Tag: مرگی کا دورہ

  • مرگی کا دورہ پڑنے کے بعد لڑکی کے ساتھ دلدوز واقعہ

    مرگی کا دورہ پڑنے کے بعد لڑکی کے ساتھ دلدوز واقعہ

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن معمار میں ایک گھر کے واٹر ٹینک سے لڑکی کی لاش ملنے کے بعد معلوم ہوا کہ ممکنہ طور پر اسے مرگی کا دورہ پڑ گیا تھا اور وہ حادثے کا شکار ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے کہا ہے کہ گلشن معمار میں گھر کے ٹینک سے ملنے والی لڑکی کی لاش دراصل مرگی کی ایک مریضہ کی ہے، جس کی شناخت آمنہ کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق اہل خانہ نے بیان دیا کہ دو روز سے لڑکی کی طبیعت زیادہ خراب ہو گئی تھی، آج جب لڑکی سوئی ہوئی تھی تو اہل خانہ کسی کام سے گھر سے باہر چلے گئے تھے۔

    اہل خانہ کے بیان کے مطابق انھوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ لڑکی کو مرگی کا دورہ پڑا ہوگا اور اس دوران وہ کھلے واٹر ٹینک میں گر گئی، جب اہل خانہ نے واپس آ کر اسے تلاش کیا تو وہ واٹر ٹینک ڈوبی ہوئی تھی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جب کہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • 8 سالہ بچے نے چھوٹی بہن کی جان بچانے کے لیے پولیس کو کال کردی

    8 سالہ بچے نے چھوٹی بہن کی جان بچانے کے لیے پولیس کو کال کردی

    امریکا میں ایک 8 سالہ بچے نے اپنی 5 سالہ بہن کو مرگی کا دورہ پڑتے دیکھا تو اسے بچانے کے لیے پولیس کو کال کردی۔ پولیس نے بچے کی حاضر دماغی پر اسے تعریفی اسناد سے نوازا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکسس میں پیش آیا جہاں ایک 5 سالہ بچی کینیڈی کو مرگی کا دورہ پڑا۔ بچی کی ماں کے مطابق جب وہ نیند سے اٹھی تو اس نے دیکھا کہ بچی کا جسم اکڑا ہوا تھا، وہ زور زور سے رو رہی تھی اور چلا رہی تھی۔

    بچی کو ڈائبیٹک سیزر کا مرض لاحق تھا جس میں بلڈ پریشر اور شوگر کی سطح بالکل نیچے چلی جاتی ہے جس کے بعد مرگی کا دورہ پڑجاتا ہے۔

    ایسے موقع پر جب ماں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور اس کے حواسوں نے کام کرنا چھوڑ دیا، 8 سالہ بچے نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 911 پر کال کردی جس کے بعد پولیس نے بروقت پہنچ کر بچی کو ایمبولینس منتقل کیا۔

    ماں کا کہنا ہے کہ اس کی بچی کو پہلی بار مرگی کا دورہ پڑا تھا اور اسے کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ کیا کرے، اس کے بیٹے نے بروقت صحیح قدم اٹھایا اور اسے اپنے بچے کی ذہانت پر بے حد فخر ہے۔

    پولیس نے بھی بچے کی حاضر دماغی کا اعتراف کرتے ہوئے اسے تعریفی اسناد سے نوازا۔

  • مرگی کے مریضوں کی مددگار کمپیوٹر "چِپ”

    مرگی کے مریضوں کی مددگار کمپیوٹر "چِپ”

    مِرگی ایک دماغی مرض ہے اور عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً پانچ کروڑ افراد اس میں مبتلا ہیں۔

    مرگی کی مختلف اقسام ہیں جن سے کوئی فرد عارضی اور مستقل طور پر متاثر ہوسکتا ہے۔ یہ بیماری کسی بھی عمر میں ظاہر ہوسکتی ہے۔ اس مرض سے متعلق تفصیل میں جانے سے پہلے ایک سائنسی تجربے سے متعلق جان لیجیے۔

    حال ہی میں کینیڈا کی کیلگرے یونیورسٹی سے ایک امید افزا رپورٹ سامنے آئی ہے۔ یہ ایک سائنسی تجربے سے متعلق ہے جس کے مطابق سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے ایسی کمپیوٹر چِپ تیار کی ہے جسے دماغ کے ساتھ نصب کرنے سے مرگی اور دیگر دماغی امراض کو بڑی حد تک "سنبھالا” جاسکتا ہے۔

    پاکستانیوں کے لیے یہ بات باعثِ مسرت ہوگی کہ اس ٹیم کی سربراہی پاکستانی نژاد ڈاکٹر نوید سید کررہے ہیں۔

    سائنس دانوں کی جانب سے تجربہ گاہ میں چِپ کی آزمائش کے بعد انسانوں پر بھی اس کا تجربہ کیا جائے گا۔

    مرگی کے اسباب سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دماغ میں برقی انتشار کے ردعمل میں پیدا ہونے والا مسئلہ ہے۔ سائنس دانوں‌ کے مطابق ہر انسان کا دماغ برقی رو کے ذریعے ایک حصے سے دوسرے تک جڑا رہ کر اپنا فعل انجام دیتا رہتا ہے اور جب اس دماغی کرنٹ کا نظام متاثر ہوتا ہے اور اس میں وقفے وقفے سے بگاڑ آتا ہے تو ایسے فرد کو مرگی کے دورے پڑتے ہیں۔ یہ جھٹکے یا دورے مختلف صورتوں یا اقسام کے ہوتے ہیں۔

