Tag: مرید عباس

  • مرید عباس قتل کیس کی تفتیش کرنے والے سب انسپکٹر پر فائرنگ، اسپتال منتقل

    مرید عباس قتل کیس کی تفتیش کرنے والے سب انسپکٹر پر فائرنگ، اسپتال منتقل

    کراچی: شہر قائد میں اینکر مرید عباس کے قتل کیس میں مصروف تفتیش سب انسپکٹر پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بریگیڈ تھانے کی حدود میں کار پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر غوث عالم شدید زخمی ہوگئے۔

    زخمی سب انسپکٹر کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ زخمی سب انسپکٹر کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، زخمی پولیس افسر کو چہرے پر ایک گولی لگی ہے۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ غوث عالم انویسٹی گیشن ساؤتھ زون میں تعینات ہیں۔ آج صبح 2 موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے ان پر حملہ کیا۔ غوث عالم کی گاڑی سگنل پر رکی تو ملزمان نے فائر کیا۔

    ان کے مطابق ملزمان نے سر پر ایک ہی گولی چلائی، گولی سب انسپکٹر کے جبڑے پر لگی۔ فائرنگ کے بعد گاڑی آگے جا کر رکشے سے ٹکرا کر رکی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی سب انسپکٹر غوث عالم ہائی پروفائل کیس میں مصروف تفتیش تھے، غوث عالم نے اینکر مرید عباس قتل کیس کے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کیا۔ غوث عالم نے 3 گھنٹے پہلے ملزم عادل زمان کو تھانے منتقل کیا، تھانے سے دفتری امور کے لیے نکلا تو 4 ملزمان نے فائرنگ کردی۔

    پولیس کے مطابق زخمی سب انسپکٹر غوث عالم کا کراچی آپریشن میں بھی اہم کردار ہے، غوث عالم دیگر انتہائی اہم مقدمات پر کام کر رہے تھے۔

  • کراچی، اینکر مرید عباس قتل کیس، عاطف زمان کی جائیداد کی تفصیلات سامنے آگئیں

    کراچی، اینکر مرید عباس قتل کیس، عاطف زمان کی جائیداد کی تفصیلات سامنے آگئیں

    کراچی: ڈیفنس میں اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ملزم عاطف زمان کی جائیداد، زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کیس میں تفتیشی ذرائع نے عاطف زمان کی جائیداد اور زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات کا پتا لگا لیا۔

    تفتیشی ذرائع کے مطابق عاطف زمان کے پاس نیا ناظم آباد میں ایک پلاٹ ہے، نیشنل ہائی وے پر 2 ایکڑ کی زمین ہے، ملزم کی ملکیت میں 4 لگژری گاڑیاں شامل ہیں۔

    تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم عاطف زمان کی ملکیت میں ڈیفنس میں 2 فلیٹ بھی ہیں، ایک فلیٹ میں مقتول مرید عباس اور ایک میں عاطف زمان رہتا تھا۔

    مزید پڑھیں: مرید عباس قتل کیس: عینی شاہد اور تفتیشی افسر کے حیران کن انکشافات

    واضح رہے کہ چند روز قبل پولیس نے ملزم عاطف زمان کا تفصیلی بیان ریکارڈ کیا تھا جس میں ملزم نے قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا تھا۔

    ایس ایس پی طارق دھاریجو کا کہنا تھا کہ ملزم نے 5 افراد کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، ملزم نے کروڑوں روپے کی ہیر پھیر کی ہے، جب مکمل پھنس گیا تو قتل کا منصوبہ بنایا، ملزم نے 5 لاکھ سے فراڈ شروع کیا جو کروڑوں تک پہنچا، لوگ پرافٹ کی لالچ میں جڑتے چلے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بخاری میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، واقعے میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور انکے دوست خضر پر عاطف زمان نامی شخص نے فائرنگ کی تھی، فائرنگ سے خضر موقع پر ہی جاں بحق اور مرید عباس اسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے تھے۔

  • مرید عباس قتل کیس: عینی شاہد اور تفتیشی افسر کے حیران کن انکشافات

    مرید عباس قتل کیس: عینی شاہد اور تفتیشی افسر کے حیران کن انکشافات

    کراچی: ڈیفنس میں‌ قتل ہونے والے اینکر مرید عباس کے کیس میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق مریدعباس سمیت دو افراد کے قتل کے عینی شاہد عمر ریحان نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا.

    عمر ریحان نے کہا کہ عاطف زمان نے فون کرکے کہا تھا کہ مرید کو لے کر دفتر آؤ، اس کی فائل کلوز کرنی ہے.

    عینی شاہد عمر ریحان کے مطابق میں اور مرید عباس عاطف کے دفترمیں بیٹھے تھے، وہ بعد میں آیا، عاطف زمان نے آتے ہی بغیرکوئی بات کہے فائرنگ کر دی. عاطف زمان نے مجھے بھاگنے کو کہا، میں‌ گھبرا کر وہاں سے نکل گیا. 

