبادی ساڑھے 5 کروڑ سے تجاوز کر گئی، صوبےکی آبادی 5کروڑ 50 لاکھ 85 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ساتویں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری 2023 کے نئے اعداد و شمار جاری کردیئے۔

    ادارہ شماریات نے بتایا کہ سندھ کی آبادی ساڑھے5کروڑسےتجاوزکرگئی، صوبےکی آبادی 5کروڑ 50 لاکھ 85 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ سندھ میں آبادی کی شرح اضافہ15.15فیصدتک ہے جبکہ کراچی کی آبادی ایک کروڑ 79 لاکھ 65 ہزار سے زائد ہوگئی۔

    کراچی میں آبادی کی شرح اضافہ12.11فیصد رہا، حیدرآباد میں ایک کروڑ 19 لاکھ 78 ہزار 208 افراد کی گنتی ہوئی جبکہ لاڑکانہ میں 79 لاکھ 90 ہزار 96 افراد کی مردم شماری ہوئی ہے۔

    اس کے علاوہ سکھر میں 62 لاکھ14 ہزار 842افراد کو گنا گیا، شہید بے نظیرآباد ڈویژن میں 59 لاکھ 78 ہزار 147 افراد کی مردم شماری ہوئی ہے اور میر پور خاص ڈویژن کی آبادی میں49 لاکھ 58 ہزار 562 افراد تک پہنچ گئی۔

  • ٹاسک نامکمل: مردم شماری کی حتمی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع

    ٹاسک نامکمل: مردم شماری کی حتمی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع

    اسلام آباد: حکومت نے مردم شماری کی حتمی تاریخ میں پانچویں بار توسیع کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت بروقت مردم شماری مکمل کرنےمیں ایک بارپھر ناکام ہوئی جس کے باعث پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی حتمی تاریخ میں پانچویں بار توسیع کردی گئی ہے۔

    ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں جاری ڈیجیٹل مردم شماری کی حتمی تاریخ میں پانچویں بار توسیع کر دی گئی ہے اور آخری تاریخ 15مئی مقرر کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ مردم شماری کو اپریل کے آغاز میں ختم ہونا تھا تاہم پہلی بار اس میں 10 اپریل، دوسری بار 15 اور تیسری بار 20 اپریل جبکہ چوتھی بار25 اپریل تک توسیع کی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: حکومت بروقت مردم شماری مکمل کرنے میں مسلسل ناکام، تاریخ میں چوتھی بار توسیع

    ادھر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک میں ساتویں اورپہلی بارڈیجیٹل مردم شماری جاری ہے جس پر بعض سیاسی جماعتوں اورمیڈیا کی جانب سےاعتراض کیاگیاتھا اس پر ہم نےساتھیوں کو بات چیت کی دعوت دی اور معلومات شیئرکیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ محسوس کیا گیا ہےکہ دوردرازعلاقوں میں تمام لوگوں کو شمارنہیں کیا گیا اب کچھ علاقوں میں سپارکو کی مدد سےگھروں کی نشاندہی کی جارہی ہے جس کے باعث مردم شماری کی تاریخ میں15روزمزید توسیع کی جارہی ہے۔

    وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ہر فرد کی گنتی کی جانی چاہیے، ہر صورت فالٹ لائنزکو دورکریں گے،مردم شماری کا مطلب صرف نمبرزپیدا کرنانہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل شماری کےباعث ڈیٹا کا فوری جائزہ لیاجاسکتاہے، لوگوں سے بھی گزارش ہےکہ مردم شماری میں بھرپورحصہ لیں ۔

  • مردم شماری پر تحفظات، ادارہ شماریات نے پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ کے لیے بلا لیا

    مردم شماری پر تحفظات، ادارہ شماریات نے پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ کے لیے بلا لیا

    اسلام آباد: مردم شماری پر تحفظات کے باعث ادارہ شماریات نے پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ کے لیے بلا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ساتویں قومی مردم شماری پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات کے اظہار کے بعد وفاقی ادارہ شماریات نے تمام پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وفاقی ادارہ شماریات نے پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، اور بی این پی کے وفاقی وزرا کو بریفنگ میں شرکت کی دعوت دی ہے، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن، جے یو آئی کے مولانا اسعد محمود اور ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی بھی بریفنگ میں شریک ہوں گے۔

    چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کو بھی بریفنگ میں مدعو کیا گیا ہے، وفاقی وزرا نوید قمر، اسرار ترین، شاہ زین بگٹی اور خالد مگسی کو بھی مردم شماری سے متعلق بریفنگ میں بلایا گیا ہے۔

    وفاقی ادارہ شماریات کے حکام پارلیمانی جماعتوں کو ساتویں مردم شماری پر صورت حال سے آگاہ کریں گے، ممبر سپورٹ سروسز سرور گوندل نے پارلیمانی جماعتوں کو خطوط ارسال کر دیے۔

    وفاقی ادارہ شماریات میں بریفنگ آج تین بجے ہوگی، زوم لنک پر بھی شرکا بریفنگ میں شامل ہو سکیں گے۔

  • ایم کیو ایم نے مردم شماری سے متعلق اپنے تحفظات وزیر اعظم کے سامنے رکھ دئیے

    ایم کیو ایم نے مردم شماری سے متعلق اپنے تحفظات وزیر اعظم کے سامنے رکھ دئیے

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا وفد وزیراعظم سے ملاقات کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے ایم کیوایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اورجاری مردم شماری پربات چیت کی گئی۔

    ایم کیو ایم کے وفد میں فاروق ستار، امین الحق اور دیگر رہنما شامل ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں ایم کیو ایم وفد نے مردم شماری سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، ایم کیو ایم نے وزیر اعظم سے مردم شماری میں خامیوں کی درستگی کی یقین دہانی پر عملدرآمد نہ ہونے کا بھی شکوہ کیا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے مردم شماری کے عمل میں خامیوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم کو بتایا کہ مردم شماری میں پھر کراچی سے نا انصافی ہونے جارہی ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کئی جگہوں پر عملہ نہیں تو کہیں بلڈنگ کے مکینوں کو ایک شمار کیا جارہا ہے، مردم شماری صحیح نہ ہوئی تو کراچی کو حق، وسائل کیسے ملیں گے۔