    ایسا مریض ہوش و حواس کھو دیتا ہے، اکثر ان کا جسم اکڑ جاتا ہے، وہ چلتے ہوئے اور بیٹھے بیٹھے گر پڑتے ہیں اور ان کا جسم جھٹکے لینے لگتا ہے۔

  • مرگی کا دورہ پڑنے پر پولیس نے 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا

    مرگی کا دورہ پڑنے پر پولیس نے 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پولیس نے مجرمانہ غفلت کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے مرگی کا دورہ پڑنے پر 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا اور زبردستی پولیس اسٹیشن لے جانے کی کوشش کی۔

    کیلی فورنیا کی رہائشی ایک خاتون کا دعویٰ ہے کہ ان کے 16 سالہ آٹزم کا شکار بیٹے کو مرگی کا دورہ پڑا تاہم پولیس نے اس کی مدد کرنے کے بجائے اسے مارا اور ہتھکڑیاں لگا دیں۔

    مذکورہ خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کے بیٹے کو آٹزم اور مرگی ہے، ان کا خاندان ایک ریسٹورنٹ میں لنچ کرنے کے لیے موجود تھا جہاں باتھ روم میں ان کے بیٹے کو مرگی کا دورہ پڑا۔

    خاندان کے دیگر افراد نے باتھ روم کا دروازہ کھولنا چاہا لیکن جب وہ اس میں ناکام رہے تو انہوں نے 911 کو کال کی، گو کہ انہوں نے طبی امداد مانگی تھی لیکن اس کی جگہ 8 لحیم شحیم پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

    لڑکے کی بہن کے مطابق ان پولیس والوں نے آتے ہی لڑکے کو مارا، اہلخانہ نے انہیں لڑکے کی طبیعت کے بارے میں بتانے کی کوشش کی لیکن پولیس والے ان سنی کر گئے۔ ان کے خیال میں لڑکا نشے میں دھت ہو کر ایسی حرکتیں کر رہا تھا۔

    سامنے آنے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار لڑکے کو پکڑ کر پولیس کار میں ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ پیچھے سے اس کی ماں چلا رہی ہے کہ وہ بیمار ہے اور اسے اسپتال لے جاؤ۔

    ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکا پولیس کی گاڑی کے قریب گھٹنوں کے بل بیٹھا ہوا ہے اور اپنی بہن سے کہہ رہا ہے کہ ہتھکڑیاں اسے تکلیف دے رہی ہیں اور انہیں کھولا جائے۔

    واقعے کے بعد محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس پورے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں اور کوتاہی کے ذمہ دار افراد کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • یواے ای میں دورانِ پروازبچہ مرگی کے دورے سے جاں بحق

    یواے ای میں دورانِ پروازبچہ مرگی کے دورے سے جاں بحق

    ابوظبی: سعودی عرب سے بھارتی شہر کیرالہ جانے والی پرواز نے چار سالہ ہندوستانی بچے کو مرگی کا دورہ پڑنے کے سبب ہنگامی لینڈنگ کی ، تاہم بچه جانبر نہ ہو سکا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی خاندان سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی کرنےکے بعد اومان ایئر کی فلائٹ سے واپس اپنے وطن جارہے تھے کہ بچے کو مرگی کا دورہ پڑا جو کہ 45 منٹ تک جاری رہا ہے ۔

    خلیج ٹائم کے مطابق چار سالہ یحیٰ پوتھیاپورائل کو اس وقت دورہ پڑ ا جب اومان ایئر کی جدہ سے کیرا لہ جانے والی پرواز ٹیک آف کرچکی تھی ۔ بچے کی حالت نہ سنبھلنے پر فلائٹ کپتان نے ابو ظبی میں ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔

    بچے کے ابوظبی میں مقیم رشتے دار محمد نادر کا کہنا ہے کہ بچے کو پڑنے والا دورہ 45 منٹ تک جاری رہا اور بالاخر اس نے اپنی ماں کی بانہوں میں دم توڑدیا۔ بچے کے والدین صدمے سے بے حال ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ یحیٰ ایک خصوصی بچہ تھا جو کہ نہ بول سکتا تھا اور نہ ہی چل سکتا تھا۔ وہ اپنے خاندان کے تیرہ ارکان کے ساتھ عمرے کی سعادت کے لیے سعودی عرب آیا تھا۔

    محمد نادر کا کہنا تھا کہ جب پرواز شروع ہوئی اس وقت بچے کو ہلکا بخار تھا ، تاہم درمیان میں اسے مرگی کا دورہ پڑا۔ مرگی کا یہ دورہ بچے کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔ یحیٰ محمدعلی اور جییره نامی خاتون کا بیٹا تھا اور تین بچوں میں سب سے چھوٹا تھا۔

    بھارتی ایمبیسی کےمطابق بچے کی میت کو منگل کی صبح اتحاد ایئر لائن کی فلائٹ سے بھارت روانہ کیا گیا جہاں اس کے آبائی علاقے کنور میں اس کی تدفین کی گئی۔