Tag: مردم شماری

  • مردم شماری کا مقصد معاشی منصوبہ بندی کرنا ہے، احسن اقبال

    مردم شماری کا مقصد معاشی منصوبہ بندی کرنا ہے، احسن اقبال

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ مردم شماری کا مقصد معاشی منصوبہ بندی کرنا ہے۔

    خالد مگسی کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر نے ڈیجیٹل مردم شماری پر بریفنگ دی۔

    اجلاس میں موجود وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مردم شماری کا مقصد معاشی منصوبہ بندی کرنا ہے، بھارت نے نمائندگی اور وسائل کو مردم شماری سے نکال دیا تھا لیکن پاکستان میں یہ نظام ابھی بھی چل رہا ہے جس کی وجہ سے مسائل ہیں۔

    بغاوت پر آمادہ شخص سے مذاکرات ممکن نہیں، احسن اقبال

    انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں آبادی کم ہے ان کو ہم کہتے ہیں آبادی بڑھاؤ اور وسائل لے لو، اب ہمیں اپنی آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے ہونگے۔

    احسن اقبال نے مزید کہا کہ مردم شماری کے لیے 34 ارب روپے لگیں گے اس کے لیے ارکان پارلیمنٹ سے مشاورت کرنا ضروری ہے۔

    دوسری جانب چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر نے بریفنگ دی کہ  12 اپریل 2021 میں حکومت نے 7ویں ڈیجیٹل مردم شماری کا فیصلہ کیا، جنوری 2022 میں مشترکہ مفادات کونسل نےاس کی منظوری دی۔

    ڈیجیٹل چیف شماریات نے مزید بتایا کہ ڈیجیٹل طریقہ کار کے تحت مردم شماری کی جارہی ہے، اب تک 12 کروڑ 70 لاکھ افراد کی مردم شماری کی گئی ہے، ہم نے اپنے ہدف سے زائد مردم شماری کی ہے۔

  • مردم شماری پر کثیر الجماعتی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی کے سیاسی جماعتوں سے رابطے

    مردم شماری پر کثیر الجماعتی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی کے سیاسی جماعتوں سے رابطے

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے مردم شماری کے معاملے پر کثیر الجماعتی کانفرنس کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی نے ڈیجیٹل مردم شماری پر اے پی سی بلا لی ہے، رہنما نثار کھوڑو نے سیاسی جماعتوں کو مردم شماری سے متعلق کانفرنس میں شرکت کے لیے اعتماد میں لینے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید، مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ و دیگر سے رابطہ کیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کی جانب سے سیاسی رہنماؤں کو دعوت نامے بھی بھیجے جائیں گے، کثیر الجماعتی کانفرنس جمعہ کو کراچی کے ایک لگژری ہوٹل میں شام 4 بجے منعقد ہوگی۔

    رہنما پیپلز پارٹی عاجز دھامراہ نے بھی جے یو آئی رہنما راشد محمود سومرو، قادر مگسی، ایاز پلیجو، صنعان قریشی، سید جلال محمود شاہ، ریاض چانڈیو، لال جروارو اور دیگر رہنماؤں سے رابطے کیے۔

    ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ فنکشنل سمیت ادیبوں اور رائٹرز کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

    نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ کو ڈیجیٹل مردم شماری اور غیر قانونی تارکین وطن پر خدشات ہیں، ہم سیاسی جماعتوں کے مردم شماری سے متعلق نقطہ نظر کی روشنی میں آگے بڑھیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری میں خامیاں ہیں، سندھ کے دیہی علاقوں میں سسٹم کام نہیں کر رہا، خدشہ ہے کے ڈیجیٹل مردم شماری کا آر ٹی ایس کی طرح حشر کیا جائے گا، اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ کی درست آبادی گنی جائے، غیر قانونی تارکین وطن کو الگ خانے میں رکھا جائے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ نے مردم شماری پر وفاق سے تعاون واپس لینے کی دھمکی دے دی

    وزیر اعلیٰ سندھ نے مردم شماری پر وفاق سے تعاون واپس لینے کی دھمکی دے دی

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مردم شماری پر وفاق سے تعاون واپس لینے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فوارہ چوک پر کراچی گیمز کے تحت گدھا گاڑی ریس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ مردم شماری پر ہمارے مطالبات پورے کیے جائیں، مطالبات پورے نہ ہوئے تو وفاقی حکومت کو سپورٹ کرنا مشکل ہوگی۔

    انھوں نے کہا ’’الیکشن کے ساتھ مردم شماری بھی بہت ضروری ہے، مردم شماری شفاف نہ ہوئی تو صوبائی حکومت کو سوچنا پڑے گا، ہم مردم شماری سے سندھ حکومت کی مدد ہٹانے پر مجبور ہوں گے۔‘‘

