Tag: مردہ جانوروں کا گوشت

  • شہریوں کو بیمار اورمردہ جانوروں کا گوشت کھلائے جانے کا انکشاف

    شہریوں کو بیمار اورمردہ جانوروں کا گوشت کھلائے جانے کا انکشاف

    ملتان: شہریوں کو بیمار اورمردہ جانوروں کا گوشت کھلائے جانے کا انکشاف سامنے آیا، سلاٹرہاؤسز اور قصاب کی دکانوں پر چھاپوں میں مردہ بکرے اور بچھڑا برآمد ہوا۔

    تفصیلات کےمطابق مشیربرائے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری طارق زمان نے سلاٹر ہاؤسز پر چھاپے مارے ، اس دوران شہریوں کو بیمار اورمردہ جانوروں کا گوشت کھلائے جانے کا انکشاف سامنے آیا۔

    معصوم شاہ روڈ اور وہاڑی روڈ پر سلاٹرہاؤسز اور قصاب کی دکانوں پر چھاپوں میں مردہ بکرے اور بچھڑا برآمد ہوا جبکہ 5ملزمان
    کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ سلاٹر ہاؤس کے اچانک دورے کے دوران 14 سرکاری ملازمین میں سے 12ملازمین ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے، بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت شہر کے مختلف ہوٹلوں اور ڈھابوں پر فروخت کیا جاتا تھا۔

    مشیر وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق چودھری طارق زمان گجر کا کہنا تھا کہ انسانی زندگی سے کھیلنے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

    یاد رہے کے پی کے کی ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں شروع کیں۔

    انتظامی عملے نے پشاور کے موٹروے ٹول پلازہ کے قریب فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گاڑی سے دو مردہ جانور برآمد ہوئے، چارسدہ لے جایا جارہا تھا، دونوں جانوروں کو مرنے کے بعد ذبح کیا گیا تھا۔

  • عائشہ ممتاز رمضان بچت بازار کے انچارج  پر برس پڑیں

    عائشہ ممتاز رمضان بچت بازار کے انچارج پر برس پڑیں

    لاہور: غالب مارکیٹ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر عائشہ ممتاز رمضان بچت بازار کے انچارج سے الجھ گئیں، جس سے رمضان بازار میں تماشا لگ گیا۔

    غالب مارکیٹ رمضان بازار کے انچارج کا اصرار تھا کہ اس نے ملاوٹ کرنے والے کو پکڑا ہے، جس پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر عائشہ ممتاز بپھر گئیں، عائشہ ممتاز اور رمضان بچت بازار کےانچار ج کے درمیان نازیبا الفاظ کا تبادلہ بھی ہوا۔

    عائشہ ممتاز نےرمضان بازار کے انچارج کا گریبان پکڑنے کی کوشش بھی کی، ملاوٹ کرنے والے کو پکڑنے کا کریڈٹ لینے کے معاملے پر غالب مارکیٹ لاہورکے رمضان بازار میں تماشالگ گیا۔

    واضح رہے کہ اس قبل گزشتہ ماہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اطلاع ملی تھی کہ دو گاڑیوں میں بھاری مقدار میں بیمار اور لاغر جانوروں کا مضر صحت گوشت لاہور کے مختلف حصوں میں سپلائی کرنے کے لئے لایا جارہا ہے، جس پر لاہور کے داخلی راستے ای ایم ای سوسائٹی کے قریب ناکا لگا کر ایک کار اور منی ٹرک کو روکا گیا جس سے تیس من مضر صحت گوشت برآمد کیا گیا۔

    پنجاب فوڈاتھارٹی نے مضر صحت گوشت ضبط کرکے دونوں ملزمان طارق اور اکبر کو تحویل میں لے لیا، جبکہ مضر صحت گوشت کے نمونے لیبارٹری بھجوادیئے گئے۔

  • فیصل آباد: مردہ جانوروں کا 200 من گوشت برآمد

    فیصل آباد: مردہ جانوروں کا 200 من گوشت برآمد

    فیصل آباد: محکمہ لائف اسٹاک نے سرگودھا روڈ پر کارروائی کر کے مردہ جانوروں کا 200 من گوشت تحویل میں لے لیا۔ گوشت فروخت کرنے والے دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ لائف اسٹاک کو اطلاع ملی تھی کہ فیصل آباد کے علاقے سرگودھا روڈ پر مردہ جانوروں کے گوشت کی ترسیل جاری ہے۔ محکمہ لائف اسٹاک نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 200 من گوشت اپنی تحویل میں لے کر لیبارٹری بھجوا دیا۔ گوشت کی ترسیل و فروخت پر معمور 2 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا جن سے تفتیش جاری ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر عائشہ ممتاز نے بھی کئی چھاپہ مار کارروائیاں کی تھیں جس کے بعد یہ ہولناک انکشافات ہوئے تھے کہ پنجاب کے کئی اضلاع میں مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کیا جارہا ہے، یہاں تک کہ گدھے اور کتے کے گوشت کی فروخت بھی جاری ہے۔ انہوں نے کئی ریستورانوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بند بھی کر دیا تھا اور کئی بیکریز کے لائسنس منسوخ کیے تھے۔


    Dead animals meat seized in Faisalabad by arynews

    لائف اسٹاک و پنجاب فوڈ اتھارٹی کی یہ کارروائیاں معاملہ کی سنگینی کو جانچنے کے لیے کافی ہیں۔ ضروری امر یہ ہے کہ حکومت اس طرف سنجیدگی سے توجہ دے اور شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔

  • لاہور: مردہ گھوڑوں گدھوں کے گوشت کی فروخت کا انکشاف

    لاہور: مردہ گھوڑوں گدھوں کے گوشت کی فروخت کا انکشاف

    لاہور : شہرکے مختلف علاقوں میں گھوڑے اور گدھے کا گوشت سرعام فروخت کیا جا رہا ہے،تفصیلات کے مطابق لاہور میں رنگ روڈ سے ملحق علاقہ کھوکھر روڈ کا  ڈیرہ مردہ جانوروں کے گوشت کی ہول سیل مارکیٹ  بن گیا، جہاں مردہ اور نیم مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کیا جاتا ہے۔

    ڈسٹرکٹ آفیسرعائشہ ممتاز نے پولیس کے ہمرا ہ چھاپہ ماراتو قیصر نامی ملزم پکڑا گیا۔ جس کا کہنا تھا کہ وہ صرف جانوروں کی کھال اتارنے اور گوشت بنانےکا کام کرتا ہے۔

    ڈیرے سے ملحقہ رہائشی افراد کے مطابق اس گھنا ؤنے کاروبار سے متعلق کئی بار پولیس کوآگاہ کیا، مگر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ڈی او لاری اڈا عائشہ ممتاز نے گھناؤنے کاروبارمیں ملوث دیگر ملزمان کوجلد ازجلد گرفتار کرنےاورمقدمہ درج کرنے کی ہدایت کردی ۔