    خیال رہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں جس شخص سیڑھیوں‌ سے گرتا ہوا دکھائی دیتی ہے، وہ عمر ریحان ہی ہے.

    پولیس کے مطابق عمر ریحان کا 2017 سے عاطف زمان سے رابطہ تھا، یہ ایک دوسرے کو جانتے تھے.

    ایس ایس پی طارق دھاریجو کے مطابق عاطف زمان کے ڈرائیور ندیم کو حراست میں لے لیا گیا ہے، بیان ریکارڈ کیا جارہا ہے.

    مزید پڑھیں: مرید عباس قتل کیس، عدالت نے ملزم عاطف زمان کو ریمانڈ میں لینے کی مہلت دے دی

    سربراہ تحقیقاتی ٹیم کے مطابق عاطف نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ کوئی کاروبارنہیں تھا، پیسے رولنگ کرتا تھا، کلائنٹس کوٹائروں کے کاروبار کا بتا رکھا تھا.

    ایس ایس پی طارق دھاریجو  کا کہنا ہے کہ ملزم نے کلائنٹس کو دکانیں اور گودام دکھا رکھے تھے، پیسے ایک جگہ سے آتے تھے دوسری جگہ دیتا تھا.

  • ملزم عاطف زمان کا تفصیلی بیان ریکارڈ، 5 افراد کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی

    ملزم عاطف زمان کا تفصیلی بیان ریکارڈ، 5 افراد کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی

    کراچی: ایس ایس پی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عاطف زمان کا تفصیلی بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے، ملزم نے قتل کی وارداتوں کا بھی اعتراف کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کے قاتل عاطف زمان کا تفصیلی بیان ریکارڈ کر لیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ایس ایس پی طارق دھاریجو کا کہنا ہے کہ ملزم نے 5 افراد کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، ملزم نے کروڑوں روپے کی ہیر پھیر کی ہے، جب مکمل پھنس گیا تو قتل کا منصوبہ بنایا، ملزم نے 5 لاکھ سے فراڈ شروع کیا جو کروڑوں تک پہنچا، لوگ پرافٹ کی لالچ میں جڑتے چلے گئے۔

    پولیس افسر کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ جھوٹ بول کر لوگوں سے پیسے لیتا تھا، اب تک کی تفتیش میں 40 سے 50 کروڑ کے کاروبار کا پتا چلا ہے، ملزم ایک جگہ سے پیسے لے کر دوسری جگہ دیتا رہا، مزید کلائنٹس آنا بند ہوئے تو ملزم پھنستا چلا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  عدالت نے ملزم عاطف زمان کو ریمانڈ میں لینے کی مہلت دے دی

    ایس ایس پی نے بتایا کہ تحقیقات میں اصل رقم کا تعین کر رہے ہیں، ملزم کے گھر والوں سے رابطہ نہیں ہوا تاہم ملزم کے وکیل سے رابطہ ہوا ہے، گرفتاری اب تک عاطف کی ہی ہوئی ہے، ملزم کا بھائی بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا جس کی گرفتاری کے لیے ٹیم بنا دی گئی ہے۔

    طارق دھاریجو کا کہنا تھا کہ ملزم نے بیان میں بتایا ہے کہ بھائی ساتھ نہیں تھے، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج سے تحقیقات میں مدد لی جا رہی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے سرمایہ کاری کر رکھی تھی لیکن کاروبار کوئی نہیں تھا، چند سال قبل 15 ہزار تنخواہ پر ڈرائیور کی نوکری کرتا تھا، عاطف جب میٹرک میں فیل ہوا تب بھی خود کشی کی کوشش کی، اب تک ملزم کے بیانات بے ہوشی کی حالت میں لیے گئے تھے۔

  • نجی ٹی وی کے اینکر کے قتل کا مقدمہ اہلیہ کی مدعیت میں درج

    نجی ٹی وی کے اینکر کے قتل کا مقدمہ اہلیہ کی مدعیت میں درج

    کراچی : نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کے قتل کا مقدمہ اہلیہ کی مدعیت میں درخشاں تھانےمیں درج کرلیا گیا ، مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت  درج کیاگیا، گذشتہ روز ڈیفنس میں فائرنگ سے نجی ٹی وی کے اینکر سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے ڈیفنس فائرنگ کے واقعے کے دو مقدمات درخشاں تھانےمیں درج کرلئے ، ایس ایس پی ساؤتھ نے کہا نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کے قتل کا مقدمہ اہلیہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے ، مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت درج کیاگیا جبکہ دوسرا مقدمہ عاطف زمان کا خود کشی کی کوشش کا درج کیاگیا۔