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مردم شماری شفاف نہ ہوئی تو سیاسی سطح پر بھی لائحہ عمل دیں گے، جب مردم شماری کے ٹیبلٹ میں نقشوں کی خامیاں دکھائی گئیں تو کہا گیا کہ کچھ خامیوں کو بعد میں درست کر دیں گے، لیکن ہم نے کہا کہ خامیاں فوری طور پر درست کریں۔

    انھوں نے کہا ’’ہم نے کہا ہے کہ ہمارا اندراج کر کے ہمیں آگاہ کیا جائے، ہر فرد کو ایس ایم ایس کے ذریعے درج تفصیل بتائی جائے۔‘‘

    مراد علی شاہ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ لاہور میں جو کچھ ہوا یہ چیز سندھ میں نہیں چلے گی، کوئی پرامن احتجاج کرنا چاہے تو حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، ہم اس کا جواب قانونی طور پر سخت انداز میں دیں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ’’میں واضح طور پر بتادوں کراچی کا میئر ہمارا ہوگا۔‘‘

  • کراچی میں مردم شماری عملے نے آج کام کرنے سے انکار کر دیا

    کراچی میں مردم شماری عملے نے آج کام کرنے سے انکار کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں مردم شماری عملے نے آج کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ڈیجیٹل مردم شماری کا عمل جاری ہے، تاہم مردم شماری کے عملے کو کئی طرح کے مسائل کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی کے علاقے لانڈھی میں مردم شماری کے عملے کو مشکلات کے باعث عملے نے آج کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پورے کراچی میں 1290 ٹیمیں کام کر رہی ہیں، ان ٹیموں کے لیے پہلے تین سے چار روز 58 گاڑیاں فراہم کی گئیں، اب ان 58 گاڑیوں میں سے بھی صرف 6 گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ مردم شماری کا عملہ ٹرانسپورٹ کے لیے از خود کچھ روز سے بندوبست کر رہا تھا، جب کہ مردم شماری کے عملے کو گاڑیاں فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

    مردم شماری کے لیے پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کے بھی مسائل ہیں، تاہم بیورو ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز کا مسئلہ ایک سے دو روز میں حل کر دیا جائے گا۔

    دوسری طرف ملک میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری سے متعلق سندھ حکومت نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، وفاق کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرا دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر کی سربراہی میں ٹیم نے کراچی میں ملاقات کی، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف شماریات کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ سندھ کے تحفظات زیادہ تر فیلڈ آپریشن سے متعلق ہیں، وزیر اعلی نے ملاقات میں فیلڈ آپریشن کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی دیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کے تمام تحفظات دور کر دیے جائیں گے، تمام تجاویز قابل عمل ہیں، ان پر عمل درآمد کیا جائے گا، واضح رہے کہ چیف شماریات نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی تھی۔

  • مردم شماری کی سیکیورٹی کے لیے پاکستان رینجرز نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

    مردم شماری کی سیکیورٹی کے لیے پاکستان رینجرز نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

     لاہور: پاکستان میں ساتویں مردم شماری کی سیکیورٹی کیلئے رینجرز  نے پنجاب میں ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں ساتویں مردم شماری کے لیے رینجرز کے جوانوں نے ذمہ داریاں سنبھال لیں، رینجرز جوان اسلام آباد،گلگت بلتستان میں بھی ادارہ شماریات کے اہلکاروں کےہمراہ ہونگے۔

    ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا

    ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد قذافی نے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کا عزم کیا اور بتایا کہ رینجرز افسران مردم شماری کے دوران سیکیورٹی امور کی نگرانی کریں گے، رینجرز جوان مردم شماری کے دوران قیام امن کو یقینی بنائیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا، چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے مردم شماری کا افتتاح کیا۔

  • رواں برس ہونے والی مردم شماری مؤخر

    رواں برس ہونے والی مردم شماری مؤخر

    اسلام آباد: رواں برس اگست میں ہونے والی مردم شماری مؤخر کردی گئی، مردم شماری اب اگست کے بجائے دسمبر کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ساتویں مردم شماری کا عمل 4 ماہ کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے، تکنیکی آلات کی خریداری میں تاخیر سے مردم شماری التوا کا شکار ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے 1 لاکھ 20 ہزار ٹیبلٹس ابھی خریدے جانے ہیں، ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کے سافٹ ویئر ٹیسٹنگ کا پائلٹ پراجیکٹ بھی شروع ہوچکا ہے۔

