Tag: مرغی

  • کیا آپ اس تصویر میں موجود غلطی پکڑ سکتے ہیں؟

    کیا آپ اس تصویر میں موجود غلطی پکڑ سکتے ہیں؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے دماغ کو جتنا زیادہ کام کرنے پر مجبور کریں گے اتنا ہی وہ فعال ہوتا جائے گا۔ کم کام کرنے والا دماغ آہستہ آہستہ سست اور غیر فعال ہوتا جاتا ہے جس کا نتیجہ غائب دماغی کی صورت میں نکلتا ہے۔

    دماغ کو فعال کرنے کے لیے ماہرین چھوٹی چھوٹی مشقیں بتاتے ہیں جن میں سب سے آسان مشق حساب کے سوالات حل کرنا یا کوئی پہیلی بوجھنا ہے۔

    اسی لیے ہم آپ کے دماغ کی ورزش کے لیے آج آپ کو ایک تصویر دکھا رہے ہیں، آپ کو بتانا ہے کہ اس تصویر میں کیا غلطی ہے۔

    تصویر میں ایک ٹائیگر اور مرغی پہلو بہ پہلو تیراکی کرتے نظر آرہے ہیں، بوجھیں کہ اس تصویر میں کیا غلطی ہے؟

    کیا آپ کو جواب مل گیا؟ ایک بار پھر غور سے دیکھ لیجیئے۔

    صحیح جواب ہے کہ مرغیوں کے پروں کی ساخت ایسی ہوتی ہے کہ وہ زیادہ دیر تک تیر نہیں سکتیں، کسی بڑے دریا، سمندر یا تالاب میں ان کو چھوڑ دینا ان کی موت کے مترادف ہوگا کیونکہ زیادہ پانی میں وہ جلدی ڈوب جائیں گی۔

    البتہ تھوڑے سے جمع شدہ پانی میں وہ مختصر وقت کے لیے تیر سکتی ہیں۔

    دوسرا جواب یہ ہے، کہ اگر کوئی مرغی ماہر تیراک بھی ہو تو وہ ایک ٹائیگر کے ساتھ تیر کر کیوں اس کی خوراک بننا چاہے گی؟

  • بیماری سے ہلاک مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک پکڑا گیا

    بیماری سے ہلاک مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک پکڑا گیا

    اوکاڑہ: پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں بیماری سے ہلاک شدہ مردہ مرغیوں سے بھرا ایک ٹرک پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک پکڑ لیا، مردہ مرغیوں کو تھیلوں میں بھر کر لاہور منتقل کیا جا رہا تھا۔

    پولیس نے ڈرائیور سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس حکام نے بتایا کہ بیماری سے ہلاک مرغیوں کو مقامی پولٹری فارم سے لاہور منتقل کیا جا رہا تھا، جب کہ پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر پولٹری فارم مالک کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔

    ملزمان نے بتایا کہ مردہ مرغیوں کو سستے داموں پولٹری فارم سے خریدا گیا، لاہور میں مردہ مرغیوں کا گوشت سستے داموں فروخت کیا جانا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان میں فروخت ہونے والی مرغیوں میں کرونا سے مماثلت رکھنے والی بیماری کا انکشاف ہوا تھا، جس میں مرغی کرونا جیسی علامات کا شکار ہو کر مرجاتی ہے۔

    مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھنے والی بیماری پھیلنے کا انکشاف

    رپورٹ کے مطابق مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھتی کوریزا نامی بیماری پھیل رہی ہے، اس بیماری سے متاثر ہونے والی مرغیوں کی حالت کرونا کے مریض کی طرح ہوتی ہیں، جس میں انھیں نزلہ، زکام، کمزوری اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ اس بیماری کے انسانوں میں منتقل ہونے سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، کوریزا بیماری پھیلنے کے باعث کراچی کے بیش تر پولٹری فارم مالکان نے فارمز بند کر دیے تھے اور چکن وائرس کے شبہ میں شہر قائد میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں ریکارڈ کمی ہوگئی تھی۔

  • مرغی کا گوشت 500 روپے کلو کیسے ہوا؟ حکومت کو سینیٹرز کے ریٹ معلوم، مرغی کے نہیں