    یاد رہے گذشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بخاری میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، واقعے میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور انکے دوست خضر پر عاطف زمان نامی شخص نے فائرنگ کی، فائرنگ سے خضر موقع پر ہی جاں بحق اور مرید عباس اسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔

    پولیس کے مطابق قاتل عاطف زمان نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار لی، جسے تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا، واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق مرید عباس کوچارگولیاں ماری گئیں جو ان کے سینے، کمراور ہاتھ پر لگیں جبکہ خضرحیات کوتین گولیاں ماری گئیں، جواس کی کمر، سینے  اور ران پر لگیں،ایم ایل او جناح اسپتال نے بتایا خضراور مرید کوایک ہی ہتھیار سے قتل کیا گیا اور دونوں کی موت سینے پرگولیاں لگنے سے ہوئیں۔

    جناح اسپتال کے ایم ایل او کا کہنا ہے کہ مقتولین کی وجہ موت سینے پر لگنے والی گولیاں تھیں، پوسٹ مارٹم کے بعد لاشوں کو نماز جنازہ کے لئے چھیپا سرد خانے منتقل کیا گیا اور نماز جنازہ کے بعد مرید عباس اور دوست کی میتوں کو آبائی علاقوں کے لئے روانہ کردیا گیا۔

    مقتول مرید عباس کی اہلیہ نے اپنے بیان میں بتایا مرید عباس نے عاطف زمان کے ساتھ ٹائروں کے کاروبار میں سرمایہ کاری کی تھی۔

  • ڈی جی آئی ایس پی آر کا اینکر مرید عباس کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا اینکر مرید عباس کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار

    کراچی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے کراچی میں قتل ہونے والے نجی چینل کے اینکر مرید عباس کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ کے ایک واقعے میں جاں بحق ہونے والے ٹی وی اینکر مرید عباس کی موت پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور مغفرت کی دعا کی۔

    ادھر مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے ٹی وی اینکر سمیت دیگر افراد کے قتل کی مذت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی وی اینکر کا قتل شہر کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے۔

    بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کا امن لوٹانے میں پولیس اور رینجرز کی قربانیاں شامل ہیں، شہر کا امن تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: فائرنگ کے واقعات میں نجی چینل کے اینکر سمیت پانچ افراد جاں بحق

    مشیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ مرید عباس سمیت دیگر افراد کے قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ آج کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں نجی چینل کے اینکر سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، پولیس کے مطابق اینکر اور خضر کو مارنے والے قاتل عاطف زمان نے خود کشی کی۔

    نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس کی اہلیہ نے کہا ہے قاتل عاطف زمان ٹائر کا بزنس کرتا تھا، اس نے لوگوں سے پیسے لے رکھے تھے، ہم نے سرمایہ کاری کر رکھی تھی، وہ پیسے نہیں دے رہا تھا، ڈرامے کر رہا تھا۔

  • مرید عباس کے قاتل عاطف زمان نے لوگوں سے پیسے لے رکھے تھے: اہلیہ مرید

    مرید عباس کے قاتل عاطف زمان نے لوگوں سے پیسے لے رکھے تھے: اہلیہ مرید

    کراچی: نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس کی اہلیہ نے کہا ہے کہ انھیں پورا یقین ہے مرید عباس کو عاطف زمان نے مارا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ٹی وی اینکر مرید عباس کی اہلیہ نے کہا ہے کہ عاطف زمان ٹائر کا بزنس کرتا ہے، اس نے لوگوں سے پیسے لے رکھے تھے۔

    اہلیہ کا کہنا تھا کہ ہم نے سرمایہ کاری کر رکھی تھی، وہ بندہ پیسے نہیں دے رہا تھا، عاطف زمان کسی کے بھی پیسے نہیں دے رہا تھا، ڈرامے کر رہا تھا، عاطف زمان ہی نے فون کر کے مرید کو بلایا تھا۔

    ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ عاطف زمان کا گھر خیابان نشاط میں ہے، پولیس کے پہنچنے پر اس نے خود کو گولی ماری، جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: فائرنگ کے واقعات میں نجی چینل کے اینکر سمیت پانچ افراد جاں بحق

    پولیس کے مطابق اینکر مرید عباس کو گولی مارنے والے ملزم نے خود کو بھی گولی ماری، ملزم عاطف نے موقع سے فرار ہو کر گھر جا کر خود پر گولی چلائی۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ مرید عباس پر فائرنگ کرنے والا اس کا جاننے والا تھا، فائرنگ چائے کے ہوٹل پر بیٹھے افراد پر کی گئی۔

    پولیس کا واقعے کے بارے میں یہ بھی کہنا ہے کہ ڈیفنس اور خیابان بخاری میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات ہوئے، فائرنگ کے ایک واقعے میں اینکر مرید عباس جاں بحق ہوئے جب کہ دوسرے میں ڈیفنس میں خضر نامی شخص جاں بحق ہوا۔