Tag: مرمت

  • سعودی عرب: خواتین بھی گاڑیوں کی مرمت کریں گی

    سعودی عرب: خواتین بھی گاڑیوں کی مرمت کریں گی

    ریاض: سعودی عرب میں خواتین کو گاڑیوں کی مینٹیننس اور مرمت کی تربیت دی جارہی ہے، ٹریننگ پروگرام کے لیے ماہر اور اعلیٰ سند یافتہ ٹرینرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ٹیکنالوجی کالج اور ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کے ماتحت ثانوی صنعتی ادارے نے کہا ہے کہ سعودی خواتین کو گاڑیوں کی اصلاح و مرمت کا تربیتی پروگرام کروایا جائے گا۔

    شمالی حدود ریجن میں رفحا اور عرعر نیز مدینہ ریجن کی العلا کمشنری میں سعودی خواتین کو گاڑیوں کی مینٹیننس کا تربیتی پروگرام کروایا گیا ہے جس میں کامیابی ہوئی ہے، اب اس کا دائرہ وسیع کر کے دیگر علاقوں میں بھی پھیلایا جائے گا۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین کو ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں خود مختار بنانا اور گاڑیوں کی اصلاح و مرمت کے تمام کام سکھانا ہے۔

    پروگرام کے تحت خواتین کو بریک سسٹم، لائٹ کے نظام، گاڑیوں کی بیٹری، الیکٹرانک سسٹم، انواع و اقسام کے ٹائر، انجن کو ٹھنڈا کرنے والے نظام اور موبیل آئل تبدیل کرنے سمیت تمام امور سکھائے جا رہے ہیں۔

    ٹریننگ پروگرام کے لیے ماہر اور اعلیٰ سند یافتہ ٹرینرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

    ٹریننگ پروگرام میں شریک کئی خواتین کا کہنا ہے کہ وہ ٹریننگ کے بعد گاڑیوں کی معمولی خرابی کی نشاندہی کامیابی سے کر سکتی ہیں۔

    ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن نے تعلیمی اور تربیتی خدمات کا معیار بہتر بنانے کے لیے 6 انٹرنیشنل ٹیکنالوجی کالجوں کی نجکاری کی کارروائی شروع کی ہے۔

    ریاض کا انٹرنیشنل ہوٹلنگ کالج، الخبر کا انٹرنیشنل ٹیکنالوجی گرلز کالج، مکہ مکرمہ کا انٹرنیشنل گرلز کالج، اسی طرح قطیف، جدہ اور مدینہ منورہ کے ٹیکنالوجی کالج اس پروگرام کے لیے مختص کیے ہیں۔

  • سندھ میں مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی خرد برد

    سندھ میں مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی خرد برد

    کراچی: سندھ کے محکمہ اوقاف نے بزرگان دین کے مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی ہیرا پھیری کرلی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی انسپکشن ٹیم نے سیکریٹری محکمہ اوقاف سے تفصیلات طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف سندھ کےافسران کی کرپشن منظر عام پر آگئی، مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی ہیرا پھیری کی گئی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی انسپکشن ٹیم کا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف کی جانب سے دفاتر کے لیے 10 کروڑ فنڈز خرد برد کیے گئے، محکمے نے ٹھیکیداروں کو ایڈوانس ادائیگیاں کیں۔

    محکمہ اوقاف صوفی بزرگ سچل سرمست اور نور ولی شاہ سمیت دیگر مزارات کی مرمت کے لیے دیے جانے والے پیسے ہڑپ کر گیا۔

    انسپکشن ٹیم نے سیکریٹری محکمہ اوقاف سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

  • مرمت کی جانے والی سڑک پر ٹھیکیدار کا فون نمبر درج کیا جائے گا

    مرمت کی جانے والی سڑک پر ٹھیکیدار کا فون نمبر درج کیا جائے گا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے قومی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے سڑک پر لگے بورڈز پر مرمت کرنے والے ٹھیکیدار کا نمبر درج کرنے کا اعلان کیا ہے، سڑک پر پڑے گڑھوں سے پریشان عوام خود ٹھیکیدار کو فون کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق نئی پالیسی کا اعلان کر دیا۔