    مرغی کا گوشت 500 روپے کلو کیسے ہوا؟ حکومت کو سینیٹرز کے ریٹ معلوم، مرغی کے نہیں

    کراچی: ملک بھر میں مرغی کی قیمت کی چھری غریب کی جیب پر چلنے لگی ہے، کراچی میں مرغی کاگوشت 500 روپے کلو تک پہنچ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مہنگائی نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے، کھانے پینے کی روز مرہ کی اشیا کے ساتھ ساتھ مر غی کے گوشت کی قیمتوں میں بھی اچانک اضافے نے مرغی کا گوشت عوام کی پہنچ سے باہر کر دیا ہے۔

    ملک بھر میں مرغی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، عوام سوال کرنے لگے ہیں کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں کہاں سوئی ہیں؟ ادھر شہری انتظامیہ نے کبوتر کی طرح آنکھیں بند کر رکھی ہیں، کراچی سمیت دوسرے شہروں میں بھی حال برا ہے۔

    دوسری طرف پولٹری فارمرز کا کہنا ہے کہ مرغیوں کی خوراک دگنی مہنگی ہوگئی ہے چکن تو مہنگا ہوگا، دکان داروں کا الگ رونا ہے کہ شہری سپلائی مہنگی ہے، سستا گوشت کیسے بیچیں۔

    شہری کہتے ہیں سینٹ میں ووٹوں کی لگنے والی قیمت کا تو پھر پتا چل جاتا ہے مگر مہنگائی کہاں جا کر رکے گی کوئی بتانے کو تیار نہیں، خریدار دہائی دینے لگے ہیں کہ حکومت کو سینیٹرز کے ریٹ معلوم ہیں، مرغی کے نہیں۔

    واضح رہے کہ اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا نیا ریکارڈ بن رہا ہے، روز مرہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اچانک اضافہ متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

    اسلام آباد میں مرغی کا گوشت 460 روپے، لاہور میں 365 روپے کلو ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے خریدار ٹھنڈی آہ بھر کر سبزی خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں، کوئٹہ ہو یا سکھر یا فیصل آباد، چکن کو ہر جگہ پر لگ گئے ہیں۔

    تاہم عوام نے سوال اٹھایا ہے کہ ملک میں سیلاب آیا نہ قدرتی آفت، پھر مرغی کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ کیوں کیا گیا؟ کیا کوئی پوچھنے والا نہیں؟

  • انڈے اور مرغی کی ہول سیل خرید و فروخت کا طریقہ  کار مقرر

    انڈے اور مرغی کی ہول سیل خرید و فروخت کا طریقہ کار مقرر

    کراچی: شہر قائد میں انڈے اور مرغی کی ہول سیل خرید و فروخت کا طریقہ کار مقرر کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انڈوں اور مرغی کی مہنگائی کی روک تھام کے لیے کراچی انتظامیہ نے اقدامات شروع کر دیے، اس سلسلے میں انڈوں، مرغی اور مرغی کے گوشت کی خرید و فروخت کے لیے ایک طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔

    کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے مرغی اور انڈوں کی مہنگائی کی روک تھام اور اور ان کی قیمت ہول سیل میں شفاف طریقے سے مقرر کرنے کے لیے ہول سیل خرید و فروخت کے اوپن آکشن کا نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اس طریقہ کار کے تحت مرغی اور انڈوں کی خرید و فروخت کو مارکیٹ کمیٹی کے قواعد اور طریقہ کار سے مشرو ط کر دیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا جو 10 دسمبر سے نافذالعمل ہوگا۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق بغیر اوپن آکشن مرغی اور انڈوں کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی، ہول سیل اوپن آکشن صرف نیو سبزی منڈی میں ہو سکےگا، ڈیلر، خریدار یا کوئی اور مارکیٹ کمیٹی کے قواعد پر عمل کا پابند ہوگا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضروری اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام سے متعلق ایکٹ مجریہ 2005 کے سیکشن 3 کے تحت حاصل اختیارات کے رو سے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا جا رہا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق انڈوں، مرغی اور مرغی کے گوشت کی خرید و فروخت صرف نیو سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کے قواعد کے تحت اوپن آکشن کے ذریعے ہو سکے گی۔

    تمام ڈیلرز، خریدار اور ہر شخص اس طریقہ کار کے تحت خرید و فروخت کا پابند ہوگا، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا جا رہا ہے۔

