Tag: مرغا

  • گندا پانی پینے سے میرا مرغا مرگیا: غصے سے بپھرے بچے کی ویڈیو وائرل

    گندا پانی پینے سے میرا مرغا مرگیا: غصے سے بپھرے بچے کی ویڈیو وائرل

    کراچی: صوبہ سندھ میں مون سون بارشوں کے بعد سیلابی پانی تاحال نہ نکالا جاسکا، گندا پانی پینے سے اپنے مرغے کی ہلاکت پر ایک بچہ سخت غصے میں آگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک کمسن بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ حکومت کی نااہلی پر سخت نالاں ہے۔

    ویڈیو میں بچہ سیلاب کے پانی میں ایک مرغے کو اٹھائے کھڑا ہے اور سخت غصے میں کہہ رہا ہے کہ اس کا مرغا گندا پانی پینے سے مر گیا، اب ہم یہ پانی پئیں گے تو ہم بھی مرجائیں گے۔

    وہ غصہ سے چلاتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ ملک میں غریب تباہ ہوچکا ہے۔

    بچہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ بلاول یہاں آؤ اور یہ گندا پانی نکالو، ہمیں پینے کا صاف پانی فراہم کرو۔

    مذکورہ بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے، سوشل میڈیا صارفین بچے سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ کچھ افراد حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔

  • بد قسمت مرغا رہا نہ ہو سکا، عدالت میں پیشیاں جاری

    بد قسمت مرغا رہا نہ ہو سکا، عدالت میں پیشیاں جاری

    گھوٹکی: سندھ کے شہر گھوٹکی میں ملزمان نے تو عدالت سے ضمانتیں کرا لیں لیکن بد قسمت مرغا اپنی ضمانت نہ کرا سکا، اور بدستور عدالت کی پیشیاں بھگت رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے گھوٹکی میں ایک جوئے کے ایک اڈے پر چھاپے میں ملزمان سے مرغا بھی برآمد کر لیا تھا، اڈے میں مرغوں کی لڑائی پر جوا ہو رہا تھا، تاہم برآمد ہونے والا یہ مرغا اہل کاروں کے لیے بھی اب درد سر بن گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق گھوٹکی میں 8 ماہ قبل مرغوں کی لڑائی پر جوئے کے دوران چھاپا مارا گیا تھا، چند ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا، تاہم انھوں نے اپنی ضمانتیں تو کرا لیں لیکن مرغے کا کچھ نہ ہو سکا۔

    چوں کہ پولیس نے مقدمے میں مرغے کی برآمدگی کا بھی ذکر کیا تھا اس لیے عدالت میں سماعت پر ہر بار پولیس اہل کاروں کو مرغے کو بھی پیش کرنا پڑ رہا ہے، ادھر تھانے میں موجود اہل کار مرغے کی دیکھ بھال اور خوراک سے بھی پریشان ہو گئے ہیں۔

    بیلو میرپور پولیس کا ایک اہل کار مرغے کو درخت کے تنے سے باندھ رہا ہے، اہل کار کے منہ میں سگریٹ بھی ہے، جس کا دھواں مرغے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے

    ایک پولیس اہل کار نے بتایا کہ انھیں تھانے میں مرغے کی دیکھ بھال کرنے میں کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، یہ ڈر بھی لگا رہتا ہے کہ کہیں کوئی جانور مرغے کو کھا نہ جائے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل بیلو میرپور پولیس نے سید پور کے علاقے میں ایک جوئے کے اڈے پر چھاپا مار کر تین جواریوں حمزو محمدانی، غلام حیدر شیخ اور فدا حسین کو ایک لڑاکا مرغے کے ساتھ گرفتار کیا تھا، ملزمان نے اپنی ضمانت کرانے کے بعد مرغے کی ضمانت کے لیے بھی عدالت سے رجوع کیا تاہم اس کی ضمانت نہیں ہو سکی، ملزمان کا مؤقف تھا کہ تھانے میں مرغے کی صحیح طور پر دیکھ بھال نہیں ہو رہی ہے۔

  • گڑ بڑ پھیلانے والے مرغے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر

    گڑ بڑ پھیلانے والے مرغے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر

    پیرس: فرانس کے ایک دیہی علاقے میں ایک مرغے پر الزام عاید کیا گیا ہے کہ وہ اپنی بانگ کے ذریعے گڑ بڑ پھیلا رہا ہے، جس پر مقامی لوگوں نے اس کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس کے علاقے سینٹ پیری ڈی اولیرون میں ایک مرغے نے اپنی بہت زیادہ تیز آواز میں بانگ کے ذریعے پاس پڑوس کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

    مورِس نامی مرغے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر ہونے کے بعد اس نے شہرت حاصل کر لی ہے، مرغے پر پڑوس میں گڑ بڑ پھیلانے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

    پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ یہ مرغا صبح ہوتے ہی بانگ دینا شروع کرتا ہے اور ساڑھے آٹھ بجے تک بغیر رکے بانگ دیے چلا جاتا ہے، جس کی تیز آواز آس پاس لوگوں کی سماعتوں پر شدید ناگوار گزرتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  خشک سالی سے نجات، بھارت میں مینڈکوں کی شادی کرادی گئی

    لوگوں کا کہنا ہے کہ مرغے نے ان کا سکون برباد کر دیا ہے، دوسری طرف مرغے کے مالک کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں پرندوں کی پکار ایک عام بات ہے، ایسے علاقوں میں دیگر جانور جیسا گدھے اور مینڈک بھی شور مچاتے رہتے ہیں۔

    درخواست گزاروں کے مطابق علاقہ سیاحوں کے لیے پرسکون ہونا چاہیے جب کہ مرغے کے مالک کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو اپنی شرایط منوانے کا حق نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ اس مرغے کے خلاف دو سال قبل درخواست دائر کی گئی تھی جس پر اس کے ڈربے کو ہٹائے جانے کا حکم جاری کیا گیا تھا تاہم مالک نے ڈربہ ہٹانے کی بہ جائے مرغے کو باہر نکالنا بند کر دیا تھا، گزشتہ برس یہ معاملہ ایک بار پھر اٹھایا گیا جس کے بعد سے اب تک معاملہ حل نہیں کیا جا سکا ہے۔

  • پیانو بجانے والا انوکھا مرغا

    پیانو بجانے والا انوکھا مرغا

    کیا آپ نے کبھی کسی مرغے کو پیانو بجاتے دیکھا ہے؟

    امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر جرمن ٹاؤن میں موجود انوکھا مرغا پیانو بجانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    وہ امریکا کے قومی نغمے ’امریکا دا بیوٹی فل‘ کی دھن پیانو پر نہایت شاندار انداز سے بجاتا ہے اور اس مقصد کے لیے اپنی چونچ کا استعمال کرتا ہے۔

    جوگو نامی اس مرغے کی تربیت اس کے مالک نے کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس کے لیے اس نے مرغے پر کسی قسم کا تشدد نہیں کیا، بلکہ اسے انعام حاصل کرنے کی ترغیب دی جس کے باعث صرف 2 ہفتوں میں مرغا یہ دھن بجانا سیکھ گیا۔

    آئیں آپ بھی مرغے کی انوکھی صلاحیت سے لطف اندوز ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