Tag: مریم نواز آڈیو لیک

  • مریم نواز کی آڈیو لیک کے الفاظ پر افسوس ہوا: پرویز الہیٰ

    مریم نواز کی آڈیو لیک کے الفاظ پر افسوس ہوا: پرویز الہیٰ

    گجرات: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ انھیں مریم نواز کی آڈیو لیک کے الفاظ پر افسوس ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ظہور الہٰی کی 41 ویں برسی میں شرکت کے لیے ظہور الہٰی پیلس گجرات آمد کے موقع پر وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجھے تو شریف خاندان کی اصلیت کا پتا تھا لیکن آڈیو لیک سے اب عوام کو بھی پتا لگ گیا ہے۔

    انھوں نے کہا مریم نواز نے آڈیو لیک میں مجھ سے متعلق جو الفاظ استعمال کیے ہیں، مجھے اس پر افسوس ہوا، میں نے اس خاندان کے ساتھ بہت بھلائی کی، اور ہمیشہ شریف خاندان کے کام آیا۔

    پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ انھوں نے اور مونس الہٰی نے شریف خاندان کی اسی سوچ کی وجہ سے عمران خان کا ساتھ دیا۔

    وزیر اعظم اور مریم نے پرویز الہٰی کو بدمعاش قرار دے دیا، مبینہ آڈیو لیک

    بھائی سے اختلافات پر انھوں نے کہا اللہ کا حکم ہے 2 بھائیوں میں لڑائی ہو جائے تو ان کی صلح کرا دو، بچے اپنی مرضی کرتے ہیں، ان کو پیار سے سمجھا کر واپس لے آئیں گے، ہو سکتا ہے آپ کی دعاؤں سے ہم پھر اکٹھے ہو جائیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے رانا ثنا کے حوالے سے کہا کہ عمران خان نے اگر کال دی تو رانا ثنا کو کہتا ہوں اسلام آباد سے باہر نکل کر دکھائیں، ان کو سب سے بڑا خوف سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہے، ماڈل ٹاؤن میں جو خون کی ہولی انھوں نے کھیلی، اس پر انھیں انشااللہ سزا ہوگی۔

    پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن میں عورتوں اور بچوں کو ناحق قتل کرنے والوں پر مقدمے کیے جائیں گے، میں جھوٹے کیسوں کے خلاف ہوں، اب جو کیس ہوں گے درست ہوں گے۔

  • آڈیو لیک: وزیر اعظم اور مریم کے مفتاح سے متعلق گلے شکوے

    آڈیو لیک: وزیر اعظم اور مریم کے مفتاح سے متعلق گلے شکوے

    اسلام آباد: مبینہ آڈیو لیک میں وزیر اعظم اور مریم نواز کے مفتاح اسماعیل سے متعلق گلے شکوے بھی سامنے آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے مریم نواز کے مفتاح اسماعیل سے متعلق گلے شکوؤں کی مبینہ آڈیو لیک بھی سامنے آ گئی۔

    مریم نواز نے کہا ’پتا نہیں مفتاح کیا کر رہا ہے، ہر جگہ سے شکایتیں آ رہی ہیں، ذمہ داری بھی نہیں لیتا اور ٹی وی پر الٹی سیدھی باتیں کرتا ہے، اس کا مذاق اڑتا ہے۔‘

    وزیر اعظم نے کہا ’ڈار صاحب کا تو یہ ہے کہ کچھ بھی ہو کنٹرول کر لیتے ہیں۔‘

    مبینہ آڈیو لیک: مریم نواز کا وزیر اعظم کو تیل کی قیمتیں بڑھانے کا مشورہ

    مریم نواز بولیں ’ڈار صاحب کا کنٹرول ہے، انھیں پتا ہے کیا کرنا ہے، لیکن یہ خطرناک ہے ہمارے لیے، اللہ کرے ڈار صاحب آ جائیں۔‘