  • حادثے کی شکار مرغی کی ٹوٹی ٹانگوں کا کامیاب آپریشن

    حادثے کی شکار مرغی کی ٹوٹی ٹانگوں کا کامیاب آپریشن

    قاہرہ: مصر کے ایک علاقے میں حادثے کی شکار مرغی کی ٹوٹی ٹانگوں کے لیے ایک پیچیدہ آپریشن کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کے ایک شہر مرسی علم میں گھر کی چھت سے گر کر ایک مرغی کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئی تھیں، جس پر مرغی کا آپریشن کیا گیا، اور اس کی ٹوٹی ہڈیاں جوڑ دی گئیں۔

    یہ اپنی نوعیت کا ایک عجیب و غریب آپریشن تھا، مرغی کی ٹوٹی ہڈیاں جوڑنے کے لیے کیے جانے والے آپریشن پر 7 ہزار مصری پونڈ لاگت آئی۔ مصری اخبار الوطن کے مطابق مرغی ٹانگوں کی ہڈیاں ٹوٹ جانے کے باعث بہت زیادہ مشکل میں تھی اور چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہی تھی۔

    جانوروں کے مصری ڈاکٹر محمد احمد نے بتایا کہ آپریشن سے قبل مرغی کا مکمل معائنہ کیا گیا تھا، اور اسے بے ہوش کر کے آپریشن کیا گیا، یہ آپریشن ایک گھنٹہ 45 منٹ تک جاری رہا اور اس میں دو ڈاکٹروں اور ایک معاون نے حصہ لیا۔

    مرغی کے مالک کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ سوئٹزرلینڈ کا باشندہ ہے اور مصر میں مقیم ہے، انھوں نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ لیسکی نسل کی ان کی پالتو مرغی گھر کی دوسری منزل سے گری تھی، مرغی صحت مند اور بھاری بھرکم تھی، جس کی وجہ سے اس کی ٹانگوں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر جب مرغی کے آپریشن کی خبر دی گئی تو یہ اطلاع بڑی تیزی سے وائرل ہو گئی، صارفین کا ردِ عمل دل چسپ تبصروں کی صورت میں سامنے آیا۔

    ایک صارف نے لکھا ’متاثرہ مرغی کے لیے مشورہ ہے کہ وہ آپریشن کے بعد انڈے استعمال کرے جو کیلشیم سے بھر پور ہوتے ہیں‘۔ ایک صارف نے مرغی کے علاج پر اتنی رقم خرچ کرنے پر سوئس شہری کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

  • سعودی عرب میں مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا؟

    سعودی عرب میں مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا؟

    ریاض: سعودی عرب میں چارے پر حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی ختم کیے جانے کے بعد مرغی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مرغی کمپنیوں نے مرغی پر 10 سے 12.5 فیصد تک نرخ بڑھا دیے۔ اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے۔

    مرغی کمپنیوں نے یہ اضافہ قومی چارہ فیکٹریوں کی جانب سے مصنوعات کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اضافے پر کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ حکومت نے یکم جنوری 2020 سے چارے پر سبسڈی ختم کردی ہے، چارہ تیار کرنے والی فیکٹریوں نے سبسڈی ختم ہونے پر قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔

    مرغی کمپنیوں کے ذرائع کے مطابق ایک ٹن چارے کی قیمت میں 200 تا 400 ریال اضافے پر ایک مرغی کی پیداواری لاگت 60 تا 65 ہللہ بڑھے گی۔

    کمپنیوں کے مطابق مرغیوں کے نرخوں پر نظر ثانی مارکیٹ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے جڑی ہوئی ہے۔ چارے کے نرخوں میں غیر متوقع اضافے نے صورتحال بدل دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مرغیوں کے نرخ ایک ریال سے ڈیڑھ ریال تک بڑھیں گے اور یہ اضافہ وزن کے لحاظ سے ہوگا۔ نئے نرخ کچھ اس طرح ہوں گے:

    800 گرام والی مرغی ساڑھے 8 ریال کے بجائے 10 ریال، 900 گرام والی مرغی 10 ریال کے بجائے ساڑھے 11 ریال، 1 کلو والی مرغی ساڑھے 10 ریال کے بجائے 12 ریال، 11 سو گرام والی مرغی ساڑھے 11 ریال کے بجائے 13 ریال اور 12 سو گرام والی مرغی 13 ریال کے بجائے ساڑھے 14 ریال میں دستیاب ہوگی۔

