Tag: مردہ شخص

  • پولیس کا انوکھا کارنامہ،  مردہ شخص کے خلاف مقدمہ درج

    پولیس کا انوکھا کارنامہ، مردہ شخص کے خلاف مقدمہ درج

    چکوال : پولیس نے مردہ شخص کیخلاف قتل کی دھمکیاں دینے اور قبضہ کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال پولیس کا انوکھا کارنامہ سامنے آیا، پولیس نے ایک ایسے شخص کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، جو کئی برس قبل دنیا سے گزر چکا ہے۔

    مردہ شخص کے خلاف قتل کی دھمکیاں دینے اور قبضہ کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا۔

    پولیس نے دسمبر 2021 میں انتقال کرنے والے ملازم حسین کے خلاف مقدمہ درج کیا، ساڑھے تین سال قبل انتقال کرنیوالے شخص پر خاتون کا راستہ روکنے اور دھمکیوں کا الزام بھی ہے۔

    ملہال مغلاں پولیس چوکی نے مقدمہ متوفی ملازم حسین کے خلاف درج کیا۔

    مزید پڑھیں : پولیس نے مردہ شخص پر مقدمہ درج کر دیا

    یاد رہے سال 2019 میں فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں تھانہ سٹی پولیس نے مردہ شخص پر مقدمہ درج کیا تھا۔

    عبدالعزیر عرف گلو کو آتش بازی کے مقدمے میں نامزد کیا گیا جس کا انتقال 8 سال قبل ہوا تھا۔

  • راز جاننے کے بعد صدی قبل کی یہ تصویر دیکھ کر آپ کے بھی رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے

    راز جاننے کے بعد صدی قبل کی یہ تصویر دیکھ کر آپ کے بھی رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے

    سو سال پرانی اس تصویر کے راز سے جو بھی شخص واقف ہوتا ہے، اس کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔

    یہ تصویر ایک صدی قبل لی گئی تھی، جلد ہی لوگوں کو اس کے دہشت ناک راز کے بارے میں معلوم ہو گیا، اور لوگ اسے جب بھی دیکھتے ان کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے۔

    آخر اس تصویر میں ایسا کیا راز چھپا ہے جس کو دیکھ کر لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں؟ دراصل یہ تصویر 1919 میں پہلی جنگ عظیم میں حصہ لینے والے برطانوی فضائیہ کے فوجیوں کی ہے۔

    اس تصویر کی مشہوری کی وجہ اصل میں اس میں سب سے اوپری قطار میں کھڑے فوجیوں میں بائیں جانب سے چوتھے نمبر پر موجود ایک ایئر مین کھڑا ہے۔

    غور سے دیکھنے پر فضائی آفیسر کے پیچھے ایک چہرہ جھانکتا ہوا نظر آ رہا ہے، جو کہ غیر معمولی تو نہیں مگر خوف میں مبتلا کر دینے والا ہے، کیوں کہ وہ اس تصویر کو لینے سے 2 دن قبل مر چکا تھا۔

    اس شخص کا نام فریڈی جیکسن تھا جو کہ ایئر میکینک تھا اور تصویر لینے سے 2 دن قبل ایک حادثے میں جاں بحق ہو گیا تھا، جب کہ تدفین اس روز ہوئی جب یہ تصویر کھینچی گئی۔

  • پچیس سال قبل مرنے والے کویتی کا انوکھا مطالبہ

    پچیس سال قبل مرنے والے کویتی کا انوکھا مطالبہ

    کویت سٹی: کویت میں‌ ایک شہری نے وزارت انصاف سے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں‌ ’دوبارہ زندہ‘ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے عبدالمحسن العیدی نامی ایک کویتی شہری پر انکشاف ہوا کہ سرکاری دستاویزات میں انھیں 25 برس قبل مردہ قرار دیا جا چکا ہے۔

    وزارت قانون سے اپنے مختارنامے کی تصدیق کے سلسلے میں القرین سینٹر جانے والے شہری کو جب خاتون اہل کار نے کافی ساری تفتیش کے بعد اچانک کہا کہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق آپ پچیس برس قبل مر چکے ہیں، تو عبدالمحسن العیدی چکرا کر گر پڑے۔

    کویتی اخبار الرائی کی رپورٹ کے مطابق عبدالمحسن العیدی 1992 سے اپنی بیوی کے معاملات میں عمومی مختار نامے (جنرل پاور آف اٹارنی) کی رُو سے قانونی طور پر ذمہ دار ہے۔

    اپنی بیوی کے بیمار اور ضعیف ہونے کی وجہ سے جب وہ ایک کام کے سلسلے میں القرین سروس سینٹر گئے تاکہ وزارت قانون سے اس مختار نامے کی تصدیق بھی کروا کر جان سکے کہ وہ آج بھی قابلِ قبول ہے یا نہیں، تو وہاں موجود خاتون اہل کار نے مختار نامے کی نقل اس سے لے لی اور انتظار کرنے کو کہا۔

    خاصی دیر کے بعد خاتون اہل کار نے عبدالمحسن سے اس کا سرکاری شناختی کارڈ مانگا، وہ بار بار سرکاری کاغذات سے اس کے دستخط اور چہرے کو ملا کر دیکھتی رہی، تب خاتون نے پوچھا کیا آپ کو یقین ہے کہ آپ ہی عبدالمحسن ہیں؟ کیوں کہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق وہ 25 سال پہلے مرچکا ہے۔