    وزیر اعظم اور مریم نے پرویز الہٰی کو بدمعاش قرار دے دیا، مبینہ آڈیو لیک

    واضح رہے کہ چوہدری برادران کے درمیان اختلافات پر بھی مریم اور شہباز کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی ہے، شہباز شریف اور مریم نواز نے چوہدری پرویز الہٰی کو بدمعاش قرار دے دیا۔

  • ہم بھی آپس میں اس سے بدتر گفتگو کرتے ہیں: شاہد خاقان کا صحافی کو جواب

    ہم بھی آپس میں اس سے بدتر گفتگو کرتے ہیں: شاہد خاقان کا صحافی کو جواب

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے مریم نواز سے منسوب نئی آڈیو لیک پر ایک ردِ عمل میں کہا ہے کہ سب ہی آپس میں اس طرح کی گفتگو کرتے ہیں، ہم بھی کرتے ہیں اور اس سے بھی بدتر۔

    آج اسلام آباد میں ن لیگی رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی، انھوں نے فارن فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پر پی ٹی آئی کو ہدف بنایا، اور کہا کہ پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں بڑی تفتیش کی ضرورت ہے، اور عمران خان کو وزیر اعظم رہنے کا حق نہیں ہے۔

    پریس کانفرنس کے موقع پر مریم نواز کی نئی آڈیو لیک پر صحافی نے سوال کیا تو شاہد خاقان عباسی نے جواب میں کہا میں اور آپ جو بات کرتے ہیں وہ ہمارے درمیان رہتی ہے، آخر یہ آڈیو بنانے اور لیک کرنے والے کون لوگ ہیں؟

    شاہد خاقان نے کہا کہ ہم بھی آپس میں بات کرتے ہیں، صحافی نے ان سے سوال کیا، کیا آپ آپس میں اس طرح کی گفتگو کرتے ہیں؟ جس پر شاہد خاقان نے جواب دیا وہ اس سے بھی بدترہوتی ہے۔

    قبل ازیں، میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان نے کہا امریکا میں ٹیکسس اور کیلیفورنیا میں پی ٹی آئی کے دفاتر سے کمپنیاں بنائی گئی ہیں، دونوں کے سربراہ عمران خان ہیں، کیا کسی سیاسی جماعت کو اجازت ہے کہ بیرون ملک جا کر کمپنیاں بنائے؟ قانون میں ہے کہ کسی شخص سے پیسہ لے سکتے ہیں لیکن کسی کمپنی سے نہیں، یہ غیر قانونی ہے، لیکن دونوں کمپنیوں کو بیرون ملک فارن ایجنٹ بنایا گیا۔

    انھوں نے الزام لگایا کہ ان دونوں کمپنیوں کا ریکارڈ کہیں بھی ظاہر نہیں کیا گیا، کوئی ریکارڈ الیکشن کمیشن یا اسٹیٹ بینک کو نہیں دیا گیا، اسکروٹنی کمیٹی نے امریکی محکمہ انصاف کی ویب سائٹ سے ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، ایک کمپنی کا 1.3 ملین ڈالر کا ریکارڈ ملا، پاکستان میں اس کے بارے میں نہیں بتایا گیا، 50 سے زائد چیپٹر ہیں جو پی ٹی آئی کو پیسہ بھیجتے ہیں۔

    انھوں نے کہا ایک ٹرانزیکشن ہے 21 لاکھ ڈالر کی، جو دبئی کی کرکٹ کمپنی نے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں بھیجی، کوئی سیاسی جماعت کسی کمپنی سے کوئی روپیہ حاصل نہیں کر سکتی، پی ٹی آئی اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے آئے، پی ٹی آئی دفتر کے 4 ملازمین کو ذاتی اکاؤنٹس سے پیسے لینے کا اختیار دیا گیا، ذاتی اکاؤنٹس کے استعمال کی کیا ضرورت تھی کیا ان کے اپنے اکاؤنٹس نہیں تھے۔

    شاہد خاقان نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں بڑی تفتیش کی ضرورت ہے، اور عمران خان کو وزیر اعظم رہنے کا حق نہیں ہے۔