  • کھانے میں مرغی کیوں نہیں لائے؟ بیوی نے شوہر کو قتل کردیا

    کھانے میں مرغی کیوں نہیں لائے؟ بیوی نے شوہر کو قتل کردیا

    بیجنگ : چین میں ایک خاتون نے کھانے کےلیے مرغی کی رانیں نہ لانے پر مبینہ طور پر اپنے شوہر کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے مشرقی شہر لوئیجنگ گزشتہ ماہ یہ افسوس ناک و حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک بیوی نے شوہر کو چاقو کے وار کرکے اس وقت موت کے گھاٹ اتار دیا جب وہ مرغی کی رانیں لیے بغیر گھر لوٹا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مقتول کی زوجہ لاؤ کو پولیس نے دو بچوں کے باپ کو بلیڈ سے قتل کرنے الزام میں گرفتار کررکھا ہے۔

    مقتول شاوؤچنز کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ اس کی اہلیہ کمزور اعصاب کی مالک ہے جو بات بات بہت زیادہ غصّہ ہوجاتی ہے، ملزمہ کا رویہ شادی کے بعد سے ایسا ہی تھا۔

    ملزمہ کے عزیز نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’لاؤ نے اپنے شوہر کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا لیکن شاوؤچنز نے کوئی مزاحمت نہیں کی‘۔

    متاثرہ شخص کے پڑوسی کا کہنا تھا کہ مذکورہ جوڑا جن کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی تھی کے گھر سے روزانہ بحث و شور شرابے کی آوازیں آتی تھیں۔

    مقتول کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ میرے بہو نے شوہر سے مرغی کی رانیں لانے کی درخواست کی تھی تاکہ رات کے کھانے میں پکائی جاسکیں لیکن وہ لانا بھول گیا، جس وقت بہو نے بیٹے پر حملہ کیا میں حمام میں تھی جب باہر آئی تو دیکھا میرا پوتا چلّاتا ہوا بھاگ رہا ہے اور میرا بیٹا زمین پر خون میں لت پت پڑا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شاوؤچنز کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ لوئیجنگ پولیس نے یہ کہتے ہوئے واقعے کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا کہ ابھی قتل کی تحقیقات جاری ہے۔

  • مرغیوں کی فیڈ میں خطرناک دھاتوں کی موجودگی کا انکشاف

    مرغیوں کی فیڈ میں خطرناک دھاتوں کی موجودگی کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مرغیوں کی فیڈ کے نمونوں میں خطرناک دھاتوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس سے مرغی کے صحت پر خطرناک اثرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے شعبہ انوائرمینٹل اسٹدیز کے ماہرین نے کراچی کے 34 علاقوں سے پانی اور پولٹری فیڈز کے 68 نمونے حاصل کیے۔ لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد پریشان کن نتائج سامنے آئے۔

    نتائج کے مطابق چکن فیڈ کے 100 فیصد نمونوں میں سیسہ، نکل اور کرومیم کی مقدار عالمی ادارہ صحت کی مقرر کردہ مقدار سے کہیں زیادہ پائی گئی۔

    تحقیقی ٹیم کے رکن ڈاکٹر عامر عالمگیر نے بتایا کہ گھریلو اور صنعتی استعمال شدہ پانی کو بغیر کسی ٹریٹمنٹ کے سمندر میں پھینکا جا رہا ہے اور زہریلے پانی سے مرنے والی مچھلیوں سے پولٹری فیڈ تیار کی جا رہی ہے۔

    ڈاکٹر عامر کے مطابق کراچی کو سپلائی کیے جانے والے پانی میں بھی دھاتوں کی مقدار نقصان دہ حد تک زائد پائی گئی، یہ دھاتیں مرغی کے جسم میں کلیجی اور پوٹے کے ذریعے فلٹر نہیں ہو پاتیں اور بائیو میگنی فیکشن کے عمل کے بعد ان کے منفی اثرات مزید بڑھ جاتے ہیں۔

    مرغی کی فیڈ میں زہریلی دھاتوں کی موجودگی کے علاوہ بھی اس کی مصنوعی طور پر افزائش کی جارہی ہے جس سے انسانی صحت کو سخت خطرات لاحق ہیں۔

    انڈوں سے جلدی چوزے نکالنے کے لیے انہیں مصنوعی حرارت دے کر یا انکیوبیٹر کے ذریعے باہر نکالا جاتا ہے جس سے وہ اپنے مقررہ وقت سے قبل نشونما پا کر انڈے سے باہر نکل آتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس طریقہ استعمال سے وجود میں آنے والے چوزے اور مرغیاں خود بھی بیمار ہوتی ہیں اور ان کا گوشت انسانی صحت کے لیے بھی سخت نقصان دہ ہوتا ہے۔