    سافٹ ویئر ٹیسٹنگ کے لیے چند شہروں میں پائلٹ خانہ و مردم شماری کی جارہی ہے جس کی رپورٹ ادارہ شماریات جلد مرتب کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق مردم شماری اب اگست کے بجائے دسمبر کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر میں مردم شماری ہونے کے بعد اس کے نتائج مارچ تک الیکشن کمیشن کو جمع کروائے جائیں گے، اگست میں ہونے کی صورت میں نتائج دسمبر میں جمع کروائے جانے تھے۔

  • سعودی عرب: آج سے شروع ہونے والی مردم شماری میں اندراج کا طریقہ کار

    سعودی عرب: آج سے شروع ہونے والی مردم شماری میں اندراج کا طریقہ کار

    ریاض: سعودی عرب میں آج سے مردم شماری کا دوسرا مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں منگل 10 مئی 2022 سے مردم شماری کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے جو 15 جون تک جاری رہے گا۔

    سعودی عرب میں مردم شماری کے سلسلے میں تین طریقے استعمال کیے جائیں گے، پہلا طریقہ یہ ہے کہ افراد اور خاندان خود سے متعلق مطلوبہ معلومات شہروں میں موجود شاپنگ سینٹرز میں قائم کاؤنٹرز پر وزٹ کر کے درج کرائیں۔

    دوسرا طریقہ یہ ہے کہ مردم شماری سے متعلق ای گیٹ پر جا کر معلومات کا اندراج کرایا جائے، مشترکہ قومی پلیٹ فارم یا محکمہ شماریات کے ای گیٹ تک رسائی کے لیے مکانات پر چسپاں نمبر استعمال کیا جائے گا۔

    تیسرا طریقہ یہ ہے کہ مردم شماری کے لیے تعینات اہل کاروں کا انتظار کیا جائے اور ان کے تعاون سے مردم و مکان شماری فارم پُر کرایا جائے، اس کے لیے قومی شناختی کارڈ یا خاندان کا تعارفی ریکارڈ یا اقامہ طلب کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سعودی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور مکانات کی تعداد شمار کرنے کا مقصد سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے فیصلہ سازوں کو مختلف پروگراموں اور اسکیموں کی تیاری میں مدد دینا ہے۔

    مردم شماری مہم کے تحت 50 سوالات کیے جائیں گے، ان میں رہائش کی نوعیت، ملکیت یا کرایے، کمروں کی تعداد، صحت، تعلیمی معیار، کتنی اور کونسی زبانیں جانتے ہیں، آمدنی کیا ہے؟ مکان میں رہنے والے افراد کی تعداد وغیرہ دریافت کی جائے گی۔

    علاوہ ازیں سعودی محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ مردم شماری 2022 میں ہر شہری اور مقیم غیر ملکی کے کوائف صیغہ راز میں رکھے جائیں گے، شماریات کے قانون کے مطابق کسی بھی فرد سے حاصل شدہ معلومات کسی بھی شکل میں غیر متعلقہ فرد یا ادارے کو نہیں دی جا سکتیں۔

  • ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے 10 ارب کا ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر خریدا جائے گا: اسد عمر

    ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے 10 ارب کا ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر خریدا جائے گا: اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری ہورہی ہے، اس کے لیے 10 ارب کا ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر خریدا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوئی ملک اچھی منصوبہ بندی چاہتا ہے تو اچھا معلوماتی ڈیٹا ہونا چاہیئے، مردم شماری منصوبہ بندی کا اہم جزو ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئین میں لکھا گیا ہے کہ ہر 10 سال بعد مردم شماری ہوگی، ٹیکنالوجی دور میں کبھی 18 سال کبھی 20 سال بعد مردم شماری ہوتی ہے۔ تاخیر سے مردم شماری کے بعد اعتراضات بھی سامنے آتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے این سی او سی کو چلایا جا رہا ہے، نگہبان ایپ کے ذریعے کرونا مریضوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جاتا ہے۔ صوبوں کے ساتھ رابطہ کاری کے نظام کو مؤثر کیا گیا، تمام ملکی اکائیوں کے سامنے تمام فیصلے کیے گئے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے لیے صوبوں سے رابطہ کاری اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، عوام کی میڈیا کے ذریعے تمام انفارمیشن تک رسائی ممکن بنائی جائے، ڈیجیٹل مردم شماری میں فوج کا سیکیورٹی کا کردار ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے لیے 10 ارب کا ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر خریدا جائے گا، رواں مالی سال مردم شماری کے لیے 5 ارب جاری اخراجات کے لیے رکھے ہیں۔