    مراد سعید کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر کنٹرول قومی شاہراہوں کی مرمت کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ تعمیر یا مرمت پر ٹھیکیدار اور پروجیکٹ مینیجر کی تفصیل درج ہوگی۔

    وفاقی وزیر کے مطابق پروجیکٹ کب شروع اور کب مکمل ہونا تھا، سب درج ہوگا۔ ہر پروجیکٹ بورڈ پر ٹھیکیدار، جی ایم اور پروجیکٹ مینیجرز کے نمبرز درج ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو سڑکوں پر گڑھوں نے پریشان کیا تو افسران اور ٹھکیداروں کو کال ہوگی، ہر سیکشن پر پروجیکٹ ڈائریکٹر کا نمبر درج کریں گے۔ کوئی اچھا کام کرے گا تو عوام تعریف کرے گی، برا کام ہوا تو کوئی بچ نہیں سکے گا۔

    مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ نئی پالیسی پر فوری عملدر آمد کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

  • پی آئی اے میں اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع

    پی آئی اے میں اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع

    کراچی: پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) میں اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے، ادارے نے اپنی مدد آپ کے تحت ناکارہ آلات کی مرمت کر کے کروڑوں روپے بچا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے شعبہ ٹیکنکل گراؤنڈ سپورٹ نے اہم کارنامہ انجام دیتے ہوئے ناکارہ گاڑیوں اور طیاروں کو تکنیکی مدد فراہم کرنے والے کروڑوں روپے مالیت کے آلات کو قابل استعمال بنا دیا۔

    ٹیکنکل گراؤنڈ سپورٹ کے عملے نے ناکارہ قرار دیے گئے کروڑوں روپے مالیت کے ٹگ ماسٹر، کنوئیر بیلٹ گاڑی، کوسٹرز اور فورک لفٹر کو دوبارہ سے اپنی مدد آپ کے تحت قابل استعمال بنا کر ادارے کو کروڑوں روپے کے نقصان سے بچایا۔

    طیاروں کو تکنیکی مدد فراہم کرنے والے مذکورہ آلات کئی برس قبل ناکارہ قرار دے کر نیلامی کے سامان میں شامل کر دیے گئے تھے۔

    پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک نے کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل سپورٹ کے شعبے کا دورہ کیا۔ انہوں نے شعبہ ٹیکنکل گراؤنڈ سپورٹ عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

    ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے پاس خطے کی بہترین تکنیکی افرادی قوت موجود ہے جو اپنی مہارت اور تجربے کو استعمال کرتے ہوئے قومی ایئر لائن کی بحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ایئرلائن کے کئی ناکارہ اور خراب ہوجانے والے طیاروں کی بھی مقامی طور پر مرمت کردی گئی تھی اور اس کے لیے بیرون ملک سے کسی ماہر کی خدمات نہیں لی گئیں۔

    پی آئی اے کے مذکورہ اقدام سے ادارے کے کروڑوں روپے کے اخراجات بچالیے گئے تھے۔

  • پی آئی اے نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

    پی آئی اے نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، کراچی اور لاہور کے بعد اسلام آباد میں بھی طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے نے تکنیکی خود کفالت حاصل کرنے کے منصوبے کے تحت اسلام آباد میں بھی بوئنگ 777 طیاروں کی اوور ہالنگ کی سہولت شروع کر دی۔

    ایک بوئنگ 777 پر چیک ’اے‘ مکمل کر لیا گیا اور مقررہ مد ت کی تکمیل کے بعد ضروری مینٹینینس کا عمل مکمل ہونے پر ایک ٹرپل سیون طیارہ اڑان بھرنے کے لیے تیار ہو گیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیارے کی جانچ کرنے کے بعد اسے اڑان بھرنے کے لیے فٹ قرار دے دیا۔

    پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اس سہولت کے آغاز سے پی آئی اے کی تیکنیکی خود کفالت میں نمایاں اضافہ ہونے کے ساتھ قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔

    ان کے مطابق اسلام آباد میں انجینیئرنگ کی سہولت دوسری ایئر لائنوں کو فراہم کرنے سے زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