    شہری کو معلوم ہوا کہ مرنے کی وجہ سے ان کا مختارنامہ بھی غیر مؤثر ہو چکا ہے، اس پر انھوں نے وزارت انصاف میں درخواست دے کر مطالبہ کیا کہ اسے ’دوبارہ زندہ کیا جائے‘ کیوں کہ اپنی ’موجودہ حیثیت‘ میں نہ تو مختار نامہ اس کے کام کا ہے اور نہ ہی وراثت کی تقسیم میں اس کا کوئی حصہ ممکن ہے۔

  • مردہ خانے میں لائی گئی ’لاش‘ زندہ ہوگئی، ویڈیو دیکھیں

    مردہ خانے میں لائی گئی ’لاش‘ زندہ ہوگئی، ویڈیو دیکھیں

    افریقی ملک کینیا میں مردہ قرار دیا گیا ایک شخص 3 گھنٹے بعد اس وقت زندہ ہوگیا جب اسے مردہ خانے لے جایا جارہا تھا۔

    کینیا کا 32 سالہ شہری پیٹر ایک روز قبل اپنے گھر میں اچانک بے ہوش ہو کر گر گیا تھا جس کے بعد اس کے اہلخانہ اسے فوراً اسپتال لے کر پہنچے۔

    مذکورہ شخص کے بھائی کے مطابق اسپتال پہنچنے پر اسے نہایت معمولی انداز سے چیک کیا گیا اور ایک نرس نے کہا کہ وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکا تھا۔

    بعد ازاں جب اسے مردہ خانے میں رکھنے کی تیاری کی جارہی تھی تو وہ اچانک ہوش میں آگیا اور درد سے چلانے لگا۔

    https://youtu.be/yicer5HmPWA

    مردہ خانے کا اسٹاف یہ سمجھ کر کہ ایک مردہ زندہ ہوگیا ہے، خوف سے بھاگ کھڑا ہوا، تاہم جلد ہی انہیں احساس ہوا کہ مذکورہ شخص زندہ ہے جس کے بعد اسے فوری طور پر طبی امداد دی گئی، تب تک اسے بے ہوش ہوئے 3 گھنٹے گزر چکے تھے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص معدے میں تکلیف کا شکار تھا۔

    32 سالہ پیٹر کا کہنا ہے کہ وہ نئی زندگی ملنے پر بے حد خوش ہے، دوسری جانب اہلخانہ نے اسپتال انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • پولیس نے مردہ شخص پر مقدمہ درج کر دیا

    پولیس نے مردہ شخص پر مقدمہ درج کر دیا

    جڑانوالہ: پولیس کی پھرتیوں کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا ہے، فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں تھانہ سٹی پولیس نے مردہ شخص پر مقدمہ درج کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو مقدمے میں نامزد کر دیا ہے جو کئی برس قبل دنیا سے گزر چکا ہے، عبدالعزیر عرف گلو کو آتش بازی کے مقدمے میں نامزد کیا گیا جس کا انتقال 8 سال قبل ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ جڑانوالہ میں مہندی کی ایک تقریب میں آتش بازی اور فائرنگ کی گئی تھی لیکن پولیس سوتی رہی، تاہم اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آ گئی، اور مہندی کی تقریب میں آتش بازی و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق نامزد ملزم نے 15 نومبر کی شب آتش بازی اور ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کی، تھانہ سٹی میں درج مقدمے میں دلہا، باپ، دادا اور تین چچاؤں کو نامزد کیا گیا ہے، تاہم ان میں سے عبد العزیز عرف گلو آٹھ سال قبل دنیا سے گزر چکا ہے۔

    ادھر ضلع شیخوپورہ کے علاقے فیروز والا کے گاؤں دندیاں میں بھی مہندی کی تقریب میں فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس: مردہ شخص کے بینک سے اربوں روپے کی منتقلی کا انکشاف

    جعلی اکاؤنٹس کیس: مردہ شخص کے بینک سے اربوں روپے کی منتقلی کا انکشاف

    کراچی:‌ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں‌ حیران کن واقعات کا سلسلہ جاری ہے، فالودے  اور رکشے والے کے بعد ایک مردہ شخص‌ کے نام پربینک اکاؤنٹس نکل آئے.

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش قبرستان تک پہنچ گئی، مردہ شخص کے بینک اکاؤنٹ سے اربوں روپے کی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے.

    تفتیشی اداروں‌ نے مئی 2014 میں انتقال کرنے والے اقبال آرائیں کے نام سے موجود اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر لی،جس سے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی.

    ذرائع کے مطابق اقبال آرائیں کےاکاؤنٹ سے مجموعی طور پر 4 ارب 60 کروڑکی ٹرانزیکشن ہوئی.

    واضح رہے کہ اقبال آرائیں کا انتقال 9 مئی 2014 کو شہید ملت روڈ پرواقع اسپتال میں ہوا تھا، مرحوم کی تدفین سخی حسن قبرستان میں ہوئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق محمداقبال آرائیں کےنام پر 4 بینک اکاؤنٹ کھولےگئے، ان چار کھاتوں کے لیے تین مختلف بینکوں کا انتخاب کیا گیا تھا.


    مزید پڑھیں: ایک اورجعلی بینک اکاؤنٹ : ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف


    ان چاروں بینک اکاؤنٹس کو رقوم کی منتقلی کے استعمال کیا گیا.

    یاد رہے کہ منی لانڈرنگ سے متعلق تحقیقات میں‌روز روز نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں. گذشتہ چند روز میں فالودے والے، رکشے والے، سرکاری ملازمین کے ایسے اکاؤئنٹس سامنے آچکے ہیں، جن سے اربوں روپے کی منتقلی ہوئی.