    چیف شماریات ڈاکٹر نعیم ظفر نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں ڈیجیٹل مردم شماری ہورہی ہے، صوبائی انتظامیہ کے ساتھ ڈیجیٹل مردم شماری پر مشاورت کی گئی۔ جہاں انٹرنیٹ کی سہولت نہیں وہاں پیپر کے ذریعے ڈیٹا اکھٹا کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 614 مردم شماری سپورٹ سینٹرز بنائے گئے ہیں، 250 گھرانوں کا ایک بلاک ہوگا اور ہر بلاک کا رزلٹ الگ سے آئے گا۔

  • سعودی عرب: پانچویں مردم شماری رواں سال ہوگی

    سعودی عرب: پانچویں مردم شماری رواں سال ہوگی

    ریاض: سعودی عرب میں پانچویں مردم شماری رواں سال 2022 میں ہوگی جس کی بنیاد پر نئی ترقیاتی اسکیموں، پالیسیوں اور بجٹ کا تعین ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ مملکت کی تاریخ میں پانچویں مردم شماری رواں سال 2022 کے دوران ہوگی، اس حوالے سے تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔

    مملکت میں پہلی بار جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مردم اور مکان شماری کی جائے گی۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ مردم اور مکان شماری کا کام آئندہ چند ماہ کے دوران انجام دیا جائے گا، نتائج کی بنیاد پر ترقیاتی اسکیمیںم رفاہ عامہ کی پالیسی اور بجٹ کی تقسیم کے اصول و ضوابط متعین ہوں گے۔

    محکمہ شماریات کے مطابق مکانات سے متعلق معلومات جمع کی جائیں گی اور ان کی درجہ بندی ہوگی۔

    مملکت کے اندر اور باہر موجود تمام سعودی شہریوں کے اعداد و شمار کا ریکارڈ تیار کیا جائے گا، ہر شہری کا نام، عمر اور اس کی سماجی و معاشی حالت بھی دریافت کی جائے گی۔

    مردم و مکان شماری کے نتائج سرکاری و نجی اداروں کو مہیا کیے جائیں گے تاکہ آئندہ برسوں کے دوران سرکاری اور پرائیوٹ سیکٹر کے متعلقہ ادارے معتبر معلومات کے تناظر میں اپنی اسکیمیں اور پروگرام ترتیب دے سکیں۔

    سنہ 2022 کے دوران سعودی عرب میں ہونے والی مردم شماری مملکت کی تاریخ کی پانچویں ہوگی۔

    سب سے پہلے مردم شماری 1947 میں ہوئی تھی، دوسری 1992، تیسری 2004 اور چوتھی 2010 میں کی گئی تھی۔

    آخری مردم شماری میں مملکت کی کل آبادی 2 کروڑ 71 لاکھ 36 ہزار 977 ریکارڈ پر آئی تھی، حالیہ 10 برسوں کے دوران مملکت میں بڑی تبدیلیاں آچکی ہیں، جن میںٹیکنالوجی کے حوالے سے اور سماجی و معاشی تبدیلیاں شامل ہیں۔

  • اگلے انتخابات نئی مردم شماری اور الیکٹرانک ووٹنگ سے ہوں‌ گے: حکومت کا اعلان

    اگلے انتخابات نئی مردم شماری اور الیکٹرانک ووٹنگ سے ہوں‌ گے: حکومت کا اعلان

    اسلام آباد: حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگلے انتخابات نئی مردم شماری اور الیکٹرانک ووٹنگ کے ساتھ ہوں‌ گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا ساتویں مردم شماری میں نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، اور اس کے لیے تمام مراحل 18 ماہ میں مکمل ہوں گے۔

    فواد چوہدری نے کہا ساتویں مردم شماری کے منظوری کے مراحل چل رہے ہیں، اگلا الیکشن نئی حلقہ بندیوں اور نئی مردم شماری کے مطابق ہونا ہے، چھ ماہ اور سال میں الیکشن کی پیش گوئیاں کرنے والوں کو مایوسی ہوگی، اپوزیشن میں بونے ہی رہ گئے ہیں، کرسیاں نیچے آ گئی ہیں، ان کی سیاست صرف اپنے پیسے بچانے کے لیے ہو رہی ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اگلے انتخابات نئی مردم شماری اور الیکٹرانک ووٹنگ سے ہوگی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ہم سینماؤں کو کھولنے کی طرف جا رہے ہیں، کینیڈین، ترک اور ایرانی فلموں کو چلانے کی اجازت دے رہے ہیں۔

    وزیر اطلاعاعت نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں ہمیں بڑی کامیابی ملی ہے، پولیو ملک میں کم ترین سطح پر آ گیا ہے اور 7 ماہ میں ایک بھی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، جو خوش آئندہ ہے۔

    انھوں نے کہا سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ میں 40 فی صد اضافہ کیا گیا ہے، وفاقی ملازمین کے لیے ہاؤس رینٹ الاؤنس کے لیے 44 فی صد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