    اس سے قبل یہ سہولت صرف کراچی میں میسر تھی تاہم دو ماہ قبل لاہور میں بھی اس کا آغاز کردیا گیا تھا۔

    2 ماہ قبل لاہور میں بوئنگ 777 طیاروں کی اوور ہالنگ اور مینٹینینس کا عمل مکمل کیا گیا تھا جس کے بعد بوئنگ طیارہ قابل پرواز ہوگیا تھا۔

  • پی آئی اے کے انجینئرز کا ایک اور کارنامہ

    پی آئی اے کے انجینئرز کا ایک اور کارنامہ

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے انجینئرز نے ایک سال سے زائد گراونڈ ایئر بس اے 320 طیارے کو اڑان کے قابل بنا دیا، طیارے کو مقامی وسائل سے قابل استعمال بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے انجینئرز نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایک سال سے زائد گراونڈ ایئر بس اے 320 طیارے کو اڑان کے قابل بنا دیا۔ بی ایل وی رجسٹریشن کا حامل طیارہ مقامی وسائل سے قابل استعمال بنایا گیا۔

    ایئر بس اے 320 کے گراؤنڈ ہونے کی خبر اے آر وائی نیوز نے نشر کی تھی جس کے بعد پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے نوٹس لیا تھا۔ سی ای او نے گزشتہ سال نومبر میں چارج سنبھالنے کے بعد تمام گراونڈ طیاروں کو قابل اڑان بنانے کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کو دوسرے طیارے سے پرزہ جات نکالے بغیر مکمل کیا گیا، طیارہ گزشتہ سال مئی سے ناکارہ حالت میں بے توجہی کا شکار تھا۔

    ترجمان کے مطابق طیارے کے قابل اڑان ہوجانے سے پی آئی اے کے حج آپریشن میں مزید آسانی ہوگی۔

    اس سے قبل ایک بوئنگ 777 طیارہ بھی ڈیڑھ سال سے زائد گراونڈ رہنے کے بعد گزشتہ ماہ درست کر دیا گیا تھا۔ پی آئی اے نے اس سلسلے میں حکومت سے مالی مدد کی درخواست بھی کی تھی تاہم حکومت نے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا جس کے بعد پی آئی اے نے اپنے وسائل کا مؤثر استعمال کیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ 2 طیاروں کی بروقت بحالی کے بعد پی آئی اے کے حج آپریشن میں مزید آسانی ہوگئی ہے، تاحال حج آپریشن بغیر کسی کرائے کے طیارے کے مکمل طور پر پی آئی اے کے اپنے طیاروں سے کیا جا رہا ہے۔

    سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے طیارے کی بحالی ممکن بنانے پر پی آئی اے کے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اور انجینیئرنگ، فلائٹ آپریشن، فنانس اور سپلائی چین منیجمنٹ کے شعبوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر بس بی ایل وی کی بحالی کے بعد اب پی آئی اے کا کوئی طیارہ ماسوائے معمول کی چیکنگ کے گراونڈ نہیں ہے۔

  • پی آئی اے کے 2 خراب طیاروں کی مرمت شروع

    پی آئی اے کے 2 خراب طیاروں کی مرمت شروع

    کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے کے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک کی ہدایت کے بعد ایئر لائن کے 2 خراب جہازوں کی مرمت شروع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے کے خراب جہازوں کو ٹھیک کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے۔ سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کی ہدایت پر بوئنگ 777 اور ایئر بس 320 کی مرمت شروع کردی گئی۔

    ذرائع کے مطابق دونوں طیاروں کی مرمت پر پی آئی اے کو لاکھوں ڈالر کی بچت ہوگی۔ دونوں طیارے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے ناکارہ کھڑے تھے۔ پی آئی اے انجینیئرز نے طیاروں کا سامان نکال کر دوسرے طیاروں میں لگا دیا تھا۔

    ناکارہ طیاروں سے متعلق اے آر وائی نیوز کی خبر پر سی ای او نے نوٹس لیا تھا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیاروں کی تزئین کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے عید سے پہلے اڑان بھرنے کے قابل ہوجائیں گے جبکہ دونوں طیاروں کو حج آپریشن کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔

  • اس ’نئے‘ ٹائر سے دھوکہ نہ کھائیں

    اس ’نئے‘ ٹائر سے دھوکہ نہ کھائیں

    گاڑی اور موٹر بائیکس رکھنے والے افراد ٹائرز کے لیے فکر مند رہتے ہیں کہ وہ بالکل ٹھیک ٹھاک رہیں اور ان کی سواری کو چلتا رکھیں۔

    تاہم اگر نئے ٹائروں کی ضرورت پڑ جائے تو ہوسکتا ہے ’نئے‘ کے نام پر آپ سے دھوکہ کیا جائے اور آپ کو گھسا ہوا ٹائر دے دیا جائے۔

    زیر نظر ویڈیو میں ایک گھسے ہوئے پرانے ٹائر کی مرمت کی جارہی ہے جس کے بعد یہ بظاہر نیا لگ رہا ہے۔

    لیکن خیال رہے کہ یہ ٹائرز بالکل بیکار ہوتے ہیں اور بہت مختصر عرصے کے لیے کام آتے ہیں۔

    چنانچہ آپ جب بھی نیا ٹائر خریدنے جائیں تو اس بات سے ہوشیار رہیں کہ نئے ٹائر کے نام پر آپ کو ٹیکہ نہ لگا دیا جائے۔

  • محترمہ فاطمہ جناح کے زیر استعمال گاڑیاں بحالی کے لیے ماہرین کے حوالے

    محترمہ فاطمہ جناح کے زیر استعمال گاڑیاں بحالی کے لیے ماہرین کے حوالے

    کراچی: مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے زیر استعمال 2 تاریخی گاڑیاں اپنی اصل حالت میں واپس لانے کے لیے ماہرین کے حوالے کردی گئی ہیں۔

    یہ اقدام حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھایا گیا ہے۔ محترمہ فاطمہ جناح کے زیر استعمال دونوں گاڑیاں سنہرے رنگ کی کیڈلک اور مرسڈیز بینز 200 زنگ آلود حالت میں نیشنل میوزیم کے گیراج میں موجود تھیں۔

    fatima-jinnah-2

    اس بارے میں ونٹاج اینڈ کلاسک کار کلب کے بانی محسن اکرام نے بتایا کہ وہ اسی گیراج میں ان گاڑیوں کی مرمت کریں گے۔ محسن اکرام نے 1992 میں موہٹہ پیلیس میں ان گاڑیوں کی نشاندہی کی تھی اور تب سے وہ حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ ان گاڑیوں کو محفوظ کیا جائے۔

    محسن اکرام اپنی ٹیم کے ساتھ اس کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نیشنل میوزیم کے گیراج میں کام کرنے کے لیے پہلے گیراج کو درست حالت میں لانا ہوگا۔ ان کے مطابق گیراج میں روشنیاں موجود نہیں، دیواروں کا پلستر اکھڑ رہا ہے جبکہ بارش کے دوران چھت بھی ٹپکتی ہے۔

    قائد اعظم فاطمہ جناح کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے *

    گیراج کے باہر کئی نیولے بھی دیکھے جا چکے ہیں جو سانپوں، چوہوں اور چھپکلیوں کی موجودگی کی نشاندہی کرتے ہیں تاہم محسن اکرام اپنے تفویض کردہ کام کے بارے میں زیادہ فکر مند ہیں۔

    محسن اکرام نے بتایا کہ ابتدا میں ان کاروں کو درست حالت میں لانے کے بعد اسلام آباد کے آرمی میوزیم میں رکھنے کا منصوبہ تھا تاہم بعد ازاں اسے تبدیل کردیا گیا۔ اب ان گاڑیوں کو بحالی کے کام کے بعد قائد اعظم ہاؤس میوزیم یا فلیگ اسٹاف ہاؤس میں رکھا جائے گا۔

    fatima-jinnah-3

    محسن اکرام اس سے قبل بھی کئی پرانی گاڑیوں کی مرمت و بحالی کا کام کر چکے ہیں اور وہ اس حوالے سے نہایت پرجوش ہیں۔

    ایک محتاط اندازے کے مطابق اس کام پر 23 ملین روپے کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا جو ٹیکس کی چھوٹ کے بعد 13 ملین روپے ہوچکا ہے۔