    پاکستان میں مرغیوں کو پانی سے بھرے انجکشن لگانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جس سے مرغیاں بظاہر موٹی اور صحت مند لگتی ہیں۔

  • مرغی کو دھونا فوڈ پوائزن کا سبب بن سکتا ہے

    مرغی کو دھونا فوڈ پوائزن کا سبب بن سکتا ہے

    مرغی ہماری روزمرہ کی عام غذا ہے جسے ہم مختلف طریقوں سے پکاتے ہیں، حال ہی میں ماہرین نے اس کے بارے میں ایک حیرت انگیز انکشاف کیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ مرغی کو پکانے سے قبل دھونا فوڈ پوائزن کے امکان میں اضافہ کرسکتا ہے۔

    ایک تحقیق کے مطابق مرغی کو دھونا اس میں موجود جراثیم کو پھیلانے کا سبب بنتا ہے۔ دھونے کے بعد یہ جراثیم ہمارے ہاتھوں، برتن اور دیگر اشیا میں منتقل ہوسکتے ہیں جو فوڈ پوائزن کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ مرغی میں کچھ بیکٹریا نہایت مضبوطی سے چمٹے ہوتے ہیں جو دھونے سے بھی نہیں نکلتے۔

    مرغی کے نقصانات سے بچنے کا طریقہ اسے اچھی طرح پکانا ہے۔ ماہرین کی تجویز ہے کہ مرغی کو 165 فارن ہائیٹ پر پکانا چاہیئے۔

    ایک اہم ہدایت

    جب بھی آپ مرغی خریدنے جائیں تو خاص طور پر دھیان رکھیں کہ بظاہر موٹی تازی نظر آنے والی مرغی اگر سست دکھائی دے، یا کھڑے ہوتے ہوئے اس کے پنجے کمزوری کے باعث کانپتے ہوئے نظر آئیں تو ایسی مرغی ہرگز نہ خریدیں۔

    یہ اس بات کی علامت ہے کہ اس مرغی کو دواؤں اور انجکشنز کے ذریعے مصنوعی طریقے سے موٹا کیا گیا ہے۔

  • بھارتی گاؤں جہاں مرغی سے زیادہ چوہے کھائے جاتے ہیں

    بھارتی گاؤں جہاں مرغی سے زیادہ چوہے کھائے جاتے ہیں

    نئی دہلی : بھارت کے کماری کاٹا نامی گاؤں میں تازہ چوہے ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوجاتے ہیں اور ان قیمت بھی مرغی کے گوشت سے زیادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست آسام کے کماری کاٹا نامی گاؤں کے رہائشیوں کو چوہوں کا گوشت بے حد پسند ہے اور ہر خاص و عام چوہے کو بڑے شوق سے تناول کرتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاؤں میں کچے یا پکے ہوئے چوہے مرغی اور خنزیر سے زیادہ مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں۔

    کماری کاٹا گاؤں گواہٹی سے 90 کلومیٹر دور بھوٹان اور بھارت کے سرحدی علاقے میں علاقے میں واقع چوہا بازار خاص اہمیت کا حامل ہوگیا ہے جہاں لوگ بڑی تعداد میں کھتیوں سے چوہے شکار کرکے لاتے ہیں اور یہاں فروخت کرتے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاؤں کے افراد چوہوں کو مختلف انداز سے کھاتے ہیں، کچھ لوگ انہیں ابال کر کھانا پسند کرتے ہیں اور کچھ افراد چوہوں کا بار بی کیوں بناتے ہیں جبکہ بعض لوگ ان کا سالن پکاتے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاؤں میں چوہے کھیتوں کی خرابی کا باعث بنتے تھے جس کی وجہ سے کسانوں نے چوہوں کا شکار شروع کردیا اور آہستہ آہستہ کرکے یہی چوہے غریبوں کی آمدنی کا بڑا ذریعہ بن گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شکاری رات کے وقت بانسوں سے تیار کیے ہوئے شکنجوں کی مدد سے چوہے پکڑتے ہیں۔

    واضح رہے کہ آسام کے چوہا بازار میں چوہے کا ایک کلو گوشت 2.8 امریکی ڈالرز (تقریباً 391 روپے پاکستانی) میں فروخت ہوتا ہے، جو مرغی اور خنزیر کے گوشت سے بھی مہنگا ہے۔